کتاب 5: سردارِ دوجہاں حضرت خاتم النبیین محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم
حدیقۃ الصالحین, حصہ 4
حدیقۃ الصالحین 1344
حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایک دن نکلے اور آپؐ نے اُحد والوں کے لئے اسی طرح دعا کی جس طرح میت کے لئے کیا کرتے تھے۔ پھر آپؐ منبر کی طرف مڑ گئے اور فرمایا دیکھو میں تمہارا پیش خیمہ ہوں اور میں تمہارے لئے گواہ ہوں اور میں اللہ کی قسم! اپنے حوض کو اِس وقت دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں یا فرمایا زمین کی چابیاں دی گئی ہیں اور مجھے بخدا تمہارے متعلق خوف نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے، بلکہ مجھے تمہارے متعلق یہ خوف ہے کہ تم دنیا میں لگ جاؤ گے۔
حدیقۃ الصالحین 3618
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جس دن مدینہ تشریف لائے تھے۔ آپ ﷺ کی آمد کی وجہ سے اس دن مدینہ کا گوشہ گوشہ روشن ہو گیا تھا اور جس دن رسول اللہ ﷺ فوت ہوئے مدینہ کی ہر جگہ تاریک ہو گئی۔ اور ہم نے رسول اللہ ﷺ کو دفن کیا اور ابھی ہمارے ہاتھوں سے مٹی بھی صاف نہیں ہوئی تھی اور ہم ابھی آپؐ کی تدفین میں ہی مشغول تھے کہ ہمارے دل بدلنے لگے۔
حدیقۃ الصالحین 375
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جس دن مدینہ تشریف لائے اُس دن مدینہ کی ہر چیز روشن ہو گئی اور جس دن آپؐ فوت ہوئے۔ مدینہ کی ہر چیز تاریک ہو گئی اور ہم نے اپنے ہاتھوں سے مٹی جھاڑی نہیں تھی، ہم ابھی آپﷺ کی تدفین میں مصروف تھے کہ ہم نے اپنے دلوں کو مختلف حال میں پایا۔
حدیقۃ الصالحین 3148
حضرت ابو سعید خدری ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا " قیامت کے دن میں سارے انسانوں کا سردار ہوں گا، اور اس پر مجھے کوئی فخر نہیں ہے، میرے ہاتھ میں حمد (و شکر) کا پرچم ہوگا اور مجھے (اس اعزاز پر) کوئی فخر نہیں ہے۔ اس دن آدم اور آدم کے علاوہ جتنے بھی نبی ہیں سب کے سب میرے جھنڈے کے نیچے ہوں گے، میں پہلا شخص ہوں گا جس کے لیے زمین پھٹے گی اور مجھے اس پر بھی کوئی فخر نہیں ہے "، آپ نے فرمایا " (قیامت میں) لوگوں پر تین مرتبہ سخت گھبراہٹ طاری ہوگی، لوگ آدم (علیہ السلام) کے پاس آئیں گے اور کہیں گے آپ ہمارے باپ ہیں، آپ اپنے رب سے ہماری شفاعت کیجئے، وہ کہیں گے مجھ سے ایک گناہ سرزد ہو چکا ہے جس کی وجہ سے میں زمین پر بھیج دیا گیا تھا، تم نوح کے پاس جاؤ، وہ نوح (علیہ السلام) کے پاس آئیں گے، مگر نوح (علیہ السلام) کہیں گے میں زمین والوں کے خلاف بد دعا کر چکا ہوں جس کے نتیجہ میں وہ ہلاک کیے جا چکے ہیں، لیکن تم ابراہیم (علیہ السلام) کے پاس چلے جاؤ، وہ ابراہیم (علیہ السلام) کے پاس آئیں گے، ابراہیم (علیہ السلام) کہیں گے میں تین جھوٹ بول چکا ہوں "، آپ نے فرمایا " ان میں سے کوئی جھوٹ جھوٹ نہیں تھا، بلکہ اس سے اللہ کے دین کی حمایت و تائید مقصود تھی، البتہ تم موسیٰ (علیہ السلام) کے پاس جاؤ، تو وہ موسیٰ (علیہ السلام) کے پاس آئیں گے، موسیٰ (علیہ السلام) کہیں گے میں ایک قتل کر چکا ہوں، لیکن تم عیسیٰ (علیہ السلام) کے پاس چلے جاؤ۔ تو وہ عیسیٰ (علیہ السلام) کے پاس جائیں گے، وہ کہیں گے اللہ کے سوا مجھے معبود بنا لیا گیا تھا، تم محمد (ﷺ) کے پاس جاؤ"، آپ نے فرمایا " لوگ میرے پاس آئیں گے، میں ان کے ساتھ جاؤں گا "، ابن جدعان (راوی) کہتے ہیں انس نے کہا مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میں رسول اللہ (ﷺ) کو دیکھ رہا ہوں، آپ نے فرمایا " میں جنت کے دروازے کا حلقہ (زنجیر) پکڑ کر اسے ہلاؤں گا، پوچھا جائے گا کون ہے ؟ کہا جائے گا محمد ہیں، وہ لوگ میرے لیے دروازہ کھول دیں گے، اور مجھے خوش آمدید کہیں گے، میں سجدے میں گر جاؤں گا اور حمد و ثنا کے جو الفاظ اور کلمے اللہ میرے دل میں ڈالے گا وہ میں سجدے میں ادا کروں گا، پھر مجھ سے کہا جائے گا اپنا سر اٹھائیے، مانگیئے (جو کچھ مانگنا ہو) آپ کو دیا جائے گا۔ سفارش کیجئے آپ کی شفاعت قبول کی جائے گی، کہئے آپ کی بات سنی جائے گی۔ اور وہ جگہ مقام محمود ہوگا جس کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے عَسَى أَنْ يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَحْمُودًا۔
حدیقۃ الصالحین 4712
حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس گوشت لایا گیا اور اس میں سے دستی کا گوشت اٹھا کر آپ کے سامنے پیش کیا گیا اور آپ کو یہ بہت پسند تھا آپؐ نے اس میں سے دانتوں سے تھوڑا سا لیا پھر فرمایا میں قیامت کے دن لوگوں کا سردار ہوں گا ، کیا تم جانتے ہو کس لیے ؟ پہلے اور پچھلے لوگ ایک ہی میدان میں اکٹھے کئے جائیں گے۔ پکارنے والا ان سب کو سنائے گا اور آنکھ ان کو دیکھے گی اور سورج نزدیک آجائے گا اور لوگوں کو اس قدر ہم و غم ہو گا جس کی وہ طاقت نہیں رکھیں گے اور نہ اسے برداشت کر سکیں گے۔ لوگ آپس میں کہیں گے کہ کیا دیکھتے نہیں کہ تمہارا کیا حال ہو چکا ہے کیا اب بھی تم ایسے شخص کو نہیں ڈھونڈو گے جو تمہارے رب کے پاس تمہارے لیے سفارش کرے ، تب بعض لوگ ایک دوسرے سے کہیں گے کہ چلو آدم سے مدد لیں۔ فرمایا چنانچہ وہ آدم علیہ السلام کے پاس جائیں گے اور کہیں گے آپ آدم ہیں ابو البشر ہیں۔ اللہ نے آپ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا اور آپ کے اندر اپنی روح پھونکی اور فرشتوں کو حکم دیا اور انہوں نے آپ کی خاطر سجدہ کیا۔ کیا آپ نہیں دیکھتے کہ ہم کس حالت میں ہیں ، ہماری نوبت کہاں تک پہنچ گئی ہے۔ آدم کہیں گے میرا رب آج بہت بڑے جلال میں ہے کہ اس سے قبل اتنے جلال میں نہیں ہوا اور اس کے بعد ایسے جلال کا اظہار کرے گا۔ اور اس نے مجھے درخت سے روکا تھا اور میں نے اس کی نافرمانی کی ، مجھے تو اپنی جان کی پڑی ہے ، اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے ، میرے سوا تم کسی اور کے پاس جاؤ۔ نوحؑ کی طرف جاؤ۔ پھر لوگ نوح علیہ السلام کے پاس جائیں گے۔ وہ کہیں گے اے نوح آپ پہلے رسول ہیں جو زمین والوں کی طرف بھیجے گئے اور اللہ نے آپ کو شکر گزار بندہ قرار دیا ہے۔ اپنے رب سے ہمارے لیے سفارش کریں، کیا آپ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ کہیں گے کہ میرا رب عزوجل آج بہت بڑے غضب میں ہے ، ایسا غضب ناک نہ وہ پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ ایسا غضب ناک ہو گا۔ اور مجھ سے ایک دعا ہو گئی تھی جو میں نے اپنی قوم کے ہی خلاف کی تھی ، مجھے تو اپنی جان کی پڑی ہے۔ مجھے اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ تم ابراہیم کے پاس جاؤ۔ وہ حضرت ابراہیمؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے اے ابراہیم آپ اللہ کے نبی ہیں اور ساری زمین والوں میں سے اس کے دوست ہیں آپ اپنے رب سے ہمارے لیے سفارش کریں کیا آپ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ کہیں گے کہ میرا رب عزو جل آج بہت بڑے غضب میں ہے ، ایسا غضب ناک نہ وہ پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ ایسا غضب ناک ہو گا۔ میں نے تو تین باتیں خلاف واقعہ کہی تھیں۔ ابو حیان نے حدیث میں ان (خلاف واقعہ باتوں ) کا ذکر کیا ہے۔ مجھے اپنی ہی فکر ہے ، اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ تم موسیٰ کے پاس جاؤ وہ حضرت موسیٰ علیہ سلام کے پاس جائیں گے اور کہیں گے اے موسیٰ آپ اللہ کے رسول ہیں۔ اللہ نے آپ کو اپنی رسالت اور اپنے کلام سے لوگوں پر فضیلت دی ہے اپنے رب سے ہمارے لیے سفارش کریں ، کیا آپ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں ؟ وہ کہیں گے کہ میرا رب عزو جل آج بہت بڑے غضب میں ہے ، ایسا غضب ناک نہ وہ پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ ایسا غضب ناک ہو گا۔ اور میں نے ایک جان کو مار ڈالا تھا جس کے مارنے کا حکم مجھے نہیں تھا مجھے تو اپنی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ۔ تم عیسیٰ بن مریم کے پاس جاؤ۔ وہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے اے عیسیٰ آپ اللہ کے رسول ہیں اور اس کا کلمہ ہیں جو مریم کو اللہ نے القا کیا اور اس کی روح ہیں۔ آپ نے گہوارے میں لوگوں سے باتیں کیں ، ہماری سفارش کریں۔ کیا آپ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں ؟ حضرت عیسیٰ کہیں گے میرا رب عزو جل آج بہت بڑے غضب میں ہے ، ایسا غضب ناک نہ وہ پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ ایسا غضب ناک ہو گا۔ انہوں نے اپنے کسی گناہ کا ذکر تو نہیں کیا (مگر کہیں گے ) مجھے تو اپنی فکر ہے، اپنی ہی فکر ہے، اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ تم محمد ﷺ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت محمد ﷺ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے اے محمدؐ! آپ اللہ کے رسول ہیں اور نبیوں کی مہر ہیں اور اللہ نے آپ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا اور بعد میں بھی ، اپنے رب سے ہماری سفارش کریں۔ کیا آپ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں َ تو میں (یہ سن کر ) جاؤں گا اور عرش کے نیچے آ کر اپنے رب کے حضور سجدہ میں گر جاؤں گا اور اللہ مجھے اپنی خوبیاں بیان کرنے کی توفیق دے گا کہ مجھ سے پہلے کسی کو ویسی توفیق نہ دی ہو گی۔ پھر کہا جائے گا اے محمد ﷺ! اپنا سر اٹھاؤ اور کہو تمہاری سنی جائے گی ، مانگو تمہیں دیا جائے گا ، شفاعت کرو تمہاری شفاعت قبول کی جائے گی۔ پھر میں اپنا سر اٹھاؤں گا اور کہوں گا اے میرے رب میری امت، اے میرے رب میری امت، اے میرے رب میری امت۔ کہا جائے گا محمد! اپنی امت ہی سے جن لوگوں کے ذمہ کوئی حساب نہیں جنت کے دروازوں میں سے دائیں جانب کے دروازے سے جنت میں لے جاؤ اور اس کے سوا جو دوسرے دروازے ہیں ان میں بھی وہ لوگوں میں شریک ہو سکتے ہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے (جنت کا دروازہ اتنا فراخ ہو گا کہ) اس کے دو کواڑوں میں فاصلہ اتنا ہے جتنا مکہ اور حِمْیَرْ کے درمیان ہے یا فرمایا جتنا فاصلہ مکہ اور بصرہ کے درمیان ہے۔
حدیقۃ الصالحین 315
حضرت ابن عباسؓ روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ میرے سامنے امتیں پیش کی گئیں۔ پس میں نے کسی نبی کے ساتھ کوئی ایک چھوٹی سی جماعت دیکھی۔ کسی نبی کے ساتھ ایک یا دو آدمیوں کو دیکھا اور کسی نبی کے ساتھ کوئی شخص بھی نہیں تھا۔ پھر میرے سامنے ایک بہت بڑی جماعت لائی گئی تو میں نے سمجھا کہ وہ میری امت ہے۔ مجھ سے کہا گیا کہ یہ موسیٰ ؑ اور ان کی قوم ہے لیکن اُفق کی طرف دیکھو، تو میں نے دیکھا تو میں کیا دیکھتا ہوں ایک بہت بڑی جماعت ہے۔ پھر مجھ سے کہا گیا کہ دوسرے افق کی طرف دیکھو، تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک بہت ہی بڑی جماعت ہے۔ پھر مجھ سے کہا گیا کہ یہ تیری امت ہے اور ان کے ساتھ ستر ہزار افراد ایسے ہیں جو جنت میں بغیر حساب و عذاب کے داخل ہوں گے۔ پھر آپ ؐ اٹھے اور اپنے گھر تشریف لے گئے۔ لوگ ان لوگوں کے بارہ میں قیاس آرائیاں کرنے لگے جو جنت میں بغیر حساب و عذاب داخل ہوں گے۔ ان میں سے بعض (لوگوں) نے کہا شاید یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کی صحبت پائی اور ان میں سے بعض نے کہا شاید یہ وہ لوگ ہیں جو اسلام میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اللہ کے ساتھ شریک نہیں ٹھہرایا۔ انہوں نے کچھ اور باتوں کا بھی تذکرہ کیا۔ تو رسول اللہ ﷺ ان کے پاس تشریف لائے اور فرمایا تم کن باتوں میں لگے ہوئے ہو؟ انہوں نے آپ ؐ کو بتایا۔ آپ ؐ نے فرمایا یہ وہ لوگ ہیں جو نہ جھاڑ پھونک کرتے ہیں نہ کرواتے ہیں نہ برا شگون لیتے ہیں اور اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔ اس پر عکاشہؓ بن محصن کھڑے ہوئے اور عرض کیا اللہ سے دعا کیجئے کہ وہ مجھے ان میں سے بنا دے۔ اس پر آپ ؐ نے فرمایا تم ان میں سے ہو۔ پھر ایک اور شخص کھڑا ہوا اور عرض کیا کہ اللہ کے حضور دعا کیجئے کہ وہ مجھے ان میں سے بنا دے۔ اس پر آپ ؐ نے فرمایا اس میں عکاشہؓ تم پر سبقت لے گیا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 6541
حضرت ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ میرے سامنے امتیں پیش کی گئیں، چنانچہ نبی گزرنے لگے کسی کے ساتھ ایک امت تھی، کسی کے ساتھ ایک گروہ تھا اور کسی کے ساتھ دس اور کسی کے ساتھ پانچ آدمی اور کوئی تنہا جا رہے تھے پھر میں نے نظر اٹھائی، تو ایک بڑی جماعت پر نظر پڑی تو میں نے کہا، اے جبرائیل یہ میری امت ہے! جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا نہیں، افق کی طرف دیکھئے میں نے دیکھا، ایک بڑی جماعت نظر آئی، جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا یہ آپ کی امت ہے اور یہ ان کے آگے جو ستر ہزار ہیں ان کا نہ حساب ہوگا اور نہ ان پر عذاب ہوگا۔ میں نے پوچھا کیوں! جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا، کہ وہ لوگ داغ نہیں لگواتے تھے اور نہ جھاڑ پھونک کرتے ہیں اور نہ شگون لیتے تھے اور صرف اپنے رب پر بھروسہ کرتے تھے، عکاشہ بن محصنؓ آپ کے سامنے کھڑے ہوئے اور عرض کیا اللہ تعالیٰ سے دعا کیجئے کہ مجھے ان لوگوں میں بنادے آپ نے فرمایا اے اللہ اس کو ان لوگوں میں بنادے، پھر ایک دوسرا آدمی کھڑا ہوا اور عرض کیا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کیجئے کہ مجھ کو بھی ان لوگوں میں بنادے، آپ نے فرمایا کہ عکاشہ، تم سے بازی لے گیا۔
حدیقۃ الصالحین 4343
حضرت رافع بن خدیجؓ بیان کرتے ہیں کہ اللہ کے نبی ﷺ مدینہ میں تشریف لائے اور لوگ کھجور کی pollination کر رہے تھے ـــ جس کے لئے یُلَقِّحُونَ النَّخْلَ کے الفاظ استعمال کرتے ہیں ـــ حضورﷺ نے فرمایا یہ تم کیا کر رہے ہو؟ انہوں نے کہا ہم اسی طرح کیا کرتے ہیں۔ حضورﷺ نے فرمایا شاید اگر تم ایسا نہ کرو تو بہتر ہو۔ چنانچہ انہوں نے اسے ترک کر دیا۔ پھر پھل جھڑ گیا یا کم ہوا۔ راوی کہتے ہیں پھر لوگوں نے حضورﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا میں صرف ایک بشر ہوں۔ جب میں تمہارے دین کے متعلق کوئی حکم دوں تو اسے لے لو اور جب میں تمہیں اپنی رائے سے کچھ کہوں تو میں محض ایک بشر ہوں۔
حدیقۃ الصالحین 4342
حضرت موسیٰ بن طلحہ ؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ میں رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ بعض لوگوں کے پاس سے گزرا جو کھجور کے درختوں پر چڑھے ہوئے تھے۔ حضور ﷺ نے فرمایا یہ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ انہوں نے عرض کیا کہ وہ اس کی (pollination) زرپاشی کر رہے ہیں اس کے نر کے زرِ گل کو مادہ میں ڈالتے ہیں تو وہ بار آور ہو جاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میرا خیال نہیں کہ یہ کچھ فائدہ دیتا ہے۔ راوی کہتے ہیں کہ پھر اس بارہ میں لوگوں کو بتایا گیا تو انہوں نے اُسے چھوڑ دیا۔ رسول اللہ ﷺ کو اس بارہ میں جب بتایا گیا تو آپؐ نے فرمایا اگر یہ عمل انہیں فائدہ دیتا تھا تو انہیں چاہئے تھا کہ وہ اسے کرتے رہتے۔ میں نے تو ایک گمان کیا تھا پس اس گمان پر مجھے پکڑ نہ بیٹھو، ہاں اگر میں تمہیں اللہ کی طرف سے کچھ بتاؤں تو اسے قبول کرو کیونکہ میں اللہ عزوجل کی طرف سے کوئی غلط بات تو نہیں کہہ سکتا۔