کتاب 25: روزہ اور اس کی اہمیت
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 1904
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ابن آدم کا ہر عمل اُس کے لئے ہوتا ہے سوائے روزہ کے۔ کیونکہ وہ میرے لئے ہے اور میں ہی اُس کا بدلہ ہوتا ہوں اور روزے ڈھال ہیں اور جب تم میں سے کسی کے روزہ کا دِن ہو تو وہ کوئی فحش بات نہ کرے اور نہ شور و غل کرے۔ اور اگر کوئی اُس کو گالی دے یا اُس سے لڑے تو چاہیے کہ وہ یہ کہہ دے: میں روزہ دار شخص ہوں۔ اور اُسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے! یقینا روزہ دار کے منہ کی بُو اللہ تعالیٰ کے نزدیک بوئے مشک سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے۔ روزہ دار کے لئے دو خوشیاں ہیں جن سے وہ خوش ہوتا ہے۔ (پہلی خوشی) اُس وقت ہوتی ہے جبکہ وہ افطار کرتا ہے اور (دوسری) جب وہ اپنے ربّ سے ملاقات کرے گا تو اپنے روزہ کی وجہ سے خوش ہوگا۔
حدیقۃ الصالحین 1903
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص جھوٹ بولنا اور جھوٹ پر عمل کرنا نہ چھوڑے تو اللہ کو کوئی حاجت نہیں کہ ایسا شخص کھانا اور پینا چھوڑ دے۔
حدیقۃ الصالحین 1899
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب رمضان کا مہینہ آ جاتا ہے تو آسمان کے دروازے کھولے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین زنجیروں میں جکڑ دئیے جاتے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 3451
حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب نیا چاند دیکھتے تو یہ دعا کرتے ’’اے اللہ! یہ چاند امن و امان اور صحت و سلامتی کے ساتھ (ہر روز) نکلے۔ اے چاند! میرا رب اور تیرا رب اللہ تعالیٰ ہے تو خیر و برکت اور رشد و بھلائی کا چاند بن‘‘۔
حدیقۃ الصالحین 1909
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا ــــ یا کہا ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا ــــ اُسے دیکھ کر روزہ رکھو اور اُسے دیکھ کر افطار کرو اور اگر اَبر کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے تو شعبان کے تیس دِن کی گنتی پوری کر لو۔
حدیقۃ الصالحین 1794
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم نیا چاند دیکھو تو روزے رکھو اور جب تم اسے دیکھو تو روزے رکھنے چھوڑ دو۔ اگر بادل وغیرہ کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے تو تیس دن روزے کرو۔
حدیقۃ الصالحین 1923
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا سحری کھایا کرو کیونکہ سحری میں برکت ہے۔
حدیقۃ الصالحین 1821
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا سحری کھایا کرو۔ کیونکہ سحری کھانے میں برکت ہے۔
حدیقۃ الصالحین 1954
حضرت عمر بن خطابؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب رات اِدھر سے آجائے اور دن اُدھر سے پیٹھ موڑ کر چلا جائے اور سورج ڈوب جائے تو روزہ دار افطار کر چکا۔
حدیقۃ الصالحین 1957
حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا لوگ بھلائی ہمیشہ میں رہیں گے جب تک کہ وہ افطار میں جلدی کریں گے۔
حدیقۃ الصالحین 1933
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا اگر کوئی بھول سے کھائے پئے تو چاہیے کہ وہ اپنا روزہ پورا کرے کیونکہ اللہ نے ہی اُسے کھلایا اور پلایا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 658
حضرت سلمان بن عامرؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی افطار کرے کھجور سے کرے کیونکہ یہ باعث برکت ہے اور اگر کھجور کسی کو میسر نہ ہو تو پانی سے کرے کہ وہ پاک ہے۔ اور فرمایا کہ غریب کی مدد کرنا تو صرف صدقہ ہے لیکن اپنے کسی غریب عزیز کی مدد کرنا صدقہ بھی ہے اور صلہ رحمی بھی۔
حدیقۃ الصالحین 2358
حضرت معاذ بن زہرہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب روزہ افطار کرتے تو کہتے اللَّهُمَّ لَكَ صُمْتُ وَعَلَى رِزْقِكَ أَفْطَرْتُ ’’ اے اللہ میں نے تیرے ہی لئے روزہ رکھا اور تیرے ہی رزق سے افطار کیا‘‘۔
حدیقۃ الصالحین 2357
مروان بن سالم المقفع بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرت ابن عمرؓ کو دیکھا کہ وہ اپنی داڑھی مٹھی میں لیتے اور جو ہتھیلی سے زائد ہوتی اس کو کاٹ ڈالتے اور فرماتے کہ جب رسول اللہ ﷺ روزہ افطار کرتے تو فرماتے ذَهَبَ الظَّمَأُ وَابْتَلَّتِ الْعُرُوقُ وَثَبَتَ الْأَجْرُ إِنْ شَاءَ اللَّهُ ’’پیاس بجھ گئی، رگیں تر ہوگئیں اور اجر ثابت ہوگیا ان شاء اللہ‘‘۔
حدیقۃ الصالحین 1878
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ ان سے ایک غریب عورت نے سوال کیا۔ اس دن آپؓ روزہ سے تھیں اور گھر میں سوائے ایک روٹی کے کچھ نہ تھا۔ آپؓ نے اپنی خادمہ سے کہا کہ وہ روٹی اس (غریب عورت) کو دے دے۔ وہ (خادمہ) کہنے لگی کہ آپ کے لئے کوئی اور چیز تو موجود نہیں۔ آپ کس چیز سے روزہ افطار کریں گی۔ حضرت عائشہؓ نے اس خادمہ سے کہا کہ تم وہ روٹی اس (غریب عورت) کو دے دو۔ وہ (خادمہ) کہتی ہے کہ میں نے وہ (روٹی اس غریب عورت کو) دے دی۔ جب شام ہوئی تو آپؓ کے پاس کسی عزیز نے یا کسی اور شخص نے بکری کا کچھ گوشت اور اس کا بازو بطور تحفہ بھیج دیا۔ آپ نے اس خادمہ کو (بلا کر) فرمایا لو کھاؤ یہ تمہاری روٹی سے (کہیں) بہتر ہے۔
حدیقۃ الصالحین 807
حضرت زید بن خالد جھنی ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے کسی روزہ دار کا روزہ افطار کروایا (اسے روزہ رکھنے والے) کے برابر ثواب ملے گا لیکن اس سے روزہ دار کے ثواب میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
حدیقۃ الصالحین 1970
حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس شخص نے رمضان کے روزے رکھے اور پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے تو گویا اس نے سارے سال کے روزے رکھے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 1864
حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فتحِ کے سال مکہ کی طرف رمضان میں نکلے آپؐ نے روزہ رکھا یہانتک کہ آپؐ كُرَاع الغَمِیْم مقام پر پہنچے۔ لوگوں نے بھی روزہ رکھا ہوا تھا۔ آپؐ نے پانی کا ایک پیالہ منگوایا اور اسے بلند کیا یہانتک کہ لوگوں نے اس کی طرف دیکھا۔ پھر آپؐ نے پیا۔ اس کے بعد آپؐ سے عرض کیا گیا کہ بعض لوگوں نے (پھر بھی) روزہ رکھا ہوا ہے۔ آپؐ نے فرمایا یہ نافرمان ہیں، یہ نافرمان ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 710
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے لئے مدینہ سے چلے (تو رمضان کا مہینہ تھا)۔ یہاں تک کہ آپؐ كُرَاع الغَمِیْم مقام پر پہنچے۔ آپؐ کے ساتھ سب لوگوں نے بھی روزہ رکھا۔ آپؐ سے عرض کیا گیا کہ روزہ کی وجہ سے لوگوں کو بڑی تکلیف ہو رہی ہے اور وہ آپؐ کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ آپؐ کیا کرتے ہیں آپؐ نے عصر کے بعد پانی کا پیالہ منگوایا اور پیا اور لوگ آپؐ کو دیکھ رہے تھے۔ بعض نے روزہ کھول دیا اور بعض نے روزہ (رکھے) رکھا۔ اس کے بعد آپؐ کو اطلاع دی گئی کہ اب بھی بعض لوگوں نے روزہ رکھا ہوا ہے (اور انہوں نے پانی نہیں پیا)۔ اس پر آپؐ نے فرمایا یہ لوگ نافرمان ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 2009
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو جذبہ ایمان سے بھر پور ہو کر رضائے الٰہی حاصل کرنے کی غرض سے رمضان میں عبادت کے لئے رات کو بیدار ہوا تو جو گناہ اُس کے پہلے ہو چکے ہوں گے اُن کی مغفرت کی جائے گی۔