کتاب 119: عیسی بن مریم یعنی مسیح موعود اور مہدی معہود ؑ کا ظہور
حدیقۃ الصالحین
حدیقۃ الصالحین 4897
حضرت ابوہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور آپ پر سورة جمعہ نازل کی گئی۔ وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ کے متعلق ابوہریرہؓ کہتے تھے میں نے پوچھا یا رسول اللہ! یہ کون ہیں؟ آپ نے اس کا ان کو جواب نہیں دیا۔ پھر انہوں نے تین بار پوچھا اور اس وقت ہم میں سلمان فارسی تھے رسول اللہ ﷺ نے اپنا ہاتھ سلمان پر رکھا اور فرمایا اگر ایمان ثریا کہ پاس بھی ہو تو ان میں سے کچھ مرد یا فرمایا ایک مرد اس تک پہنچ جائیں گے۔
حدیقۃ الصالحین 4605
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے جب آپؐ پر سورۃ جمعہ نازل ہوئی۔ جب آپؐ نے وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ پڑھی تو ایک شخص نے عرض کیا یا رسول اللہ! یہ کون لوگ ہیں؟ نبی ﷺ نے اسے جواب نہ دیا یہاں تک کہ اس نے ایک یا دو یا تین مرتبہ آپؐ سے پوچھا وہ (حضرت ابو ہریرہؓ) بیان کرتے ہیں اور ہم میں سلمان فارسیؓ بھی تھے۔ نبی ﷺ نے اپنا ہاتھ سلمانؓ فارسی پر رکھا اور فرمایا اگر ایمان ثریا پر بھی ہو تو ان میں سے کچھ جوانمرد اسے پا لیں گے۔
حدیقۃ الصالحین 4057
حضرت ابو قتادہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا علامات دو سو سال کے بعد ظاہر ہوں گی۔
حدیقۃ الصالحین 3440
حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے بیان کیا کہ ایک دن نبیﷺ لوگوں کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ نے مسیح دجال کا ذکر کیا۔ اور فرمایا اللہ کانا نہیں۔ دیکھو ہوشیار رہنا۔ مسیح دجال داہنی آنکھ سے کانا ہے۔ اس کی آنکھ جیسے پھولا ہوا انگور کا دانہ ہوتا ہے۔ اور آج رات خواب میں مَیں نے دیکھا کہ کعبہ کے پاس ہوں۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک گندم گوں شخص ہے ایسا ہی خوبصورت جیسے گندمی رنگ کے لوگ نظر آتے ہیں۔ اس کے بال کندھوں تک پہنچے تھے۔ بالوں میں کنگھی کی ہوئی تھی۔ اس کے سر سے پانی کے قطرے ٹپک رہے تھے۔ دو آدمیوں کے کندھوں پر اپنے ہاتھ رکھے ہوئے بیت اللہ کا طواف کر رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا یہ مسیح ابن مریم ہیں۔ پھر میں نے اس کے پیچھے ایک اور شخص چھوٹے گنگھریالے بالوں والا داہنی آنکھ سے کانا، جن لوگوں کو میں نے دیکھا ہے ان میں سے عبدالعزیٰ بن قطن سے بہت مشابہ تھا۔ وہ بھی ایک شخص کے کندھوں پر ہاتھ رکھے ہوئے بیت اللہ کا چکر لگا رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا مسیح دجال ہے۔
حدیقۃ الصالحین 6099
حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ ایک رات میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کعبہ مکرمہ کے پاس ہوں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک گندمی رنگ کا خوبصورت آدمی ہے زلفیں کندھوں تک پہنچ رہی ہیں، بال سیدھے شفاف ہیں جن سے پانی کے قطرے ٹپکتے نظر آتے ہیں وہ اپنے ہاتھ دو آدمیوں کے کندھوں پر رکھے بیت اللہ کا طواف کر رہا ہے میں نے پوچھا یہ کون ہے۔ لوگوں نے بتایا مسیح ابن مریم ہے۔ پھر میں نے ان کے پیچھے ایک اور آدمی دیکھا۔ گھنگھریالے بال، سخت جلد، دائیں آنکھ کانی، ابن قطن سے ملتی جلتی شکل ہے اور ایک آدمی کے دونوں کندھوں پر اپنے ہاتھ رکھے کعبہ کے گرد گھوم رہا ہے۔ میں نے پوچھا یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا یہ مسیح الدجال ہے۔ (خواب میں حضورﷺ کو جو نظارہ دکھایا گیا اس میں طواف کعبہ سے مراد یہ ہے کہ مسیح بیت اللہ کی حفاظت اور اس کی شان کو بلند کرنے کے لئے کوشاں ہوں گے اور دجال کعبہ کی تخریب کے درپے ہو گا)۔ نوٹ:۔ نیز دیکھیں حدیث 954، 955، 956 ان احادیث پر مجموعی نظر ڈالنے سے ثابت ہوتا ہے کہ بنی اسرائیل کے نبی عیسیٰ ابن مریم علیہ السلام اور امت محمدیہﷺ میں آنے والے مسیح موعود علیہ السلام کے حلیہ اور شکل میں اختلاف ہے اس لئے دونوں کی شخصیتیں بھی الگ الگ ہونی چاہئیں کیونکہ ایک شخص کے دو حلیے نہیں ہو سکتے۔
حدیقۃ الصالحین 4324
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا میرے اور اس ــــ یعنی عیسیٰ علیہ السلام ــــ کے درمیان کوئی نبی نہیں۔ جب تم اس کو دیکھو تو اسے پہچان لینا کہ وہ درمیانے قد کا ہو گا۔ سرخ و سفید رنگ، سیدھے بال اس کے سر سے بغیر پانی استعمال کئے قطرے گر رہے ہوں گے (یعنی اس کے بال چمک کی وجہ سے تر تر لگتے ہوں گے)۔ (وہ مبعوث ہو کر) صلیب کو توڑے گا (یعنی صلیبی عقیدے کا ابطال کرے گا) خنزیر قتل کرے گا (یعنی خبیث النفس لوگوں کی ہلاکت کا موجب ہو گا) پس اس کے ذریعہ صلیبی غلبہ کا انسداد اور خنزیر صفت لوگوں کا قلع قمع ہو گا۔ جزیہ ختم کرے گا (یعنی اس کا زمانہ مذہبی جنگوں کے خاتمہ کا زمانہ ہو گا)۔ اس کے زمانے میں اسلام کے سوا اللہ تعالیٰ باقی ادیان کو روحانی لحاظ سے بھی اور شوکت کے لحاظ سے بھی مٹا دے گا اور جھوٹے مسیح دجال کو ہلاک کرے گا۔ چالیس سال تک مسیح دنیا میں رہیں گے۔ پھر وفات پائیں گے مسلمان ان کا جنازہ پڑھیں گے۔
حدیقۃ الصالحین 9630
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا انبیاء کا باہمی تعلق علاتی بھائیوں کا سا ہے جن کا دین ایک اور مائیں الگ الگ ہوں۔ میرا لوگوں میں سے عیسیٰ بن مریمؑ سے سب سے قریبی تعلق ہے کیونکہ میرے اور اس کے درمیان کوئی نبی نہیں (اس قرب روحانی کی وجہ سے میرا مثیل بن کر وہ ضرور نازل ہو گا) جب تم دیکھو تو اس حلیے سے اسے پہچان لینا کہ وہ درمیانے قد کا ہو گا۔ سرخ و سفید رنگ، سیدھے بال اس کے سر سے بغیر پانی استعمال کئے قطرے گر رہے ہوں گے یعنی اس کے بال چمک کی وجہ سے تر تر لگتے ہوں گے۔ وہ مبعوث ہو کر صلیب کو توڑے گا یعنی صلیبی عقیدے کا ابطال کرے گا خنزیر کو قتل کرے گا یعنی خبیث النفس لوگوں کی ہلاکت کا موجب ہو گا پس اس کے ذریعہ صلیبی غلبے کا انسداد اور خنزیر صفت لوگوں کا قلع قمع ہو گا۔ جزیہ ختم کرے گا یعنی اس کا زمانہ مذہبی جنگوں کے خاتمہ کا زمانہ ہو گا۔ اس کے زمانے میں اسلام کے سوا اللہ تعالیٰ باقی ادیان کو روحانی لحاظ سے بھی اور شوکت کے لحاظ سے بھی مٹا دے گا اور جھوٹے مسیح دجال کو ہلاک کرے گا اور ایسا امن و امان کا زمانہ ہو گا کہ اونٹ شیر کے ساتھ، چیتے گائیوں کے ساتھ، بھیڑئیے بکریوں کے ساتھ اکٹھے چریں گے۔ بچے اور بڑی عمر کے لڑکے سانپوں کے ساتھ کھیلیں گے۔ پس اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق جتنا عرصہ اللہ چاہے گا مسیح دنیا میں رہیں گے۔ پھر وفات پائیں گے مسلمان ان کا جنازہ پڑھیں گے اور ان کی تدفین عمل میں لائیں گے۔
نوٹ:۔ وَجَبَ نُزُولُه فِي آخِرِ الزَّمَانِ بِتَعَلُّقِهِ بِبَدَنٍ آخَرَ (عرائس البیان فی حقائق القرآن ، ھاشیہ محی الدین ابن عربی ، تحت الایت بَلْ رَفَعَهُ اللَّهُ إِلَيْهِ … النساء 159 ، جلد 1 صفحہ 262،)
حضرت شیخ اکبر محی الدین ابن عربی نے فرمایا ہے کہ عیسیٰ ابن مریم کا آخری زمانہ میں نزول ان کے دوسرے بدن سے تعلق کی صورت میں واجب ہے۔
حدیقۃ الصالحین 3438
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا میں نے عیسیّ اور موسیّٰ اور ابراہیمّ کو دیکھا۔ عیسیّٰ جو تھے تو ان کا رنگ سرخ، گھونگھریالے بال اور سینہ چوڑا رکھتے تھے اور موسیّٰ جو تھے تو وہ گندم گوں، فربہ جسم، سیدھے بالوں والے، جیسے کہ وہ زُطّ کے لوگوں میں سے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 3449
حضرت ابوہریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم کیسے ہوگے جب ابن مریم تم میں نازل ہوں گے اور تم ہی میں سے تمہارے امام ہوں گے۔
حدیقۃ الصالحین 7666
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تمہاری حالت کیسی نازک ہو گی جب ابن مریم یعنی مثیل مسیح مبعوث ہو گا جو تمہارا امام اور تم میں سے ہو گا۔
حدیقۃ الصالحین 9312
تم میں سے جو زندہ رہے گا وہ (انشاء اللہ تعالیٰ) عیسیٰ بن مریم کا زمانہ پائے گا وہی امام مہدی اور حکم و عدل ہو گا جو صلیب کو توڑے گا اور خنزیر کو قتل کرے گا۔
حدیقۃ الصالحین 4078
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا وہ گھڑی نہیں آئے گی جب تک کہ عیسیٰ بن مریم نازل ہوں انصاف کرنے والے حکم اور عدل کرنے والے امام کے طور پر۔ وہ صلیب کو توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ موقوف کریں گے اور مال کثرت سے ہو جائے گا یہاں تک کہ کوئی اس کو قبول نہ کرے گا۔
حدیقۃ الصالحین 3448
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اس کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے قریب ہے کہ ابن مریم تم میں نازل ہوں، عادل حَکَم ہو کر وہ صلیب کو توڑیں گے اور خنزیر کو قتل کریں گے اور جنگ موقوف کریں گے اور مال اس بہتات سے ہوگا کہ کوئی اس کو قبول نہ کرے گا اور حالت یہ ہوگی کہ ایک سجدہ دنیا و مافیہا سے بہتر ہوگا۔ یہ حدیث بیان کرکے حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو: اہل کتاب میں سے ایک بھی نہیں جو اس (واقعہ) پر اپنی موت سے پہلے ایمان نہ لاتا رہے اور وہ قیامت کے دن ان پر گواہ ہو گا (النساء: 159)۔
حدیقۃ الصالحین 7890
حضرت ابو ہریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا عیسیٰ نازل ہوں گے خنزیر کو قتل کریں گے۔ صلیب کو توڑیں گے یعنی عیسائیت کا ابطال کریں گے ان کی خاطر نمازیں جمع کی جائیں گی، وہ مال دیں گے لیکن کوئی قبول نہیں کرے گا، خراج ختم کر دیں گے۔ الروحاء نامی مقام پر اتریں گے اور وہاں سے حج اور عمرہ کا احرام باندھیں گے۔ (یعنی آپ کا مقصد بعثت اور قبلہ توجہ کعبہ کی عظمت اور اس کی حفاظت ہو گا)۔
حدیقۃ الصالحین 4898
حضرت ابوھریرہؓ نے بیان کیا کہ نبیﷺ نے فرمایا خبردار رہو کہ عیسیٰ بن مریم (مسیح موعود) اور میرے درمیان کوئی نبی اور رسول نہیں ہو گا۔ خوب سن لو کہ وہ میرے بعد میری امت میں میرا خلیفہ ہو گا۔ وہ ضرور دجال کو قتل کرے گا۔ صلیب (یعنی صلیبی عقیدہ) کو پاش پاش کر دے گا اور اس وقت میں (مذہبی) جنگوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ یاد رکھو جسے بھی ان سے ملاقات کا شرف حاصل ہو وہ انہیں میرا سلام ضرور پہنچائے۔
حدیقۃ الصالحین
حضرت ابوھریرہ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا خبردار رہو کہ عیسیٰ بن مریم (مسیح موعود) اور میرے درمیان کوئی نبی نہیں ہو گا۔ خوب سن لو کہ وہ میرے بعد میری امت میں میرا خلیفہ ہو گا۔ وہ ضرور دجال کو قتل کرے گا۔ صلیب (یعنی صلیبی عقیدہ) کو پاش پاش کر دے گا اور جزیہ ختم کر دے گا (یعنی اس کا رواج اٹھ جائے گا کیونکہ) اس وقت میں (مذہبی) جنگوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ یاد رکھو جسے بھی ان سے ملاقات کا شرف حاصل ہو وہ انہیں میرا سلام ضرور پہنچائے۔
حدیقۃ الصالحین 5508
حضرت عبداللہ بن عمروؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مسیح جب نزول فرما ہوں گے تو شادی کریں گے، ان کی (بشارتوں کی حامل) اولاد ہو گی (دعوی ماموریت کے بعد) پینتالیس 45 سال کے قریب رہیں گے پھر فوت ہوں گے اور میرے ساتھ میری قبر میں دفن ہوں گے۔ پس میں اور مسیح ابو بکرؓ اور عمرؓ کے درمیان ایک قبر سے اٹھیں گے (یعنی روحانیت اور مقصد بعثت کے لحاظ سے ہم چاروں کا وجود متحد الصفات اور ایک ہو گا)۔
نوٹ:۔ عِيْسَى عَلَيه السَّلامُ يَنْزِلُ فِيْنَا حكماً مِنْ غَيْرِ تَشْرِيْعٍ وَ هُوَ نَبِيٌّ بِلَا شَكٍّ
(فتوحات مکیہ، وصل فی اختلاف الصلاۃ جلد 1 صفحہ 662)
عیسیٰ علیہ السلام ہم میں نازل ہوں گے بغیر کسی شریعت کے۔ لیکن وہ بلاشک نبی ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 212
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے عنقریب تم میں ابنِ مریم ﷺ نازل ہوں گے منصف حکم کی حیثیت سے ، وہ صلیب کو توڑیں گے اور خنزیر قتل کریں گے اور جزیہ موقوف کریں گے اور مال زیادہ ہو جائے گا یہاں تک کہ کوئی اسے قبول نہیں کرے گا۔
حدیقۃ الصالحین 9110
حضرت ابوھریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا قریب ہے کہ مسیح عیسیٰ بن مریم انصاف کرنے والے حکم بن کر اور عادل امام بن کر نازل ہوں گے۔ وہ خنزیر کو قتل کریں گے اور صلیب توڑیں گے۔ ایک ہی پکار ہو گی پس اسے قبول کرو یا اس پر رسول اللہﷺ کا سلام بھیجو۔ میں اس کے بارہ میں بتا رہا ہوں وہ میری تصدیق کرے گا۔ جب اس کی وفات کا وقت آئے ، کہا میری طرف سے اسے سلام پہنچاؤ۔
حدیقۃ الصالحین 4039
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا معاملہ سختی میں بڑھتا جائے گا اور دنیا صرف تنزل میں اور لوگ حرص و بخل میں اور قیامت قائم نہیں ہوگی مگر بدترین لوگوں پر اور المہدی صرف عیسیٰ ابن مریم ہے۔