کتاب 119: عیسی بن مریم یعنی مسیح موعود اور مہدی معہود ؑ کا ظہور
حدیقۃ الصالحین, حصہ 2
حدیقۃ الصالحین 38656
(حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا) معاملات شدت اختیار کرتے جائیں گے دنیا پر ادبار چھا جائے گا لوگ بخیل ہو جائیں گے شریر لوگ قیامت کا منظر دیکھیں گے۔ ایسے ہی نازک حالات میں اللہ تعالیٰ کا مامور ظاہر ہو گا۔ عیسیٰؑ کے سوا اور کوئی مہدی نہیں (یعنی مسیحؑ ہی مہدی ہوں گے کیونکہ مہدی کا کوئی الگ وجود نہیں ہے)۔
حدیقۃ الصالحین 4285
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مہدی کا مجھ سے قریبی تعلق ہو گا اس کی پیشانی روشن اور ناک بلند ہو گی (یعنی کشادہ پیشانی اور کھڑی ناک والا ہو گا) وہ زمین کو عدل و انصاف سے بھر دے گا جس طرح کہ وہ اس سے پہلے ظلم و تعدی سے اٹی پڑی تھی۔ وہ سات برس مالک رہے گا۔
نوٹ:۔ غالباً رسالہ ’’ایک غلطی کا ازالہ‘‘ کی اشاعت کی طرف اشارہ ہے۔ جس میں حضرت مسیح موعودؑ نے اپنے دعویٰ کی وضاحت کی ہے اور ایک کھلا موقف پیش کیا ہے۔ یہ رسالہ 1901ء میں شائع ہوا تھا۔
حدیقۃ الصالحین 4088
عبد اللہ بن حارث بن جزء الزبیدی بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کچھ لوگ مشرق کی طرف سے نکلیں گے جو مہدی کے لیے تیاری کریں گے یعنی اس کے غلبہ کے لیے۔
حدیقۃ الصالحین 1795
حضرت محمد بن علیؓ (یعنی حضرت امام باقرؓ) نے فرمایا (پیشگوئی کے مطابق) ہمارے مہدی کی صداقت کے دو نشان ایسے ہیں کہ جب سے زمین و آسمان پیدا ہوئے وہ کسی کی صداقت کے لئے اس طرح ظاہر نہیں ہوئے۔ اول یہ کہ اس کی بعثت کے وقت رمضان میں چاند گرہن کی تاریخوں میں سے پہلی تاریخ (یعنی تیرہ 13 رمضان) کو چاند گرہن لگے گا اور سورج گرہن کی تاریخوں میں سے درمیانی تاریخ (یعنی اٹھائیس 28 رمضان) کو سورج گرہن لگے گا اور یہ دو نشان اس رنگ میں پہلے کبھی ظاہر نہیں ہوئے۔
نوٹ:۔ یہ دونوں نشان 1894ء میں ظاہر ہو چکے ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 4290
حضرت علیؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا ماوراء النہر (ترکستان) کے علاقہ سے ایک شخص مبعوث ہو گا جسے الحارث بن حراث کے لقب سے پکارا جائے گا اس کے مقدمہ الجیش کے سردار کا نام منصور ہو گا۔ وہ آل محمدﷺ کے لئے تمکنت حاصل کرنے کا ذریعہ ہو گا۔ جس طرح قریش کے ذریعہ رسول اللہﷺ کو تمکنت حاصل ہوئی۔ ہر مومن پر اس کی مدد کرنا یا اس کی پکار کا جواب دینا فرض ہے۔
حدیقۃ الصالحین 741
حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریمﷺ سے دریافت کیا کہ رمضان کے بعد میں کس مہینہ میں روزے رکھا کروں؟ حضورﷺ نے فرمایا اگر ماہ رمضان کے بعد تم روزے رکھنا چاہو تو محرم کے مہینہ میں رکھا کرو کیونکہ یہ بھی اللہ تعالیٰ کا ایک بابرکت مہینہ ہے اس میں ایک دن ایسا ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے ایک قوم (یعنی بنی اسرائیل) کو ظالم حکمران سے نجات دی اور آئندہ بھی اسی ماہ ایک دوسری قوم (یعنی مسیح موعود پر ایمان لانے والوں) کو ایسے ہی ظالم حکمران سے نجات دے گا۔
نوٹ:۔ قَوْلُهُ (فِيهِ يَوْمٌ تَابَ اللَّهُ فِيهِ عَلَى قَوْمٍ) هُمْ قَوْمُ مُوسَى بَنُو إِسْرَائِيلَ نَجَّاهُمُ اللَّهُ مِنْ فِرْعَوْنَ وَأَغْرَقَهُ
(تحفة الاحوذی بشرح جامع ترمذی ، مولفہ محمد عبد الرحمان المبارکفوری، زیر روایت ’’ أَيُّ شَهْرٍ تَأْمُرُنِي أَنْ أَصُومَ ‘‘(کتاب الصَّوْمِ بَابُ مَا جَاءَ فِي صَوْمِ المحرم 741) جلد 3 صفحہ 305)
راوی کے اس قول (فِيهِ يَوْمٌ تَابَ اللَّهُ فِيهِ عَلَى قَوْمٍ) سے موسیٰ علیہ السلام کی قوم بنی اسرائیل مراد ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے فرعون سے نجات دی اور فرعون کو غرق کیا۔
حدیقۃ الصالحین 3175
حضرت ثوبان ؓ جو رسول اللہ ﷺ کے آزاد کردہ غلام تھے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک دفعہ فرمایا میری امت کی دو جماعتیں ایسی ہیں جن کو اللہ تعالیٰ فتنہ و فساد کی آگ سے محفوظ رکھے گا۔ ایک وہ جماعت ہے جو ملک ہند میں جنگ لڑے گی اور دوسری جماعت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کی مددگاروں کی ہو گی۔
حدیقۃ الصالحین 22759
حضرت ثوبان ؓ جو رسول اللہﷺ کے آزاد کردہ غلام تھے بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے ایک دفعہ فرمایا میری امت کی دو جماعتیں ایسی ہیں جن کو اللہ تعالیٰ فتنہ و فساد کی آگ سے محفوظ رکھے گا۔ ایک وہ جماعت ہے جو ملک ہند میں جنگ لڑے گی اور دوسری جماعت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کی مدد گاروں کی ہو گی۔
حدیقۃ الصالحین 38845
(حضرت ثوبانؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا) میری امت کی دو جماعتیں ایسی ہیں جن کو اللہ تعالیٰ فتنہ و فساد کی آگ سے محفوظ رکھے گا۔ ایک وہ جماعت ہے جو ملک ہند میں جنگ لڑے گی اور دوسری جماعت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کی مدد گاروں کی ہو گی۔
حدیقۃ الصالحین 1620
روایت ہے کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا میری امت ایک مبارک امت ہے۔ یہ نہیں معلوم ہو سکے گا کہ اس کا اول زمانہ بہتر ہے یا آخری (یعنی دونوں زمانے شان و شوکت والے ہوں گے)۔
حدیقۃ الصالحین 34451
روایت ہے کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا میری امت ایک مبارک امت ہے۔ یہ نہیں معلوم ہو سکے گا کہ اس کا اول زمانہ بہتر ہے یا آخری یعنی دونوں زمانے شان و شوکت والے ہوں گے۔