۳۔ خدا کے ساتھ مکمل مکالمہ اور گفت و شنید

حقیقةُ الوحی, حصہ 4

Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

حقيقة الوحى
ہر ایک جو اُن سے عداوت کرتا ہے آخر خاک میں ملایا جاتا ہے اور خدا اُن کی ہر بات میں اور
حرکات میں اور اُن کے لباس میں اور مکان میں برکتیں رکھ دیتا ہے اور اُن کے دوستوں کا دوست
اور اُن کے دشمنوں کا دشمن بن جاتا ہے اور زمین اور آسمان کو اُن کی خدمت میں لگا دیتا ہے
اور جیسا کہ زمین اور آسمان کی مخلوقات پر نظر ڈال کر ماننا پڑتا ہے کہ ان مصنوعات کا ایک خدا
ہے ایسا ہی اُن تمام نصرتوں اور تائیدوں اور نشانوں پر نظر ڈال کر جو ان کے لئے خدا تعالیٰ ظاہر
فرماتا ہے قبول کرنا پڑتا ہے کہ وہ مقبول الہی ہیں پس وہ اُن تائیدوں اور نصرتوں اور نشانوں سے
شناخت کئے جاتے ہیں کیونکہ وہ اس کثرت اور اس صفائی سے ہوتے ہیں کہ اُن میں کوئی دوسرا
شریک اُن کا ہو ہی نہیں سکتا۔ ا
ماسوا اس کے جس طرح خدا تعالیٰ چاہتا ہے کہ اپنی صفات اخلاقیہ سے دلوں میں اپنی محبت
جماوے ایسا ہی اُن کی صفات اخلاقیہ میں اس قدر معجزانہ تاثیر رکھ دیتا ہے کہ دل اُن کی طرف کھنچے
جاتے ہیں۔ وہ ایک عجیب قوم ہے کہ مرنے کے بعد زندہ ہوتے ہیں اور کھونے کے بعد پاتے
ہیں اور اس قدر زور سے صدق اور وفا کی راہوں پر چلتے ہیں کہ اُن کے ساتھ خدا کی ایک الگ
۵۰ عادت ہو جاتی ہے گویا اُن کا خدا ایک الگ خدا ہے جس سے دنیا بے خبر ہے۔ اور اُن سے
خدا تعالیٰ کے وہ معاملات ہوتے ہیں جو دوسروں سے وہ ہر گز نہیں کرتا جیسا کہ ابراہیم علیہ السلام
چونکہ صادق اور خدا تعالیٰ کا وفادار بندہ تھا اس لئے ہر ایک ابتلا کے وقت خدا نے اُس کی مدد کی
جبکہ وہ ظلم سے آگ میں ڈالا گیا خدا نے آگ کو اُس کے لئے سرد کر دیا۔ اور جب ایک بدکردار
بادشاہ اُن کی بیوی سے بدا رادہ رکھتا تھا تو خدا نے اُس کے اُن ہاتھوں پر بلا نازل کی جن کے
ذریعہ سے وہ اپنے پلید ارادہ کو پورا کرنا چاہتا تھا۔ پھر جبکہ ابراہیم نے خدا کے حکم سے اپنے
پیارے بیٹے کو جو اسمعیل تھا ایسی پہاڑیوں میں ڈال دیا جن میں نہ پانی نہ دانہ تھا تو خدا نے غیب
سے اُس کے لئے پانی اور سامان خوراک پیدا کر دیا۔
اور ظاہر ہے کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں کہ ظالم لوگ اُن کو ہلاک کر دیتے ہیں اور آگ میں
ڈالتے اور پانی میں غرق کر دیتے ہیں اور کوئی مدد خدا تعالیٰ کی طرف سے اُن کو نہیں پہنچتی گو وہ

حقيقة الوحى
نیک بھی ہوتے ہیں۔ اور کئی لوگ ایسے ہیں کہ بد ذات لوگ اُن کی عورتوں سے زنا بالجبر کرتے
ہیں۔ اور کئی ایسے لوگ ہیں جن کی اولاد کسی جنگل میں پانی سے ترستی ترستی مر جاتی ہے اور اُن
کے لئے غیب سے کوئی آب زمزم پیدا نہیں ہوتا۔ پس اس سے سمجھا جاتا ہے کہ خدا تعالیٰ کا معاملہ
ہر ایک شخص سے بقدر تعلق ہوتا ہے۔ اور گو محبو بین الہی پر مصائب بھی پڑتی ہیں مگر نصرت الہی ،
نمایاں طور پر ان کے شامل حال ہوتی ہے اور غیرت الہی ہرگز ہرگز گوارا نہیں کرتی کہ اُن کو ذلیل
اور رسوا کرے اور اُس کی محبت گوارا نہیں کرتی کہ اُن کا نام دنیا سے مٹا دے۔
اور کرامات کی اصل بھی یہی ہے کہ جب انسان اپنے تمام وجود کے ساتھ خدا کا ہو جاتا ہے
اور اُس میں اور اُس کے رب میں کوئی حجاب باقی نہیں رہتا اور وہ وفا اور صدق کے تمام ان مراتب
کو پورے کر کے دکھلاتا ہے جو حجاب سوز ہیں تب وہ خدا کا اور اُس کی قدرتوں کا وارث ٹھہرایا جاتا
ہے اور خدا تعالی طرح طرح کے نشان اس کے لئے ظاہر کرتا ہے جو بعض بطور دفع شر ہوتے ہیں ﴿۵۱﴾
اور بعض بطور افاضہ خیر اور بعض اُس کی ذات کے متعلق ہوتے ہیں اور بعض اُس کے اہل وعیال
کے متعلق اور بعض اُس کے دشمنوں کے متعلق اور بعض اُس کے دوستوں کے متعلق اور بعض اُس
کے اہل وطن کے متعلق اور بعض عالمگیر اور بعض زمین سے اور بعض آسمان سے۔ غرض کوئی نشان
ایسا نہیں ہوتا جو اُس کے لئے دکھلایا نہیں جاتا اور یہ مرحلہ دقت طلب نہیں اور کسی بحث کی اس جگہ
ضرورت نہیں کیونکہ اگر در حقیقت کسی شخص کو یہ تیسرا درجہ نصیب ہو گیا ہے جو بیان ہو چکا ہے تو دنیا
ہرگز اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ہر ایک جو اُس پر گرے گا وہ پاش پاش ہو جائے گا اور جس پر وہ
گرے گا اُس کو ریزہ ریزہ کر دے گا کیونکہ اُس کا ہاتھ خدا کا ہاتھ اور اُس کا منہ خدا کا منہ ہے اور
اُس کا وہ مقام ہے جس تک کوئی نہیں پہنچ سکتا۔ یہ ظاہر ہے کہ اگرچہ درہم و دیناراکثر لوگوں کے
پاس ( جو مالدار ہیں ) ہوتے ہیں لیکن اگر وہ گستاخی کر کے بادشاہ کا مقابلہ کریں جس کے خزائن
مشرق و مغرب میں پڑے ہوئے ہیں تو ایسے مقابلہ کا انجام بجز ذلت کے کیا ہوگا ؟ ایسے لوگ
ہلاک ہوں گے اور وہ تھوڑے سے درہم و دینار ان کے بھی ضبط کئے جائیں گے۔

ولد
حقيقة الوحى
عزیز خدا کا نام ہے وہ اپنی عزت کسی کو نہیں دیتا مگر انہیں کو جو اُس کی محبت میں کھوئے گئے
ہیں ۔ ظاہر خدا کا نام ہے وہ اپنا ظہور کسی کو نہیں بخشتا مگر انہیں کو جو اُس کے لئے بمنزلہ اُس کی
تو حید اور تفرید کے ہیں اور ایسے اُس کی دوستی میں محو ہوئے ہیں جو اب بمنزلہ اُس کی صفات کے
ہیں۔ وہ ان کو نور دیتا ہے اپنے نور میں سے اور علم دیتا ہے اپنے علم میں سے تب وہ اپنے سارے
دل اور ساری جان اور ساری محبت سے اُس یا ریگانہ کی پرستش کرتے ہیں اور اُس کی رضا کو ایسا
چاہتے ہیں جیسا کہ وہ خود چاہتا ہے۔
انسان خدا کی پرستش کا دعویٰ کرتا ہے مگر کیا پرستش صرف بہت سے سجدوں اور رکوع اور قیام
سے ہو سکتی ہے یا بہت مرتبہ تسبیح کے دانے پھیر نے والے پرستارا لہی کہلا سکتے ہیں بلکہ پرستش اس
۵۲) سے ہو سکتی ہے جس کو خدا کی محبت اس درجہ پر اپنی طرف کھینچے کہ اس کا اپنا وجود درمیان سے اُٹھ
جائے اول خدا کی ہستی پر پورا یقین ہو اور پھر خدا کے حسن واحسان پر پوری اطلاع ہو اور پھر اُس
سے محبت کا تعلق ایسا ہو کہ سوزش محبت ہر وقت سینہ میں موجود ہو اور یہ حالت ہر ایک دم چہرہ پر ظاہر
ہو اور خدا کی عظمت دل میں ایسی ہو کہ تمام دنیا اُس کی ہستی کے آگے مردہ منصور ہو اور ہر ایک
خوف اُسی کی ذات سے وابستہ ہو اور اُسی کی درد میں لذت ہو اور اُسی کی خلوت میں راحت ہو
اور اُس کے بغیر دل کو کسی کے ساتھ قرار نہ ہو۔ اگر ایسی حالت ہو جائے تو اس کا نام پرستش ہے مگر
یہ حالت بجز خدا تعالیٰ کی خاص مدد کے کیوں کر پیدا ہو۔ اسی لئے خدا تعالیٰ نے یہ دعا سکھلائی
إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَ إِيَّاكَ نَسْتَعِينُ لے یعنی ہم تیری پرستش تو کرتے ہیں مگر کہاں حق پرستش ادا کر
سکتے ہیں جب تک تیری طرف سے خاص مدد نہ ہو ۔ خدا کو اپنا حقیقی محبوب قرار دے کر اس کی
پرستش کرنا یہی ولایت ہے جس سے آگے کوئی درجہ نہیں مگر یہ درجہ بغیر اس کی مدد کے حاصل
نہیں ہو سکتا۔ اُس کے حاصل ہونے کی یہ نشانی ہے کہ خدا کی عظمت دل میں بیٹھ جائے ، خدا
کی محبت دل میں بیٹھ جائے اور دل اُسی پر توکل کرے اور اُسی کو پسند کرے اور ہر ایک چیز پر
اُسی کو اختیار کرے اور اپنی زندگی کا مقصد اُسی کی یاد کو سمجھے اور اگر ابراہیم کی طرح اپنے ہاتھ
سے اپنی عزیز اولاد کے ذبح کرنے کا حکم ہو یا اپنے تئیں آگ میں ڈالنے کے لئے اشارہ
ہو تو ایسے سخت احکام کو بھی محبت کے جوش سے بجا لائے اور رضا جوئی اپنے آقائے کریم
ا الفاتحة : ٥

حقيقة الوحى
میں اس حد تک کوشش کرے کہ اُس کی اطاعت میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ یہ بہت تنگ دروازہ
ہے اور یہ شربت بہت ہی تلخ شربت ہے۔ تھوڑے لوگ ہیں جو اس دروازہ میں سے داخل ہوتے
اور اس شربت کو پیتے ہیں۔ زنا سے بچنا کوئی بڑی بات نہیں اور کسی کو ناحق قتل نہ کرنا بڑا کام نہیں
اور جھوٹی گواہی نہ دینا کوئی بڑا ہنر نہیں مگر ہر ایک چیز پر خدا کو اختیار کر لینا اور اس کے لئے سچی
محبت اور سچے جوش سے دنیا کی تمام تلخیوں کو اختیار کرنا بلکہ اپنے ہاتھ سے تلخیاں پیدا کر لینا یہ وہ
مرتبہ ہے کہ بجز صدیقوں کے کسی کو حاصل نہیں ہو سکتا۔ یہی وہ عبادت ہے جس کے ادا کرنے کے
لئے انسان مامور ہے اور جو شخص یہ عبادت بجالاتا ہے تب تو اُس کے اس فعل پر خدا کی طرف سے
بھی ایک فعل مترتب ہوتا ہے جس کا نام انعام ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں فرماتا ہے
یعنی یہ دعا سکھلاتا ہے اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ ۔ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ
یعنی اے ہمارے خدا ہمیں اپنی سیدھی راہ دکھلا اُن لوگوں کی راہ جن پر تو نے انعام کیا ہے اور اپنی
خاص عنایات سے مخصوص فرمایا ہے۔ حضرت احدیت میں یہ قاعدہ ہے کہ جب خدمت مقبول ہو
جاتی ہے تو اُس پر ضرور کوئی انعام مترتب ہوتا ہے چنانچہ خوارق اور نشان جن کی دوسرے لوگ
نظیر پیش نہیں کر سکتے یہ بھی خدا تعالیٰ کے انعام ہیں جو خاص بندوں پر ہوتے ہیں۔
اے گرفتار ہوا در ہمہ اوقات حيوة با چنین نفس سیہ چوں رسدت زوعو نے
گر تو آن صدق بورزی که بورزید کلیم عجبی نیست اگر غرق شود فرعونے
اب خلاصہ اس تمام کلام کا یہ ہے کہ کسی کو بجز درجہ ثالثہ کے پاک اور مطہر وحی کا انعام
نہیں مل سکتا اور اس انعام کو پانے والے وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنی ہستی سے مر جاتے ہیں
اور خدا تعالیٰ سے ایک نئی زندگی پاتے ہیں اور اپنے نفس کے تمام تعلقات توڑ کر خدا تعالیٰ
سے کامل تعلق پیدا کر لیتے ہیں ۔ تب اُن کا وجود مظہر تجلیات الٰہیہ ہو جاتا ہے اور خدا اُن سے
محبت کرتا ہے اور وہ ہزار اپنے تئیں پوشیدہ کریں مگر خدا تعالیٰ اُن کو ظاہر کرنا چاہتا ہے اور وہ
نشان اُن سے ظاہر ہوتے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ ان سے محبت کرتا ہے۔
الفاتحة : ٧،٦
۵۳﴾

حقيقة الوحى
دنیا اُن کا کسی بات میں مقابلہ نہیں کر سکتی کیونکہ ہر ایک راہ میں خدا ان کے ساتھ ہوتا ہے اور
ہر ایک میدان میں خدا کا ہاتھ اُن کو مدد دیتا ہے۔ ہزار ہا نشان اُن کی تائید اور نصرت میں ظاہر
ہوتے ہیں اور ہر ایک جو اُن کی دشمنی سے باز نہیں آتا آخر وہ بڑی ذلت کے ساتھ ہلاک کیا جاتا
ہے کیونکہ خدا کے نزدیک ان کا دشمن خدا کا دشمن ہے۔ خدا حلیم ہے اور آہستگی سے کام کرتا ہے لیکن
۵۴ ہر ایک جو ان کی دشمنی سے باز نہیں آتا اور عمداً ایذا پر کمر بستہ ہے خدا اُس کے استیصال کے لئے ایسا
حملہ کرتا ہے کہ جیسا کہ ایک مادہ شیر ( جبکہ کوئی اُس کے بچہ کو مارنے کے لئے قصد کرے) غضب
اور جوش کے ساتھ اُس پر حملہ کرتی ہے اور نہیں چھوڑتی جب تک اُس کو ٹکڑے ٹکڑے نہ کر دے۔
خدا کے پیارے اور دوست ایسی مصیبتوں کے وقت میں ہی شناخت کئے جاتے ہیں۔ جب کوئی
اُن کو دکھ دینا چاہتا ہے اور اس ایڈا پر اصرار کرتا ہے اور باز نہیں آتا تب خدا صاعقہ کی طرح اُس پر
گرتا ہے اور طوفان کی طرح اپنے غضب کے حلقہ میں اُس کو لے لیتا ہے اور بہت جلد ظاہر کر دیتا
ہے کہ وہ اُس کے ساتھ ہے جس طرح تم دیکھتے ہو کہ آفتاب کی روشنی اور کرم شب چراغ کی
روشنی میں کوئی اشتباہ نہیں ہو سکتا اسی طرح وہ نور جو اُن کو دیا جاتا ہے اور وہ نشان جو اُن کے لئے
ظاہر کئے جاتے ہیں اور وہ روحانی نعمتیں جو اُن کو عطا ہوتی ہیں اُن کے ساتھ کسی کا اشتباہ واقع
نہیں ہو سکتا اور اُن کی نظیر کسی فرد میں پائی نہیں جاتی ۔ خدا اُن پر نازل ہوتا ہے اور خدا کا عرش اُن
کا دل ہو جاتا ہے اور وہ ایک اور چیز بن جاتے ہیں جس کی تہ تک دنیا نہیں پہنچ سکتی۔
اور یہ سوال کہ کیوں خدا اُن سے ایسا تعلق پکڑ لیتا ہے؟ اس کا یہ جواب ہے کہ خدا نے
انسان کی ایسی فطرت رکھی ہے کہ وہ ایک ایسے ظرف کی طرح ہے جو کسی قسم کی محبت سے خالی
نہیں رہ سکتا اور خلا یعنی خالی رہنا اُس میں محال ہے پس جب کوئی ایسا دل ہو جاتا ہے کہ نفس کی
محبت اور اُس کی آرزوؤں اور دنیا کی محبت اور اُس کی تمناؤں سے بالکل خالی ہو جاتا ہے اور سفلی
محبتوں کی آلائشوں سے پاک ہو جاتا ہے تو ایسے دل کو جو غیر کی محبت سے خالی ہو چکا ہے
خدا تعالی تجلیات حسن و جمال کے ساتھ اپنی محبت سے پُر کر دیتا ہے تب دنیا اُس سے دشمنی

حقيقة الوحى
کرتی ہے کیونکہ دنیا شیطان کے سایہ کے نیچے چلتی ہے اس لئے وہ راستباز سے پیار نہیں کر سکتی
مگر خدا اُس کو ایک بچہ کی طرح اپنے کنارِ عاطفت میں لے لیتا ہے اور اُس کے لئے ایسی ایسی
طاقت الوہیت کے کام دکھلاتا ہے جس سے ہر ایک دیکھنے والے کی آنکھ کو چہرہ خدا کا نظر آجاتا
ہے۔ پس اُس کا وجود خدا نما ہوتا ہے جس سے پتہ لگتا ہے کہ خدا موجود ہے۔
اور یادر ہے کہ جیسا کہ تیسری قسم کے لوگوں کی خواہیں نہایت صاف ہوتی ہیں اور پیشگوئیاں ﴿۵۵﴾
اُن کی تمام دنیا سے بڑھ کر صحیح نکلتی ہیں اور نیز وہ عظیم الشان اُمور کے متعلق ہوتی ہیں اور اس قدر
اُن کی کثرت ہوتی ہے کہ گویا ایک سمندر ہے ۔ ایسا ہی ان کے معارف اور حقائق بھی کیفیت اور
کمیت میں تمام بنی نوع سے بڑھ کر ہوتے ہیں اور خدا کے کلام کے متعلق وہ معارف صحیحہ اُن کو
سوجھتے ہیں جو دوسروں کو نہیں سوجھ سکتے کیونکہ وہ روح القدس سے مدد پاتے ہیں اور جس طرح
اُن کو ایک زندہ دل دیا جاتا ہے اسی طرح اُن کو ایک زبان عطا کی جاتی ہے اور اُن کے معارف
حال کے چشمہ میں سے نکلتے ہیں نہ محض قال کے گندہ کیچڑ سے اور انسانی فطرت کی تمام عمدہ شاخیں
اُن میں پائی جاتی ہیں اور اسی کے مقابل پر تمام قسم کی نصرت بھی اُن کو عطا ہوتی ہے۔ اُن کے سینے
کھولے جاتے ہیں اور اُن کو خدا کی راہ میں ایک غیر معمولی شجاعت بخشی جاتی ہے وہ خدا کے لئے
موت سے نہیں ڈرتے اور آگ میں جل جانے سے خوف نہیں کرتے ۔ اُن کے دودھ سے ایک دنیا
سیراب ہوتی ہے اور کمزور دل قوت پکڑتے ہیں۔ خدا کی رضا جوئی کے لئے اُن کے دل قربان
ہوتے ہیں ۔ وہ اُسی کے ہو جاتے ہیں اسی لئے خدا اُن کا ہو جاتا ہے اور جب وہ اپنے سارے دل
سے خدا کی طرف جھکتے ہیں تو خدا اسی طرح اُن کی طرف جھکتا ہے کہ ہر ایک کو پتہ لگ جاتا ہے کہ
ہر میدان میں خدا ان کی پاسداری کرتا ہے۔ در حقیقت خدا کے لوگوں کو کوئی شناخت نہیں کر سکتا مگر
وہی قادر خدا جس کی دلوں پر نظر ہے پس جس دل کو وہ دیکھتا ہے کہ سچ مچ اُس کی طرف آ گیا۔ اُس
کے لئے عجیب عجیب کام دکھلاتا ہے اور اُس کی مدد کے لئے ہر ایک راہ میں کھڑا ہو جاتا ہے ۔ وہ اُس
کے لئے وہ قدرتیں دکھلاتا ہے جو دنیا پر خفی ہیں اور اس کے لئے ایسا غیرت مند ہو جاتا ہے کہ کوئی

حقيقة الوحى
خویش اپنے خویش کے لئے ایسی غیرت دکھلا نہیں سکتا ۔ اپنے علم میں سے اُس کو علم دیتا ہے اور اپنی
۵۶ عقل میں سے اُس کو عقل بخشتا ہے اور اُس کو اپنے لئے ایسا محو کر دیتا ہے کہ دوسرے تمام لوگوں
سے اُس کے تعلقات قطع ہو جاتے ہیں۔ ایسے لوگ خدا کی محبت میں مرکر ایک نیا تولد پاتے ہیں
اور فنا ہو کر ایک نئے وجود کے وارث بنتے ہیں۔ خدا اُن کو غیروں کی آنکھ سے ایسا ہی پوشیدہ رکھتا
ہے جیسا کہ وہ آپ پوشیدہ ہے مگر پھر بھی اپنے چہرہ کی چمک اُن کے منہ پر ڈالتا ہے اور اپنا نور
اُن کی پیشانی پر برساتا ہے جس سے وہ پوشیدہ نہیں رہ سکتے ۔ اور اُن پر جب کوئی مصیبت آوے تو
وہ اُس سے پیچھے نہیں ہٹتے بلکہ آگے قدم بڑھاتے ہیں اور اُن کا آج کا دن کل کے دن سے جو
گذر گیا معرفت اور محبت میں زیادہ ہوتا ہے اور ہر ایک دم محسبنا نہ تعلق اُن کا ترقی میں ہوا کرتا
ہے اور اُن کی شدت محبت اور توکل اور تقویٰ کی وجہ سے اُن کی دعائیں رد نہیں ہوتیں اور وہ
ضائع نہیں کی جاتیں کیونکہ وہ خدا کی رضا جوئی میں گم ہو جاتے ہیں اور اپنی رضا ترک کر دیتے
ہیں اس لئے خدا بھی اُن کی رضا جوئی کرتا ہے۔ وہ نہاں در نہاں ہوتے ہیں دنیا اُن کو شناخت
نہیں کر سکتی کیونکہ وہ دنیا سے بہت دور چلے جاتے ہیں اور اُن کے بارے میں سرسری رائیں
نکالنے والے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ نہ دوست اُن کی حقیقت تک پہنچ سکتا ہے نہ کوئی دشمن کیونکہ وہ
احدیت کی چادر کے اندر مخفی ہوتے ہیں ۔ کون اُن کی پوری حقیقت - جانتا ہے مگر وہی جس کے
جذبات محبت میں وہ سرمست ہیں۔ وہ ایک قوم ہے جو خدا نہیں مگر خدا سے ایک دم بھی الگ
نہیں۔ وہ سب سے زیادہ خدا سے ڈرنے والے، سب سے زیادہ خدا سے وفا کرنے والے،
سب سے زیادہ خدا کی راہ میں صدق اور استقامت دکھلانے والے، سب سے زیادہ خدا پر توکل
کرنے والے، سب سے زیادہ خدا کی رضا کو ڈھونڈ نے والے، سب سے زیادہ خدا کا ساتھ
اختیار کرنے والے، سب سے زیادہ اپنے رب عزیز سے محبت کرنے والے ہیں اور تعلق باللہ میں
اُن کا اُس جگہ تک قدم ہے جہاں تک انسانی نظریں نہیں پہنچتیں اس لئے خدا ایک ایسی خارق
عادت نصرت کے ساتھ اُن کی طرف دوڑتا ہے کہ گویا وہ اور ہی خدا ہے اور وہ کام اُن کے لئے
دکھلاتا ہے کہ جب سے دنیا پیدا ہوئی کسی غیر کے لئے اُس نے دکھلائے نہیں۔

آج 10 میں سے 10 باقی