انواز خلافت
خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد اول), حصہ 5
خلافة على منهاج النبوة
۲۲۵
جلد اول
بادشاہتوں کے قیام کا اندیشہ تھا اور جو بات چار سو سال بعد ہوئی وہ اُسی وقت ہو جانی ممکن
ہی نہیں بلکہ یقینی تھی۔پس گو حضرت علی کا اُس وقت بیعت لینا بعض مصالح کے ماتحت مناسب
نہ تھا اور اسی کی وجہ سے آپ پر بعض لوگوں نے شرات سے اور بعض نے غلط فہمی سے یہ الزام
لگایا کہ آپ نَعُوذُ بِاللہ حضرت عثمان کے قتل میں شریک تھے اور یہ خطرہ آپ کے سامنے
بیعت لینے سے پہلے حضرت ابن عباس نے بیان بھی کر دیا تھا اور آپ اسے خوب سمجھتے
بھی تھے لیکن آپ نے اسلام کی خاطر اپنی شہرت وعزت کی کوئی پرواہ نہیں کی اور ایک
بے نظیر قربانی کر کے اپنے آپ کو ہدف ملامت بنایا لیکن اسلام کو نقصان پہنچنے سے بچا لیا۔فَجَزَاهُ اللَّهُ عَنَّا وَعَنْ جَمِيعِ الْمُسْلِمِينَ
جیسا کہ میں پہلے بتا چکا ہوں قاتلوں کے گروہ مختلف جہات میں پھیل گئے تھے اور اپنے
آپ کو الزام سے بچانے کے لئے دوسروں پر الزام لگاتے تھے جب ان کو معلوم ہوا کہ
حضرت علیؓ نے مسلمانوں سے بیعت لے لی ہے تو ان کو آپ پر الزام لگانے کا عمدہ موقع مل
گیا اور یہ بات درست بھی تھی کہ آپ کے ارد گر د حضرت عثمان کے قاتلوں میں سے کچھ
لوگ جمع بھی ہو گئے تھے اس لئے ان کو الزام لگانے کا عمدہ موقع حاصل تھا۔چنانچہ ان میں
سے جو جماعت مکہ کی طرف گئی تھی اس نے حضرت عائشہ کو اس بات پر آمادہ کر لیا کہ وہ
حضرت عثمان کے خون کا بدلہ لینے کے لئے جہاد کا اعلان کریں چنانچہ اُنہوں نے اس بات کا
اعلان کیا اور صحابہ کو اپنی مدد کے لئے طلب کیا۔حضرت طلحہ اور زبیر نے حضرت علی کی
بیعت اس شرط پر کر لی تھی کہ وہ حضرت عثمان کے قاتلوں سے جلد سے جلد بدلہ لیں گے اُنہوں
نے جلدی کے جو معنی سمجھے تھے وہ حضرت علی کے نزدیک خلاف مصلحت تھے ان کا خیال تھا کہ
پہلے تمام صوبوں کا انتظام ہو جائے پھر قاتلوں کو سزا دینے کی طرف توجہ کی جائے۔کیونکہ
اول مقدم اسلام کی حفاظت ہے قاتلوں کے معاملہ میں دیر ہونے سے کوئی حرج نہیں۔اسی
طرح قاتلوں کی تعیین میں بھی اختلاف تھا جو لوگ نہایت افسردہ شکلیں بنا کر سب سے پہلے
حضرت علیؓ کے پاس پہنچ گئے تھے اور اسلام میں تفرقہ ہو جانے کا اندیشہ ظاہر کرتے تھے ان کی
نسبت حضرت علیؓ کو بالطبع شبہ نہ ہوتا تھا کہ یہ لوگ فساد کے بانی ہیں دوسرے لوگ ان پر شبہ
خلافة على منهاج النبوة
۲۲۶
جلد اول
کرتے تھے اس اختلاف کی وجہ سے طلحہ اور زبیر نے یہ سمجھا کہ حضرت علیؓ اپنے عہد سے
پھرتے ہیں۔چونکہ اُنہوں نے ایک شرط پر بیعت کی تھی اور وہ شرط ان کے خیال میں
حضرت علیؓ نے پوری نہ کی تھی اس لئے وہ شرعاً اپنے آپ کو بیعت سے آزاد خیال کرتے
تھے۔جب حضرت عائشہ کا اعلان ان کو پہنچا تو وہ بھی ان کے ساتھ جا ملے اور سب مل کر
بصرہ کی طرف چلے گئے۔بصرہ میں گورنر نے لوگوں کو آپ کے ساتھ ملنے سے باز رکھا لیکن
جب لوگوں کو معلوم ہوا کہ طلحہ اور زبیر نے صرف اکراہ سے اور ایک شرط سے مقید کر کے
حضرت علی کی بیعت کی ہے تو اکثر لوگ آپ کے ساتھ شامل ہو گئے۔جب حضرت علیؓ کو اس
لشکر کا علم ہوا تو آپ نے بھی ایک لشکر تیار کیا اور بصرہ کی طرف روانہ ہوئے۔بصرہ پہنچ کر
آپ نے ایک آدمی کو حضرت عائشہ اور طلحہ اور زبیر کی طرف بھیجا۔وہ آدمی پہلے
حضرت عائشہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور دریافت کیا کہ آپ کا ارادہ کیا ہے؟ اُنہوں نے
جواب دیا کہ ہمارا ارادہ صرف اصلاح ہے۔اس کے بعد اس شخص نے طلحہ اور زبیر کو بھی
بلوایا اور اُن سے پوچھا کہ آپ بھی اسی لئے جنگ پر آمادہ ہوئے ہیں؟ اُنہوں نے کہا کہ
ہاں۔اس شخص نے جواب دیا کہ اگر آپ کا منشاء اصلاح ہے تو اس کا یہ طریق نہیں جو آپ
نے اختیار کیا ہے اس کا نتیجہ تو فساد ہے اس وقت ملک کی ایسی حالت ہے کہ اگر ایک شخص کو
آپ
قتل کریں گے تو ہزار اُس کی تائید میں کھڑے ہو جائیں گے اور ان کا مقابلہ کریں گے تو
اور بھی زیادہ لوگ ان کی مدد کے لئے کھڑے ہو جائیں گے۔پس اصلاح یہ ہے کہ پہلے
ملک کو اتحاد کی رستی میں باندھا جائے پھر شریروں کو سزا دی جائے ورنہ اس بدامنی میں کسی کو
سزا دینا ملک میں اور فتنہ ڈلوانا ہے۔حکومت پہلے قائم ہو جائے تو وہ سزا دے گی۔یہ بات
سن کر اُنہوں نے کہا کہ اگر حضرت علیؓ کا یہی عندیہ ہے تو وہ آ جائیں ہم ان کے ساتھ ملنے کو
تیار ہیں۔اس پر اس شخص نے حضرت علیؓ کو اطلاع دی اور طرفین کے قائم مقام ایک
دوسرے کو ملے اور فیصلہ ہو گیا کہ جنگ کرنا درست نہیں صلح ہونی چاہیے۔جب یہ خبر سبائیوں ( یعنی جو عبد اللہ بن سبا کی جماعت کے لوگ اور قاتلین حضرت عثمان
تھے ) کو پہنچی تو ان کو سخت گھبراہٹ ہوئی اور خفیہ خفیہ ان کی ایک جماعت مشورہ کے لئے اکٹھی
خلافة على منهاج النبوة
۲۲۷
جلد اول
ہوئی۔اُنہوں نے مشورہ کے بعد فیصلہ کیا کہ مسلمانوں میں صلح ہو جانی ہمارے لئے سخت مضر
ہوگی کیونکہ اُسی وقت تک ہم حضرت عثمان کے قتل کی سزا سے بچ سکتے ہیں جب تک کہ مسلمان
آپس میں لڑتے رہیں گے۔اگر صلح ہو گئی اور امن ہو گیا تو ہمارا ٹھکا نہ کہیں نہیں اس لئے جس
طرح سے ہو صلح نہ ہونے دو۔اتنے میں حضرت علی بھی پہنچ گئے اور آپ کے پہنچنے کے
دوسرے دن آپ کی اور حضرت زبیر کی ملاقات ہوئی۔وقت ملاقات حضرت علیؓ نے فرمایا
کہ آپ نے میرے لڑنے کے لئے تو لشکر تیار کیا ہے مگر کیا خدا کے حضور میں پیش کرنے کے
لئے کوئی عذر بھی تیار کیا ہے؟ آپ لوگ کیوں اپنے ہاتھوں سے اس اسلام کے تباہ کرنے
کے درپے ہوئے ہیں جس کی خدمت سخت جانکا ہیوں سے کی تھی۔کیا میں آپ لوگوں کا بھائی
نہیں ؟ پھر کیا وجہ ہے کہ پہلے تو ایک دوسرے کا خون حرام سمجھا جا تا تھا لیکن اب حلال ہو گیا۔اگر کوئی نئی بات پیدا ہوئی ہوتی تو بھی بات تھی جب کوئی نئی بات پیدا نہیں ہوئی تو پھر یہ
مقابلہ کیوں ہے؟ اس پر حضرت طلحہ نے کہا وہ بھی حضرت زبیر کے ساتھ تھے کہ آپ نے
حضرت عثمان کے قتل پر لوگوں کو اُکسایا ہے۔حضرت علیؓ نے فرمایا کہ میں حضرت عثمان کے قتل
میں شریک ہونے والوں پر لعنت کرتا ہوں۔پھر حضرت علیؓ نے حضرت زبیر سے کہا کہ کیا تم کو
یاد نہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ خدا کی قسم ! تو علی سے جنگ کرے گا اور
تو ظالم ہوگا۔یہ سن کر حضرت زبیر اپنے لشکر کی طرف واپس کو ٹے اور قسم کھائی کہ وہ حضرت
علی سے ہرگز جنگ نہیں کریں گے اور اقرار کیا کہ اُنہوں نے اجتہاد میں غلطی کی۔جب یہ خبر
لشکر میں پھیلی تو سب کو اطمینان ہو گیا کہ اب جنگ نہ ہوگی بلکہ صلح ہو جائے گی لیکن مفسدوں کو
سخت گھبراہٹ ہونے لگی اور جب رات ہوئی تو انہوں نے صلح کو روکنے کے لئے یہ تدبیر کی
کہ ان میں سے جو حضرت علیؓ کے ساتھ تھے اُنہوں نے حضرت عائشہؓ اور حضرت طلحہ و زبیر
کے لشکر پر رات کے وقت شب خون مار دیا۔اور جو اُن کے لشکر میں تھے اُنہوں نے
حضرت علیؓ کے لشکر پر شب خون مار دیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ایک شور پڑ گیا اور ہر فریق نے
خیال کیا کہ دوسرے فریق نے اس سے دھوکا کیا حالانکہ اصل میں یہ صرف سبائیوں کا ایک
منصوبہ تھا۔جب جنگ شروع ہو گئی تو حضرت علیؓ نے آواز دی کہ کوئی شخص حضرت عائشہ کو
خلافة على منهاج النبوة
۲۲۸
جلد اول
اطلاع دے شاید ان کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ اس فتنہ کو دور کر دے۔چنانچہ حضرت عائشہ کا
اونٹ آگے کیا گیا لیکن نتیجہ اور بھی خطرناک نکلا۔مفسدوں نے یہ دیکھ کر کہ ہماری تدبیر پھر
اُلٹی پڑنے لگی حضرت عائشہؓ کے اونٹ پر تیر مارنے شروع کئے۔حضرت عائشہ نے زور زور
سے پکارنا شروع کیا کہ اے لوگو! جنگ کو ترک کرو اور خدا اور یوم حساب کو یاد کرو لیکن مفسد
باز نہ آئے اور برابر آپ کے اونٹ پر تیر مارتے چلے گئے چونکہ اہل بصرہ اس لشکر کے ساتھ
تھے جو حضرت عائشہؓ کے اردگرد جمع ہوا تھا اُن کو یہ بات دیکھ کر سخت طیش آیا اور اُم المؤمنین
کی یہ گستاخی دیکھ کر ان کے غصہ کی کوئی حد نہ رہی اور تلواریں کھینچ کر لشکر مخالف پر حملہ آور ہو گئے۔اور اب یہ حال ہو گیا کہ حضرت عائشہ کا اونٹ جنگ کا مرکز بن گیا۔صحابہ اور بڑے بڑے بہادر اس
کے ارد گرد جمع ہو گئے اور ایک کے بعد ایک قتل ہونا شروع ہوا لیکن اونٹ کی باگ اُنہوں نے نہ
چھوڑی۔حضرت زبیر تو جنگ میں شامل ہی نہ ہوئے اور ایک طرف نکل گئے مگر ایک شقی نے ان
کے پیچھے سے جا کر اس حالت میں کہ وہ نماز پڑھ رہے تھے اُن کو شہید کر دیا۔حضرت طلحہ عین میدانِ
جنگ میں اُن مفسدوں کے ہاتھ سے مارے گئے۔جب جنگ تیز ہوگئی تو یہ دیکھ کر کہ اُس وقت تک
جنگ ختم نہ ہوگی جب تک حضرت عائشہ کو درمیان سے ہٹایا نہ جائے بعض لوگوں نے آپ کے
اونٹ کے پاؤں کاٹ دیئے اور ہودج اُتار کر زمین پر رکھ دیا۔تب کہیں جا کر جنگ ختم ہوئی۔اس
واقعہ کو دیکھ کر حضرت علیؓ کا چہرہ مارے رنج کے سُرخ ہو گیا لیکن یہ جو کچھ ہوا اس سے چارہ بھی نہ تھا
جنگ کے ختم ہونے پر جب مقتولین میں حضرت طلحہ کی نعش ملی تو حضرت علی نے سخت افسوس کیا۔ان تمام واقعات سے صاف ظاہر ہو جاتا ہے کہ اس لڑائی میں صحابہ کا ہر گز کوئی دخل نہ تھا بلکہ
یہ شرارت بھی قاتلان عثمان کی ہی تھی۔اور یہ کہ طلحہ اور زبیر حضرت علی کی بیعت ہی میں فوت
ہوئے کیونکہ اُنہوں نے اپنے ارادہ سے رجوع کر لیا تھا اور حضرت علی کا ساتھ دینے کا اقرار کرلیا
تھا لیکن بعض شریروں کے ہاتھوں سے مارے گئے چنانچہ حضرت علی نے ان کے قاتلوں پر لعنت بھی کی۔ادھر تو یہ جنگ ہو رہی تھی اُدھر عثمان کے قاتلوں کا گروہ جو معاویہ کے پاس چلا گیا تھا
اس نے وہاں ایک گہرام مچا دیا اور وہ حضرت عثمان کا بدلہ لینے پر آمادہ ہو گئے۔جب
حضرت علی کے لشکر سے ان کا لشکر ملا اور درمیان میں صلح کی بھی ایک راہ پیدا ہونے لگی تو ایک
خلافة على منهاج النبوة
۲۲۹
جلد اوّل
جماعت فتنہ پردازوں کی حضرت علی کا ساتھ چھوڑ کر الگ ہو گئی اور اس نے یہ شور شروع کر دیا کہ خلیفہ کا
وجود ہی خلاف شریعت ہے احکام تو خدا تعالیٰ کی طرف سے مقررہی ہیں باقی رہا انتظام مملکت سو یہ ایک
انجمن کے سپر د ہونا چاہیے کسی ایک شخص کے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہیے اور یہ لوگ خوارج کہلائے۔اب
بھی جو لوگ ہمارے مخالف ہیں ان کا یہی دعویٰ ہے اور ان کے وہی الفاظ ہیں جو خوارج کے تھے اور یہ
بھی ہماری صداقت کا ایک ثبوت ہے کہ ان لوگوں کو اس جماعت سے مشابہت حاصل ہے جسے گل
مسلمان بالا تفاق کراہت کی نگاہ سے دیکھتے چلے آئے ہیں اور ان کی غلطی کے معترف ہیں۔ابھی معاملات پوری طرح سمجھے نہ تھے کہ خوارج کے گروہ نے یہ مشورہ کیا کہ اس فتنہ کو
اس طرح دور کرو کہ جس قدر بڑے آدمی ہیں اُن کو قتل کر دو۔چنانچہ ان کے دلیر یہ اقرار کر
کے نکلے کہ ان میں سے ایک حضرت علیؓ کو ، ایک حضرت معاویہؓ کو اور ایک عمر بن العاص کو
ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں قتل کر دے گا۔جو حضرت معاویہ کی طرف گیا تھا اُس نے
تو حضرت معاویہ پر حملہ کیا لیکن اس کی تلوار ٹھیک نہیں لگی اور حضرت معاویہ صرف معمولی زخمی
ہوئے۔وہ شخص پکڑا گیا اور بعد ازاں قتل کیا گیا۔جو عمرو بن العاص کو مارنے گیا تھا وہ بھی
ناکام رہا کیونکہ وہ بوجہ بیماری نماز کے لئے نہ آئے جو شخص ان کو نماز پڑھانے کے لئے آیا تھا
اُس نے اُس کو مار دیا اور خود پکڑا گیا اور بعد ازاں مارا گیا۔جو شخص حضرت علی کو مارنے کیلئے
نکلا تھا اُس نے جب کہ آپ صبح کی نماز کے لئے کھڑے ہونے لگے آپ پر حملہ کیا اور آپ خطرناک
طور پر زخمی ہوئے آپ پر حملہ کرتے وقت اُس شخص نے یہ الفاظ کہے کہ اے علی ! تیرا حق نہیں کہ تیری
ہر بات مانی جایا کرے بلکہ یہ حق صرف اللہ کو ہے (اب بھی غیر مبائعین ہم پر شرک کا الزام لگاتے ہیں )
ان سب واقعات کو معلوم کر کے آپ لوگوں نے معلوم کر لیا ہوگا کہ یہ سب فتنہ انہی
لوگوں کا اُٹھایا ہوا تھا جو مدینہ میں نہیں آئے تھے اور حضرت عثمان سے واقفیت نہ رکھتے تھے
آپ کے حالات نہ جانتے تھے ، آپ کے اخلاص ، آپ کے تقویٰ اور آپ کی طہارت سے
نا واقف تھے ، آپ کی دیانت اور امانت سے بے خبر تھے چونکہ ان کو شریروں کی طرف سے یہ
بتایا گیا کہ خلیفہ خائن ہے ، بددیانت ہے ، فضول خرچ ہے ، وغیرہ وغیرہ اس لئے وہ گھر بیٹھے
ہی ان باتوں کو درست مان گئے اور فتنہ کے پھیلانے کا موجب ہوئے۔لیکن اگر وہ مدینہ میں
خلافة على منهاج النبوة
۲۳۰
جلد اول
آتے ، حضرت عثمان کی خدمت میں بیٹھتے ، آپ کے حالات اور خیالات سے واقف ہوتے تو
کبھی ایسا نہ ہوتا جیسا کہ ہوا۔میں نے ان حالات کو بہت مختصر کر دیا ہے ورنہ یہ اتنے لمبے اور
ایسے دردناک ہیں کہ سننے والے کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔پس یا درکھو کہ یہ وہ فتنہ تھا جس نے مسلمانوں کے ۷۲ فرقے نہیں بلکہ ۷۲ ہزار فرقے بنا
دیئے۔مگر اس کی وجہ وہی ہے جو میں نے کئی دفعہ بتائی ہے کہ وہ لوگ مدینہ میں نہ آتے تھے۔ان باتوں کو خوب ذہن نشین کر لو کیونکہ تمہاری جماعت میں بھی ایسے فتنے ہوں گے جن کا
علاج یہی ہے کہ تم بار بار قادیان آؤ اور صحیح صحیح حالات سے واقفیت پیدا کرو۔میں نہیں جانتا
کہ یہ فتنے کس زمانہ میں ہوں گے لیکن میں یہ جانتا ہوں کہ ہوں گے ضرور لیکن اگر تم قادیان
-
آؤ گے اور بار بار آؤ گے تو ان فتنوں کے دور کرنے میں کامیاب ہو جاؤ گے۔پس تم اس بات کو خوب یاد رکھو اور اپنی نسلوں در نسلوں کو یاد کراؤ تا کہ اس زمانہ میں
کامیاب ہو جاؤ۔صحابہ کی درد ناک تاریخ سے فائدہ اُٹھاؤ اور وہ باتیں جو ان کے لئے
مشکلات کا موجب ہوئی ہیں ان کے انسداد کی کوشش کرو۔فتنہ اور فساد پھیلانے والوں پر کبھی
حسن ظنی نہ کرنا اور ان کی کسی بات پر تحقیق کئے بغیر اعتبار نہ کر لینا۔کیا اس وقت تم نے ایسے
لوگوں سے نقصان نہیں اُٹھایا ؟ ضرور اُٹھایا ہے پس اب ہوشیار ہو جاؤ اور جہاں کوئی فتنہ دیکھو
فوراً اس کا علاج کرو۔تو بہ اور استغفار پر بہت زور دینا۔دیکھو اس وقت بھی کس طرح
دھو کے دیئے جاتے ہیں۔ہمارے مخالفین میں سے ایک سرکردہ کا خط میر حامد شاہ صاحب
کے پاس موجود ہے جس میں وہ انہیں لکھتے ہیں کہ نور دین اسلام کا خطرناک دشمن ہے اور
انجمن پر حکومت کرنا چاہتا ہے۔شاہ صاحب تو چونکہ قادیان آنے جانے والے تھے اس لئے
ان پر اس خط کا کچھ اثر نہ ہوا لیکن اگر کوئی اور ہوتا جو قادیان نہ آیا کرتا تو وہ ضرور
حضرت مولوی صاحب کے متعلق بدظنی کرتا اور کہتا کہ قادیان میں واقعی اندھیر پڑا ہوا ہے۔اسی طرح اور بہت سی باتیں ان لوگوں نے پھیلائی ہیں لیکن اس وقت تک خدا کے فضل سے
انہیں کچھ کا میابی نہیں ہوئی۔لیکن تم اس بات کے ذمہ دار ہو کہ شریر اور فتنہ انگیز لوگوں کو
گرید گرید کر نکالو اور ان کی شرارتوں کے روکنے کا انتظام کرو۔
خلافة على منهاج النبوة
۲۳۱
جلد اول
میں نے تمہیں خدا تعالیٰ سے علم پا کر بتا دیا ہے اور میں ہی وہ پہلا شخص ہوں جس نے
اس طرح تمام صحیح واقعات کو یکجا جمع کر کے تمہارے سامنے رکھ دیا ہے جن سے معلوم ہو
جائے کہ پہلے خلیفوں کی خلافتیں اس طرح تباہ ہوئی تھیں۔پس تم میری نصیحتوں کو یا درکھو۔تم پر خدا کے بڑے فضل ہیں اور تم اس کی برگزیدہ جماعت ہو اس لئے تمہارے لئے ضروری
ہے کہ اپنے پیش روؤں سے نصیحت پکڑو۔خدا تعالیٰ قرآن شریف میں لوگوں پر افسوس کا
اظہار کرتا ہے کہ پہلی جماعتیں جو ہلاک ہوئی ہیں تم ان سے کیوں سبق نہیں لیتے۔تم بھی گزشتہ
واقعات سے سبق لو۔میں نے جو واقعات بتائے ہیں وہ بڑی زبر دست اور معتبر تاریخوں
کے واقعات ہیں جو بڑی تلاش اور کوشش سے جمع کئے گئے ہیں اور ان کا تلاش کرنا میرا فرض
تھا کیونکہ خدا تعالیٰ نے جب کہ مجھے خلافت کے منصب پر کھڑا کیا ہے تو مجھ پر واجب تھا کہ
دیکھوں پہلے خلیفوں کے وقت کیا ہوا تھا اس کے لئے میں نے نہایت کوشش کے ساتھ حالات
کو جمع کیا ہے۔اس سے پہلے کسی نے ان واقعات کو اس طرح ترتیب نہیں دیا۔پس آپ لوگ ان باتوں کو سمجھ کر ہوشیار ہو جائیں اور تیار رہیں۔فتنے ہوں گے اور
بڑے سخت ہوں گے ان کو دور کرنا تمہارا کام ہے۔خدا تعالیٰ تمہاری مدد کرے اور تمہارے
ساتھ ہو اور میری بھی مدد کرے اور مجھ سے بعد آنے والے خلیفوں کی بھی کرے اور خاص
طور پر کرے کیونکہ اُن کی مشکلات مجھ سے بہت بڑھ کر اور بہت زیادہ ہوں گی۔دوست کم
ہوں گے اور دشمن زیادہ۔اُس وقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ بہت کم ہوں
گے۔مجھے حضرت علی کی یہ بات یاد کر کے بہت ہی درد پیدا ہوتا ہے۔اُن کو کسی نے کہا کہ
حضرت ابو بکر اور عمر کے عہد میں تو ایسے فتنے اور فساد نہ ہوتے تھے جیسے آپ کے وقت میں ہو
رہے ہیں۔آپ نے اسے جواب دیا کہ اوکم بخت ! حضرت ابو بکر اور عمر کے ماتحت میرے
جیسے شخص تھے اور میرے ماتحت تیرے جیسے لوگ ہیں۔غرض جوں جوں دن گزرتے جائیں گے
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صُحبت یافتہ لوگ کم رہ جائیں گے اور آپ کے تیار کردہ انسان
قلیل ہو جائیں گے۔پس قابل رحم حالت ہوگی اُس خلیفہ کی کہ جس کے ماتحت ایسے لوگ ہوں
گے۔خدا تعالیٰ کا رحم اور فضل اُس کے شامل ہو اور اُس کی برکات اور اُس کی نصرت اُس کے لئے
خلافة على منهاج النبوة
۲۳۲
جلد اول
نازل ہوں جسے ایسے مخالف حالات میں اسلام کی خدمت کرنی پڑے گی۔اس وقت تو خدا تعالیٰ کا
فضل ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بہت سے صحابہ موجود ہیں جن کے دل خشیت الہی
اپنے اندر رکھتے ہیں لیکن یہ ہمیشہ نہیں رہیں گے اور بعد میں آنے والے لوگ خلیفوں کے لئے
مشکلات پیدا کریں گے۔میں خدا تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ خدا آنے والے زمانہ میں اپنے فضل
اور تائید سے ہماری جماعت کو کامیاب کرے اور مجھے بھی ایسے فتنوں سے بچائے اور مجھ سے بعد
میں آنے والوں کو بھی بچائے۔آمین
=
النصر : ۲تا۴
محمد : ۲۰
انوار العلوم جلد ۳ صفحه ۱۵۵ تا ۲۰۴)
ال عمران: ۳۲ الاحزاب: ۲۲
الفتح: ٣٢
المؤمن: ۵۶
ك البقرة: ١٣٠
ابوداؤد كتاب الصلوة باب الامام يكلم الرجل في خطبته صفحه ۱۶۵ حدیث نمبر ۱۰۹۱ مطبوعه
رياض ١٩٩٩ ء الطبعة الاولى
بخاری کتاب العلم باب من قعد حيث ينتهى به المجلس صفحه ۱۶ حدیث نمبر ۶۶ مطبوعہ ریاض
١٩٩٩ء الطبعة الثانية
الوصیت ، روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحه ۳۰۶ ایڈیشن ۲۰۰۸ء
بخارى كتاب الوضوء باب وضع الماء عند الخلاء صفحه ۳۰ حدیث نمبر ۱۴۳ مطبوعہ ریاض
١٩٩٩ء الطبعة الثانية
۱۲ طبری جلد ۵ صفحه ۳۴۸ مطبوعہ بیروت ۱۹۸۷ء
۱۳ طبری جلد ۵ صفحه ۳۵۳ مطبوعہ بیروت ۱۹۸۷ء
۱۴ اسد الغابہ جلد ۳ صفحه ۳۱۸ زیر عنوان عثمان بن عفان، مطبوعہ بیروت لبنان ۲۰۰۶ء
۱۵ طبری جلد ۵ صفحه ۳۵۸، ۳۵۹ مطبوعہ بیروت ۱۹۸۷ء
۱۶ طبری جلد ۵ صفحه ۴ ۳۸ مطبوعہ بیروت ۱۹۸۷ء