۱۲ نومبر ۱۸۹۹ء

خطابات نور, حصہ 3

یہ راستباز ہے اور خدا تعالیٰ اس کی تائید کررہا ہے اور وہ کاذبوں کی تائید نہیں کیا کرتا۔غرض یہ وہ زمانہ ہے کہ ہم پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے تازہ کمالات کو اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں اور ان پر ایمان لاتے ہیں۔یہ بات بالکل سچی ہے کہ اگر یہ شخص نہ آتا توآنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کمالات اور معجزات ایک افسانہ سے بڑھ کر نہ ہوتے جو اب واقعات اور مشاہدہ کے رنگ میں نظر آرہے ہیں اور یہ سب کچھ اسی کے طفیل سے ہے جس کے بلانے سے تم آج یہاں جمع ہو۔پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی کے وقت میں صحابہ محض اللہ تعالیٰ کے جلال و جبروت کے اظہار کے لئے دور دراز کے سفر کرتے تھے اور خدا تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرتے تھے۔وہی رنگ یہاں دکھایا جاتا ہے کہ ایک جماعت کو اس نے تیار کیا ہے جو جنگلوں کو طے کرتی ہوئی اور سمندروں کو چیرتی ہوئی دور و دراز بلاد میں جائے گی اور اس کی غرض کیا ہوگی؟ اللہ تعالیٰ کے جلال کا اظہار، اس کی گم شدہ توحید کو پھر دنیا پر ظاہر کرنا۔کیسی پاک اور مبارک غرض ہے۔آج سفروں کے لئے ہر قسم کی آسائش اور سہولت کے بہم پہنچنے کی وجہ سے لوگ دور و دراز ولایتوں کے سفر کرتے ہیں اور آئے دن ایسے مسافر روانہ ہوتے ہیں۔مگر میں پوچھتا ہوں ان کی غرض کیا ہوتی ہے؟ دنیا اور صرف دنیا۔کوئی ولایت کو جاتا ہے ماں باپ اور احباب اور وطن سے جدا ہوتا ہے اس لئے کہ وہاں جائے بیرسٹری کا یا کوئی اور امتحان پاس کرے اور دنیا کمائے۔پھر وہاں سے وہ کیا لاتا ہے۔علمی یا عملی طور پر خدا کے نہ ہونے کا اقرار یہ تو روحانی ترقی ہوتی ہے اور مارل اینڈ سوشل اصلاح جو وہ کرکے آتا ہے وہ تم میں سے اکثروں کو ایسے لوگوں کے دیکھنے سے معلوم ہوئی ہوگی لیکن آج یہ پہلا موقع ہے کہ ایک جماعت سفر کرتی ہے لیکن اس سفر کی غرض خدا اور صرف خدا ہے۔ان لوگوں کی حالت پر جب میں نظر کرتا ہوں تو میرے دل میں ان کی عظمت بڑھ جاتی ہے کیونکہ یہ پاک اغراض اور مقاصد لے کرجاتے ہیں۔یہ اپنے احباب اور عزیزوں سے جدا ہوں گے۔جنگل اور بیابان کاٹتے ہوئے جاویں گے اور ایسے ایسے مقامات پر یہ پہنچیں گے جہاں سے ہمیں ان کی کچھ بھی خبر نہ ہوگی کہ ان کے ساتھ کیا گزر رہی ہے اگر وہ کسی مصیبت اور مشکلات میں مبتلا ہوجاویں جو سفروں میں ممکن ہے (اور ہماری دعا ہے کہ وہ ان مصائب اور مشکلات سے محفوظ رہیں آمین) تو تم میں سے کون ہوگا جو ان کی اس وقت مدد کرسکے گا۔کوئی بھی نہیں کیونکہ وہ تم سے اتنے دور ہوں گے کہ اول تو اطلاع آنی مشکل اور

آئے بھی تو بہت دیر کے بعد اور پھر وہاں تک پہنچنا بہت مشکل اور وقت چاہے گا۔مگر یہ لوگ ان تمام مصائب اور مشکلات کو برداشت کرنے کے لئے تیار ہوگئے۔نہیں انہوں نے اپنے اعزّہ اور احباب کی محبت، وطن کی الفت اور آرام کی پروا نہیں کی اور اس سفر کو مقدم رکھ کر ۶؎۔اس وقت اس دور دراز ملک کے سفر کی جو تیاری کی گئی ہے تو اس کی کیا غرض ہے؟ اس کی غرض بھی وہی ہے جو صحابہ کے سفروں کی تھی یعنی اللہ تعالیٰ کے احکام کی تبلیغ اور اسلام کی عزت، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کو ظاہر کرنا۔اس وقت ایک قوم موجود ہے جس نے اللہ تعالیٰ کی صفات ایک عاجز انسان کو دے رکھی ہیں اور اسے خدا بناکر دنیا کو منوانا چاہا ہے۔یہ قوم عیسائیوں کی قوم ہے۔وہ مسیح کو خالق مانتے ہیں، شافی مانتے ہیں، محیی مانتے ہیں اور عالم الغیب مانتے ہیں اور سب سے افسوس ناک بات یہ ہے کہ مسلمان جو ایک ہی حقیقی خدا کے پرستار تھے وہ اعتقاد کے طور پر ان کے ساتھ ہی ہیں یعنی اسی قسم کی صفات مسیح میں یقین کرتے ہیں۔یہ جدا امر ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ ہم مسیح کو خدا نہیں مانتے مگر اس میں کوئی کلام نہیں کہ وہ خدائی کی صفات ان میں یقین کرتے ہیں۔حضرت امام علیہ الصلوٰۃ والسلام اس کی ایک مثال بارہا دیا کرتے ہیں کہ ان لوگوں کی ایسی حالت ہے جیسے کوئی شخص کسی مردہ کو کہے کہ یہ مرگیا ہے لیکن دوسرا شخص کہے کہ ہاں اس کی نبض بھی نہیں چلتی۔بدن بھی سرد ہے کسی قسم کی حس و حرکت باقی نہیں ہے لیکن ہے زندہ۔عیسائی تو صاف الفاظ میں کہتے ہیں کہ وہ خدا ہے مگر مسلمان اپنی غلط فہمی سے یہ کہتے ہیں کہ نہیں خدا تو نہیں ہے۔یہ غلط ہے۔البتہ وہ شافی ہے اسی طرح جس طرح اللہ شافی ہے۔غیب دان ہے۔مردوں کو زندہ کرنے والا محیی ہے۔حی و قیوم ہے۔پھر بتائو اس کے خدا ہونے میں کیا شک باقی رہا۔مسلمانوں نے ایک اور بات بھی مسیح کے متعلق مان رکھی ہے جو دوسرے انبیاء میں وہ نہیں مانتے کہ صرف مسیح ہی مسِّ شیطان سے پاک ہے۔میں جب ان باتوں کو سنتا ہوں تو سخت حیرت اور افسوس ہوتا ہے کہ وہ جو موحّد کہلاتے ہیں ان کا اعتقاد اس قسم کا ہے۔صرف اللہ تعالیٰ کی توحید کو زندہ کرنے کے واسطے اور اس عقیدہ کو دور کرنے کے لئے حضرت امام علیہ الصلوٰ والسلام نے پسند فرمایا ہے کہ ہمارے بعض احباب سفر کریں اور جو کچھ باتیں معلوم ہوئی ہیں ان کی تصدیق کرلاویں۔مسیحی مذہب کی شکست کے لئے اس سے بڑھ کر کارگر حربہ نہیں ہوسکتا

کہ یہ ثابت ہو جاوے کہ مسیح اپنی طبعی موت سے مرا ہے اور صلیب پر نہیں مرا۔اس حربہ کی حقیقت سے وہ لوگ خوب مزہ اٹھا سکتے ہیں جو عیسائی مذہب کے اصولوں سے واقف ہیں اور ان کو ان کے ساتھ کبھی کلام کرنے کا موقع ہوا ہے۔غرض اس بات کے لئے یہ اہتمام کیا گیا ہے یہ تو میرے نزدیک ایک چھوٹی سی بات ہے جو حضرت امام کے اس جوش کا نمونہ ہے جو توحید کے قائم کرنے کے لئے اس کے دل میں ہے واِلَّا وہ دکھ اور کپکپی جو اس کے دل و دماغ میں پہنچی ہے تم اس کا اندازہ بھی نہیں کرسکتے کیونکہ نہ وہ دل ہے اور نہ وہ مزہ اور لذت ہے۔اسی توحید کے پھیلانے کے واسطے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اتباع کو کیا کیا تکالیف برداشت کرنی پڑی تھیں۔پھر آج یہ کام آسان کیونکر ہوسکتا ہے اس وقت تو مشکلات اور بھی بڑھے ہوئے ہیں۔اس لئے بہت بڑی توجہ کی ضرورت ہے اور ہر شخص اس قدر توجہ نہیں کرسکتا جب تک خدا تعالیٰ کی طرف سے بھی اس کی تائید نہ ہو۔تم جانتے ہو کہ جس شخص نے سارے جہاں میں قرآن شریف کی عظمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔اس کو کس قدر مصائب اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔الغرض چونکہ قرآن شریف کی عظمت ہی اسے مقصود ہے۔اس لئے اس کے واسطے یہ ہر قسم کی تکالیف اور مشکلات اٹھانے کو ہر وقت تیار رہتا ہے اور یہی اس کی کامیابی کی دلیل ہے کہ کوئی مشکل اور تکلیف اس کے حوصلہ کو پست نہیں کرسکتی۔پھر دوسری بات جو سکھائی گئی ہے منعم علیہ بننے کے واسطے وہ شفقت علی خلق اللہ ہے یعنی  اللہ تعالیٰ کے دئیے ہوئے میں سے کچھ خرچ کرتے رہو۔یہاں کوئی چیز مخصوص نہیں فرمائی۔بلکہ جو کچھ اللہ تعالیٰ نے دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے رہو۔زبان دی ہے خدا کی عظمت اور جبروت کے اظہار کے لئے ‘آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم کے اظہار کے واسطے، پس اس سے یہ کام لو۔حق گوئی کے لئے اسے کھولو۔جب کوئی آپ کے مقابلہ میں گندہ دہنی کررہا ہو تو (النحل :۱۲۶) پر عمل کرکے نہایت پاکیزہ اور معقول اور مدلّل طریق سے اس کی زبان بند کرنے کی کوشش کرو اور اس کے گند کے بالمقابل ایک اعلیٰ درجہ کا محکمہ حفظ صحت قائم کرو جبکہ مخالف قسم قسم کے ردّی اور مضر صحت (روحانی) مواد پھیلانا چاہتا ہے۔تو شائستہ باتوں

سے ان کو دور کرو۔اسی طرح اپنے ہاتھوں اور پائوں کو خدا کے لئے مخلوق کی ہمدردی اور بھلائی میں خرچ کرو اور ایسا ہی اگر اللہ تعالیٰ نے مال دیا ہے کپڑا دیا ہے غرض جو کچھ دیا ہے اسے مخلوق کی ہمدردی اور نفع رسانی کے لئے خرچ کرو۔میں دیکھتا ہوں کہ اکثر لوگ نئے کپڑے بناتے ہیں لیکن وہ پرانے کپڑے کسی غریب کو نہیں دیتے بلکہ اسے معمولی طور پر گھر کے استعمال کے لئے رکھ لیتے ہیں مگر میں کہتا ہوں کہ اگر کسی کو خدا کے فضل سے نیا ملتا ہے اور خدا تعالیٰ نے اسے اس قابل بنایا ہے کہ وہ نیا کپڑا خرید کر بنالے تو وہ کیوں پرانا اپنے کسی غریب اور نادار بھائی کو نہیں دیتا‘ اگر نیا جوتا ملا ہے تو کیوں پرانا کسی اور کو نہیں دے دیتے ہو۔اگر اتنی بھی ہمت اور حوصلہ نہیں پڑتا تو پھر نیا دینا تو اور بھی مشکل ہوجائے گا۔خدا تعالیٰ نے تکمیل ایمان کے لئے دو ہی باتیں رکھی ہیں۔تعظیم لامر اللہ اور شفقت علی خلق اللہ جو شخص ان دونوں کی برابر رعایت نہیں رکھتا وہ کامل مومن نہیں ہوسکتا۔کیا تم میں سے اگر ایک ہاتھ ایک ٹانگ کسی کی کاٹ دی جاوے تو وہ نقصان نہ اٹھاوے گا۔اسی طرح پر ایمان کا بہت بڑا جزو ہے شفقت علیٰ خلق اللہ مگر میں دیکھتا ہوں کہ اس پر زیادہ توجہ ہی نہیں رہی اور یہی وجہ ہے کہ ایمان کا پہلا جزو تعظیم لامر اللہ بھی نہیں رہی ہے۔پس اس میں ہرگز سستی اور غفلت نہ کرو۔خدا تعالیٰ کی عطاکردہ نعمتوںکی شکرگزاری یہی ہے کہ اس کی مخلوق کو نفع پہنچایا جاوے۔خدا کی مخلوق کو نفع پہنچانا درازئ عمر کا باعث ہے۔کون ہے جو نہیں چاہتا کہ دنیا میں لمبی عمر پاوے۔ہر شخص کے دل میں کم و بیش یہ آرزو موجود ہے مگر لمبی عمر کے حاصل کرنے کا اصلی اور سچا طریق یہی ہے کہ خدا تعالیٰ کی مخلوق کو نفع پہنچایا جاوے۔چنانچہ خود اللہ تعالیٰ نے اس کا فیصلہ کردیا۔ (الرّعد :۱۸) درازیٔ عمر کا ایک اور نسخہ قرآن مجید میں موجود ہے۔وہ استغفار ہے۔پس جو چاہتا ہے کہ عمر سے تمتّع اٹھاوے وہ اس نسخہ پر عمل کرے۔اس لئے جہاں تک تم سے بن پڑتا ہے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو۔اور پھر جو کچھ اس نے دیا ہے اس کی مخلوق کی نفع رسانی کے واسطے اسے خرچ کرو۔دل دیا ہے تو پوری توجہ کے ساتھ دعائیں ہی مانگتے رہو اپنے لئے اور اپنے اور دوسرے لوگوں کے واسطے۔میں باربار تاکید کرتا ہوں کہ منشاء الٰہی یہی ہے کہ اس کی مخلوق کے ساتھ نیک سلوک ہو اس اصل کو کبھی مت بھولو کیونکہ منعم علیہ بننے کے واسطے اس پر عمل کرنا بڑا ہی ضروری ہے۔

جس قدر صداقتیں موجود ہیں اور جو احکام اللہ تعالیٰ نے دئیے ہیں۔ان سب پر عمل کرکے دکھائو تاکہ نتیجہ میں سکھ پائو۔اللہ تعالیٰ پر ایمان اور یقین کا نتیجہ یہی تو ہوتا ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے اوامر پر عمل کرے اور اس کی نواہی سے بچے۔جب انسان اس قسم کا بن جاتا ہے کہ الغیبپر ایمان لاتا ہے اور خدا کی عبادت کرتا ہے اور اس کی مخلوق پر شفقت کرتا ہے پھر خدا تعالیٰ وعدہ فرماتا ہے کہ ہم اس کا بدلہ کیا دیں گے؟ (البقرۃ:۶) یہ لوگ مظفر و منصور ہوجائیں گے۔دنیا میں بامراد اور کامیاب ہونے کا یہ زبردست ذریعہ ہے اور اس کا ثبوت موجود ہے۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی لائف پر نظر کرو۔ان کامیابیوں اور فتح مندیوں کی اصل جڑ کیا تھی؟ یہی ایمان اور اعمال صالحہ تو تھے ورنہ اس سے پہلے وہی لوگ موجود تھے وہی اسباب تھے وہی قوم تھیلیکن جب ان کا ایمان اللہ تعالیٰ پر بڑھا اور ان کے اعمال میں صلاحیت اور تقویٰ اللہ پیدا ہوا تو خدا تعالیٰ کے وعدوں کے موافق وہ دنیا میں بھی مظفرومنصور ہوگئے تاکہ ان کی اس دنیا کی کامیابیاں آخرت کی کامیابیوں کے لئے ایک دلیل اور نشان ہو ں۔یہ نسخہ صرف کتابی نسخہ نہیں ہے بلکہ ایک تجربہ شدہ اور بارہا کا آزمودہ نسخہ ہے۔جو اسے استعمال کرتا ہے وہ یقیناً کامیاب ہوگا اور منعم علیہ گروہ میں داخل ہوجاوے گا۔پس اگر تم چاہتے ہو کہ بامراد ہوجائو، تم چاہتے ہو کہ منعم علیہ بنو، تو دیکھو اس نسخہ کو استعمال کرو۔۷؎ بامراد اور کامیاب ہونے کی اصل تو بیان ہوچکی اب محرومی کی اصل جڑ بتائی۔ (البقرۃ:۷)جن لوگوں نے خلاف ورزی کی اور تیرے انذار اور عدم انذار کو برابر سمجھ لیا وہ مومن نہیں ہوں گے۔یہ کیسی سچی بات ہے کہ جب انسان کسی شے کے وجود اور عدم وجود کو برابر سمجھ لیتا ہے وہ اس کے حصول کے لئے کوئی سعی نہیںکرسکتا آخر محروم رہ جاتا ہے۔یہی حال ان لوگوں کا ہوا۔جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کیا اور اس انکار کی وجہ یہ ہوئی کہ انہوں نے آپ کے انذار اور عدم انذار کو مساوی سمجھا نتیجہ اس کا ایمان سے محرومی ہوئی اور انجام کار وہ ان تمام کامیابیوں اور فتوحات سے جو اہل ایمان لوگوں کے حصہ میں آئیں بالکل بے نصیب اور محروم رہے۔

یہ کتاب مجید جو ہمیں دی گئی ہے۔ساری خوبیوں اور کمالات سے بھری ہوئی ہے لیکن جو شخص اس کتاب کے وجود اور عدم وجود ہی کو برابر سمجھے وہ ان انعامات اور برکات سے جو اس کتاب کے پڑھنے اور پھر عمل کرنے سے ملتے ہیں کیونکر بہرہ ور ہوسکتا ہے؟ وہ یقینا یقینا محروم رہے گا اور اسے ایمان نصیب نہیں ہوگا لیکن اگر سلیم الفطرت انسان اپنے قویٰ سے کام لے اور اس کو یوں ہی نہ چھوڑ دے تو اللہ تعالیٰ اس کو محروم نہیں چھوڑے گا۔اس کا نام شکور ہے وہ اس کی ضرور قدر کرے گا اور اس پر اپنی نعمت کے دروازے بے شک کھول دے گا۔اسے فہم قرآن عطا کرے گا اور ایک ذوق کے ساتھ توفیق عمل نصیب ہوگی۔اس بات کو میں باربار بیان کروں گا اور تم بھی خوب یاد رکھو کہ بامراد اور کامیاب ہونے کی کلید یہی ہے کہ اس کتاب کو اپنا دستور العمل بنالو۔اگر اس کتاب کو کوئی چھوڑتا ہے اور اس کے عدم اور وجود کو برابر سمجھتا ہے تو وہ اپنے ہاتھ سے اسباب محرومی تیار کرتا ہے۔اس فعل پر خدا تعالیٰ سے اسے اولاً یہ سزا ملتی ہے کہ غور کرنے والا دل چھین لیا جاتا ہے وہ حقائق اور معارف کو سوچ نہیں سکتا اور اسی طرح پر دیکھنے اور سننے کے قویٰ بھی بیکار ہوجاتے ہیں وہ حق کا شنوا اور حق کا بینا نہیں رہتا۔پس متقی بننے کی راہ تو یہ ہے کہ مومن بالغیب ہو۔اعمال صالحہ پر چست اور چالاک ہو۔تمام صداقتوں پر کاربند ہو۔جزا و سزا پر ایمان لانے والا ہو کسی صداقت کو حقارت کی نظر سے نہ دیکھے اور دل سے کام لے تاکہ عذاب سے محفوظ رہے۔بہت سے دل اس قسم کے بھی ہوتے ہیں کہ اپنے فوری جوش یا بعض خارجی اثروں کی وجہ سے اپنے آپ کو مومن ظاہر کرتے ہیں لیکن جناب الٰہی کے حضور سے فتویٰ ملتا ہے کہ مومن نہیں ہیں اگر غور کیا جاوے تو اس اصل سے بھی بہت سے جھگڑے طے ہوجاتے ہیں۔میں اپنا نام نور الدین کہلاتا ہوں کوئی شمس الدین ،جمال الدین ،کمال الدین کہلاتا ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کیا آسمان پر بھی یہی نام ہے؟ اگر آسمان پر نہیں تو کچھ فائدہ اور حاصل نہیں۔اسی طرح پر مومن وہی ہے جو آسمان پر مومن ہو اور کافر وہی ہے جس کا نام آسمان پر کافر ہو۔دنیا کی نظر میں مومن یا کافر ہونا کوئی اثر اصل بات پر نہیں ڈال سکتا۔

غرض بعض لوگوں کا خدا تعالیٰ نے یہاں ذکر کیا ہے کہ وہ بتاتے ہیں ہم مومن ہیں لیکن خدا تعالیٰ کا فتویٰ ان کے متعلق یہی ہے کہ وہ مومن نہیں ہیں۔اگر ہمارے مخالف اس بات کو سمجھتے کہ ہمارے تجویز کردہ نام کوئی حقیقت اپنے اندر نہیں رکھتے بلکہ حقیقت ان اسماء کے اندر ہے جو خدا تعالیٰ کا مقبول اور پسندیدہ ہے۔تو انہیں حضرت امام علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دعویٰ کے سمجھنے میں کیا دقت اور مشکل پیش آتی تھی؟ وہ اللہ تعالیٰ کی ہستی پر ایمان لاتے اور اللہ تعالیٰ کے پاک نام کا ادب ان کے دل میں ہوتا تو وہ ایک شخص کے منہ سے یہ سن کر کہ خدا نے میرا نام ابن مریم رکھا ہے اس قدر جوش غصہ سے نہ بھر جاتے۔وہ سمجھ لیتے کہ جب ہم اپنے بچوں کے نام یوسف، موسیٰ ،محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) رکھ لیتے ہیں تو کیا اللہ تعالیٰ کا اختیار نہیں ہے کہ وہ کسی کا نام ابن مریم رکھ لے۔لیکن اصل بات یہ ہے کہ یہ لوگ ان باتوں سے محض بے خبر ہیں اور انہوں نے قرآن شریف میں کبھی غور نہیں کی۔پس ایسے لوگ جن کی نسبت خدا تعالیٰ کا فتویٰ ہے کہ وہ مومن نہیں ہیں۔انہوں نے کیا کیا ہے؟ خدا کو چھوڑ دیا ہے اور اس جماعت کو چھوڑ دیا ہے جو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مومنین کی جماعت ہے۔ان لوگوں میں نہ تاب مقابلہ ہے نہ قوت فیصلہ ہے۔یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی باتوں کا فیصلہ اور مقابلہ ابھی نہیں کرسکتے۔جبکہ ابتدا ہے جب اور ترقی ہوگی تو کب کرسکیں گے ان کا یہ مرض تو بڑھتا ہی نظر آتا ہے۔اس جھوٹ کا بدلہ عذاب الیم ہے۔اب یہ بات بڑی غور طلب ہے کہ ایک شخص بظاہر اچھے لباس میں لوگوں کے سامنے آتا ہے۔نمازی بھی نظر آتا ہے لیکن کیا اسے اتنی سی بات پر مطمئن ہو جانا چاہئے ہرگز نہیں؟ اگر اسی پر انسان کفایت کرتا ہے اور اپنی ساری ترقی کا مدار اسی پر ٹھہراتا ہے تو وہ غلطی کرتا ہے جب تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسے یہ سر ٹیفکیٹ نہ مل جاوے کہ وہ مومن ہے وہ مطمئن نہ ہو، سعی کرتا رہے اور نمازوں اور دعائوں میں لگا رہے تاکہ کوئی ایسی ٹھوکر اسے نہ لگ جاوے جو ہلاک کردے۔عام طور پر تو یہ فتویٰ اسی وقت ملے گا جبکہ سعادت مند جنت میں داخل ہوں گے اور شقی دوزخ میں۔لیکن خدا تعالیٰ یہاں بھی التباس نہیں رکھتا اسی دنیا میں بھی یہ امر فیصل ہوجاتا ہے اور مومن اور کافر میں ایک بین امتیاز رکھ دیتا ہے جس سے صاف صاف شناخت ہوسکتی ہے۔ہر ایک شخص ان آثار اور ثمرات کو جو ایمان اور

اعمال صالحہ کے ہیں۔اسی دنیا میں بھی پاسکتا ہے اگر سچا مومن ہو بلکہ اگر کوئی شخص اس دنیا میں کوئی اثر اور نتیجہ نہیں پاتا ہے تو اسے استغفار کرنی چاہئے۔اندیشہ ہے کہ وہ آخرت میں اندھا نہ اٹھایا جائے۔(بنی اسرائیل :۷۳) حضرت امام علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بارہا اس سوال کو چھیڑا ہے اور اپنی تقریروں میں بیان کیا ہے کہ بہشتی زندگی اور اس کے آثار اور ثمرات اسی عالمَ سے شروع ہوجاتے ہیں۔جو شخص اس جگہ سے وہ قویٰ نہیں لے جاتا وہ آخرت میں کیا پائے گا اور یہ ایک امتیازی نشان ہے جو آپ نے دوسرے مذاہب باطلہ کے ردّکے لئے پیش کیا ہے کہ اگر تم میں سے کوئی نجات یافتہ ہے تو وہ آئے میرے ساتھ ثمرات و نتائج میں مقابلہ کرے اور کوئی نہیں آتا۔پس یہ تو بالکل سچا فیصلہ ہے کہ مومن اور کافر کی عام شناخت کا تو وہی وقت ہے جبکہ ایک فریق جنت میں جاوے گا اور دوسرا دوزخ میں لیکن چونکہ بہشتی اور جہنمی زندگی اسی دنیا سے شروع ہوجاتی ہے اس لئے یہ کہنا بھی بالکل درست ہے کہ اسی عالمَ میں اللہ تعالیٰ کے اس فتوے کا پتا لگ جاتا ہے۔اس لئے میں تمہیں نصیحت کرتا ہوں کہ تم زمینی اور خیالی باتوں پر صبر کرنے والے نہ بنو۔اپنے تجویز کردہ ناموں پر خوش۔بلکہ اس فکر میں لگے رہو کہ آسمان سے تمہیں سرٹیفکیٹ مل جائے۔میں اس پر بھی یقین رکھتا ہوں کہ حقیقی مومن خدا تعالیٰ سے براہِ راست بھی مومن ہونے کا فتویٰ سن لیتا ہے۔جس کا زندہ نمونہ ہمارا مام علیہ الصلوٰۃ والسلام موجود ہے جس کو کھلے الفاظ میں حکم ہوگیا ہے۔قُلْ اِنِّیْ اُمِرْتُ وَاَ نَا اَوَّلُ الْمُؤْمِنِیْنَ (تذکرہ صفحہ۱۵۸ )یہی وجہ ہے کہ ان فتویٰ اور کاغذات کی جو اس کے خلاف شائع کئے جاتے ہیں وہ ایک پرکاہ کے برابر بھی وقعت نہیں سمجھتا۔اسے پروا نہیں کہ اسے کن ناموں سے یاد کیا جاتا ہے بلکہ وہ اس کے جواب میں کیا کہتا ہے؟ کافر و ملحد و دجال ہمیں کہتے ہیں نام کیا کیا غمِ ملت میں رکھایا ہم نے (درثمین صفحہ ۱۷) اسے کیوں ان مخلوق پرستوں کے فتووں کی پروا نہیں صرف اس لئے کہ خدا تعالیٰ سے اس نے سن لیا ہے کہ وہ اول المؤمنین ہے اور مومنین کے ثمرات و برکات اس پر نازل ہورہے ہیں۔آج کل بہت سے

متصوفین اور کمزور دل کی مخلوق ایسی ہے کہ جن کا اس پر عمل ہے۔بامسلمان اللہ اللہ بابرہمن رام رام۔یہ لوگ جیسا کہ موقع دیکھتے ہیں ویسا ہی اپنے آپ کو بنالیتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس کو پسند نہیں کرتا وہ اخلاص اور حقیقت چاہتا ہے۔جب تک یہ بات پیدا نہ ہوگی کچھ نہیں۔بہت سے لوگ اس وقت ایسے بھی ہیں جو ہم سے ملتے ہیں تو ہماری باتوں کو سنتے اور پسند کرتے ہیں لیکن جب ان کو کہا جاتا ہے کہ تم کیوں ہمارے ساتھ نہیں مل جاتے تو کہتے ہیں کہ ہم شامل تو ہوجائیں مگر حکاّم کی نظروں میں کھٹکنے لگتے ہیں اور مالی مشکلات کے لئے بلایا جاتا ہے اور یوں تو ہم آپ کے ہی ساتھ ہیں ظاہر کرنے کی کوئی حاجت نہیں۔لیکن جب اپنے مدبّروں سے ملتے ہیں تو پھر مخالفت کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم تو آپ ہی کی رائے کے تابع ہیں اور آپ کے ہی ساتھ ہیں ایسے لوگ منافق ہوتے ہیں۔اس لئے تم جو حضرت اقدس کے ساتھ ہو اپنے دل کو ٹٹولو اور اپنے اعمال اور افعال پر نظر کرو کہ کیا تم میں وہ بات پیدا ہوگئی ہے کہ تم اس کے لئے اپنی قوم برادری کو چھوڑنے کے لئے تیار رہو۔کیا تم ان مشکلات کو خوشی سے برداشت کرسکتے ہو جو اس کی خاطر تمہیں پیش آئیں؟ اگر تمہارا دل اس کے لئے قوت پاتا ہے اور وہ بڑی خوشی کے ساتھ آمادہ ہے تو سمجھو کہ خدا تمہارے ساتھ ہے لیکن اگر مشکلات کی برداشت نہیں قوم اور برادری کا ڈر تمہیں دھمکاتا ہے تو پھر دعا کرو کہ خدا تعالیٰ تمہیں استقلال اور قوت عطا کرے کیونکہ اس کے فضل کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا اور اس کے فضل حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تم دعا میں لگے رہو۔اپنے اعمال میں ایک تبدیلی کرو۔۸؎ بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عجیب در عجیب تقریروں یا تحریروں سے کامیاب ہوسکتے ہیں اور اکثر دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ عارضی طور پر بظاہر بعض لوگوں کو کامیابی نظر بھی آتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ کامیابی کوئی کامیابی نہیں ہوتی بلکہ ناکامی اور نامرادی ہی ہوتی ہے کیونکہ اس کا انجام خطرناک طور پر برا ثابت ہوتا ہے۔کامیابی کا اصلی راز اور گُر تقویٰ اللہ ہی ہے کیونکہ اس کے ساتھ روح القدس کی تائید ہوتی ہے جس سے وہ کلام الٰہی کے اسرار اور نکات کو سمجھ سکتا ہے اور اس کی تقریر اور تحریر میں اللہ تعالیٰ ایک نور اور برکت رکھ دیتا ہے۔اس میں ایک اثر ہوتا ہے جو سننے اور پڑھنے والوں کے

دلوں پر پڑتا ہے اور ان کو اس کی طرف کھینچ لاتا ہے۔انبیاء علیہم السلام کی کامیابی کی اصل جڑ یہی ہے۔اس لئے تم جو کامیابی چاہتے ہو اس اصل کو مضبوط پکڑے رکھو اور ہر ایک کام کو محض اللہ تعالیٰ ہی کی رضاجوئی کے لئے کرو۔اس میں اپنے اغراض اور مقاصد کو قربان کردو۔ورنہ ذاتی اغراض اس میں شریک ہوکر اس کی برکت اور خوبی کو کھو دیں گے۔میں جانتا ہوں کہ تمہیں اپنے مخالفوں سے بہت کچھ سننا پڑتا ہے اور ایسے مواقع بھی آجاتے ہیں کہ تمہیں ان سے گفتگو کرنی پڑتی ہے۔ایسے وقت کے لئے یاد رکھو کہ دشمن کے لئے تیار رہو مگر تائید الٰہی پر بھروسہ کرکے دعا مانگتے رہو۔کبھی مناظرات اور مباحثات کی خود خواہش نہ کرو لیکن اگر مقابلہ پیش آجاوے تو پھر اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگ کر کشودکار کی خواہش کرو۔اختلافی مسائل کے حل کے لئے آسان طریق یہی ہے کہ ان کو لکھ رکھو تاکہ ہر وقت نظر پڑتی رہے اور خدا تعالیٰ سے اس کے لئے بھی دعا مانگتے رہو کیونکہ ہر ایک مسئلہ میں ہدایت کی راہ بتادینا خدا ہی کا کام ہے۔(الیل:۱۳) جب انسان سچا دل لے کر جناب الٰہی میں تضرع کرتا ہے اور کہتا ہے کہ مولا کریم تو جانتا ہے میں تیری رضا کے لئے سعی اور مجاہدہ کرتا ہوں اس راہ میں تو ہی مجھے مدد دینے والا ہے اور تیرے ہی فضل سے منزل مقصود پر پہنچ سکتا ہوں تو میں یقین رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان اختلافی مسائل اور مشکلات کو پتوں کے ہلنے اور ہوائوں کے جھونکوں میں حل کردیتا ہے ہاں اخلاص ہو۔اللہ تعالیٰ مستغنی کو کبھی پسند نہیں کرتا کیونکہ غنا مخلوق کو نہیں دیا گیا ہے میں باربار تم لوگوں کی توجہ دعا کی طرف منعطف کرتا ہوں کیونکہ ام الکتٰب دعا ہی سے شروع ہوتی ہے۔بدبخت ہیں وہ لوگ جو دعا سے محروم ہوئے اور تکبر اور خودپسندی کے خطرناک مرض میں مبتلا ہوگئے۔منافقوں کے خصائل میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کو حقیر سمجھتے ہیں۔پس تم کسی کو حقارت کی نگاہ سے نہ دیکھو۔چھوٹے سے چھوٹے بھائی کو بھی حقیر مت جانو ورنہ مقابلہ میں خدا ہنسی میں اڑا دیتا ہے۔تم نے وہ اشتہار شاید سنا ہوگا یا پڑھا ہوگا جو ہمارے رحیم و کریم امام نے دیا تھا کہ اپنی آوازوں کو قابو میں رکھو دوسرے پر حملہ کرتے ہوئے شرم و حیا سے کام لو۔تم اپنی آوازوں کو نکالتے

وقت اس ارشاد کو مدنظر رکھو تاکہ ایسا نہ ہو کہ تم خلاف ورزی کرنے والوں میں ٹھہرو۔قرآن شریف کو پڑھو عمل کرنے کے لئے کیونکہ اس کی تلاوت کا اصل مقصد یہی ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کے ساتھ ہو اور ہمیں نیک اعمال کی توفیق دے۔آمین ۹؎ ٭…٭…٭ ۱۔الحکم ۱۰ ؍ اپریل ۱۹۰۴ء صفحہ ۱۵تا۱۸ ۲۔الحکم ۲۴ ؍ اپریل ۱۹۰۴ء صفحہ ۱۲ ۳۔الحکم ۳۰ ؍ اپریل و۱۰؍مئی ۱۹۰۴ء صفحہ ۱۳ ۴۔الحکم ۱۷؍ مئی ۱۹۰۴ء صفحہ ۸ ۵۔الحکم ۲۴؍ مئی ۱۹۰۴ء صفحہ ۶ ۶۔الحکم ۳۱؍ مئی ۱۹۰۴ء صفحہ۸ ۷۔الحکم۱۰؍ جون ۱۹۰۴ء صفحہ ۸ ۸۔الحکم ۲۴؍ جون ۱۹۰۴ء صفحہ۱۳ ۹۔الحکم ۱۰؍ جولائی ۱۹۰۴ء صفحہ۸

آج 10 میں سے 10 باقی