۱۲ نومبر ۱۸۹۹ء

خطابات نور, حصہ 2

کے معنی ہیں اَنَا اللّٰہُ اَعْلَمُ پھر الحمد شریف میں اللہ تعالیٰ نے ایک کامل دعا تعلیم فرمائی تھی۔(الفاتحہ :۶،۷) یعنی ہم کو اقرب راہ کی جو تیرے حضور پہنچنے کی ہے راہنمائی فرما۔وہ راہ جو ان لوگوں کی راہ ہے جن پر تیرا انعام ہوا یعنی نبیوں، صدیقوں ، شہیدوں اور صالحوں کی راہ۔سورۃ فاتحہ میں یہ دعا تعلیم ہوتی ہے لیکن اس سورئہ بقرہ میں اس دعا کی قبولیت کو دکھایا ہے اور اس کا ذکر فرمایا جبکہ ارشاد الٰہی یوں ہوا۔(البقرۃ :۳) یہ وہ ہدایت نامہ ہے یعنی متقی اور بامراد گروہ کا ہدایت نامہ ہاں گروہ کی راہ یہی ہے۔پھر منعم علیہ گروہ کے اعمال و افعال کا ذکر کیا اور ان کے ثمرات میں (البقرۃ :۶) فرمایا ان کے افعال و اعمال میں بتایا کہ وہ اَلْغَیْب پر ایمان لاتے ہیں اور نماز کو قائم کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کے دئیے ہوئے میں سے خرچ کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی وحی اور کلام اور سلسلہ رسالت پر ایمان لاتے ہیں۔جزاوسزا پر ایمان لاتے ہیں۔یہ منعم علیہ گروہ کی راہ ہے۔اب ہر ایک شخص کا جو قرآن شریف پڑھتا ہے یا سنتا ہے یہ فرض ہے کہ وہ اس رکوع سے آگے نہ چلے جب تک اپنے دل میں یہ فیصلہ نہ کرلے کہ کیا مجھ میں یہ صفات یہ کمالات ہیں یا نہیں؟ اگر ہیں تو وہ مبارک ہے اور اگر نہیں تو اسے فکر کرنی چاہئے اور اللہ تعالیٰ سے رو رو کر دعائیں مانگنی چاہئیں کہ وہ ایمان صحیح عطا فرماوے (البقرۃ :۴)دراصل عقائد صحیحہ کو مشتمل ہے اور (البقرۃ :۵) مسئلہ رسالت اور الہام و وحی کے متعلق ہے اور  (البقرۃ :۵)جزاوسزا کے متعلق ہے۔پھر ان اعمال و افعال کے ثمرات میں  (البقرۃ :۶)بتایا ہے۔اگر انسان حقیقی کامیابی حاصل کرتا ہے اور بامراد ہورہا ہے تو اسے خوش ہونا چاہئے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے منعم علیہ گروہ کے زمرہ میںشامل ہے لیکن اگر نہیں تو پھر فکر کا مقام اور خوف کی جا ہے۔پس قرآن کریم کی تلاوت کی اصل غرض یہی ہے کہ انسان اس پر عمل کرے۔منعم علیہ گروہ کے ذکر کے بعد پھر بتایا کہ کون لوگ ہیں ان کے کیا نشانات ہیں؟ اور ان کا انجام کیا

ہوتا ہے؟ ان کے عام نشانات میں سے بتایا کہ یہ وہ گروہ ہے جو تیرے انذار اور عدم انذار کو برابر سمجھتا ہے اور چونکہ وہ وجود و عدم وجود کو برابر سمجھتے ہیں اس لئے باوجود دیکھنے کے وہ نہیں دیکھتے اور باوجود سننے کے نہیں سن سکتے۔دل رکھتے ہیں پر نہیں سمجھ سکتے۔ایسے لوگوں کا انجام کیا ہوتا ہے۔ (البقرۃ :۱۱) بعض لوگ کہہ دیتے ہیں کہ جو شخص آنکھ رکھتا ہے کیوں نہیں دیکھتا، کان رکھتا ہے کیوں نہیں سنتا؟ انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ یہ نتیجہ ہے ایسے لوگوں کے ایک فعل کا۔وہ فعل کیا ہے؟ انذار اور عدم انذار کو مساوی سمجھنا۔اس کی مثال ایسی ہے کہ ایک شخص انگریزی زبان کو پڑھنے یا نہ پڑھنے کو برابر سمجھے تو وہ اس کو کب سیکھ سکتا ہے۔اس صورت میں وہ اس زبان کی اگر کسی کتاب کو دیکھے تو بتائو اس دیکھنے سے اسے کیا فائدہ؟ اگر کسی دوسرے کو پڑھتے ہوئے سنے تو اس سننے سے کیا حاصل؟ دیکھو وہ دیکھتا ہے اور پھر نہیں دیکھتا ہے۔سنتا ہے اور پھر نہیں سنتا۔اسی طرح پر جو لوگ اللہ تعالیٰ کے مامور و مرسل کے انذار اور عدم انذار کو برابر سمجھتے ہیں تو وہ اس سے فائدہ کیونکر اٹھا سکتے ہیں کبھی نہیں۔جب ایک چیز کی انسان ضرورت سمجھتا ہے تو اس کے لئے سعی اور مجاہدہ کرتا ہے اور پھر اس مجاہدہ پر ثمرات مترتب ہوتے ہیں لیکن اگر وہ ضرورت ہی نہیں سمجھتا تو اس کے قویٰ میں مجاہدہ کے لئے تحریک ہی پیدا نہیں ہوگی۔یہ بہت ہی خطرناک مرض ہے۔جو انسان رسولوں اور اللہ تعالیٰ کے ماموروں اور اس کی کتابوں کے وجود اور عدم وجود کو برابر سمجھ لے۔اس مرض کا انجام اچھا نہیں بلکہ یہ آخرکار تکذیب اور کفر تک پہنچا کر عذاب الیم کا موجب بنا دیتا ہے۔پس تلاوت کرنے والے کو پھر اس مقام پر سوچنا چاہئے کہ کیا میں خدا کے رسول و مامور کے انذار اور عدم انذار کو مساوی تو نہیں سمجھتا؟ کیا میں اس کی باتوں پر توجہ تام کرتا ہوں اور کان لگا کر سنتا ہوں اور سوچتا ہوں؟ انذار و عدم انذار کے مساوات کی یہی صورت نہیں ہوتی جو آدمی زبان سے کہہ دے بلکہ اگر رسول کے فرمودہ کے موافق عمل نہ کرے تو یہی ایک قسم کا انذار اور عدم انذار کی مساوات ہے۔۳؎ پھر  کی تفسیر بیان فرمائی کہ یہ لوگ کون ہوتے ہیں۔سورۃ فاتحہ میں جو دعا تعلیم کی تھی اس میں ضالّین کی راہ سے بچنے کی دعا تھی اور یہاں ان لوگوں کے حالات بتائے کہ وہ کون ہوتے ہیں۔یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جن کا ظاہر کچھ اور باطن کچھ اور ہوتا ہے۔اسی لئے فرمایا (البقرۃ :۱۷) یعنی یہی

وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہدایت کے بدلے گمراہی کو مول لے لیا ہے۔پس ان کی تجارت ان کے لئے سود مند تو نہ ہوگی اور وہ کب بامراد ہوسکتے تھے۔ان لوگوں کی پہلی نشانی یہ ہوتی ہے کہ وہ زبان سے تو ایمان باللہ اور یوم الاٰخر کی لاف و گزاف مارتے ہیں مگر خدا تعالیٰ کا فیصلہ ان کے حق میں یہ ہے (البقرۃ :۹) اس سے ایک حقیقت کا پتہ لگتا ہے کہ انسان اپنے منہ سے اپنے لئے خواہ کوئی نام تجویز کرلے اس نام کی کوئی حقیقت پیدا نہیں ہوسکتی جب تک آسمان پر کوئی مبارک نام نہ ہو اور یہ امر اس وقت پیدا ہوتا ہے جبکہ انسان اپنے ایمان کے موافق اعمال بنانے کی کوشش کرے۔ایمان جب تک اعمال کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا کوئی سودمند نہیں ٹھہر سکتا اور اگر نِرا ایمان رکھ کر انسان اعمال اس کے موافق بنانے کی کوشش نہ کرے تو اس سے مرض نفاق پیدا ہوتا ہے۔جس کا اثر آخر یہاں تک ہوجاتا ہے کہ نہ قوت فیصلہ باقی رہتی ہے اور نہ تاب مقابلہ۔ان لوگوں کے دوسرے آثار اور علامات میں سے بیان کیا کہ وہ مفسد علی الارض ہوتے ہیں اور جب ان کو کہا جاتا ہے کہ تم فساد نہ کرو تو وہ اپنے آپ کو مصلح بتاتے ہیں حالانکہ وہ بڑے بھاری مفسد ہوتے ہیں۔اس طرح پر  کی ایک تفسیر ختم کردینے کے بعد پھر اس سورہ میں فرمانبرداری کی راہوں کا ذکر کیا ہے اور بتایا ہے کہ فرمانبرداری اختیار کرنا انسان کی اصل غرض اور مقصد ہے اور یہ بتایا ہے کہ حقیقی راحت اور سکھ اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری میں ہے اور فرمانبرداری کے راہوں کے بیان کرنے میں قرآن کریم کا ذکر فرمایا۔جس سے یہ مراد اور منشا ہے کہ قرآن کریم کو اپنا دستور العمل بنائو اور اس کی ہدایتوں پر عمل کرو۔پھر اس بات کی دلیل پیش کی ہے کہ قرآن شریف خدا تعالیٰ کا کلام ہے اور ایک زبردست تحدّی کی ہے کہ اگر کسی کو اس کے منزّل من اللّٰہ ہونے میں شک ہو تو وہ اس کی نظیر لاوے۔پھر منعم علیہم قوم میں سے آدم علیہ السلام ابو البشر کا ذکر کیا اور بتایا کہ راست بازوں کے ساتھ شریروں اور فساد کرنے والوں کی ہمیشہ سے جنگ ہوتی چلی آئی ہے اور آخر خدا کے برگزیدے کامیاب ہوجاتے ہیں۔پھر مغضوب اور الضّال کا ذکر کیا ہے۔بالآخر ابوالملۃ سیدنا ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ذکر فرمایا اور اس کی فرمانبرداری کو بطور نمونہ پیش کیا کہ اس کی راہ اختیار کرکے انسان برگزیدہ ہوسکتا ہے اور خدا تعالیٰ کے فیوض و برکات کو حاصل کرلیتا ہے۔پھر نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ کی

تاکید اور اسی سورہ شریف میں عبادت کے طریق سکھائے ہیں۔پھر آخر میں یہ دعا سکھائی ہے۔ (البقرۃ:۲۸۷) یہ نہایت مختصر سا خلاصہ ہے سورہ فاتحہ کا جو سورہ بقرہ میں موجود ہے۔اس کی تفصیل اور تفسیر کے لئے تو بہت وقت چاہئے مگر میں نہایت مختصر طریق پر صرف پہلے ہی رکوع پر کچھ سنائوں گا۔چنانچہ ابتدا میں مولیٰ کریم فرماتا ہے۔ (البقرۃ :۲،۳) میں اللہ بہت جاننے والا ہوں اس کی جانب سے یہ ہدایت نامہ ملتا ہے۔جس پر چل کر انسان روحانی آرام اور سچے عقائد اور جسمانی راحتیں حاصل کرسکتا ہے۔میں نے پہلے کہا ہے کہ قرآن شریف کا نام اللہ تعالیٰ نے شفا رکھا ہے اور اس کے ماننے والوں کا نام متقی رکھا ہے اور پھر فرمایا ہے۔(المنٰفقون :۹) یعنی جو لوگ ماننے والے ہوتے ہیں وہ معزز ہوتے ہیں۔ماننے والے سے مراد یہ ہے جو اس پر عملدر آمد کرتے ہیں۔یہ خیالی اور فرضی بات نہیں ہے۔تاریخ اور واقعات صحیحہ اس امر کی شہادت دیتے ہیں کہ جس قوم نے قرآن کو اپنا دستورالعمل بنایا وہ دنیا میں معزز و مقتدر بنائی گئی۔کون ہے جو اس بات سے ناواقف ہے کہ عربوں کی قوم تاریخ دنیا میں اپنا کوئی مقام و مرتبہ رکھتی تھی وہ بالکل دنیا سے الگ تھلگ قوم تھی لیکن جب وہ قرآن کی حکومت کے نیچے آئی وہ کل دنیا کی فاتح کہلائی۔علوم کے دروازے ان پر کھولے گئے۔پھر ایسی زبردست شہادت کے ہوتے ہوئے اس صداقت سے انکار کرنا سراسر غلطی ہے۔میں دیکھتا ہوں کہ آج کل مسلمانوں کے تنزّل و ادبار کے اسباب پر بڑی بحثیں ہوتی ہیں اور وہ لوگ جو قوم کے ریفارمر یا لیڈر کہلاتے ہیں۔اس مضمون پر بڑی طبع آزمائیاں کرتے ہیں، لیکچر دیتے ہیں، آرٹیکل لکھتے ہیں مگر مجھے افسوس ہے کہ وہ اس نکتہ سے دور ہیں۔ان کے نزدیک مسلمانوں کے ادبار کا باعث یورپ کے علوم کا حاصل نہ کرنا ہے اور ترقی کا ذریعہ انہیں علوم کا حاصل کرنا ہوسکتا ہے۔حالانکہ قرآن شریف یہ کہتا ہے کہ قرآن پر ایمان لانے والے اور عملدرآمد کرنے والے معزز ہوسکتے ہیں۔بلکہ میرا تو یہ ایمان ہے کہ جب انسان کامل طور پر قرآن کی حکومت کے نیچے آجاتا ہے تو وہ حکومت اس کو خود حکمران بنادیتی ہے اور دوسروں پر حکومت کرنے کی قابلیت عطا کرتی ہے۔جیسا کہ (البقرۃ :۶) سے پایا جاتا ہے

غرض اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں اللہ جو بہت جاننے والا ہوں۔یہ ہدایت نامہ دیتا ہوں جس میں کوئی ہلاکت کی راہ نہیں اور نکتہ گیر ی کا کوئی موقع نہیں ہے ہاں یہ ضروری ہے کہ قرآن سے فائدہ اٹھانے والا انسان تقویٰ شعار ہو، متقی ہو۔ابتدا ہی میں اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف کو ان لوگوں کے لئے ہدایت نامہ قرار دیا ہے جو متقی ہیں۔دوسرے مقام پر علوم قرآن کی تحصیل کی راہ بھی تقویٰ ہی قرار دیا ہے۔جیسے فرمایا (البقرۃ :۲۸۳) یعنی تقویٰ اختیار کرو اللہ تعالیٰ تمہارا معلّم ہوجائے گا۔تقویٰ کے پاک نتائج بڑے عظیم الشّان ہوتے ہیں۔ان میں سے ایک تو وہ ہے جو میں نے ابھی بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ اس کا معلّم ہوجاتا ہے اور قرآنی علوم اس پر کھلنے لگتے ہیں۔پھر تقویٰ ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے اللہ تعالیٰ کی معیت حاصل ہوتی ہے۔جیسے فرمایا  (النحل :۱۲۹) بے شک اللہ ان لوگوں کے ساتھ ضرور ہوتا ہے جو متقی ہوتے ہیں اور ان لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے جو محسنین ہوتے ہیں۔احسان کی تعریف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمائی ہے کہ وہ خدا کو دیکھتا ہو اگر یہ نہ ہو تو کم از کم یہ کہ وہ اس پر ایمان رکھتا ہو کہ اللہ اس کو دیکھتا ہے پھر یہ بھی تقویٰ ہی کے نتائج اور ثمرات میں سے ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر تنگی سے متقی کو نجات دیتا ہے اور اس کو (الطلاق :۴) رزق دیتا ہے۔متقی اللہ کا محبوب ہوتا ہے۔(آل عمران:۷۷) غرض تقویٰ پر ساری بنا ہے۔پھر فرمایا کہ متقی کون ہوتے ہیں۔آپ کی پہلی نشانی یہ ہے (البقرۃ:۴) وہ  پر ایمان لاتے ہیں خلوت اور َجلوت میں برابر مومن رہتے ہیں۔ایک شخص کا مسجد میں اپنے ہم عصروں اور ملنے والوں کے سامنے ایماندار ہونا سہل ہے لیکن خلوت میں جہاں اسے کوئی نہیں دیکھتا بجز اللہ تعالیٰ کے اس کا مومن رہنا ایک امراہم ہے لیکن متقی خلوت اور جلوت میں برابر مومن رہتے ہیں۔اسی بنا پر کسی نے کہا ہے۔مشکلے دارم ز دانشمند مجلس بازپرس توبہ فرمایاں چرا خود توبہ کمتر میکنند

واعظاں کیں جلوہ بر محراب و منبر میکنند چوں بخلوت میروند آں کار دیگر میکنند پھر ایمان بالغیب میں بہت سی باتیں ہیں جن کو ماننا چاہئے۔اصل میں ثواب کے حاصل کرنے کے لئے ایمان بالغیب ضروری شیء ہے اگر کوئی شخص مثلاً آفتاب و ماہتاب پر ایمان لاوے تو تم ہی بتائو کہ یہ ایمان اس کو کس ثواب کا مستحق اور وارث بنائے گا؟ کسی کا بھی نہیں لیکن جن چیزوں کو اس نے دیکھا نہیں ہے۔صرف قرائن قویہ کی بنا پر ان کو مان لینا کہ وہ اللہ تعالی کی کتاب میں آئی ہیں ایمان بالغیب ہے جو سودمند اور مفید ہے۔پھر فرمایا کہ جب انسان ایمان لاتا ہے تو اس کا اثر اس کے جوارح پر بھی پڑنا چاہئے اور اللہ تعالیٰ پر ایمان کے لئے تعظیم لامر اللہ کا لحاظ ہو اس لئے فرمایا  (البقرۃ:۴) یہ متقی وہ لوگ ہوتے ہیں۔جو نماز کو قائم کرتے ہیں۔کیونکہ نماز اللہ کے حضور حاضر ہونے کا موقع ہے۔مومن کو چاہئے کہ نماز کو اسی طرح پر یقین کرے۔ابتداء نماز سے جب اللہ تعالیٰ کا نام لیتا ہے اور کانوں پر ہاتھ رکھتا ہے تو گویا دنیا اور اس کی مشیختوں سے الگ ہوجاتا ہے اور خدا تعالیٰ سے ہی سروکار رکھتا ہے پھر اپنے مطالب و مقاصد بیان کرے۔نماز میں قیام، رکوع، سجدہ اور سجدہ سے اٹھ کر پھر دوسرے سجدہ میں اپنے مطالب بیان کرسکتا ہے۔پھر التّحیات میں صلوٰۃ اور درود کے بعد دعا مانگ سکتا ہے۔گویا یہ سات موقعے دعا کے نماز میں رکھے ہیں۔۴؎ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ نماز میں قسم قسم کے خیالات پیدا ہوتے ہیں اور حضور قلب حاصل نہیں ہوتا۔اس کے لئے کیا کیا جاوے؟ اس کا علاج بھی نماز ہی ہے۔کثرت کے ساتھ بے ذوقی اور بے حضوری سے بھی جب دعائیں ہوتی رہیں گی تو اسی بے حضوری سے حضور اور بے ذوقی سے ایک ذوق پیدا ہوجائے گا لیکن اصل بات یہ ہے کہ گھبرانا نہیں چاہئے اور تھک کر اس کو چھوڑنا نہیں چاہئے۔جو مطالب پیش کرتے ہو اور جو کچھ پڑھتے ہو اگر سمجھ کر پڑھو پھر حضور پیدا ہونے لگے گا۔نماز کے عجائبات میں سے اجتماع بھی ہے۔اس لئے حتی الوسع نماز کو باجماعت ادا کرو۔ہماری جماعت کے لئے ایک قسم کا ابتلا کا زمانہ ہے بعض کم فہم اور مساجد کے اغراض سے ناواقف لوگ

ہماری مخالفت میں یہاں تک بڑھ گئے ہیں کہ اپنی مسجدوں میں آنے سے روکتے ہیں۔ایک وہ زمانہ تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور کچھ عیسائی آئے تھے اور آپ نے اپنی مسجد میں ان کو اپنے طریق پر گرجا کرلینے سے منع نہیں فرمایا اور یہ زمانہ ہے کہ ذرا سے اختلاف کی وجہ سے مسجدوں سے نکال دیتے ہیں اور اس اخراج میں اس قدر غلو ہے کہ بعض دفعہ ان لوگوں نے مسجدوں کے فرش اکھڑوا دئیے ہیں اور ان کو دھلوایا ہے۔مسلمانوں کی اس قسم کی حالت ہی بتلاتی ہے کہ اس وقت ایک امام کی ضرورت ہے مگر یہ بیمار قوم اپنے درد مند طبیب اور شفیق غمگسار کو دشمن سمجھتی ہے اور اس طرح پر اس کے فیوض و برکات سے بے نصیب ہورہی ہے۔آہ! (یٰس :۳۱)۔غرض نماز باجماعت ادا کرنے کی کوشش کرو۔اس کے لئے مسجدوں کا انتظام ہونا چاہئے۔میرے دوست میری اس عرض کو غور سے سنیں اور بدگمانی کی نظر سے نہ سنیں۔میں سچ کہتا ہوں اور اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے کہ درد دل سے کہتا ہوں۔خدا تعالیٰ کے حضور حاضر ہونے پر ایمان رکھتا ہوں۔بعض لوگوں کو جب کہا گیا ہے کہ تم اپنے شہر میں مسجد بنالو تو وہ کہتے ہیں چندہ کرادو تاکہ مسجد بنالیں۔میں نے انہیں کہا ہے کہ مسجدکی بہت بڑی ضرورت ہے لیکن فی الحال یہ ضروری بات نہیں ہے کہ کوئی عظیم الشان عمارت ہو تم سیدھی سادھی کوئی عمارت اگر ممکن ہو بنالو۔ورنہ چبوترہ ہی سہی اس پر چھپر ڈال لو۔دیکھو ہمارے ہادی کامل صلی اللہ علیہ وسلم کا پہلا کام مدینہ طیبہ میں بھی مسجد کی بنا تھی مگر اس کے لئے کوئی بڑا اہتمام اس وقت نہیں کیا گیا۔معمولی کھجور کے پتوں کی چھت ڈال لی گئی۔یہاں تک کہ بارش میں وہ مسجد اس قدر ٹپکتی کہ صحابہ کے کپڑے لت پت ہوجاتے۔وہی مسجد گو آج عظیم الشان مسجد ہے لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کی بنا تو ضروری سمجھی مگر اس کی عالی شان عمارت کی طرف توجہ نہیں فرمائی۔اسی طرح پر وادی غیر ذی زرع میں ایک عظیم الشان مسجدبنائی گئی جو اللہ تعالیٰ کا گھر کہلایا۔بیت الحرام اس کا نام رکھا گیا جو (اٰل عمران: ۹۷) کا مصداق ہوا۔ہاں جو خدا تعالیٰ کی ہستی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت قرآن کریم کی سچائی کا زبردست نشان ہے وہ مسجد جہاں روئے زمین کے مسلمان کھنچے چلے جاتے ہیں۔وہ مسجد کعبۃ اللہ کی مسجد ہے۔اب غور کرو کیا ان دونوں مسجدوں کے لئے بنانے والوں نے اس وقت چند وں کی

فہرستیں کھولی تھیں؟ نہیں کعبہ کی بنا کے لئے خدا تعالیٰ کے دو برگزیدہ بندے باپ اور بیٹا خود ہی مستری معمار اور مزدور تھے۔وہ سماں کیسا عجیب ہوگا؟ جب حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام اور حضرت اسماعیل اس مسجد کو بنارہے تھے۔جس اخلاص اور غرض کے لئے انہوں نے بنیادی پتھر رکھا ہوگا۔اس کا ثبوت اس قبولیت اور رجوع سے ملتا ہے جو اس مسجد کو حاصل ہوئی۔ایسی جگہ وہ عظیم الشان انسان پیدا ہوا جو کل دنیا کے لئے رحمۃ للعالمین ہوکر آیا۔جس کی رسالت کا دامن قیامت تک دراز اور جو خدا تعالیٰ کی کامل شریعت کا لانے والا ٹھہرا اور وہ وادی غیر ذی زرع آخر امّ القری کہلائی اور دنیا کی ناف اس کو کہا گیا ہے۔اس میں اس امر کی طرف اشارہ ہے کہ جب تک انسان تاریکی کے اندر ہوتا ہے اور پیٹ میں ہوتا ہے ساری غذا اس کو ناف ہی کے ذریعہ سے پہنچتی ہے اور اس کی پرورش ہوتی ہے اور پھرآخر وہ ایک جدید راستہ سے پیدا ہوتا ہے اور ایک عظیم الشان قضاء کے نیچے آتا ہے۔اسی طرح پر جب دنیا ایک خطرناک ظلمت میں مبتلا تھی۔اس وقت توحید کا دودھ مکہ کی ہی ناف سے نکلا ہے اور جب تک انسان اس دودھ سے یہ پرورش نہیں پاتا وہ جنم لینے کے قابل نہیں ہوسکتا۔غرض وہ عظیم الشان مسجد تھی اس کا بنانا کوئی مشکل کام اس وقت نہیں سمجھا گیا۔باپ بیٹے نے مل کر اس کو بنالیا اور وہ دوسری مسجد جو اس کے لئے فخر بنی یعنی مسجد نبوی وہ بھی ایک معنوں سے باپ اور بیٹوں نے بنالی کیونکہ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں کو امہات المؤمنین قرار دیتا ہے۔اس حیثیت سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم باپ بنے اور صحابہ آپ کے فرزند تھے۔اس مسجد کو صحابہ کے ساتھ مل کر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بنالیا اور ساری دنیا اس کی متوالی ہوگئی۔اس زمانہ میں بھی میں اس قسم کی مسجد کا ایک نمونہ دکھاتا ہوں۔ہمارے امام علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بھی مسجد بنائی ہے۔زمین نہیں ملی تو اوپر چھت کے ہی بنالی ہے۔بات کیا ہے جو چیز اللہ تعالیٰ کی رضا کے واسطے ہوتی ہے وہ بابرکت ہوتی ہے اور اگر اللہ تعالیٰ کی رضا مقصود نہ ہو تو کچھ نہیں بنتا۔تم خیال کرسکتے ہو کہ لاہور امرت سر میں کئی بڑی بڑی مسجدیں ہیں۔لاہور میں شاہی مسجد اور وزیرخان کی مسجد موجود ہے کیا وہ مسجدیں ایسا متوالا اور پروانہ بناسکتی ہیں جو مکہ اور مدینہ کی مسجد بنا سکتی ہے یا ہماری چھوٹی سی مسجد۔

غرض جس جس جگہ ہمارے بھائی رہتے ہیں تو سب سے مقدم اور ضروری کام کم از کم ایک چھوٹی سی مسجد جیسی ممکن ہو بنالو۔اگر سستی کرو گے تو نتیجہ اچھا نہ ہوگا۔غرض پہلی بات نماز ہے نماز پانچ وقت احباب کو جمع کرتی ہے۔یہ تو اس کی ظاہری خوبی اور حسن ہے۔نماز ہی کی خوبی ہے کہ سارے گائوں کے لوگ ایک دن جمع ہوتے ہیں اور نماز ہی کی خوبی ہے کہ کل روئے زمین کے مسلمان مکہ میں جمع ہوتے ہیں۔نماز ہی کی خوبی سمجھو کہ تم آئے۔یہاں آنے کی یہ غرض نہیں ہونی چاہئے کہ آئیں گے تو ایسا جلسہ ہوگا تقریریں ہوں گی۔یہ تو ایک قسم کے میلے کی بھی صورت ہے۔نہیں بلکہ یہاں آنے کی غرض وہی ہو جو حق سبحانہ‘ تعالیٰ کا منشاء ہے۔وحدت ہو، اخوت ترقی پکڑے اور اصلاح نفس ہو۔ایک مرتبہ مجھے خیال آیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ پر اللہ تعالیٰ نے یہ انعام فرمایا (اٰل عمران :۱۰۴)۔یہ نہیں فرمایا احبابا۔اس میں کیا سرّ ہے۔وہ سرّ مجھے یوں سمجھ میں آیا کہ محبوب میں رنج نہیں ہوتا۔بھائیوں میں رنج بھی ہوجاتے ہیں۔کبھی کسی قصور فہم سے کوئی بات سمجھ میں نہ آئی اور ناراض ہوگیا۔اس سے صاف سمجھ میں آتا ہے کہ فضل الٰہی سے ہی اخوان بن سکتے ہیں۔اپنی کوشش اور محنت سے کچھ نہیں ہوتا۔پس اگر کسی سے کوئی غلطی یا کمزوری ہوجاوے تو اخوت ہی کے رنگ تک رکھو۔یہاں آنے کی ایک بڑی غرض یہ بھی رکھو کہ تمہارے تعلقات باہم مضبوط اور اعلیٰ ہوں اور خدا تعالیٰ کی رضا مقصود ہو۔جناب ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کی دعائوں پر غور کرو کہ ان میں کیا چاہا گیا ہے کہ جناب ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں کوئی مربع مل جاوے۔نہیں بلکہ ان کی ساری دعائیں اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی کی ہیں۔غرض یاد رکھو کہ اجتماع پر اللہ تعالیٰ کا فیضان نازل ہوتا ہے۔اس وقت ایک تعارف پیدا ہوتا ہے۔ایک خدمت کا شریک ہوتاہے۔اپنا خرچ کیا۔گھر چھوڑا۔آرام چھوڑا۔منجملہ اغراض کے یہ غرض بھی ہوسکتی ہے کہ اگر گھر چھوڑتے ہیں۔احباب سے جدا ہوتے ہیں، اور اپنے اغراض اور اموال کو خرچ کرتے ہیں۔مشکلات بھی پیش آتی ہیں تو اس میں تو کوئی شبہ اور کلام نہیں ہوسکتا کہ جب ہم یہ سب کچھ محض خدا تعالیٰ کی رضا کے لئے برداشت کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کے مامور اور شکور

خدا کی طرف سے قدر بڑھتی ہے اور یہ ایک مزدوری ہوتی ہے جس کا عظیم الشان اجر ملنے والا ہوتا ہے اور ان دعائوں سے حصہ ملتا ہے جو خدا تعالیٰ کا مامور خصوصیت کے ساتھ ایسے موقع پر مانگتا ہے کیونکہ وہ سب جو اس وقت موجود ہوتے ہیں۔ان دعائوں میں شریک ہوتے ہیں۔پس ایسے موقعوں پر آنا چاہئے لیکن پاک اغراض اور رضاء الٰہی کے مقصد کو ملحوظ رکھ کر نہ کسی اور غرض اور خواہش سے۔۵؎ پھر نماز میں ایک خاص قسم کا فیضان اور انوار نازل ہوتے ہیں کیونکہ خدا تعالیٰ کا برگزیدہ بندہ ان میں ہوتا ہے اور ہر ایک شخص اپنے ظرف اور استعداد کے موافق ان سے حصہ لیتا ہے۔پھر امام کے ساتھ تعلق بڑھتا ہے اور بیعت کے ذریعہ دوسرے بھائیوں کے ساتھ تعلقات کا سلسلہ وسیع ہوتا ہے۔ہزاروں کمزوریاں دور ہوتی ہیں جن کو غیر معمولی طور پر دور ہوتے ہوئے محسوس کرلیتا ہے اور پھر ان کمزوریوں کی بجائے خوبیاں آتی ہیں جو آہستہ آہستہ نشوونما پاکر اخلاق فاضلہ کا ایک خوبصورت باغ بن جاتے ہیں۔یہ مت خیال کرو کہ ہم یہاں آتے ہیں اور کچھ نہیں لے جاتے ہیں بہت کچھ ساتھ لے جاتے ہیں مگر یہ لینا اپنی استعداد کے موافق ہوتا ہے۔جس جس قدر انسان اپنا دل صاف کرتا اور نیکی کے قبول کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔اسی اسی قدر وہ ان فیضانوں سے حصہ لیتا ہے۔جس طرح پر بچہ پرورش پاتا اور نشوونما پاتا ہے۔اسی طرح پر نیکیوں اوربدیوں کا بھی نشوونما ہوتا ہے۔جو شخص مامور کی صحبت میں رہ کر ایک دم میں چاہتا ہے کہ تبدیلی ہوجاوے وہ خدا سے ہنسی کرتا ہے۔ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ قادر ہے لیکن ہم اس کا قانون قدرت اسی طرح پر پاتے ہیں کہ تدریجی ترقی ہوتی ہے۔انبیاء علیہم السلام سے بڑھ کر کون صاف دل اور پاک فطرت ہوتا ہے لیکن ان کے کمالات اور ترقیوں کے سلسلے پر اگر نظر کی جاوے تو وہ بھی تدریجی ہوتے ہیں۔اگر کمالات تدریجی نہ ہوتے تو چاہئے تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر یک دفعہ ہی سارا قرآن شریف نازل ہوجاتا۔تیئس برس میں کیوں نازل ہوا؟ دیکھو کسان جو دانہ زمین میں ڈالتا ہے کیا وہ دوسرے ہی دن اس کے کاٹنے کے لئے آمادہ ہوجاتا ہے۔نہیں ایک اچھے خاصے عرصے تک اسے انتظار کرنا پڑتا ہے۔پھر خدا کے اس صریح اور بیّن قانون کو توڑ کر جو چاہتا ہے کہ پھونک مارنے سے ولی ہوجاوے تو وہ میری رائے میں

اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہنسی کرتا اور اسے آزماتا ہے۔اس لئے ضروری یہ بات ہے کہ انسان عرصہ دراز تک خدا تعالیٰ کے مامور کی صحبت میں حسن ظن اور ارادت کے ساتھ بیٹھے اور وفاداری اور اخلاص کے ساتھ اس کے نمونہ کو اختیار کرے تو امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پر فضل کرے اور اس کو نیکیوں اور اخلاق فاضلہ کا وارث بناوے۔میں کسی اور کی بابت کوئی رائے نہیں دے سکتا۔اپنی نسبت کہتا ہوں اور اپنی کمزوریوں پر نظر کرکے خیال کرتا ہوں کہ میں اس گائوں سے ایک گھنٹہ کے لئے بھی باہر جانا اپنی موت سمجھتا ہوں۔بجز ایسی حالت اور صورت کے کہ مجھے حضرت امام نے حکم دیا ہو۔مجھے ان لوگوں پر تعجب آتا ہے جو سلسلہ بیعت میں داخل ہیں مگر یہاں نہیں آتے اور اگر آتے ہیں تو اس قدر جلدی کرتے ہیں کہ ایک دن رہنا بھی ان کے لئے ہزاروں موتوں کا سامنا ہوجاتا ہے۔ان کے جتنے کام بگڑتے ہیں وہ یہاں ہی رہ کر بگڑتے ہیں جتنے مریض ہوتے ہیں وہ یہاں ہی رہ کر ہوتے ہیں۔ہزاروں ہزار عذر کرتے ہیں۔یہ بات مجھے بہت ہی ناپسند ہے۔مجھے ایسے عذر سن کر ڈر لگتا ہے کہ ایسے لوگ (الاحزاب:۱۴) کے الزام کے نیچے نہ آجائیں۔پس جب یہاں آئو تو امام کی صحبت میں رہ کر ایک اچھے وقت تک فائدہ اٹھائو۔کسل اور بُعد اچھا نہیں ہے۔خدا کرے ہمارے احباب میں وہ مزہ دار طبیعت پیدا ہو جو وہ اس ذوق اور لطف کو محسوس کرسکیں جو ہم کررہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ستّارہے اور جب تک کسی کی بدیاں انتہا تک نہ پہنچ جاویں اور   (البقرۃ :۸۲) نہ ہوجاوے اور حد سے تجاوز نہ کرجاوے خدا تعالیٰ کی ستّاری کام کرتی ہے بعد اس کے پھر سزا کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔اس لئے اس سے پہلے کہ تمہاری بدیاں اور کمزوریاں اپنا اثر کرچکیں اور یہ زہر تمہیں ہلاک کردے۔اس کی تریاق توبہ کا فکر کرو۔اسلام ایسا پاک مذہب ہے کہ اس نے کونفیشن (confession ) جیسی گندی تعلیم نہیں دی کہ پوپ کے سامنے انسان اپنی تمام بدیوں اور بدکاریوں کا اقرار کرتا ہے۔اسلام نے اس کے بالمقابل توبہ کا پاک مسئلہ رکھا ہے۔جس میں انسان اپنے مولیٰ کریم کے حضور اپنے درد دل کا اظہار کرتا ہے اور خاص اسی کے حضور کہتا ہے جو کچھ کہتا ہے۔ملائکہ تک کو اس میں شرکت کا موقع نہیں دیتا۔

انسان میں کمزوریاں ضرور ہیں اور ان کے دور کرنے کے لئے اجتماع ایک عمدہ چیز ہے۔جس بات کے لئے تم بلائے گئے ہو وہ کیا چیز ہے؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت کا نمونہ دیکھنے کے واسطے تیرہ سو برس سے جس کے دیکھنے کو آنکھیں ترستی تھیں۔خدا تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں یہ وقت دیا اور پھر اس عالی شان انسان کی شناخت کی توفیق دی جو اس وقت خدا تعالیٰ کی طرف سے مامور ہوکر آیا ہے۔یہ وہ وقت ہے کہ اس میں پھر پتہ لگے گا کہ انسان کس طرح ترقی کرتا ہے تدریجی کمال حاصل کرتا ہے کس طرح پر اس کے دشمنوں کو ناکامی اور نامرادی حاصل ہوتی ہے اور وہ اور اس کی جماعت بامراد اور فائز المرام ہوتی ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں جس طرح پر صحابہ کی روحانی تربیت ہوئی اور ان کی تکمیل ہوئی اسی طرح پراب پھر خدا نے چاہا ہے کہ ایک جماعت تیار کرے جو اسی طرح پر کمالات روحانی حاصل کرے۔خدا تعالیٰ کا کلام اب پھر نازل ہورہا ہے جس سے قرآن کریم کی صداقتوں کی تازہ بتازہ تائید ہوتی ہے اور اس کے ثمرات و برکات کا تازہ بتازہ نمونہ پیش کیا جاتا ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں کس طرح پر تحدّیاں ہوتی تھیں اور کس طرح پر مخالف قومیں باوجود سر توڑ کوششوں اور مخالفتوں کے بھی ان تحدّیوں کے جواب سے عاجز اور لاجواب ہوتی تھیں۔ہماری سنی سنائی باتیں تھیں مگر آج دکھایا جاتا ہے کہ وہ تحدّیاں اس طرح پر ہوتی ہیں۔خدا تعالیٰ کا راست باز مامور اور مسیح اللہ تعالیٰ کے منشا اور تائید سے قرآن کریم کی عظمت کو ظاہر کرنے کے لئے آج تحدّیاں کررہا ہے اور ہم اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں کہ کس طرح پر مخالف شرمندہ ہورہے ہیں اور وہ ان تحدّیوں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتے۔ساری قوم کو بلایا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ تم جس کو چاہو اپنے ساتھ ملالو اور اس کا مقابلہ کرو مگر میں حیران ہوتا ہوں کہ اگر یہ شخص کاذب ہے (معاذ اللہ) جیسا کہ یہ لوگ مشہور کرتے ہیں کہ یہ عربی کا ایک صیغہ بھی نہیں جانتا اور اس نے کوئی باقاعدہ تعلیم نہیں پائی مگر وہ خدا تعالیٰ کی تائید سے بول رہا ہے۔اس کے قلم میں اللہ تعالیٰ کی طاقت کام کرتی ہے اور یہ انسانی طاقت میں ہرگز ہرگز نہیں کہ خدا تعالیٰ کا مقابلہ کرسکے اگر انسانی طاقت بھی ایسا کرسکتی تو پھر خدا خدا ہی نہ رہتا۔ان لوگوں کے مقابلہ کے لئے نہ نکلنے ہی نے ثابت کردیا ہے کہ

·

آج 10 میں سے 10 باقی