۲۵ / دسمبر ۱۹۱۲ء
خطابات نور
قرآن کو دستور العمل بنائو۔دین کو دنیا پر مقدم کرو { تقریر فرمودہ ۲۵ ؍ دسمبر ۱۹۱۲ء بعد نماز ظہر بمقام مسجد اقصیٰ قادیان } جلسہ کے موقع پر یہ حضرت صاحب کی پہلی تقریر ہے جسے مخدومی اخویم محمد اکبر شاہ خان صاحب نے ساتھ ساتھ لکھا تھا اور اب صاف کیا ہے۔چھپنے سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح کو اس کا مسودہ دکھلا لیا گیا ہے اور میں خان صاحب کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے ایسا عمدہ اور صحیح لکھا ہے کہ حضرت نے بہت کم کہیں درست کیا ہے۔( ایڈیٹر البدر) اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم۔ (آل عمران: ۱۰۳ تا ۱۰۵) یہ آیت شریفہ جس کو میں نے پڑھا ہے چوتھے پارہ اور دوسری سورۃ آل عمران میں ہے۔میرے خیال میں اس وقت اس آیت کے پڑھنے کی ضرورت ہے اور اس میں ایک علاج لکھا ہے۔اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔اس ضرورت کے خیال پر میں نے بھی اس آیت کریمہ کو پڑھا ہے۔یہ بات تو تم جانتے ہو کہ پاک مقدس نیک آدمی کبھی ناپاک اور غیرمقدس کے ساتھ تعلق نہیں رکھ سکتا۔پلید اور پاک کا تعلق محال ہے۔خدا تعالیٰ ہر ایک عیب، ہر ایک نقص اور ہر ایک بدی سے پاک ہے۔پس جہاں تک کوئی نقصوں کو دور کرتا چلا جائے اسی قدر بے نقص سے قرب حاصل کر سکتا ہے۔وہ انسان جو تندرستی کا طالب ہے ایسی جگہ کو جو نشیب اور رطوبت والی ہو اور جہاں موذی جانور
بہت رہتے ہوں چھوڑنا ضروری سمجھتا ہے۔نشیب میں بیماریاں بہت ہوتی ہیں۔اسی طرح جہاں موذی جانور بہت رہتے ہوں وہاں بھی بیماریاں بہت ہوتی ہیں۔اسی طرح جہاں ہوا کا گزر کم ہے یا جو مکان تنگ و تاریک ہے بہت سی بیماریوں کی جڑ ہے۔اس کے لئے مختصر ضروری، متفق علیہ علاج اونچی جگہ جہاںہوا مصفّا ہو، موذی جانوروں کا گزر کم ہو، رطوبت کم ہو، روشنی خوب ہو، یہ بڑے ضروری امور ہیں۔موٹی سی ایک مثال اس وقت میرے خیال میں آئی ہے میں نے اپنے گھر کے بہت سے حصہ میں پکّا فرش رکھوایا ہے۔جن کوٹھوں میں اور مکان کے جس حصہ میں میں زیادہ تر رہتا ہوں وہاں پکا فرش ہے گو دیواریں کچی ہیں۔میں اکثر ان کو صاف کراتا رہتا ہوں مگر ہر روز ایک حصہ مٹی کا جس کو ہمارے یہاں کلر کہتے ہیں جھاڑو دینے والی نکالتی ہے۔میں نے اس سے سوال کیا یہ کہاں سے آجاتا ہے؟ اس نے کہا ہر ایک چیز اسی طرح ہو جاتی ہے۔اسی مٹی کو جب تنگ وتاریک جگہ سے نکال کر کھیت میں ڈالتے ہیں جہاں عمدہ ہوائیں چلتی ہیں۔چار پانچ روز کے بعد وہ ایسی عمدہ زمین ہو جاتی ہے کہ بعض اوقات دل چاہتا ہے کہ اللہ! تیرے آگے سجدہ کروں اور یہاں میں نماز پڑھ لوں۔وہی جگہ ایک ہفتہ پہلے ایسی ناپاک تھی کہ اس کے پاس سے بھی گزرنا ناگوار تھا۔یہ کیسی سیدھی مثال ہے۔اسی طرح میں دیکھتا ہوں کہ مرغیوں، بطخوں کے رہنے کے مقام اور جہاں ہمارے گھریلو جانور گائے، بھینس، گھوڑے وغیرہ رہتے ہیں وہاں قسم قسم کی نجاستیں جمع ہو جاتی ہیں۔جہاں مصفا ہوا اور کھلے میدان میں اس کو رکھا وہی حصہ بڑا عمدہ بن جاتا ہے۔اس سے یہ بات نکلتی ہے کہ جس قدر کوئی عمدہ چیز سے تعلق پیدا کرتا جاتا ہے اس کا نقص گھٹتا جاتا ہے۔قرآن کریم میں جناب الٰہی نے جب انسان کی بناوٹ پر ذکر فرمایا ہے تو فرمایا ہے (المؤمنون :۱۳) یعنی تم کو خلاصہ در خلاصہ بنایا ہے۔جب انسان کھانا کھاتا ہے اس میں سے بڑا حصہ ناپاکی کا علیحدہ کیا جاتا ہے۔پیشاب الگ کیا جاتا ہے۔قسم قسم کی بھاپ، پسینے، کان، آنکھ، ناک، منہ وغیرہ سے فضلے نکل کر کہیں کا کہیں خلاصہ بن کر آدمی کا نطفہ بنتا ہے۔پھر ماں کے پیٹ میں بڑے تغیرات آتے ہیں۔پھر وہ بچہ بنتا ہے انسان کا بچہ بنتا ہے۔پھر ممکن ہے کہ وہ مسلم ہو اور ممکن ہے کہ وہ کافر ہو، دہریہ ہو۔پھر کیسا عظیم الشان بن جاتا ہے۔دریائوں کے چیرنے کی طاقت رکھتا ہے، پہاڑوں کو اڑانے کی
طاقت رکھتا ہے، ویل مچھلی کو قابو میں لاتا ہے۔میں نے اپنی آنکھ سے وہ لوگ دیکھے ہیں جنہوں نے شیروں کو اس طرح قابو کیا ہے کہ شیر کو بھوکا رکھ کر اس کے منہ میں حلق تک اپنا ہاتھ ڈال دیا۔بھلا مجال ہے کہ وہ منہ بند کرے۔میں نے اس شخص سے کہا کہ کمال کیا ہے؟ اس نے کہا کمال کیا انسان ہی جو ہے ہاتھی کو انگوٹھے کے اشارے سے چلاتا ہے، اونٹوں کو نکیل کے ذریعہ سے، بھینسے اور بیل کو قابو میں لا کر ناک میں رسی ڈال دی ہے۔مجال ہے جو ہل سکے۔یہ انسان کی حالت ہے۔(التین :۵) کیسا قوام بنایا ہے اور کیسی طاقت دی ہے۔اب انسانوں میں کیسا تفاوت ہے۔یہاں بہت تھوڑے سے آدمی ہیں مگر دیکھ لو آواز، چہرے، بال، پگڑی، لباس، خوراک سب کی جدا جدا ہے۔اللہ کی شان ہے اور یہ اس کا نشان ہے کہ تمہاری زبان اور رنگ کا آپس میں اختلاف ہے۔قرآن کریم میں ہے (الروم :۲۳) پھر فرماتا ہے۔ (البقرۃ : ۲۱۴)اس کا ترجمہ میری سمجھ میں یہی ہے کہ سب آدمی ایک جماعت ہیں جس طرح تمام دنیا کی اشیاء کی جماعت بندی ہے انسان بھی ایک جماعت ہے۔اس میں مومن، کافر، مسلمان، شریر سب ہی ہیں صلح جو بھی ہیں شرارت پیشہ بھی ہیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک جگہ فرمایا ہے قریش میں امام ہیں شریروں کے شریر او ر خیار کے خیار۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جیسا سمجھانے والا، ابوجہل جیسا انکار کرنے والا۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے تیرہ برس تک کیسے کیسے دلائل اور سلطان سنے مگر اس کے دل پر ذرا بھی اثر نہ ہوا۔ایک دفعہ ایک نوجوان نے مجھ سے کہا کہ میں مصر جانا چاہتا ہوں تا کہ وہاں جا کر عربی سیکھوں اور پھر دین سیکھوں کیونکہ ہمارا دین عربی میں ہے اور بغیر عربی کے دین نہیں آسکتا۔میں نے کہا تم ابوجہل سے بڑھ کر زبان دان نہیں بن سکتے۔مصر جائو۔روم میں جائو یا شام میں ابوجہل کو جیسی عربی زبان آتی تھی ویسی تم کو نہ آئے گی لیکن ابوجہل مسلمان نہ ہوا۔یہ دنیا کے عجائبات ہیں سب لوگ ایک جماعت ہیں پھر باوجود یکتائی کے کس قدر تفاوت اور فرق ہے کوئی اس کو بیان نہیں کر سکتا۔خدا تعالیٰ کے منکر بھی دنیا میں موجود ہیں۔لاہور میں ان کی ایک باضابطہ جماعت ہے ایک اخبار بھی نکلتا ہے۔ایک مذہب ایسا ہے وہ
کہتے ہیں پتا نہیں لگتا کہ دنیا کیا ہے؟ لاہور میں حضرت صاحب سے سید مٹھا میں ایک شخص مباحثہ کرنے آیا۔اس نے کہا مجھ کو کوئی شخص ہرا نہیں سکتا کیونکہ تم جو دلائل دیتے ہو ہم ان دلیلوں کے بھی قائل نہیں۔میں بھی دور سے سنتا تھا تھوڑی دیر کے بعد وہ اٹھا۔میں نے باہر جا کر اس سے کہا کہ آپ جیسے آدمیوں کے عقائد کا حال میں نے کتابوں میں پڑھا ہے مگر کوئی آدمی دیکھا نہیں تھا۔اب آپ کو دیکھ کر میں خوش ہوا ہوں اور آپ سے ملنا چاہتا ہوں لیکن معلوم نہیں آپ کا دفتر کہاں ہے۔میرا جی چاہتا تھا کہ اس کو ابھی ہلاک کر دوں۔اس نے کہا کوڑی باغ میں ہمارا دفتر ہے۔کوئی آدمی انار کلی سے سیدھا فلاں سمت کو چلا جائے تو وہاں پہنچ جاتا ہے۔میں نے اپنے دل میں سمجھا کہ یہ احمق ہے، میں نے اس سے کہا کہ آپ وہاں کَے بجے جاتے ہیں؟ کہنے لگا کہ میں وہاں دس بجے جاتا ہوں۔میں نے سوچا کہ اب اس کو آگے چلانے کی ضرورت نہیں۔تب میں نے کہا بابو صاحب جیسے دس بجے دن کے ویسے دس بجے رات کے۔جیسے دن کے بارہ بجے ویسے رات کے۔جیسے انار کلی جیسے راوی کا دریا جیسا شاہدرہ جیسا کوڑی باغ۔کیا آپ ہم لوگوں کی ہی طرح دس بجے نکلتے ہیں؟ کیوں آپ انار کلی سے کوڑی باغ میں ہی جا کر ٹھہرتے ہیں کبھی راوی کی طرف جا کر شاہدرہ جا کر ٹھہرا کریں ایک ہی ہے نا!؟ مجھ کو دیکھ کر کہنے لگا میں آپ سے پھر ملوں گا۔میں نے کہا کس جگہ ملو گے؟ پس پھر تو وہ شرمندہ ہو گیا اور چل ہی دیا میں نے دیکھا کہ عملدرآمد کرنے میں وہ ہماری طرح چلتا ہے۔لاہور کا ایک بڑا پنڈت میرے پاس آیا، اس کا بچہ بیمار تھا۔کوچہ بندی تک وہ اپنے بیٹے کی تکلیف بیان کرتا ہوا میرے ساتھ گیا۔اس سے پہلے وہ بیان کر چکا تھا کہ اعتبار کے قابل کوئی چیز بھی نہیں۔مسیح کے قتل کا فتویٰ جب یروشلم میں دیا گیا تو یروشلم میں اتفاق تھا ،اب اس کو ظلم سمجھتے ہیں۔ہم نہیں جانتے کہ وہ ظلم تھا یا یہ ظلم ہے۔سقراط کو جب زہر کا پیالہ پلایا گیا تو کوئی نہ بولا اب اس کو اچھا نہیں جانتے۔ہم نہیں جانتے وہ سچے تھے یا یہ سچے ہیں۔میں نے کہا پنڈت جی آپ میرے پاس کیوں آئے ہیں؟ کہا میرا بیٹا بیمار ہے۔میں نے کہا جب قوم کی بات کا آپ کو اعتبار نہیں تو آپ کی بات کا ہم کیسے اعتبار کریں۔کہنے لگا بیٹا کہتا ہے۔میں نے کہا اچھا اب آپ دو ہو گئے۔پھر…
(البقرۃ : ۲۵۹) معلوم ہوا خدا ئے تعالیٰ کی بات تو بڑی ہے نفس مخلوق پر بھی لوگ اعتراض کرتے ہیں۔ایک شخص نے مجھ سے کہا مخلوق ہر آن میں تباہ ہو جاتی ہے۔میں نے اس سے بہت باتیں پوچھیں مگر کوئی حقیقت تک پہنچانے والی بات اس کے منہ سے نہ نکلی۔اسی طرح میں دیکھتا ہوں کہ انسانی جماعت میں اس پاک گروہ کے بھی لوگ منکر ہیں جن کو انبیاء علیہم السلام کہتے ہیں اور جن کے سبب سے دنیا میں بڑے بڑے عیش اور امن اور راحتیں قائم ہیں۔برہمو لوگ انبیاء کی پاک جماعت کے منکر ہیں۔ایک برہمو نے مجھ سے کہا کہ دیکھو ہم بڑے پریم اور نرمی سے بات کرتے ہیں۔میں نے کہا تم بڑے ظالم ہو۔کہا کبھی آریوں کو بھی سنا ہے؟ میں نے کہا آریہ تم سے بہت نرم ہیں۔کہا مسلمان؟ میں نے کہا وہ تو تمہاری نسبت بہت ہی نرم ہیں۔کہنے لگا ہماری پلیدی بتائو؟ میں نے کہا سچائی پھیلانے اور سچ قائم کرنے کے لئے دنیا کے ہر پردہ پر نبی آئے ہیں اور انہوں نے صداقت کو قائم کرنے کے لئے اپنی جانیں ہلاکت میں ڈالیں اور بڑی بڑی تکلیفیں برداشت کیں۔تم نے ایسا غضب ڈھایا کہ ان کو کہتے ہو کہ اللہ تعالیٰ تم سے باتیں نہیں کرتا۔کیسا ظلم ہے کہ تم کہتے ہو یا انہوں نے (انبیاء نے) جھوٹ بولا، یا دھوکا کھایا یا دوسروں کو الّو بنایا یا مصلحت عامہ کا خیال کیا۔میں نے کہا تم نے نبیوں کے حق میں جھوٹ بولنے، دغا بازی کرنے، دھوکا دینے کے الزام لگائے اور پھر کہتے ہو ہم بڑے نرم ہیں۔کہنے لگا پہلے تو ہم نے کبھی اس باریک بات کا خیال ہی نہیں کیا۔میں نے کہا اب خیال کر لو۔کہا ہاں بات تو زبردست ہے۔میں نے کہا اچھا اب مانتے ہو؟ کہنے لگا نہیں بات کچھ ایسی ہی ہے۔میں نے کہا تم ملائکہ کے ماننے کو شرک سمجھتے ہو اور کہتے ہو کہ ملائکہ کا ماننا مشرکانہ اعتقاد ہے حالانکہ ملائکہ کا ماننا بڑا پاک اعتقاد ہے۔وہی راستباز اور پاک جماعت کہتی ہے کہ ہم سے ملائکہ نے باتیں کیں، ملائکہ ہم سے ملے، ملائکہ نے ہم کو فائدے پہنچائے اور تم ان کو جھوٹا کہتے ہو۔ایمان بالملائکہ کا ایک نکتہ اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں ڈالا ہے۔میں نے بارہا اپنے دوستوں کو سمجھایا ہے لیکن لوگ بھلی بات کی طرف توجہ کم کرتے ہیں۔کوئی وقت ہوتا ہے اور موقع نیکی کا ہوتا ہے اس وقت فرشتہ انسان کو نیکی کی تحریک کرتا ہے اور بدکاروں کو فرشتہ کبھی بدکاری کے وقت ملامت
کرتا ہے۔اسی واسطے بعض بدکاروں کے کبھی بڑی نیک اولاد پیدا ہوتی ہے کیونکہ وہ ملامت کے ساتھ ہوتی ہے۔اگر انسان مَلِک کی اس تحریک کو مان لے تو مَلِک کو اس سے تعلق ہو جاتا ہے۔وہ فرشتہ اپنے حلقہ کی تمام نیکیاں تحریک کرتا ہے۔پھر وہ ایک دوسرے فرشتہ سے جو اس کا قریب کا ہوتا ہے تعلق کراتا ہے کہ تم بھی اس کو تحریک کرو۔یہاں تک کہ ایک حدیث میں لکھا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جب کسی آدمی کا اللہ تعالیٰ سے تعلق بڑھتا جاتا ہے تو حضرت جبرائیل علیہ السلام کو حکم ہوتا ہے کہ اس سے تعلق پیدا کرو۔اس طرح جبرائیلی رنگ کی مخلوق سے تعلق اور قبولیت کا مادہ پیدا ہو جاتا ہے۔اب وہ قصہ ایک کہانی کی طرح ہو گیا۔بدظنی مت کرو، بڑائی، شیخی اور فخر کے لئے نہیں تحدیث نعمت کے لئے کہتا ہوں کہ میں نے خود ایسے فرشتوں کو دیکھا ہے اور انہوں نے ایسی مدد کی ہے کہ عقل، فکر، وہم میں نہیں آسکتی اور انہوں نے مجھ سے کہا ہے کہ دیکھو ہم کس طرح اس معاملہ میں تمہاری مدد کرتے ہیں۔انبیاء ،اولیاء، غوث، ابدال کی پاک جماعت کا فرمانا اس معاملہ میں خلاف ہو سکتا ہے؟ کبھی نہیں۔جس طرح گندا کوڑا کرکٹ اعلیٰ مقامات میں جا کر اچھا ہو جاتا ہے اسی طرح اچھی صحبت میں گندہ انسان اپنی حالت کو تبدیل کر لیتا ہے۔اسی طرح حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا (التوبۃ :۱۱۹) راستبازوں کا ساتھ ہونا کوئی معمولی بات نہیں۔وہ خشن پوش عرب جو سوائے اونٹ چرانے کے کچھ نہیں جانتے تھے جب انہوں نے دنیا میں اسلام کا نور پھیلایا تو کس طرح خدا ئے تعالیٰ نے ان پر فضل وکرم فرمایا اور انہوں نے کیسی عزت حاصل کی۔وہ صحبت کا نتیجہ تھا۔یہ نہ کہو کہ خدا تعالیٰ کی رحمت کے خزانے خشک ہو گئے۔یہ جناب الٰہی پر بدظنی ہے۔خدائے تعالیٰ کے فضل ورحمت میں کبھی کوئی نقص نہیں۔قرآن کریم میں جہاں کہیں نیک آدمی کا ذکر آتا ہے آگے فرماتا ہے (الانعام :۸۵) ہر ایک محسن کے لئے ایسی ہی جزا ہے خدائے تعالیٰ کی رحمت کے خزانہ میں کوئی کمی نہیں، کوئی دریغ اور مضائقہ قطعاً نہیں۔یاس اور نا امیدی خود بڑا خطرناک گناہ ہے۔طالب علمی میں ہمارے ایک دوست تھے ہم کو ان پر بڑا حسن ظن تھا جتنے ہم ان کے ساتھ پڑھتے تھے ان کو بہت ہی نیک خیال کرتے تھے۔حضرت صاحب کے دعوے کے وقت وہ مجھ کو ملے۔میں نے کہا آپ نے مرزا صاحب کی آواز سنی ہے؟ کہنے لگے ہاں
وہ کہتے ہیں کہ میں اللہ تعالیٰ سے باتیں کرتا ہوں پھر کہا کہ آپ مجھ کو جانتے ہیں میں نے کبھی کوئی بدی نہیں کی اور ساری عمر نہیں کی لیکن مجھ کو کبھی الہام نہیں ہوا اور مرزا صاحب کو الہام ہو گیا۔میں یہ سن کر کچھ دیر چپ رہا اور دعا مانگتا رہا کہ مولا اس کو کیا جواب دوں۔پھر میں نے عرض کیا کہ آپ ہم میں کیسا نیک نمونہ ہیں کہ ہم آپ کے لنگوٹیا یار ہیں اور پھر بھی آپ کا کوئی عیب نہیں بتا سکتے۔اب بتائیں آپ نے کبھی نماز میں الحمد شریف پڑھی ہے؟ کہا روز۔میں نے کہا اس میں آپ نے (الفاتحۃ :۶،۷) پڑھا انہوں نے کہا ہاں۔میں نے کہا کیا کوئی منعم علیہم ہیں؟ کہا ضرور ہیں۔میں نے کہا اللہ تعالیٰ ان سے باتیں کرتا تھا اور آپ سے نہیں کرتا؟ کہنے لگے بھلا ہم بدکاروں سے اللہ تعالیٰ کب بات کرتا ہے۔میں نے کہا تو آپ بدکار ہیں؟ ہم کو تو علم نہیں تھا۔کہا بندہ گنہگار سیہ کار ہے۔میں نے کہا تو آپ ایسے بدکار اور سیہ کار ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ سے باتیں نہیں کرتا۔آپ نے اللہ تعالیٰ پر بدظنی کی اور یہ کہ آپ نے تمام نیکیاں کیں اور پھر بھی اللہ تعالیٰ نہیں بولا گویا وہ ظالم ہے۔آپ نے تو بڑا ظلم کیا کہ اللہ تعالیٰ پر بدظنی کی پھر وہ کس طرح بولتا۔کہا ہاں یہی سبب ہے۔میں نے کہا تو پھر قصور تو آپ ہی کا ہے۔ملائکہ اسباب الٰہی میں سے ایک سبب ہیں اور کتب الٰہیہ انسان کو آگاہ کرنے کے لئے بھیجی گئی ہیں اور انسان کو سچائی سمجھانے کے لئے نازل ہوئی ہیں۔(اٰل عمران :۱۰۳) حق تقویٰ کا ادا کرو۔اللہ تعالیٰ کی ذات پاک مقدس مطہر عیب سے بری ہے۔وہ یکتا ہے۔اپنے اوصاف ومحامد میں بے ہمتا ہے۔اللہ جلشانہ کے افعال وعبادات وتعظیمات میں کوئی بھی شریک نہیں وہ وحدہ لاشریک ہے۔میری تحقیقات اور سمجھ نے جہاں تک کام دیا ہے قرآن کریم جیسی کتاب میں نے نہ دیکھی نہ سنی اور نہ کسی منہ سے کوئی چیز ایسی مجھ تک پہنچی۔ایک مشہور برہمو یہاں آئے میں نے ان سے کہا کہ تمہارا مذہب کیا ہے؟ کہا کہ ہر ایک مذہب کی اچھی بات ہم لے لیتے ہیں۔میں نے کہا بڑا اعلیٰ سے اعلیٰ اصل آپ کا کیا کیا ہے؟ کہا دعا اور یہی تمام مذاہب میں بڑی اعلیٰ چیز ہے۔میں نے کہا آپ نے تمام مذاہب کی دعائوں کا انتخاب
کیا ہے ان میں اتفاق رائے سے جو سب سے اعلیٰ دعا ہو وہ مجھ کو سنائو۔کہنے لگے آپ اپنی دعا سنائیں۔میں نے کہا آپ نے تو تمام مذاہب کی دعائوں کا انتخاب کیا ہے تعجب ہے کہ اسلام کی دعائوں کو نہیں جانتے۔کہا ہاں یہ غلطی تو ہے پھر کہنے لگا کہ جنرل بوتھ نے دس گھنٹے دعا مانگی اور میرے سامنے مانگی۔میں نے کہا اس دعا کا کوئی فقرہ آپ دس سیکنڈ میں سنا دیں کہنے لگا دور سے آواز نہیں آتی تھی۔میں نے کہا ممکن ہے وہ شراب کے نشہ میں سورہا ہو۔غرض وہ ادھر نہ آیا یہی کہتا رہا وہ بڑی جماعت کا مقتدا ہے۔میں نے کہا اس نے کوئی دعا نہیں کی ورنہ ایک فقرہ ہی سنائو۔میں نے کہا ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز پڑھتے تھے تو ایک آیت اونچی پڑھ دیتے تا کہ لوگوں کو معلوم ہو کہ فلاں سورۃ پڑھتے ہیں۔انجیل میں مسیح کی آخری دعا تو یہی ہے کہ ایلی ایلی لما سبقتنی او خدا تو نے مجھ کو کیوں چھوڑ دیا۔میں نے اس کو بہت ہی مجبور کیا کہ اپنی دعا مجھ کو سنائو لیکن اس نے کہا پہلے آپ سنائیں پیچھے میں سنائوں گا۔میں نے کہا اچھا آئو پہلے ہماری ہی دعا سنو پھر میں نے سورۃ فاتحہ انہیں( ہندئووں کی) زبان میں جو مجھ کو کچھ آتی ہے ترجمہ کر کے سنائی۔سن کر فوراً نوٹ بک نکال کر کہنے لگا کہ اس کو اپنے ہاتھ سے لکھ دیں اس جیسی تو کوئی دعا ہو ہی نہیں سکتی۔میں نے کہا اب تم سنائو کہا کہ مجھ کو تو اب ان تمام دعائوں سے شرم آتی ہے اس دعا کے مقابلہ میں ہرگز کوئی دعا سنانے کے قابل ہے ہی نہیں۔ہم پر کیا احسان ہوا ہے۔کیا شان ہے اس کتاب کی جس کی تعریف ہے (حٰم السّجدۃ :۴۳) (الواقعۃ:۸۱) اس کے آگے پیچھے بطلان آسکتا ہی نہیں سب تحقیقاتوں کے مقابلہ میں یہی قرآن ہے آئندہ جو ہوں گی ان کے لئے بھی یہی قرآن ہے۔ربّ العالمین کی یہ تنزیل ہے۔بہت سے لوگ انجمنیں بناتے ہیں وہ کیوں کامیاب نہیں ہوتے؟ وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے اصل الاصول میں لا الہ الا اللّٰہ کو نہیں رکھتے کوئی ہمدردئ حیوانات، کوئی موت فنڈ، کوئی زندگی کا بیمہ۔اگر سب سے مقدم خدائے تعالیٰ کو کر لیتے تو خدا ئے تعالیٰ ان کو مقدم کر لیتا (اٰل عمران :۱۰۳) تم فرمانبردار ہو کر مرو۔(اٰل عمران :۱۰۴)۔اللہ تعالیٰ نے الزام کے طور پر ہر مدرسہ
میں رسہ کھینچنے کا ایک انتظام کیا ہے۔یہ رسہ میری سمجھ میں اس لئے بنایا گیا ہے کہ اس آیت کی طرف توجہ ہو۔یہ جناب الٰہی کا رسہ قرآن کریم آگیا۔ایک طرف تمام دشمنان خدا اور اعداء نبی کریم اس کو کھینچنا چاہتے ہیں کوئی تاریخی طور پر کوئی سائنس اور مشاہدہ کے ذریعہ سے الزام لگانا چاہتا ہے کوئی اس کوشش میں ہے کہ اس کے اسباب کے نتائج کا خلاف کیا جائے۔خدا تعالیٰ اور اس کے نبیوں کے منکر ایک طرف کھینچتے ہیں۔تمام مسلمانوں کو حکم ہے کہ تم ایک دم اپنا سارا زور لگائو کیونکہ اس میں تمہارا بچائو ہے۔اس میں تو اتفاق کر لو تفرقے چھوڑ دو۔آپس میں محبت بڑھائو۔اللہ تعالیٰ نے تمہارے درمیان محبت ڈالی ہے۔اللہ تعالیٰ کا تم پر فضل ہوا ہے۔تم لوگ کس طرح آپس میں عداوت رکھتے تھے۔جناب الٰہی نے تم میں الفتیں پیدا کر دی ہیں۔اندرونی مذاہب میں شیعہ تمام اصحاب کرام کو گالیاں دیتے ہیں اور خوارج اہل بیت کو۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے تمہارے درمیان الفتیں پیدا کر دیں ہیں تو کم سے کم سورئہ آل عمران کے زمانہ میں جس قدر صحابہ تھے وہ تو سب ضرور آپس میں محبت رکھتے تھے۔جو اس کے خلاف کہتا ہے وہ قرآن کریم کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے اَلَّفَ کے بعد اِخْوَانًا فرمایا ہے کیونکہ کبھی کبھی بھائیوں میں کدورتیں بھی ہو جاتی ہیں۔اس جماعت صحابہ کو اللہ تعالیٰ نے بہت معزز کیا ہے۔اگر ان میں اختلاف ہوتا تو تمام بلاد کے فتوحات کس طرح ہوتے۔اگر وہ ایک نہ ہوتے تو لا الٰہ الا اللّٰہ کے خلاف ہوتا۔میں نے اپنے ایک دوست سے کہا بھلا تم کلینی تو پڑھ کر دیکھو۔کہا اپنی تردید کے لئے یہی کافی ہے۔خدا تعالیٰ کے اس فضل کو یاد کرو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دربار میں کون کون لوگ تھے حبشیوں میں بلال، رومیوں میں صہیب، حسن بصری جیسے بصرہ کے۔یہ اشارہ تھا کہ اللہ تعالیٰ کو ماننے کے لئے ہم نے عرب وعجم کی مخلوق ایک کر دی ہے۔تم ایک آگ کے گڑھے پر تھے۔اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے یہ باتیں اس لئے سنائی ہیں کہ تم ہدایت پائو۔اب بھی دیکھو لوگ باہم کس قدر نقار میں تھے۔مقلد، غیر مقلد، شیعہ، خارجی، ایک گائوں قادیان میں ہم کو اللہ تعالیٰ نے جمع کر دیا۔نمونے دکھا دئیے۔اب بھی وہی بن سکتے ہو جو پہلے صحابہ کرام بنے۔یہ باتیں کیوں سناتا ہے؟ (اٰل عمران :۱۰۴)۔
اب تم سوچو حضرت صاحبؑ کیوں آئے تھے؟ کیا غرض تھی کیا کام تھا کیا ضرورت پیش آئی تھی؟ بہت سے لوگ یہ کہہ دیں گے۔وفات مسیح کا مسئلہ حل کر دیا۔وفات مسیح کے سارے صحابہ سارے آئمہ قائل ہیں۔بیشک بطور غلطی کے یہ مسئلہ بھی تھا۔ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر فوت ہوئے ایک مسیح علیہ السلام بھی فوت ہو گئے تو کیا ہوا۔حضرت صاحب ایک خاص غرض کے لئے آئے تھے۔وہ غرض دین کو دنیا پر مقدم کرنا تھی۔لوگوں نے دنیا کو دین پر مقدم کیا ہے اور ایسا مقدم کیا ہے کہ قرآن شریف کو کچہریوں میں جھوٹی قسمیں کھانے کا آلہ بنایا گیا ہے۔دھوکا دینے کے لئے قرآن شریف کو ذریعہ بنایا گیا ہے۔ایک شخص کی کوہاٹ میں بدلی ہوئی۔بڑا موٹا قرآن شریف اور ایک بڑی سی رحل اس نے خریدی۔لوگوں نے پوچھا کہ آپ کو قرآن کریم سے بڑی محبت ہے۔کہنے لگا کہ سفر میں تو یہ میری گاڑی کا پائدان ہو گا اور وہاں جا کر رحل پر رکھ دوں گا سرحدی لوگ مجھ کو بڑا دیندار سمجھیں گے۔میں قرآن شریف کو مانتا نہیں ہوں۔اگر خشیۃ اللّٰہ ہو، اگر تقویٰ ہو، اگر انسان کا خدا تعالیٰ پر ایمان ہو، اگر مرنے کا اس کو خیال ہو تو یہ جھوٹ، یہ دغا، یہ فریب، یہ جعلسازیاں، یہ بدمعاشیاں، یہ لین دین میں بدمعاملگی کیوں ہو۔تم خوب یاد رکھو کہ صرف منہ سے کہہ دینے سے آدمی مسلمان نہیں بنتا،منہ سے مسلمان تو منافق بھی بن سکتا ہے۔تقویٰ اور عمل سے آدمی مومن بن سکتا ہے۔اگر دنیا کو دین پر مقدم رکھتے ہو۔اگر اپنے اغراض کو پورا کرنے کے لئے دغا، فریب اور بدمعاشیوں کو روا رکھتے ہو تو یہ کوئی عقلمندی نہیں۔ہمارے بزرگوں کے مکانات عرب میں بھی ہوں گے کیونکہ وہ عرب سے آئے تھے پھر انہوں نے بلخ میں کابل میں مکانات بنائے۔پشاور اور یوسف زئی کے علاقہ میں وہ رہے پھر لاہور میں قصور میں مکانات بنائے۔پھر کھنی وال (علاقہ بہاولپور) اور میانوالی سکونت اختیار کی۔بھیرہ میں خود میں نے اپنے ہاتھ سے مکانات بنائے۔ان سب مقامات میں ہمارے مکانات تھے پھر یہاں (قادیان) بھی میں نے مکانات بنائے پھر کیا ان مکانوں کو میں سر پر اٹھا کر لے جائوں گا؟ مومن دین کو دنیا پر مقدم رکھتا ہے دنیا کو مقدم نہیں کرتا۔یہ معاہدہ کرنا کہ میں دین کو دنیا پر مقدم کروں گا اور جب معاملہ پڑے یا کوئی مقدمہ آجائے تو دنیا کو مقدم کر لیا۔بھلا یہ معاہدہ ہی کیا ہوا؟
قرآن شریف میں ورثہ کا بیان فرماتے ہوئے خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے (النساء :۱۴، ۱۵) یہ میری حد بندی ہے جو میری حد بندی پر نہ چلے گا میں اس کو ذلیل کر دوں گا۔اب اپنے اپنے گائوں کے حالات پر غور کرو۔عورتوں کو حقوق کس قدر دئیے جاتے ہیں۔تم لوگ اکثر عورتوں کو حصہ نہیں دیتے۔عورت کی بھلائی کا قانون سوائے قرآن کریم کے اور کہیں دنیا میں ہے ہی نہیں۔میں نے بڑے بڑے واقف کاروں سے پوچھا ہے لنڈن میں بھی عورتوں کی بھلائی کا کوئی قانون نہیں نکلا۔ایک خاوند نہ چھوڑنا چاہے، نہ رکھنا چاہے اب عورت مجبور ہے زیادہ سے زیادہ یہ کہ نان ونفقہ کی ڈگری حاصل کرے پھر اس ڈگری کا اجرا کرانا دشوار۔میں نے بڑی کوشش اور تلاش کے بعد بھی کوئی قانون ایسا نہیں دیکھا جس میں عورتوں کے حقوق کا لحاظ کیا گیا ہو۔قرآن کے قاعدے خود مسلمانوں نے ہی چھوڑ دئیے ہیں۔(البقرۃ :۲۲۹) عورت کی بہتری کے سامان اسی قدر ہیں جس قدر تمہارے۔ایک عورت مجھ سے کہنے لگی آپ کے قاعدے کے موافق آدھا مال خاوند کا ہے اور آدھا بیوی کا مگر اب تو تمام گھر کی مالک میں ہی ہوں۔میں نے کہا کبھی تمہارے میاں تم پر ناراض بھی ہوئے ہیں۔کہا ہاں ایک مرتبہ ناراض ہوئے تھے۔چوٹی پکڑ کر گھر سے باہر نکال دیا تھا۔میں نے کہا کبھی تم نے بھی اس کو گھر سے نکال دیا ہے یا تم صرف حفاظت ہی کرتی ہو اور دخل کچھ بھی نہیں۔کہنے لگی ہاں اب سمجھ گئی ہوں۔ہمارے ملک والوں نے عورت کا نام جوتی رکھا ہے حق وراثت میں کوئی حصہ اس کے لئے قائم نہیں۔ایک عورت نے مجھ کو خط لکھا کہ مہدی بھی آیا، مسیح بھی آیا بتائو ہم کیوں مانیں اس نے ہمارا کیا کام کیا؟ میں نے اس کو لکھا کہ مسیح علیہ السلام قرآن کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔اس نے لکھا کہ میرا خاوند قسم کھاتا ہے کہ میں تم کو کبھی سکھ کی حالت میں نہ دیکھوں گا۔میں نے حضرت صاحب سے عرض کیا آپ ہنس پڑے اور کہا کہ لوگ قرآن مانیں۔میں نے اس عورت کو لکھ دیا کہ تم چالیس دن
سچی استغفار اور توبہ کرو یا وہ مر جائے گا یا تمہارا چھٹکارا ہو جائے گا۔اللہ جلشانہ نے تمہارے لئے ایسا واعظ بھیجا کہ دین کو دنیا پر مقدم کرو۔ہم نے لوگوں کے کفر کے فتوے بھی اپنے اوپر لئے پھر بھی اگر تمہارے معاملات صاف نہیں تو تم نے دین کو دنیا پر مقدم کہاں کیا۔ایک اور مشکل پیش کرتا ہوں۔وہ یہ کہ قرآن کریم میں لکھا ہے کہ جو لوگ معاہدہ کر کے خلاف کرتے ہیں ہم نے ان کی یہ سزا رکھی ہے کہ وہ منافق ہو کر مرتے ہیں اب ہم نے بھی تو اتنا بڑا معاہدہ (اقرار بیعت) کیا ہے۔میرا دل نہیں چاہتا کہ ہماری جماعت میں منافق ہوں۔میرا جی چاہتا ہے کہ میری بات کے سننے والے عمل کرنے والے ہوں یہ ہرگز نہیں چاہتا کہ منافق اکٹھے ہو جائیں۔میں تم سے کوئی اجر نہیں چاہتا (ھود: ۳۰) بلکہ اس عہدہ پر آکر مجھ کو خرچ برداشت کرنا پڑتا ہے جو پہلے نہیں ہوتا تھا۔ایک سائل آتا ہے وہ کہتا ہے کہ میں ابھی جاتا ہوں اور میرے پاس خرچ سفر نہیں۔اب میں اس سے یہ کہاں کہہ سکتا ہوں کہ میری چٹھی بنام انجمن لے جائو۔انجمن کہے گی مہینہ کے بعد ہمارا اجلاس ہو گا۔پھر بڑے اہلکار چھوٹے اہلکاروں کے نام حکم لکھیں گے اور اس طرح اس کی تعمیل میں مہینے گزر جائیں گے اور وہ فوراً رخصت ہونا چاہتا ہے۔میں نے اس دکھ کو بڑا محسوس کیا ہے۔جب دنیا کے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ ہم نے تم کو نمبردار بنایا ہے۔آپ کا ماہوار خرچ کیا ہو گا؟ میں نے کہا اے مولیٰ! تو نے مجھے کبھی کسی کا محتاج نہیں بنایا اور موت کے قریب بندوں کا محتاج بناتے ہو؟ مجھ کو بڑا مزہ آیا جب کہ میں نے ایک آدمی سے کچھ مانگا۔چند عرصہ کے بعد اس نے کہا میں تو بھول ہی گیا میرا ایمان بہت بڑھ گیا۔اللہ تعالیٰ نے مجھ پر بڑا ہی فضل کیا ہے اور وہاں سے رزق دیا جہاں سے میرا وہم وگمان بھی نہ تھا۔باقی یہ کہ میں دو چار عربی کے فقرے اور ضرب المثلیں بیان کروں اس کی ضرورت نہیں۔میں چاہتا ہوں کہ تم دین کو دنیا پر مقدم کرو، لالچ، دغا، شرارت بالکل نہ کرو۔قرآن کا سمجھنا بڑا ضروری ہے سمجھ کر اس پر عمل کرنا اور جناب الٰہی سے دعا مانگنا کہ اسی پر خاتمہ بالخیر ہو۔یورپ میں بہت کتابیں نکلی ہیں کہ اگر نمونہ کے طور پر صرف ان کے ٹائٹل پیج کیا اگر ان کے ناموں کی فہرست بھی پڑھنا چاہیں توطاقت نہیں۔ان سب کے بالمقابل قرآن شریف کو پڑھو