۲۵ / دسمبر ۱۹۱۲ء

خطابات نور, حصہ 2

۔یہ سب پر غالب اور سب سے بڑھ کر رہے گا۔اس کتاب قرآن کریم کا ایک نمونہ دنیا میں آیا۔اس کا نام محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھا۔اس نے قرآن کریم پر عمل کر کے دکھا دیا کہ اس پر عمل کرنا انسان کی طاقت سے باہر نہیں۔پھر آپ ہی عمل نہیں کیا بلکہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے بھی عمل کرا کر دکھا دیا حضرت عبداللہ بن مسعود کا مسجد کے قریب سے گزر ہوا اس وقت حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ پڑھ رہے تھے۔آپ نے لوگوں کو فرمایا بیٹھ جائو۔حضرت عبداللہ بن مسعود نے گلی میں اس آواز کو سنا وہیں بیٹھ گئے کسی نے پوچھا یہ کیا کیا؟ آپ نے کہا شاید مسجد میں جانے تک جان نکل جائے اور حکم کی تعمیل رہ جائے۔کیا فرمانبرداری تھی۔پھر اس فرمانبرداری کے ساتھ ایک دعویٰ بھی ہے  (اٰل عمران :۳۲) اگر تم اللہ تعالیٰ کے پیارے بننا چاہتے ہو تو تم میرے تابع ہو جائو۔اللہ تعالیٰ تم سے پیار کرے گا اللہ تعالیٰ کا محبوب بن کر انسان کو ذلت ورسوائی اور ناکامی نہیں ہو سکتی اور آدمی ذلیل ترین کبھی نہیں بن سکتا۔اللہ تعالیٰ کا محبوب بننا اتباع نبی کریم پر منحصر ہے اور وہ اتباع انسان کر سکتا ہے۔اس اتباع کے لئے صحابہ کرام کا نمونہ موجود ہے اور تم سب کر سکتے ہو۔میں نے بارہا قرآن کریم اس غرض سے پڑھا ہے کہ اس میں کوئی ایسا بھی حکم ہے جس پر ہم عمل نہیں کر سکتے۔مگر میں نے کوئی قرآنی حکم ایسا نہیں دیکھا جس پر عمل کرنا دشوار ہو۔قرآن کریم کے خلاف عمل کرنے میں روپیہ بھی زیادہ خرچ ہوتا ہے۔قرآن کریم کی فرمانبرداری میں روپیہ بھی زیادہ خرچ نہیں ہوتا۔امریکہ جانے کا خرچ، پیرس، جرمن، لنڈن جانے کا خرچ اور اس کے مقابلہ میں مکہ جانے کا خرچ دیکھو۔نماز کے خرچ اور اُسترے کے خرچ کا مقابلہ کرو۔روزے اور شراب کے خرچ کا مقابلہ کرو پتا لگ جائے گا۔محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع میں انسان جناب الٰہی کا محبوب بن سکتا ہے۔مجھ کو آج تک کوئی بات ایسی نظر نہیں آئی کہ جناب الٰہی یا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری میں تکلیف ہو۔ابھی چند روز ہوئے میں نے ایک کتاب پڑھی اس میں چوہڑوں کا نام حلال خور پڑھ کر قریب تھا کہ میری چیخ نکل جاتی۔چونکہ مسلمان سود خوار جعلسازی سے حرام کھانے والے جھوٹ سے حرام کھانے والے ہر قسم کے حرام خور بن گئے اور وہ تو ایک ہی حرام کھاتے ہیں اس لئے ان کا نام

حلال خور رکھا۔دَ ین مہر کے ایک مقدمہ میں وکیل نے مہر معجل کی جگہ مہر موجل اور موجل کی جگہ معجل پڑھ کر قانون میں دکھا دیا۔انگریزی پڑھے ہوئے آدمی دونوں لفظوں میں مشکل سے فرق سمجھ سکتے ہیں۔آخر جج دھوکا کھا گیا اور غلط فیصلہ لکھ دیا۔باہر نکل کر ایک آدمی نے اس وکیل سے کہا کہ یہ تو تم نے بڑا دھوکا دیا۔وہ کہنے لگا یہی تو ہمارا کمال ہے۔ایک شخص میرے پاس آکر کہنے لگا کہ فلاں خاندان میں مقدمات ہونے والے ہیں آپ کوشش کر دیں کہ فلاں وکیل فلاں جانب پیروی کرے۔میں نے مقدمات کا حال سنا کہ ماں بیٹے میں جھگڑا ہونے والا ہے۔میں نے کہا کہ جب ماں بیٹے کا معاملہ ہے تو مقدمات کی ضرورت ہی کیا ہے۔وہ کہنے لگا کہ مقدمہ تو ہم ضرور کرا دیں گے مگر اندیشہ صرف اس قدر ہے کہ محنت تو ہم کریں اور پھل کوئی اور کھا جائے۔میں نے کہا کہ بس اب پھر میرے پاس نہ آنا۔کہنے لگا کہ یہ تو ہم شرط باندھ کر کہتے ہیں کہ ضرور لڑا دیں گے۔دیکھو تو سہی کیسے مشکلات ہیں دین کو دنیا پر مقدم کرنا کس قدر دشوار ہے، نفاق کس قدر بڑھ گیا ہے۔میرا ایک دوست تھا میں اس کے مکان پر اس سے ملنے گیا وہ پہلے سے ایک شخص کو کچھ نصیحت کر رہا تھا۔میرے پہنچنے پر اس شخص نے کہا اچھا اب رخصت ہوتا ہوں۔میرے اس دوست نے کہا کہ اچھا رخصت مگر ہماری نصیحت کو بھولنا نہیں۔وہ چلا گیا تو میں نے پوچھا کہ آپ نے کیا نصیحت کی ہے؟ کہا میں نے اس کو سمجھایا ہے کہ تم جہاں تبدیل ہو کر جاتے ہو وہاں سب سے ملنا اور دل میں کینہ رکھنا، فلاں فلاں اشخاص سے خوب دوستی پیدا کر کے ان کو جڑ سے اکھیڑ کر پھینک دینا۔میں نے کہا یہ آپ نے خوب نصیحت کی یعنی نفاق کی تعلیم دی، کہا یہ پالیسی ہے۔میں نے کہا آپ عالم فاضل ہیں ذرا پالیسی کے معنے بتا دیجئے کہ پالیسی اور نفاق میں کیا فرق ہے۔کہا آپ نہیں جانتے دنیا میں غفلت بہت بڑھ گئی ہے۔میرا ایک دوست اور شاگرد تھا۔اس نے ایک انگریزی دان شخص سے کہا کہ ہم کو بھی اپنی سوسائٹی میں شریک کر لو۔وہ انگریزی دان انگریزوں کی سوسائٹی میں شامل تھا ان میں ایک برات تھی۔اس نے ان مولوی صاحب سے کہا کہ آپ ایک سوٹ باقاعدہ بنوائیں تو آپ کو برات میں شریک کریں گے۔ان کے پاس ستر روپیہ تھے وہ اس کو دے دئیے اس نے ستر روپیہ میں ان کو ایک باقاعدہ سوٹ بنوا دیا اور اپنے ہمراہ برات میں لے گیا۔جب برات پہنچی تو وہاں شکار کے لئے

سب لوگ گئے۔مولوی صاحب سے کہا کہ آپ شکار کا سوٹ پہن لیں۔انہوں نے کہا میرے پاس تو وہی ستر روپیہ تھے اور تو کوئی سوٹ نہیں۔اسی طرح وہاں فٹ بال کا علیحدہ سوٹ چاہئے تھا کھانے کا علیحدہ سوٹ تھا۔ان کے دوست نے کہا کہ مولوی صاحب آپ بیمار بن جائیں اور لحاف اوڑھ کر لیٹ جائیں۔وہاں تین دن برات ٹھہری اور مولوی صاحب بیمار بنے پڑے رہے جب برات رخصت ہوئی تو مولوی صاحب تندرست ہو گئے اور ان کا وہ سوٹ کام آیا۔افسوس ان کو جھوٹ ہی بولنا پڑا۔اسلام پر کچھ بھی خرچ نہیں ہوتا۔جو لوگ کراچی، بغداد، دیار بکر، جرمن، آسٹریا وغیرہ ہوتے ہوئے لنڈن پہنچے اور پھر فرانس ہوتے ہوئے مصر کی سیر کرتے ہوئے گھر آئے ہیں میں نے ان سے حالات پوچھے ہیں اور دریافت کیا ہے کہ رستہ میں کوئی آواز سنی ہے کہ مکہ بھی ایک شہر ہے؟ کہا کچھ خیال ہی نہیں آیا۔افسوس کس قدر غفلت اور نفاق ہے اور کس قدر مداہنت ہے۔سود کے رسالے لکھے ہیں کہ جائز ہے۔ایک شخص نے مجھ سے کہا کہ اگر سود نہ لینے کا تیرا مسئلہ مان لیا جائے تو دنیا برباد ہو جائے۔میں نے کہا تیرہ سو برس سے تو دنیا برباد ہوئی نہیں اب برباد ہو جائے گی؟ ایک مرتبہ ہمارے بورڈنگ کے بعض لڑکوں نے عرضی دی کہ آپ ہم کو اجازت دیں کہ صبح کی نماز تیمم سے پڑھ لیا کریں یا نماز معاف ہی کرا دیں۔میں نے کہا پانی گرم ہو سکتا ہے جواب دیا کہ وضو سے نکٹائی خراب ہو جاتی ہے۔آجکل جھوٹا گواہ بنا لینا ایک معمولی سی بات ہے۔ایک واعظ آسٹریلیا تک تو جاتا ہے لیکن وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ (ھود :۵۲)حالانکہ خدا تعالیٰ کی راہ میں ایک کوڑی خرچ کرنے سے کروڑوں حاصل ہوتا ہے۔حضرت علی کرم اللہ وجھہ کے والد ماجد نے اگر نبی کریمؐ کی کوئی خدمت کی ہے تو یہی کہ نبی کریمؐ کی دس بارہ برس مشکلات میں مدد کی۔آج کوئی دیکھے کہ ایک سیدانی کے پیٹ سے بچہ نکلتے ہی سید کہلاتا ہے اور قیامت تک کے لئے یہ فخر حاصل ہے۔قرآن کریم یہ بھی بتاتا ہے کہ تم میں اختلاف کیوں ہے  (المائدۃ :۱۵) جب ہمارے حکم

کو بھول گئے تو ہم نے ان کے درمیان بغض ڈال دیا۔اپنے گھروں کو دیکھو اپنی برادری کو دیکھو اور دکھ سے کہتا ہوں کہ بعض بعض احمدیوں کو بھی دیکھو کہ ان میں بغض اور کینہ موجود ہے ابھی تم کچھ ہوئے بھی نہیں پھر بھی تم میں وہی فساد ہے جو پہلے تھا جب اللہ تعالیٰ کی نصیحتوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے تو بغض اور عداوت پیدا ہو جاتا ہے۔اگر تمہارے اندر بغض اور عداوت ہے تو تم نے اللہ تعالیٰ کی نصیحتوں کو چھوڑ دیا۔ایک جگہ آتا ہے کہ کفار کو فجار کے عذاب دینے کے لئے ہم نے پیدا کیا۔تمہارے مکان کی ذرا سی زمین تمہارے ہاتھ سے جاتی رہتی ہے تو تمہاری جان نکل جاتی ہے لیکن ملکوں پر ملک تمہارے قبضہ سے نکلتے چلے جاتے ہیں، سمر قند، بخارا، دہلی، لکھنو، مصر، مسقط، زنجبار، مراکش، تیونس، طرابلس، ایران وغیرہ بارہ سلطنتیں مسلمانوں کی میرے دیکھتے دیکھتے تباہ ہوئیں اور اب قسطنطنیہ پر بھی دانت ہے۔یہ کیوں ہوا؟ قرآن میں اس کا سبب لکھا ہے (الانفال :۴۷) باہم جھگڑے چھوڑ دوتم سست ہو جائو گے تمہاری ہوا بگڑ جائے گی یہ سب کچھ تم نے دیکھ لیا ہے تم کہو گے ہم نے طرابلس میں چندہ دیا۔بیشک نیک کام کیا لیکن اصل چیز تو خشیۃ اللّٰہ تھی۔تمہارے دل میں خشیۃ اللّٰہ پیدا ہوئی۔تم نے قرآن کے جوے کے نیچے اپنی گردن کو رکھا؟ اس کا جواب نہیں۔میرے ڈیرے میں لوگ بعض اوقات گھبرائے ہوئے ہوتے ہیں کہ میری بیوی بیمار ہے، میرا بچہ بیمار ہے، میرا بھائی بیمار ہے۔جب ان کو دیکھتا ہوں تو بے دین۔میں نے بہتوں سے پوچھا ہے کہ تم کو ان کی بے دینی کا بھی غم ہے؟ کہا اس کے بے دین ہونے کا فکر نہیں مگر اس کے درد کا فکر ہے۔جسمانی امراض، لباس، خوراک، مکانات کا تو فکر ہے لیکن روحانی امراض کا مطلق فکر نہیں۔کیا انبیاء علیہم السلام دنیا میں عبث آئے تھے؟ شکر کے مقام میں ہر جگہ شکر ادا کرو اور صبر سے بھی کام لیا کرو۔ہر جگہ خدا تعالیٰ پر ہی دعویٰ کرتے ہو کہ ہمارے ساتھ یہ نہیں کیا یہ نہیں کیا۔اس کے احسانات وانعامات کو سوچو۔اب مجھ کو خطرہ ہو رہا ہے کہ لوگ صبح سے لیکچر سن رہے ہیں بہت سے لوگوں کو پیشاب پاخانے کی بھی حاجت ہو گی۔اللہ تعالیٰ نے مجھ کو توفیق دی تو پھر سنائوں گا۔اس وقت آیت کو پورا نہیں کر سکا اس کا قاعدہ آگے بتاتا ہے کہ تم مفلح کس طرح ہو سکتے ہو 

(اٰل عمران :۱۰۵) کچھ آدمی بنائو جو نیکی کی طرف لوگوں کو بلائیں جب تک ایسی جماعت تم میں نہ ہو کچھ فائدہ نہیں۔تم کو ملالت نہ ہو اس واسطے اس تقریر کو ادھورا ہی چھوڑتا ہوں۔اللہ تعالیٰ تم کو اس بات کی توفیق دے کہ قرآن کریم تمہارا دستور العمل ہو، اللہ تعالیٰ کو رضامند کرنے میں خوب کوشاں رہو۔تمہارا خاتمہ اسی میں ہو مجھ کو کوئی دنیا کی غرض نہیں۔تم کو بہت سے درد سے سمجھاتا ہوں اگر وقت اور ہوتا تو یہ رکوع پورا کرتا۔ہاں! ایک بات اور بھی ہے میں نے سنا ہے کہ لاہور میں لیکچر ہوئے ہیں عیسائیوں نے اس پر زور دیا ہے کہ ہماری سلطنت بڑھنے کا سبب اتباع انجیل ہے۔میں نے انجیل کو دیکھا ہے اسی میں یہ نکتہ حل کیا ہوا ہے کہ شیطان نے حضرت مسیح سے کہا کہ اگر تم مجھ کو سجدہ کرو گے تو میں تم کو دنیا کی تمام سلطنتیں دے دوں گا۔حضرت مسیح نے کہا کہ میں نہیں لیتا تو دور ہو جا۔معلوم ہوتا ہے کہ یورپ والوں نے اس نکتہ کو سمجھ لیا ہے اور شیطان کے آگے سجدہ کر کے وہ سلطنتوں کے مالک ہو گئے ہیں۔پھر انجیل میں لکھا ہے کہ اونٹ اگر سوئی کے ناکے سے نکل جائے تو یہ ممکن ہے مگر یہ ہو نہیں سکتا کہ خدا تعالیٰ کی بادشاہت میں دولتمند کا گزر ہو۔پھر ایک اور جگہ مسیح نے فرمایا کہ تم اپنا خزانہ زمین پر نہ رکھو آسمان پر سارا خزانہ رکھو وغیرہ ان یورپین نے دیکھا کہ یوں تو بات نہیں بنتی۔شیطان کو سجدہ کرنے سے کام چل جاتا ہے۔مسیح کی تعلیمات کے خلاف تمام معاہدات کو توڑ کر عمل کرنا شروع کر دیا۔انجیل کی اسی قسم کی چند آیتیں جمع کر کے ایک چھوٹا سا ٹریکٹ نکل جائے تو انشاء اللہ تعالیٰ مفید ہو گا۔(البدر ۳۰؍جنوری ۱۹۱۳ء صفحہ ۳ تا ۸)

آج 10 میں سے 10 باقی