۲۸؍اگست ۱۹۰۴ء

ملفوظات (جلد 6)

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم میں جمع تھیں ۔ كَانَ فَضْلُ اللهِ عَلَيْكَ عَظِيمًا (النساء : ۱۱۴) اسی کی
طرف اشارہ ہے۔ پس اگر آسمان پر جانا کوئی فضیلت ہو سکتی تھی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس سے
کب باہر رہ سکتے تھے۔ آخر یہ لوگ پچھتاویں گے کہ ان باتوں کو ہم نے کیوں نہ مانا۔ یہ لوگ ایک وار
تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر کرتے ہیں کہ ایک معجزہ آسمان پر جانے کا لوگوں نے مانگا مگر
خدا نے آپ کی پروانہ کی اور عیسیٰ کو یہ عزت دی کہ اسے آسمان پر اٹھا لیا اور دوسرا حملہ خود خدا پر کرتے
ہیں کہ اس نے اپنی قوت خلق سے مسیح کو بھی کچھ دے دی جس سے تشابہ الخلق ہو گیا۔ جواب دیتے ہیں
کہ خدا نے خود مسیح کو یہ قدرت دی تھی۔ اے نادانو ! اگر خدائی نے تقسیم ہونا تھا تو کیا اس کے حصہ گیر
عیسی ہی رہ گئے تھے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو کیوں نہ حصہ ملا۔ لے
اس قدر تقریر ہو چکی تھی کہ بعض جان شاروں نے بہت وقت گذر جانے کی درخواست کی تاکہ آپ
کی طبیعت کو زیادہ صدمہ نہ ہو اور سلسلہ تقریر ختم ہو جاوے۔ چنانچہ حضور نے دعا پر اسے ختم کیا۔
۲۸ اگست ۱۹۰۴ء (بمقام لاہور ۔ سات بجے صبح)
حضرت اقدس کی تقریر جوڈیڑھ ہزار سے زیادہ مجمع کے درمیان آپ نے فرمائی )
سب صاحب یاد رکھیں تو بہ کا دن جمعہ اور عیدین سے بھی بہتر اور مبارک ہے کہ اللہ تعالی نے اسلام
میں ایسے دن مقرر کئے ہیں کہ وہ دن بڑی خوشی کے دن سمجھے جاتے ہیں اور ان میں اللہ تعالیٰ نے
عجیب عجیب برکات رکھی ہیں منجملہ ان دنوں کے ایک جمعہ کا دن ہے یہ دن بھی بڑا ہی مبارک ہے۔
لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم کو جمعہ ہی کو پیدا کیا اور اسی دن ان کی تو بہ منظور ہوئی تھی اور بھی
بہت سی برکات اور خوبیاں اس دن کی ماثور ہیں۔ ایسا ہی اسلام میں دو عیدیں ہیں ۔ ان دونوں دنوں
کو بھی بڑی خوشی کے دن مانا گیا ہے اور ان میں بھی عجیب عجیب برکات رکھی ہیں۔ لیکن یا درکھو کہ یہ دن
البدر جلد ۳ نمبر ۳۴ مورخه ۸ ستمبر ۱۹۰۴ ء صفحه ۳ تا ۸ و نمبر ۳۵ مورخه ۱۶ ارستمبر ۱۹۰۴ ء صفحه ۱، ۲

بے شک اپنی اپنی جگہ مبارک اور خوشی کے دن ہیں لیکن ایک دن ان سب سے بھی بڑھ کر مبارک
اور خوشی کا دن ہے مگر افسوس سے دیکھا جاتا ہے کہ لوگ نہ تو اس دن کا انتظار کرتے ہیں اور نہ اس کی
تلاش۔ ورنہ اگر اس کی برکات اور خوبیوں سے لوگوں کو اطلاع ہوتی یا وہ اس کی پروا کرتے تو حقیقت
میں وہ دن ان کے لیے بڑا ہی مبارک اور خوش قسمتی کا دن ثابت ہوتا اور لوگ اسے غنیمت سمجھتے ۔
وہ دن کون سا دن ہے جو جمعہ اور عیدین سے بھی بہتر اور مبارک دن ہے؟ میں تمہیں بتاتا ہوں کہ
وہ دن انسان کی توبہ کا دن ہے جو ان سب سے بہتر ہے اور ہر عید سے بڑھ کر ہے۔ کیوں؟ اس لیے کہ
اس دن وہ بد اعمال نامہ جو انسان کو جہنم کے قریب کرتا جاتا ہے اور اندر ہی اندر غضب الہی کے نیچے
اسے لا رہا تھا دھو دیا جاتا ہے اور اس کے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔ حقیقت میں اس سے بڑھ کر
انسان کے لیے اور کون سا خوشی اور عید کا دن ہوگا جو اسے ابدی جہنم اور ابدی غضب الہی سے نجات
دے دے۔ تو بہ کرنے والا گنہگار جو پہلے اللہ تعالیٰ سے دور اور اس کے غضب کا نشانہ بنا ہوا تھا اب اس
کے فضل سے اس کے قریب ہوتا اور جہنم اور عذاب اس سے دور کیا جاتا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا
إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ التَّوَّابِينَ وَيُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِينَ (البقرة: ۲۲۳) بے شک اللہ تعالیٰ تو بہ کرنے والوں کو
دوست رکھتا ہے اور ان لوگوں سے جو پاکیزگی کے خواہاں ہیں پیار کرتا ہے۔ اس آیت سے نہ صرف
یہی پایا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ تو بہ کرنے والوں کو اپنا محبوب بنا لیتا ہے، بلکہ یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ حقیقی تو بہ
کے ساتھ حقیقی پاکیزگی اور طہارت شرط ہے۔ ہر قسم کی نجاست اور گندگی سے الگ ہونا ضروری ہے۔
ور نہ نری تو بہ اور لفظ کے تکرار سے تو کچھ فائدہ نہیں ہے۔ پس جو دن ایسا مبارک دن ہو کہ انسان اپنی
بدکرتوتوں سے تو بہ کر کے اللہ تعالیٰ کے ساتھ سچا عہد صلح باندھ لے اور اس کے احکام کے لیے اپنا سرخم
کر دے تو کیا شک ہے کہ وہ اس عذاب سے جو پوشیدہ طور پر اس کے بد عملوں کی پاداش میں تیار ہو رہا
تھا بچا یا جاوے گا اور اس طرح وہ وہ چیز پالیتا ہے جس کی گویا اسے توقع اور امید ہی نہ رہی تھی ۔
تم خود قیاس کر سکتے ہو کہ ایک شخص جب کسی چیز کے حاصل کرنے سے بالکل مایوس ہو گیا ہو
اور اس ناامیدی اور یاس کی حالت میں وہ اپنے مقصود کو پالے تو اسے کس قدر خوشی حاصل ہوگی ۔

اس کا دل ایک تازہ زندگی پائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ احادیث میں اس کا ذکر کیا گیا ہے ۔ احادیث
اور کتب سابقہ سے یہی پتا لگتا ہے کہ جب انسان گناہ کی موت سے نکل کر تو بہ کے ذریعہ نئی زندگی پاتا
ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی زندگی سے خوش ہوتا ہے۔ حقیقت میں یہ خوشی کی بات تو ہے ہی کہ انسان گناہوں
کے نیچے دبا ہو اور ہلاکت اور موت ہر طرف سے اس کے قریب ہو۔ عذاب الہی اس کے کھا جانے کو
تیار ہو کہ وہ یکا یک ان بدیوں اور بدکاریوں سے جو اس بعد اور ہجر کا موجب تھیں تو بہ کر کے خدا تعالیٰ
کی طرف آجاوے وہ وقت خدا تعالیٰ کی خوشی کا ہوتا ہے اور آسمان پر ملائکہ بھی خوشی کرتے ہیں
کیونکہ اللہ تعالیٰ نہیں چاہتا کہ اس کا کوئی بندہ تباہ اور ہلاک ہو بلکہ وہ تو چاہتا ہے کہ اگر اس کے بندہ
سے کوئی غلطی اور کمزوری ظاہر ہوتی ہے پھر بھی وہ تو بہ کر کے امن میں داخل ہو۔ پس یا درکھو کہ وہ
دن جب انسان اپنے گناہوں سے تو بہ کرتا ہے بہت مبارک دن ہے اور سب ایام سے افضل
ہے۔ کیونکہ وہ اس دن نئی زندگی پاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے قریب کیا جاتا ہے اور اسی لحاظ سے یہ دن
( جس میں تم میں سے بہتوں نے اقرار کیا ہے کہ میں آج اپنے تمام گناہوں سے تو بہ کرتا ہوں اور
آئندہ جہاں تک میری طاقت اور سمجھ ہے گناہوں سے بچتا رہوں گا ) یوم تو بہ ہے۔ اور اللہ تعالیٰ
کے وعید کے موافق میں یقین رکھتا ہوں کہ ہر ایک شخص کے جس نے سچے دل سے تو بہ کی ہے پچھلے
گناہ بخش دیئے گئے اور وہ التَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ كَمَنْ لَّا ذَنْبَ لَهُ کے نیچے آ گیا ہے ۔ گویا کہہ
سکتے ہیں کہ اس نے کوئی گناہ نہیں کیا ۔ مگر ہاں میں پھر کہتا ہوں کہ اس کے لیے یہ شرط ہے کہ حقیقی
پاکیزگی اور سچی طہارت کی طرف قدم بڑھا یا جاوے اور یہ تو بہ نری لفظی تو بہ ہی نہ ہو بلکہ عمل کے نیچے
آجاوے۔ یہ چھوٹی سی بات نہیں ہے کہ کسی کے گناہ بخش دیئے جاویں بلکہ ایک عظیم الشان امر ہے۔
دیکھو! انسانوں میں اگر کوئی کسی کا ذرا سا قصور اور خطا کرے تو بعض اوقات اس کا کینہ پشتوں تک
چلا جاتا ہے وہ شخص نسلاً بعد نسل تلاش حریف میں رہتا ہے کہ موقع ملے تو بدلہ لیا جاوے لیکن اللہ تعالیٰ
بہت ہی رحیم و کریم ہے۔ انسان کی طرح سخت دل نہیں جو ایک گناہ کے بدلے میں کئی نسلوں تک
پیچھا نہیں چھوڑتا اور تباہ کرنا چاہتا ہے مگر وہ رحیم کریم خدا ستر برس کے گناہوں کو ایک کلمہ سے ایک لحظہ

میں بخش دیتا ہے۔ یہ مت خیال کرو کہ وہ بخشنا ایسا ہے کہ اس کا فائدہ کچھ نہیں ۔ نہیں وہ بخشنا حقیقت
میں فائدہ رساں اور نفع بخش ہے اور اس کو وہ لوگ خوب محسوس کر سکتے ہیں جنہوں نے سچے دل سے
توبہ کی ہو۔
بہت سے لوگ اس امر سے غافل ہیں کہ انسان پر جو بلائیں آتی ہیں وہ
نزول بلا کا فلسفہ بلا کا فلسفہ بہت ہے
بلا وجہ یونہی آجاتی ہیں یا ان کے نزول کو انسان کے اعمال سے کوئی تعلق
نہیں ہے۔ ایسا خیال بالکل غلط ہے۔ یہ خوب یا د رکھو کہ ہر بلا جو اس زندگی میں آتی ہے یا جو مر نے
کے بعد آئے گی جس کا ہمیں یقین ہے۔ اس کی اصل جڑا گناہ ہی ہے کیونکہ گناہ کی حالت میں انسان
اپنے آپ کو ان انوار اور فیوض سے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے آتے ہیں پرے ہٹا دیتا ہے اور اس
اصل مرکز سے جو حقیقی راحت کا مرکز ہے ہٹ جاتا ہے۔ اس لیے تکلیف کا آنا اس حالت میں اس پر
ضروری ہے۔
یہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ انبیاء اور راستبازوں پر بعض اوقات بلائیں آجاتی ہیں اور وہ بھی
مصائب اور شدائد میں ڈالے جاتے ہیں لیکن یہ گمان کرنا کہ وہ مصائب اور بلائیں کسی گناہ کی وجہ
سے آتی ہیں۔ خطرناک غلطی اور گناہ ہے۔ ان بلاؤں میں جو خدا کے راستبازوں اور پیارے
بندوں پر آتی ہیں اور ان بلاؤں میں جو خدا تعالیٰ کے نافرمانوں اور خطا کاروں پر آتی ہیں زمین
آسمان کا فرق ہے اس لیے کہ ان کے اسباب بھی مختلف ہیں ۔ نبیوں اور راستبازوں پر جو بلائیں آتی
ہیں ان میں ان کو ایک صبر جمیل دیا جاتا ہے جس سے وہ بلا اور مصیبت ان کے لیے مدرک الحلاوت
ہو جاتی ہے۔ وہ اس سے لذت اٹھاتے ہیں اور روحانی ترقیوں کے لیے ایک ذریعہ ہو جاتی ہیں کیونکہ
ان کے درجات کی ترقی کے لیے ایسی بلاؤں کا آنا ضروری ہے جو ترقیات کے لئے زمینہ کا کام دیتی
ہیں۔ جو شخص ان بلاؤں میں نہیں پڑتا اور ان مصیبتوں کو نہیں اٹھاتا وہ کسی قسم کی ترقی نہیں کر سکتا ۔
دنیا کے عام نظام میں بھی تکالیف اور مشقتوں کا ایک سلسلہ ہے جس میں سے ہر ایسے شخص کو جو
ترقی کا خواہاں ہے گذرنا پڑتا ہے لیکن ان تکالیف اور شاقہ محنتوں میں باوجود تکالیف کے ایک لذت

ہوتی ہے جو اسے کشاں کشاں آگے لیے جاتی ہے۔ برخلاف اس کے وہ مصیبت اور تکالیف جو
انسان کی اپنی بدکرداری کی وجہ سے اس پر آتی ہے وہ وہ مصیبت آتی ہے جس میں ایک درد اور سوزش
ہوتی ہے جو اس کی زندگی اس کے لیے وبال جان کر دیتی ہے وہ موت کو ترجیح دیتا ہے مگر نہیں جانتا کہ
یہ سلسلہ مر کر بھی ختم نہیں ہوگا۔
غرض بلاؤں کے نزول میں ہمیشہ سے قانون قدرت یہی ہے کہ جو بلائیں شامت اعمال کی
وجہ سے آتی ہیں وہ الگ ہیں اور خدا کے راستبازوں اور پیغمبروں پر جو بلائیں آتی ہیں وہ ان کی ترقی
درجات کے لیے ہوتی ہیں۔ بعض جاہل جو اس راز کو نہیں سمجھتے وہ جب بلاؤں میں مبتلا ہوتے ہیں تو
بجائے اس کے کہ اس بلا سے فائدہ اٹھائیں اور کم از کم آئندہ کے لیے مفید سبق حاصل کریں اور
اپنے اعمال میں تبدیلی پیدا کریں کہہ دیتے ہیں کہ اگر ہم پر مصیبت آئی تو کیا ہوا نبیوں اور پیغمبروں پر
بھی تو آجاتی ہیں حالانکہ ان بلاؤں کو انبیاء کی مشکلات اور مصائب سے کوئی نسبت ہی نہیں۔ جہالت بھی
کیسی بڑی مرض ہے کہ انسان اس میں قیاس مع الفارق کر بیٹھتا ہے۔ یہ بڑا دھوکا واقع ہوتا ہے جو
انسان تمام انبیاء کی مشکلات کو عام لوگوں کی بلاؤں پر حمل کر لیتا ہے۔
پس خوب یا درکھو کہ جیسا کہ میں نے ابھی بیان کیا ہے انبیاء اور دوسرے اخیار وابرار کی بلائیں
محبت کی راہ سے ہیں ۔ خدا تعالیٰ ان کو ترقی دیتا جاتا ہے اور یہ بلائیں وسائل ترقی میں سے ہیں لیکن
جب مفسدوں پر آتی ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو اس عذاب سے تباہ کرنا چاہتا ہے۔ وہ بلائیں ان کے
استیصال اور نیست و نابود کرنے کا ذریعہ ہو جاتی ہیں ۔ یہ ایسا فرق ہے کہ دلائل کا محتاج نہیں ہے
کیونکہ جب اچھے آدمی جو اللہ تعالیٰ کو مقدم کر لیتے ہیں اور یہ بھی نہیں جانتے کہ اللہ تعالیٰ سے محبت
کیوں کرتے ہیں۔ بہشت اور دوزخ ان کے دل میں نہیں ہوتا اور نہ بہشت کی خواہش یا دوزخ کا
ذکر ان کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا محرک ہوتا ہے بلکہ وہ طبعی جوش اور طبعی محبت سے اللہ تعالیٰ سے محبت
کرتے اور اس کی اطاعت میں محو ہوتے ہیں ۔ ان پر جب کوئی بلا آتی ہے تو وہ خود محسوس کر لیتے ہیں
کہ یہ از راہ محبت ہے۔ وہ دیکھتے ہیں کہ ان بلاؤں کے ذریعہ ایک چشمہ کھولا جاتا ہے جس سے وہ

سیراب ہوتے ہیں اور ان کا دل لذت سے بھر جاتا ہے اور خدا تعالیٰ کی محبت ایک فوارہ کی طرح
جوش مارنے لگ جاتی ہے۔ تب وہ چاہتے ہیں کہ یہ بلا زیادہ ہو تا کہ قرب الہی زیادہ ہو اور رضا کے
مدارج جلد طے ہوں ۔ غرض الفاظ وفا نہیں کرتے جو اس لذت کو بیان کر سکیں جو اخیار و ابرارکوان
بلاؤں کے ذریعہ آتی ہے۔ یہ لذت تمام سفلی لذتوں سے بڑھی ہوئی ہے اور فوق الفوق لذت ہوتی
ہے۔ یہ مصیبت کیا ہے؟ ایک عظیم الشان دعوت ہے جس میں قسم قسم کے انعام واکرام اور پھل اور میوے
پیش کیے جاتے ہیں۔ خدا اس وقت قریب ہوتا ہے۔ فرشتے ان سے مصافحہ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے
مکالمہ کا شرف عطا کیا جاتا ہے اور وحی اور الہام سے اس کو تسلی اور سکینت دی جاتی ہے۔ لوگوں کی نظر
میں یہ بلاؤں اور مصیبتوں کا وقت ہے مگر دراصل اس وقت اللہ تعالیٰ کے فیضان اور فیوض کی بارش کا
وقت ہوتا ہے۔ سفلی اور سطحی خیال کے لوگ اس کو سمجھ نہیں سکتے ۔ میں سچ سچ کہتا ہوں کہ یہ بلاؤں اور
غموں ہی کا وقت ہے جس میں مزا آتا ہے اور راحت ملتی ہے کیونکہ خدا جو انسان کا اصل مقصود ہے
اس وقت اپنے بندے کے بہت ہی قریب ہوتا ہے۔ ایک حدیث میں آیا ہے کہ قرآن جو دیا گیا
ہے۔ غم کی حالت میں دیا گیا ہے۔ پس تم بھی اس کو غم کی حالت میں پڑھو۔
غرض میں کہاں تک بیان کروں کہ ان بلاؤں میں کیا لذت اور مزا ہوتا ہے اور عاشق صادق
کہاں تک ان سے محظوظ ہوتا ہے۔ مختصر طور پر یاد رکھو کہ ان بلاؤں کا پھل اور نتیجہ جو ابرار اور اخیار
پر آتی ہیں جنت اور ترقی درجات ہے اور وہ بلائیں اور غم جو مفسدوں اور شریروں پر آتے ہیں ان کی
وجہ شامت اعمال اور تاریک زندگی ہے اور اس کا نتیجہ جہنم اور عذاب الہی ہے پس جو شخص آگ کے
پاس جاتا ہے ضرور ہے کہ وہ اس کی سوزش سے حصہ لے اور اسے محسوس کرے اور اسے دکھ پہنچے۔
لیکن جو ایک باغ میں جاتا ہے یقینی امر ہے کہ اس کے پھلوں اور پھولوں کی خوشبو سے اور اس
خوبصورت نظارہ کے مشاہدہ سے لذت پاوے۔

اب واضح رہے کہ جس حال شامت اعمال کی وجہ سے آنے والی بلاؤں کا علاج میں وہ بلائیں جو شامت اعمال
کی وجہ سے آتی ہیں اور جن کا نتیجہ جہنمی زندگی اور عذاب الہی ہے ان بلاؤں سے جو ترقی درجات کے
طور پر اختیار و ابرار کو آتی ہیں الگ ہیں تو کیا کوئی ایسی صورت بھی ہے جس سے انسان اس عذاب سے
نجات پاوے۔ اس عذاب اور دکھ سے رہائی کی بجز اس کے کوئی تجویز اور علاج نہیں ہے کہ انسان
سچے دل سے تو بہ کرے۔ جب تک سچی تو بہ نہیں کرتا یہ بلائیں جو عذاب الہی کے رنگ میں آتی ہیں
اس کا پیچھا نہیں چھوڑ سکتی ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے قانون کو نہیں بدلتا جو اس بارے میں اس نے مقرر
فرمادیا ہے إِنَّ اللهَ لَا يُغَيْرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنفُسِهِم (الرعد: (۱۲) یعنی جب تک کوئی قوم
اپنی حالت میں تبدیلی پیدا نہیں کرتی اللہ تعالیٰ بھی اس کی حالت نہیں بدلتا۔
خدا تعالیٰ ایک تبدیلی چاہتا ہے اور وہ پاکیزہ تبدیلی ہے۔ جب تک وہ تبدیلی نہ ہو عذاب الہی
سے رستگاری اور مخلصی نہیں ملتی۔ یہ خدا تعالیٰ کا ایک قانون اور سنت ہے اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں
ہوتی کیونکہ خود اللہ تعالیٰ نے ہی یہ فیصلہ کر دیا ہے وَ لَنْ تَجِدَ لِسُنَّةِ اللَّهِ تَبْدِيلًا ( الاحزاب : ٢٣)
سنت اللہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی ۔ پس جو شخص چاہتا ہے کہ آسمان میں اس کے لیے تبدیلی ہو یعنی وہ
ان عذابوں اور دکھوں سے رہائی پائے جو شامت اعمال نے اس کے لیے طیار کئے ہیں اس کا پہلا
فرض یہ ہے کہ وہ اپنے اندر تبدیلی کرے۔ جب وہ خود تبدیلی کر لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اپنے وعدہ کے
موافق جو اس نے إِنَّ اللَّهَ لَا يُخَيَّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنفُسِهِمْ میں کیا ہے اس کے عذاب
اور دکھ کو بدلا دیتا ہے اور دکھ کو سکھ سے تبدیل کر دیتا ہے۔ جب انسان کے اندر تبدیلی کرتا ہے تو اس
کے لیے ضرور نہیں ہے کہ وہ لوگوں کو بھی دکھاتا پھرے ۔ وہ رحیم کریم خدا جو دلوں کا مالک ہے اس کی
تبدیلی کو دیکھ لیتا ہے کہ یہ پہلا انسان نہیں ہے اس لیے وہ اس پر فضل کرتا ہے۔ تذکرۃ الاولیاء میں
لکھا ہے کہ ایک شخص نماز روزہ اور دوسرے اشغال اذکار سے ریا کیا کرتا تھا تا کہ لوگ اسے ولی
سمجھیں لیکن اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ تمام لوگ اسے ریا کار سمجھتے تھے یہاں تک کہ بچے بھی جس راستہ

سے وہ گذرتا تھا اس کو ریا کار اور فریبی کہا کرتے تھے۔ ایک عرصہ تک اس کی حالت ایسی ہی رہی۔
آخر اس نے سوچا کہ اس طریق سے کوئی فائدہ تو نہیں ہوا بلکہ حالت بدتر ہی ہوئی ہے اس لیے اس
کو چھوڑ دینا چاہیے ۔ پس اس نے چھوڑ دیا اور ملامتی فرقہ کا سا طریق اختیار کر لیا۔ مسلمانوں میں
ملامتی ایک فرقہ ہے جو اپنی نیکیوں کو چھپاتا ہے اور بدیوں کو ظاہر کرتا ہے تا کہ لوگ انہیں برا کہیں ۔
اسی طرح پر وہ اپنی نیکیوں کو چھپانے لگا اور اندر ہی اندر اللہ تعالیٰ سے سچی محبت کرنے لگا۔ اس کا
نتیجہ یہ ہوا کہ لکھا ہے کہ جس کو چہ سے گذرتا عام لوگ اور بچے بھی اسے کہتے کہ بڑا نیک ہے، ولی
ہے، بزرگ ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے محبت کرنا مشک اور عطر کی طرح ہے جو کسی طرح پر
چھپ نہیں سکتا یہی تاثیریں ہیں سچی توبہ میں ۔ جب انسان سچے دل سے تو بہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس
کے پچھلے گناہوں کو معاف کر دیتا ہے۔ پھر اسے نیک اعمال کی توفیق ملتی ہے۔ اس کی دعا ئیں قبول
ہوتی ہیں۔ خدا اس کے دوستوں کا دوست اور اس کے دشمنوں کا دشمن ہوجاتا ہے اور وہ تقدیر جو
شامت اعمال سے اس کے لیے مقرر ہوتی ہے وہ دور کی جاتی ہے۔ اس امر کے دلائل بیان کرنے کی
کوئی ضرورت نہیں ہے کہ انسان اپنی اس مختصر زندگی میں بلاؤں سے محفوظ رہنے کا کس قدر محتاج ہے
اور چاہتا ہے کہ ان بلاؤں اور وباؤں سے محفوظ رہے جو شامت اعمال کی وجہ سے آتی ہیں اور یہ
ساری باتیں سچی توبہ سے حاصل ہوتی ہیں ۔ پس تو بہ کے فوائد میں سے ایک یہ بھی فائدہ ہے کہ
اللہ تعالیٰ اس کا حافظ اور نگران ہو جاتا ہے اور ساری بلاؤں کو خدا دور کر دیتا ہے اور ان منصوبوں سے
جو دشمن اس کے لیے تیار کرتے ہیں ان سے محفوظ رکھتا ہے اور اس کا یہ فضل اور برکت کسی سے خاص
نہیں بلکہ جس قدر بندے ہیں خدا تعالیٰ کے ہی ہیں ۔ اس لیے ہر ایک شخص جو اس کی طرف آتا ہے
اور اس کے احکام اور اوامر کی پیروی کرتا ہے وہ بھی ویسا ہی ہوگا جیسے وہ شخص جو تو بہ کر چکا ہے۔ وہ
ہر ایک سچی توبہ کرنے والے کو بلاؤں سے محفوظ رکھتا ہے اور اس سے محبت کرتا ہے۔ پس یہ تو بہ جو آج
اس وقت کی گئی ہے یہ مبارک اور عید کا دن ہے۔ اور یہ عید ایسی عید ہے جو کبھی میسر نہیں آئی ہوگی ۔

ایسا نہ ہو کہ تھوڑے سے خیال سے ماتم کا دن بنا دو۔ عید کے دن اگر ماتم ہو تو کیسا غم ہوتا ہے کہ
دوسرے خوش ہوں اور اس کے گھر ماتم ہو۔ موت تو سب کو نا گوار معلوم ہوتی ہے لیکن جس کے گھر
عید کے دن موت ہو وہ کس قدر نا خوش گوار ہوگی ۔ قاعدہ کی بات ہے کہ جب انسان ایک نعمت کی قدر
نہیں کرتا وہ ضائع ہو جاتی ہے۔ دیکھو جن چیزوں کی تم قدر کرتے ہو ان کو صندوقوں میں بڑی حفاظت
سے رکھتے ہو۔ اگر ایسا نہ کرو تو وہ ضائع ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اس مال کا جو ایمان کا مال ہے چور
شیطان ہے اگر اس کو بچا کر دل کے صندوقوں میں احتیاط سے نہ رکھو گے تو چور آئے گا اور لے جائے
گا ۔ یہ چور بہت ہی خطرناک ہے۔ دوسرے جو چوراندھیری راتوں میں آکر نقب لگاتے ہیں وہ اکثر
پکڑے جاتے ہیں اور سزا پاتے ہیں لیکن یہ چورا ایسا ہے کہ اس کی عمر نہیں ہے اور ابھی پکڑا نہ جائے
گا۔ یہ اس وقت آتا ہے جب گناہ کی تاریکی پھیل جاتی ہے کیونکہ چور اور روشنی میں دشمنی ہے۔
جب انسان اپنا منہ خدا کی طرف رکھتا ہے اور اسی کی طرف رجوع اور توجہ کرتا ہے تو وہ روشنی میں ہوتا
ہے اور شیطان کو کوئی موقع اپنی دستبر د کا نہیں ملتا۔
پس کوشش کرو کہ تمہارے ہاتھوں میں ہمیشہ روشنی رہے۔ اگر غفلت بڑھ گئی تو یہ چور آئے گا اور
سارا اندوختہ لے جائے گا اور برباد ہو جاؤ گے۔ اس لیے اس اندوختہ کو احتیاط اور اپنی راستبازی اور
تقویٰ کے ہتھیاروں سے محفوظ رکھو۔ یہ ایسی چیز نہیں ہے کہ اس کے ضائع ہونے سے کچھ حرج نہ ہو
بلکہ اگر یہ اندوختہ جاتا رہا تو ہلاکت ہے اور ہمیشہ کی زندگی سے محروم ہو جاؤ گے۔
یا د رکھو یہ طاعون کے دن ہیں۔ معلوم نہیں ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے شروع میں
تنبیه و انذار
کیا ہو؟ جہاں تک خدا نے مجھ پر ظاہر کیا ہے میں دیکھتا ہوں کہ بہت خطرناک دن
آنے والے ہیں ۔ اس لیے ہر ایک شخص جو چاہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے غضب سے محفوظ رہے وہ
اسی وقت سے طیاری کرے۔ جب تک غضب الہی نازل نہیں ہوتا اور اس کے آثار نمودار نہیں
ہوتے تو ہر شخص واجب الرحم ہوتا ہے لیکن جب آثار نمودار ہو جاویں پھر عذاب نہیں ٹلتا۔ بہت سے
لوگ بیباک اور جرات کرنے والے ہوتے ہیں ۔ وہ شوخی سے کہہ دیتے ہیں کہ صد ہا وبائیں بلائیں

اور ہیضے وغیرہ آتے ہیں۔ ایسا ہی طاعون بھی ہے لیکن یہ ان کی بد بختی اور شقاوت ہے جو ایسی
جرات پیدا ہوتی ہے وہ نہیں جانتے کہ یہ بڑے دنوں کی نشانی ہے ۔ جب بلائیں دنیا میں آتی ہیں
اور دنیا کو تباہ کرتی ہیں تو شامت اعمال سے ہی آتی ہیں ۔ ہمیشہ سے گناہ ہوتا آیا ہے اور ہمیشہ ان
صورتوں میں ہی عذاب اور بلا آئی ہے اور ان گناہوں کے بدلے میں سزادی گئی ہے۔ پھر یہ شوخی
اچھی نہیں۔ اس کا نتیجہ بہت ہی بُرا ہے۔ یہ وقت تو ایسا ہے کہ خدا سے صلح کرو اور پاک تبدیلی کرو۔
نہ یہ کہ شوخی و شرارت سے پیش آؤ۔
یاد رکھو یہ طاعون ایک خطرناک عذاب الہی ہے جو اس وقت نازل ہوا ہے اس کو حقیر مت
سمجھو۔ اس کا انجام اچھا نہیں ہے۔ خدا تعالیٰ کی کتابوں میں یہ ایک نشان مقرر کیا گیا ہے۔ خدا تعالیٰ
کے نشانوں کو جو شخص حقارت سے دیکھتا ہے وہ نقصان اٹھاتا ہے۔ میں کھول کھول کر بیان کرتا ہوں
کہ اس عذاب سے مخلصی کے لیے سچی توبہ اور پاک تبدیلی کی ضرورت ہے اور بجز اس کے چارہ
نہیں ۔ پس اسی وقت سے اس کے لیے طیاری کرو۔ شوخیوں اور شرارتوں سے باز آجاؤ۔
مسیح موعود کے زمانہ کے دو بڑے نشان میں یہ بات بھی بیان کرنی چاہتا ہوں کہ مسیح موعود کے زمانہ کے بہت سے نشانوں
میں سے دو بڑے نشان ہیں جن میں سے ایک آسمان پر ظاہر ہوگا اور دوسراز مین پر۔
آسمان کا نشان تو یہ تھا کہ اس کے زمانہ میں رمضان کے مہینہ میں مقررہ تاریخوں پر سورج اور
چاند گرہن ہوگا۔ چنانچہ کئی سال گزرے یہ نشان پورا ہو گیا اور نہ صرف اس ملک میں بلکہ دوسری مرتبہ
امریکہ میں بھی پورا ہوا۔
دوسرا نشان یہی طاعون کا نشان تھا جو زمینی ہے۔ یہ نشان بدن پر لرزہ ڈال دینے والا نشان
ہے۔ کئی سال سے یہ بلا اس ملک میں نازل ہو رہی ہے مگر میں افسوس سے ظاہر کرتا ہوں کہ ابھی تک
غفلت اور بدمستی اسی طرح ترقی پر ہے۔ میں جانتا ہوں کہ خدا تعالیٰ کی کتابوں سے معلوم ہوتا ہے
کہ آخر اس طاعون کی اس قدر شدت ہو جائے گی کہ دس میں سے سات مر جائیں گے اور بعض

بستیاں بالکل تباہ اور برباد ہو جائیں گی۔ جہاں تک اللہ تعالیٰ نے مجھ پر ظاہر کیا ہے میں دیکھتا ہوں
کہ ابھی بہت خطرناک دن آنے والے ہیں۔ اس لیے میں ہر ایک کو جو سنتا ہے کہتا ہوں کہ دیکھو اس
وقت ہر ایک نفس کو چاہیے کہ اپنے نفس، اپنے بیوی بچوں اور دوستوں پر رحم کرے۔ میں خوب جانتا
ہوں کہ اللہ تعالی رجوع کرنے والوں پر اپنا فضل کر دیتا ہے اور یہ عذاب ٹل سکتا ہے۔ پس چاہیے کہ
ہر شخص کوشش کرے اور سچی توبہ اور پاک تبدیلی کے ساتھ خدا تعالیٰ سے دعائیں مانگے۔
بعض لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ ہمارے سلسلہ میں سے بھی بعض ایک اعتراض کا جواب آدمی طاعون سے مر گئے ہیں۔ ایسے معترضین کو یاد رکھنا چاہیے کہ
موت تو ہر نفس کے لیے مقرر ہے اور ایک نہ ایک دن سب کو مر جانا ہے اور طاعون سے صحابہ میں سے
بھی بعض شہید ہو گئے تھے۔ غرض موت سے تو چارہ نہیں ۔ امیر، غریب، ہندو، مسلمان، زن ومرد
سب مرتے ہیں لیکن کسی موت پر اتنا رحم نہیں آتا جیسا اس موت پر کہ گھر کا گھر تباہ ہو جائے اور قفل
لگ جاوے۔ اس لیے اول نسبت قائم کرو کہ ایسی موتیں کن لوگوں میں ہوئی ہیں ۔
اس کے سوا یہ بھی یا درکھو کہ ہماری جماعت میں داخل ہونے والوں کا صحیح علم کہ ان کے ایمان کس
درجہ تک ہیں اللہ تعالیٰ ہی کو ہے۔ اب دو لاکھ سے بھی زیادہ جماعت ہے ہمیں علم نہیں کہ کس حد تک
کس کا ایمان ہے۔ البتہ قیاسی طور پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ بعض کامل الایمان ہیں اور بعض اوسط درجہ کا
ایمان رکھتے ہیں اور بعض ابھی ناقص درجہ پر ہیں۔
اللہ مومنوں کے تین درجے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے مِنْهُمْ ظَالِمٌ لِنَفْسِهِ وَ مِنْهُمْ مُّقْتَصِدٌ
وَمِنْهُمْ سَابِقٌ بِالْخَيْرُتِ (فاطر : ۳۳) یعنی تین قسم کے مومن
ہوتے ہیں۔ ایک تو ظالِمُ لِنَفْسِہ ہوتے ہیں۔ ان میں گناہ کی آلائش موجود ہوتی ہے۔ بعض میانہ رو
اور بعض سراسر نیک ہوتے ہیں۔ اب ہمیں کیا معلوم ہے کہ کون کس درجہ اور مقام پر ہے۔ ہر ایک شخص
کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ الگ معاملہ ہے۔ جیسا کوئی اس سے تعلق رکھتا ہے ویسا ہی وہ اس سے معاملہ کرتا
ہے جو لوگ کامل الایمان ہیں میں یقین رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اسے امتیاز دے گا کیونکہ مومن اور کافر

کے درمیان ایک فرقان رکھا جاتا ہے۔ قرآن شریف میں مومن سے یہ مراد نہیں ہے کہ صرف زبان تک
ہی اس کی قیل و قال محدود ہو اور صبح وہ ایمان کا کام کرے تو شام کو کفر کا کرے۔ ایک لقمہ وہ تریاق کا
کھا لیتا ہے اور دوسرا ز ہر کا بھی کھا لیتا ہے۔ ایسے شخص کو وہ فرقان اور امتیاز جو مومن کے لیے مقرر کیا
گیا ہے نہیں دیا جاتا ۔ تم خود ہی سوچ لو کہ وہ مریض جو پر ہیز نہیں کرتا ہے خواہ اس کو کیسے ہی شفا بخش
نسخے دیئے جاویں اور وہ کتنے ہی مجرب کیوں نہ ہوں لیکن اگر وہ پر ہیز نہیں کرتا تو وہ نسخے اس کو فائدہ
نہیں پہنچا سکتے ۔
پس یہی حال بیعت کا ہے۔ اگر کوئی شخص بیعت تو کرتا ہے لیکن شرائط بیعت کو پورا نہیں کرتا اور
اپنے اندر پاک تبدیلی جو بیعت کا اصل مقصد ہے نہیں کرتا وہ اپنے لیے وبال جان ہو جاتا ہے۔ ہاں
کامل الایمان اکسیر ہے۔ اس کے ساتھ فرقان رکھا جاتا ہے۔ اگر یہ امتیاز نہ ہوتا تو دنیا تباہ ہو جاتی اور
خدا تعالیٰ پر ایمان مشکل ہو جاتا ۔ اس قسم کے نشانوں سے ہی اللہ تعالیٰ کی ہستی پر ایمان پیدا ہوتا ہے۔
احمدی جماعت اور طاعون
اب میں پھر اس اعتراض کی طرف توجہ کرتا ہوں جو کہتے ہیں
کہ ہماری جماعت میں سے بعض آدمی طاعون سے مرے
ہیں۔ اس بات کو خوب غور سے یاد رکھو کہ صحابہ میں سے جو بعض طاعون سے شہید ہوئے وہ ان کے
لیے عذاب نہ تھی بلکہ صحابہؓ کا گروہ بڑھا اور ان کے لیے موجب شہادت ہوئی۔ دوسروں کے لیے
وہی طاعون تباہی اور بربادی کا باعث ہوئی ۔ یہی فرق ہے اگر کسی مومن کو طاعون ہو جاوے وہ اس
کے لیے شہادت ہے اور دوسروں کے لیے تباہی کا موجب ۔ بایں ہمہ جیسا میں نے پہلے بیان کیا ہے
مومن اور غیر مومن میں ایک امر فارق ہوتا ہے ۔ اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی مومن کے ساتھ
ایسے معاملات ہوتے ہیں کہ خدا تعالیٰ اس کو ایک بین امتیاز عطا کرتا ہے اور اس کو تباہ کرنا نہیں
چاہتا ۔ اس کی وہی مثال ہے کہ انبیاء علیہم السلام پر بھی مصیبت آتی ہے اور دوسروں پر بھی جو ان کے
مخالف ہوتے ہیں ۔ انبیاء علیہم السلام بڑھتے ہیں اور کامیاب ہوتے ہیں اور دوسرے تباہ اور ذلیل
ہوتے ہیں ۔ پس دہریوں کی طرح دھو کا مت کھاؤ۔ وہاں اور رنگ ہے اور یہاں اور رنگ ہے ۔

آج 10 میں سے 10 باقی