تقریر فرمودہ ۱۵ اکتوبر ۱۹۴۴ء

مشعل راہ (جلد اوّل), حصہ 2

395
تیار نہیں ہوتے۔چنانچہ ایسی مثالیں موجود ہیں کہ باوجود اس کے کہ سلسلہ کے نفع اور نقصان کا سوال در پیش تھا بعض
نوجوان چھ سات گھنٹے کام کرنے کے بعد گھروں میں بیٹھ گئے اور سلسلہ کا دس بیس ہزار روپیہ کا نقصان ہو گیا۔اس میں
وہ بھی شامل ہیں جو مجاہد کہلاتے ہیں اور وہ بھی شامل ہیں جو مجاہد تو نہیں کہلاتے مگر عام خدام میں سے ہیں۔خدام میں محنت کی عادت پیدا کرنا بہت ضروری ہے
پس یہ حصہ نہایت ضروری ہے اور قوم کے نوجوانوں میں محنت سے کام کرنے کی عادت پیدا کر نا خدام
الاحمدیہ کا اہم فرض ہے۔مرکزی کارکنوں کو چاہئے کہ وہ ایسے طریق ایجاد کریں جن سے انہیں معلوم ہو سکے کہ
ہر احمدی جو مجلس خدام الاحمدیہ کا نمبر ہے وہ کیا کام کرتا ہے اور اگر کسی کے متعلق معلوم ہو کہ وہ کوئی کام نہیں کر رہا
تو اسے کسی نہ کسی کام پر مجبور کیا جائے۔ہمہ گیر نگرانی کی ضرورت
اسی طرح آپ لوگوں کو سکولوں اور بور ڈنگوں وغیرہ کا معائنہ کر کے افسروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے
اور ایسی سکیمیں سوچنی چاہئیں جن سے لڑکے پڑھائی میں غفلت نہ کریں۔اسی طرح کھیل کود میں بھی وہ با قاعدگی
سے حصہ لیں۔آپ لوگوں کو اس امر کی نگرانی کرنی چاہئے کہ کسی محلہ میں کوئی لڑکا آوارہ نہ پھرے۔آپ لوگوں کو
اس امر کی نگرانی کرنی چاہئے کہ کون کون سے نوجوان ہیں جو لغو باتیں کرنے کے عادی ہیں اور پھر ان نوجوانوں کی
اصلاح کی کوشش کرنی چاہئے۔اب لوگوں کو اس امر کی نگرانی رکھنی چاہئے کہ دکانوں پر خرید وفروخت کرتے
ہوئے دوکاندار اور تاجر دیانتداری سے کام لیتے ہیں یا نہیں۔اسی طرح اور معاملات میں ان کی دیانت اور امانت کا کیا
حال ہے۔یہ تمام امور ایسے ہیں جن کی نگرانی رکھنا خدام الاحمدیہ کا کام ہے مگر اب تک اس لحاظ سے خدام الاحمدیہ
نے اپنی ذمہ داری کو پوری طرح محسوس نہیں کیا۔میرے پاس رپورٹیں پہنچ رہی ہیں کہ کئی مہینوں سے قادیان میں
بلیک مارکیٹ جاری ہے اور دکاندار دھوکہ سے گراں قیمت پر اپنی اشیاء فروخت کرتے رہتے ہیں۔اگر کوئی شخص
دکان پر گاہک عن کر آئے تو وہ انکار کر دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے پاس فلاں چیز نہیں ہے لیکن اگر وہ ایک کی
بجائے دوروپے دے دے تو چوری چھپے وہ اسے چیز لا کر دے دیتے ہیں۔مگر باوجود اس کے کہ خدام الاحمدیہ کا نظام
اتنا وسیع بنا دیا گیا ہے کہ ہر پندرہ سے چالیس سالہ عمر کے نوجوان کا اس مجلس میں شامل ہو نا ضروری ہے ، پھر بھی
اس حرکت کا انسداد نہیں کیا گیا بلکہ جیسا کہ مجھے بتایا گیا ہے کئی مہینوں سے قادیان میں ایسا ہو رہا ہے۔مجھے بتایا گیا کہ
قادیان میں مجلس خدام الاحمدیہ کے آٹھ سو ممبر ہیں۔میں اس تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے کہتا ہوں اگر مجلس خدام
الاحمدیہ اپنے فرائض کو پوری خوش اسلوبی سے ادا کر رہی ہوتی اور اس کے آٹھ سو جاسوس قادیان کے گلی کوچوں

396
تخ
میں موجود ہوتے تو کیا یہ ممکن تھا کہ ان آٹھ سو جاسوسوں کے ہوتے ہوئے قادیان میں بلیک مارکیٹ جاری رہتی
اور دھو کہ بازی سے گراں قیمت پر اشیاء فروخت ہوتی رہتی ہیں۔دو صورتوں میں سے ایک صورت ضرور ہے۔یا تو
ان آٹھ سو جاسوسوں میں سے ایک حصہ کو اپنی قوم کا غدار کہنا پڑے گا اور یا یہ ماننا پڑے گا کہ ان کو اپنے فرائض سے
ایسا غافل رکھا گیا ہے کہ انہیں اتنا بھی معلوم نہیں کہ انہیں کام کس طرح کرنا چاہئے ورنہ اگر یہ بات ہو رہی ہے اور
جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ کچھ عرصہ سے قادیان کے دوکانداروں میں یہ عادت پیدا ہو گئی ہے اور دوسری طرف قادیان
میں مجلس خدام الاحمدیہ کے آٹھ سو یا آٹھ سو پچاس جاسوس موجود ہوتے تو یہ نا ممکن تھا کہ ان کی موجودگی میں یہ بات
جاری رہتی۔میں جاسوس کا لفظ ان کی اہمیت کو نمایاں کرنے کے لئے استعمال کر رہا ہوں ورنہ جاسوس کا لفظ جس قسم
کے لوگوں کے لئے آجکل استعمال کیا جاتا ہے، اس قسم کی جاسوسی اسلام میں منع ہے۔میں نے صرف ان کے فرائض
پر زور دینے کے لئے یہ لفظ استعمال کیا ہے ورنہ صحیح الفاظ یوں ہیں کہ اگر احمدیت کے اخلاق کے آٹھ سو نمائندے
قادیان میں موجود ہوتے اور کوئی گھر ایسا نہ ہو تا جس میں ایک نمائندہ موجود نہ ہو تایا اگر کوئی گھر خالی ہو تا تو اس کے
قریب کے گھر میں اخلاق احمدیت کا نمائندہ موجود ہو تا تو اس قسم کے حالات پیدا ہونے پر ان میں سے ہر
آگے بڑھتا اور کہتا۔میں اپنے باپ کے خلاف شہادت دیتا ہوں یا اپنے چچا کے خلاف شہادت دیتا ہوں یا اپنے دوست
کے خلاف شہادت دیتا ہوں کہ وہ گراں قیمت پر چوری چھپے اشیاء فروخت کر رہا ہے۔جس طرح قرآن کریم نے کہا
ہے کہ اگر تمہیں اپنے باپ یا اپنی ماں یا بھائی یا اپنے کسی رشتہ دار کے خلاف گواہی دینا پڑے تو تم خدا تعالیٰ کی رضا کے
لئے نڈر ہو کر گواہی دے دو اور رشتہ داری کی کوئی پرواہ نہ کرو اسی طرح اگر خدام الاحمدیہ یہ جذبہ اپنے اندر پیدا
کر چکے ہوتے تو ہر محلہ میں سے ایسے نوجوان نکل کر کھڑے ہو جاتے جو ہمارے پاس اگر کہتے۔ہمارے باپ کے پاس
فلاں چیز موجود ہے مگر وہ دکان پر تو کہہ دیتا ہے کہ میرے پاس نہیں لیکن اگر کوئی چوری چھپے زیادہ قیمت دے تو
دے دیتا ہے۔اسی طرح اگر کوئی اور نوجوان نکلتا اور کہتا کہ میری ماں جو کپڑا بیچا کرتی ہے وہ دکان پر تو یہ کہہ دیتی ہے
کہ میرے پاس فلاں کپڑا نہیں ہے لیکن جب کوئی گھر میں اگر زیادہ قیمت دے دیتا ہے تو اس قیمت پر وہ کپڑا نکال کر
اسے دے دیتی ہے۔اگر خدام الاحمدیہ نے اپنے فرائض کو ادا کیا ہوتا اور اگر ہر نوجوان کے دل میں اخلاق کی اہمیت کو
قائم کیا ہو تا تو ہمیں آج اپنے اندر وہی نظارہ نظر آتا جو رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مجلس میں صحابہ کے
اخلاق کا نظر آتا تھا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ میں ایک دفعہ ایک منافق نے کہہ دیا کہ مدینہ چل
لینے دو وہاں سب سے زیادہ معزز آدمی یعنی نعوذ باللہ عبد الله اعن ابی ابن سلول سب سے زیادہ ذلیل شخص یعنی نعوذ باللہ
محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو مدینہ سے نکال دے گا۔جب اس نے یہ بات کہی تو ا سکے بعد سب سے پہلا
شخص جو شکایت لے کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچا اسی عبد اللہ عن ابی ابن سلول کا بیٹا تھا۔اس نے کہایا

397
رسول اللہ میرے باپ نے ایسا کہا ہے اور اس کے فعل کی سزا سوائے قتل کے اور کوئی نہیں ہو سکتی۔یارسول اللہ میں
صرف یہ درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ میرے باپ کے قتل کا حکم نافذ فرما ئیں تو مجھے اس قتل پر مقرر کیا
جائے کسی اور کو مقرر نہ کیا جائے کیونکہ اگر کسی اور نے میرے باپ کو قتل کیا تو ممکن ہے کہ میرے دل میں اس کے
خلاف جوش پیدا ہو اور میں کسی خلاف شریعت فعل کا ارتکاب کر بیٹھوں۔تو اگر واقعہ میں خدام میں یہ جذبہ پیدا
ہو گیا ہو تا اور وہ جرائم کی شفاعت کو سمجھتے تو بجائے اس کے کہ اس موقعہ پر ہمیں تحقیق کرنی پڑتی کہ کون کون لوگ
ایسے ہیں جو اس جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں، ہر شخص آگے بڑھتا اور کہتا کہ میراباپ یا میر ابھائی یا میری ماں یا میرا
فلال رشتہ دار یہ جرم کر رہا
ہے اور میں اس کے خلاف اپنی شہادت پیش کرتا ہوں۔فردی جرم بے شک ایسی چیز ہے
کہ جس پر پر دو ڈالا جاسکتا ہے لیکن قومی جرائم پر کبھی پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔اگر قومی جرائم پر بھی پردہ ڈالا جائے تو قومی
ترقی بالکل رک جائے اور اس کے افراد اعلیٰ اخلاق کو بالکل کھو بیٹھیں۔قومی جرائم کے ارتکاب پر ضروری ہوتا ہے کہ
ہر محلہ بلکہ ہر گھر میں سے لوگ نکلیں اور بدی کا ارتکاب کرنے والوں کار از کھول دیں۔جب قومی جرائم کے ارتکاب
پر اس طرح راز کھولے جائیں تو جن لوگوں کی اصلاح اور ذرائع سے نہیں ہو سکتی ان کی اصلاح اس طریق سے ہو جاتی
ہے اور جبری طور پر ان میں نیکی پیدا ہو جاتی ہے۔بدی پر جرات انسان کو اس وقت ہوتی ہے کہ جب اسے یقین ہو تا
ہے کہ میرے دوست یا میرے رشتہ دار میرے راز کو ظاہر نہیں کرینگے لیکن اگر اسے یقین ہو کہ میں نے جو بھی برا
فعل کیا اسے میرے دوست خود بخود ظاہر کر دینگے تو وہ کبھی برے افعال کی جرات نہیں کر سکتا۔دیکھو چور ہمیشہ رات
کی تاریکی میں چوری کرنے کی کوشش کیا کرتا ہے۔اگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسا انتظام ہو تا کہ جو نہی کوئی چور
سیندھ لگا تا اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی ستارہ ایسا ظاہر ہو جاتا جس کی چمک اور روشنی کی وجہ سے فورا اسے دیکھ لیتے
کہ کوئی شخص چوری کر رہا ہے تو کیا اس کے بعد کسی ایک شخص کو بھی چوری کی جرات ہو سکتی۔یقینا کوئی شخص چوری
نہ کرتا کیونکہ وہ ڈر تاکہ ادھر میں نے چوری کی اُدھر میری گرفتاری عمل میں آجائے گی اور لوگوں کو پتہ لگ جائے
گا کہ اس فعل کا ارتکاب کس نے کیا ہے۔اسی طرح اگر ہم سے ہر شخص اپنی سوسائٹی کے لئے ایک چمکتا ہوا ستارہ بن
جائے تو کمزور لوگوں کو اخلاق اور شریعت کے خلاف افعال کرنے کی جرات نہ رہے اور وہ بھی نیکی اور تقویٰ کے لباس
میں ملبوس ہو جائیں۔یہی امید اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں سے رکھتا ہے کہ وہ سب کے سب ہدایت اور رہنمائی
کے چمکتے ہوئے ستارے بنیں اور جب کوئی شخص اس برائی کا ارتکاب کرے وہ اس پر اسی وقت اپنی روشنی ڈال دے تا
آئند دوہ اپنی اصلاح کر سکے اور قومی ترقی میں روک واقع نہ ہو۔یہ خدام الاحمدیہ کے قیام کی غرض ہے اور میں اللہ
تعالی کا اپنے انبیاء کے ذریعہ ایک روحانی جماعت قائم کرنے سے منشاء ہوتا ہے۔پس تم کو اپنا نور اتنا پھیلانا
چاہئے کہ تمہاری وجہ سے تاریکی کا کہیں نام و نشان نہ رہے اور اگر بعض لوگ اپنی کمزوریوں کی وجہ سے قومی

398
جرائم کا ارتکاب کریں تو تمہارا فرض ہے کہ تم ان کو فورا ظاہر کر دو۔بے شک اگر کسی شخص میں کوئی فردی کمزوری
پائی جاتی ہے تو تم اس کے عیب کو نہ ظاہر کر دو بلکہ علیحدگی میں اس کو سمجھاؤ اور دل میں اس کی ہدایت اور اصلاح کے
لئے دعائیں کرتے رہا کرو۔تمہارے لئے یہ جائز نہیں کہ تم فردی کمزوریوں کا لوگوں میں ذکر کرتے پھر ولیکن جس
طرح فردی جرائم کو ظاہر کرنا گناہ ہے اسی طرح قومی جرائم کا چھپانا گناہ ہے۔جب تمہیں قومی جرائم کا علم ہو تو تمہارا
فرض ہے کہ ان جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو ظاہر کرو۔ہر مجلس اصلاح اخلاق کے سلسلہ میں ریکارڈ اپنے پاس رکھے
میرے نزدیک اس امر کی بھی ضرورت ہے کہ ہر مجلس اصلاح اخلاق کے سلسلہ میں اپنے پاس ریکارڈ
رکھے جس میں یہ ظاہر ہو سکے کہ کن کن اخلاق کی طرف ہمیں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔میں نے بتایا کہ
فردی جرائم میں صرف نصیحت کرنا کافی ہے جرم کرنے والے نام کو ظاہر کرناضروری نہیں لیکن ریکارڈ میں بغیر نام
ظاہر کرنے کے اس امر کی صراحت کی جاسکتی ہے کہ ہم نے اتنے لوگوں کو فلاں فلاں فردی جرائم کی بناء پر نصیحت کی
اور ان کو اصلاح کی طرف توجہ دلائی ہے۔اسی طرح جب قومی جرم کا ارتکاب کرے تو اس کا بھی ریکارڈ میں ذکر آنا
چاہئے۔اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ ہر مجلس یہ بتا سکے گی کہ سو میں سے اتنے فیصدی فلاں جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔اتنے فیصدی لوگوں میں فلاں قسم کی کمزوری پائی جاتی ہے اور اتنے فیصد لوگ فلاں عیب میں مبتلا ہیں۔بے شک
اگر ان لوگوں کا نام ظاہر کیا جائے گا تو شریعت کے خلاف ہو گا لیکن بغیر نام کی صراحت کے ایک عام ریکارڈ کے ذریعہ
یہ معلوم ہو سکتا ہے کہ کن کن اخلاق کی نوجوانوں میں کمی ہے اور کن امور کی طرف ہمیں توجہ کرنے کی ضرورت
ہے۔مثلاً سچائی ہے۔ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ ہر مجلس میں کتنے فیصدی نوجوان سچائی اختیار کرنے میں اعلیٰ نمونہ
نہیں دکھا رہے یا اشاعت فحش ایک جرم ہے۔ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کتنے لوگ
ہمارے اندر موجود ہیں۔بہر حال اخلاق کی نگہداشت خدام الاحمدیہ کا ایک اہم فرض ہے اور ہر رکن کے لئے اس بات
کا سمجھنا ضروری ہے کہ قومی جرم کا چھپانا ایک خطر ناک جرم ہے جس طرح فردی جرم کو ظاہر کرنا جرم ہے۔قومی جرم اور فردی جرم میں فرق
قومی جرم سے مراد در حقیقت دو قسم کے جرائم ہوتے ہیں۔اول وہ جرم جو قوم کے خلاف ہوتے ہیں اور
جن کا قومی لحاظ سے شدید نقصان ہو تا ہے۔دوسرے وہ افعال جو کسی دوسرے شخص کو نقصان پہنچانے کے لئے
اختیار کئے جاتے ہیں۔مثلاً ایک شخص کسی دوسرے پر قاتلانہ حملہ کرنے کے متعلق کوئی بات کر رہا ہو تو اس کا علم
کسی اور شخص کو ہو جائے تو یہ فردی جرم نہیں ہو گا بلکہ قومی جرم ہو گا کیونکہ اس کا نقصان قوم کے ایک فرد کو پہنچنے کا

399
امکان ہے۔اس صورت میں اگر وہ اخفا سے کام لیتا ہے اور دوسرا شخص حملہ کر کے قتل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے
تو وہ جس نے بات کو سنا تھا اور جسے اس سازش کا پہلے سے علم ہو چکا تھا مگر اس نے ظاہر نہیں کیا وہ بھی اس قتل میں
شریک سمجھا جائے گا۔اگر یہ وقت پر بتا دیتا تو اصلاح کی جاسکتی تھی لیکن چونکہ اس نے وقت پر نہیں بتایا اس لئے وہ
بھی قاتل سمجھا جائے گا اور شریعت کے نزدیک مجرم ہو گا۔پس قومی جرم سے مراد وہ جرم ہیں جن کا ضرر کسی دوسرے انسان کو پہنچ سکتا ہو اور فردی جرم سے مراد وہ
جرم ہے جس کا ضرر کسی دوسرے کو نہ پہنچتا ہو یا کسی ایسے گذشتہ جرم کا ذکر کرنا جو خواہ اپنی ذات میں قومی جرم ہو لیکن
وہ حال سے منقطع ہو چکا ہو وہ بھی فردی جرم سمجھا جائیگا۔مثلا فرض کرو ایک شخص نے آج سے دس سال پہلے کوئی
چوری کی تھی اور چوری کرنا ایک قومی جرم ہے لیکن اگر کوئی شخص کسی کے دس سالہ گذشتہ چوری کے واقعہ کا ذکر
کرتا ہے تو اس چوری کو قومی جرم نہیں بلکہ فردی قرار دیا جائیگا۔ایسی صورت میں ضروری ہو گا کہ وہ دوسرے کے
ما پر پردہ ڈالے اور اس کا لوگوں میں اظہار نہ کرے۔دس سال پہلے اگر اس نے کسی کی پنسل چرالی تھی یا ایسی ہی
کوئی چیز چرالی تھی تو گو چوری کے لحاظ سے اس کا یہ جرم کم نہیں مگر چونکہ اس پر ایک لمبا عرصہ گزر چکا ہے اس لئے
اب اس کا اظہار کوئی فائدہ نہیں دے سکتا۔اب اس چوری کا علاج سوائے اس کے کچھ نہیں کہ انسان تو بہ کرے
اپنے گذشتہ قصور پر استغفار کرے اور آئندہ کے لئے یہ عہد کرے کہ وہ ایسا فعل کبھی نہیں کرے گا۔بہر حال استنالمبا
عرصہ گزرنے پر اس کا یہ فعل قومی جرم نہیں رہا بلکہ ایک فردی جرم بن گیا ہے۔پس ہر وہ جرم جس کا ازالہ نہیں
ہو سکتایا جس فعل کے دوبارہ ہونے کا امکان نہیں وہ فردی جرم ہے اور ہر وہ جرم جس کا ازالہ ہو سکتا ہے اور جس کا اثر
قوم پر پڑتا ہے تو وہ قومی جرم ہے۔پس قومی اور فردی جرائم میں جو فرق ہے وہ بار بار نوجوانوں کو بتانا چاہئے تاکہ ایک
طرف جہاں لوگوں میں تجس کا مادہ پیدا نہ ہو وہاں دوسری طرف لوگوں کے اخلاق کی نگرانی ہو سکے اور معلوم
ہو سکے کہ کون لوگ اخلاقی حصوں پر عمل کرنے میں سستی سے کام لے رہے ہیں۔اگر خدام الاحمدیہ کی طرف سے
اس میں اصلاح اخلاق کی کوشش کی جاتی تو میرے سامنے یہ ذکر نہ آتا کہ قادیان میں مخفی طور پر بعض لوگ گراں
قیمت پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔مجھے معلوم نہیں کہ قادیان میں ایسا ہو تا ہے یا نہیں ہو تا لیکن اگر ہو تا ہے تو اس
کے معنی یہ ہیں کہ خدام الاحمدیہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں بالکل ناکام رہے ہیں۔ان کے نمائندے ہر محلہ میں
موجود ہیں۔ہر گھر میں موجود ہیں اور وہ اگر چاہتے تو اس نقص کا آسانی کے ساتھ ازالہ کر سکتے تھے لیکن چونکہ انہوں
نے اس طرف توجہ نہیں کی اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ اس کی ذمہ داری خدام الاحمدیہ کے کارکنوں پر عائد ہوتی
ہے کہ انہوں نے یہ باتیں بار بار اپنے نمائندوں کے سامنے نہیں رکھیں ورنہ اس سستی اور غفلت کا ان کی طرف سے
مظاہرہ نہ ہوتا۔

400
آپس میں لڑائی جھگڑے کی عادت
تیسری چیز لڑائی جھگڑا ہے۔میں دیکھتا ہوں کہ یہ عادت ابھی برابر جاری ہے۔ذراسی بات ہوتی ہے لیکن
اس پر آپس میں لڑائی شروع ہو جاتی ہے۔یہ بھی ایک خطر ناک نقص ہے جس کا ازالہ ضروری ہے۔بسا اوقات انسان
ہنسی مذاق میں کوئی بات کہہ رہا ہوتا ہے مگر دوسرا اس مزاح کو برداشت نہ کر کے لڑائی جھگڑے کی صورت پیدا کر دیتا
ہے حالانکہ ایسے حالات میں بات کو ہنسی میں ٹال دینا زیادہ مناسب ہوا کرتا ہے مگر بعض دفعہ ایک شخص غصیلا ہو تا
ہے اور مزاح کو برداشت نہ کر کے وہ لڑ پڑتا ہے۔جہاں ایسی صورت پیدا ہو وہاں دوسرے کے لئے ضروری ہوتا ہے
کہ وہ خاموش رہے اور وہاں سے اٹھ کر چلا جائے۔ہر بات جو نا پسند ہو اس پر لڑائی شروع کر دینا، معاملہ کو بلاوجہ
طول دینا اور تفرقہ و شقاق کی صورت پیدا کر کے مقاطعہ کی نوبت پہنچانا اور بول چال بند کر دینا ہر گز ایک مومن کے
شایان شان نہیں۔اگر ہر شخص کو اس امر کی اجازت دے دی جائے کہ جس سے چاہے بول چال بید کر دے، جس
سے چاہے تفرقہ اختیار کرلے تو قوم کی ٹوٹتے ٹوٹتے کوئی حیثیت ہی باقی نہیں رہ جاتی۔یہ باتیں ہیں جن کی طرف
خدام الاحمدیہ کو میں خصوصیت کے ساتھ توجہ دلاتا ہوں اور ہدایت کرتا ہوں کہ انہیں جہاں بھی پتہ لگے کہ دو
احمدی نوجوان کسی وجہ سے آپس میں گفتگو نہیں کرتے تو ان کے اس فعل کو قومی جرم قرار دیا جائے اور انہیں نصیحت
کی جائے کہ مقاطعہ کرنایا بول چال بند کر دینا ان کے لئے جائز نہیں ہے۔یہ تین چیزیں ہیں جن کی طرف میں اس وقت خصوصیت سے خدام الاحمدیہ کو توجہ دلاتا ہوں اور ا
بات تو یہ ہے کہ درد کی وجہ سے مضمون کا تسلسل بھی قائم نہیں رہا اور اب مزید کچھ کہنا میرے لئے ناممکن ہے۔اس
لئے میں انہی تین شقوں پر آج کی تقریر کو ختم کرتا ہوں اور اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ ہمارے کارکنوں کو اور تمام
خدام اور اطفال کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کے سمجھنے اور اس کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمادے اور ہر قدم پر وہ
آپ لوگوں کی راہنمائی فرمادے تاکہ وہ باتیں جو آپ کو معلوم ہیں ان پر آپ عمل کر سکیں اور جو باتیں معلوم نہیں وہ
خدا تعالیٰ خود آپ لوگوں کو سکھائے تا کہ آپ دین کی باتوں کو اچھی طرح جانیں اور ہمیشہ ان پر عمل کرتے رہیں۔آمین۔“
( تقریر بر موقعه سالانہ اجتماع خدام الاحمدیہ مورخه ۱۵ اکتوبر ۱۹۴۴ء مطبوعه الفضل ۹ نومبر ۱۹۴۴ء)

آج 10 میں سے 10 باقی