حقیقت جہاد

مضامین ناصر

حقیقت جہاد
سیدنا حضرت خلیفہ مسیح الثالث اید اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
کا ستائیس برس پہلے کا ایک قیمتی مقالہ (ادارہ)
اب تک جہاد پر جو مضامین لکھے گئے ہیں ان میں صرف یہ بحثیں ہوتی رہی ہیں کہ جہاد بالسیف
کب اور کن شرائط کے ماتحت جائز ہے اور یہ کہ اشاعت اسلام کے لئے تلوار چلانے کی اجازت نہیں
دی گئی اور بس۔میں نے یہ راستہ نہیں لیا۔میرے نزدیک بجائے اس بات پر زور دینے کے کہ جہاد
بالسیف کب اور کیوں جائز ہے زیادہ زور اس بات پر دینا چاہیے کہ اسلام میں جہاد کے معنی کیا ہیں اور
اشاعت اسلام کے متعلق قرآن کریم نے کیا احکام بتائے ہیں؟ جب ہم اشاعت دین کے متعلق
اسلامی تعلیم لوگوں کے ذہنوں میں اچھی طرح راسخ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے تو یہ مسئلہ خود بخود
حل ہو جائے گا کہ اسلام نے اشاعت دین کے ہتھیاروں میں تلوار کو نہیں رکھا، اس کا استعمال اور ہے
اور یہ اپنے محل پر ہی استعمال ہونی چاہیے۔پس میں اس مختصر سے نوٹ میں یہ بتاؤں گا کہ جہاد کے معنے لغت میں اپنی پوری طاقت خرچ
کرنا ہے اور اسلامی اصطلاح میں جہاد کے معنے ہیں نفسِ امارہ ، شیطان ، اور دشمن آزادی مذہب کے
خلاف تمام طاقتوں کو لگانا۔اسلام میں جہاد نفس سے شروع ہوتا اور شیطان پر ختم ہوتا ہے۔شیطان کے
خلاف جہاد کرنے کے دوران میں بعض ایسی صورتیں پیدا ہو جاتی ہیں کہ مجبوراً تلوار چلانی پڑتی ہے اور
اس لئے چلانی پڑتی ہے کہ مکمل مذہبی آزادی کو دنیا میں قائم کیا جائے۔تا جو شخص بھی مسلمان ہو وہ صرف
اس لئے مسلمان ہو کر اسلام کی حقانیت اس پر کھل گئی ہے۔نہ اس لئے کہ اسلام کا نام زبان پر لائے
بغیر اسے چارہ نہیں۔میں نے اشاعت مذہب کے مسئلہ پر نسبتاً بسيط بحث کی ہے اور بتایا ہے کہ
اشاعت اسلام کرتے ہوئے مخالفین کے سامنے صرف دو چیزوں کو پیش کرنا جائز ہے، قرآنی نمونہ اور

۳۱
قرآنی دلائل اور یہ کہ انہیں پیش کرتے ہوئے کمال حکمت اور نرمی سے کام لینا چاہیے۔پھر اس کے بعد
جہاد بالسیف پر مختصر سا تبصرہ ہوگا۔وَمَا تَوْفِيقِى إِلَّا بِاللَّهِ
جہاد کے معنی لغت کی رو سے
جهاد کا لفظ جَهَدَ سے مشتق ہے اور جھد کا معنی ہیں مشقت برداشت کرنا اور جہاد کے معنی
ہیں کسی کام کے کرنے میں پوری طرح کوشش کرنا اور کسی قسم کی کمی نہ کرنا۔تاج العروس میں ہے
وَحَقِيْقَةُ الْجِهَادِ كَمَا قَالَ الرَّاغِبُ الْمُبَالَغَةُ وَاسْتِفْرَاغُ الْوُسُعِ وَالْجُهْدِ فِيمَا لَا يُرْتَضَى
وَهُوَ ثَلَاثَةٌ أَضْرُبٍ مُجَاهَدَةُ الْعَدُةِ الظَّاهِرِ وَالشَّيْطَانِ وَالنَّفْسِ وَتَدْخُلُ الثَّلَاثَةُ فِي
قَوْلِهِ تَعَالَى وَجَاهِدُوا فِي اللهِ حَقَّ جِهَادِهِ - یعنی جیسا کہ راغب نے کہا ہے جہاد کے حقیقی
معنی ہیں کسی قسم کی کمی اٹھا نہ رکھنا اور اپنی ساری طاقتوں کو خرچ کرنا اور نفس پر بار ڈال کر
اس کام کو کرنا۔اور جہاد کی تین قسمیں ہیں۔عدو ظاہر کا پوری کوشش سے مقابلہ کرنا،
شیطان کے مقابلہ میں اپنی تمام طاقتوں کو خرچ کرنا اور اس بات میں پورا زور لگا دینا کہ
دنیا سے شیطانی باتوں کا قلع قمع ہو جائے ، اسی طرح نفس سے جنگ میں پوری کوشش سے کام لینا
اور آیت کریمہ وَجَاهِدُوا فِي اللهِ حَقَّ جِهَادِهِ (الحج: ۷۹) جہاد کی مذکورہ بالا تینوں قسموں
کی طرف اشارہ کرتی ہے۔لسان العرب میں بھی جہاد کے معنی الْمُبَالَغَةُ وَاسْتِفْرَاعُ الْوُسْعِ ہی لکھے ہیں۔یعنی کوشش کو
انتہاء تک پہنچانا اور اپنی طاقتوں کو کلی طور پر کسی کام میں لگا دینا۔پس عربی زبان میں جہاد کے معنی اپنی
طاقتوں کو کلی طور پر اپنے مد مقابل کے خلاف لگا دینے کے ہوئے۔اسلامی اصطلاح میں جہاد کے معنی
عربی زبان میں جہاد کے معنی یہ تھے کہ جس چیز کے خلاف جہاد کیا جائے خواہ وہ کوئی چیز ہی
کیوں نہ ہو اس جہاد میں اپنی ساری طاقتوں کا لگا دینا۔کیا اسلامی اصطلاح میں جہادان عام معنوں

۳۲
میں استعمال کیا گیا ہے یا اسلام نے ان عام معنوں کو محدود کر کے جہاد کو خاص معنوں میں استعمال کیا
ہے؟ اسلام نے جہاد کے معنوں میں تو کوئی تبدیلی پیدا نہیں کی۔البتہ ان چیزوں کو جن کے خلاف
جہاد کی تلقین کی ہے اسلام نے تین میں محدود کر دیا ہے یعنی (۱) نفس کے خلاف جہاد کرنا ،
(۲) شیطان کے خلاف جہاد کرنا اور (۳) دنیا سے شیطانی تعلیمات کو مٹا کر اسلامی تعلیمات کو رائج
کرنا اور بعض استثنائی صورتوں میں جب کوئی اور چارہ نہ رہے تو پھر مذہبی آزادی کے دفاع کے لئے
دشمن کے خلاف تلوار اٹھانا۔شیطان کا اپنی ساری قوتوں کو اس بات میں خرچ کرنا کہ اسلامی تعلیمات دنیا سے مٹ جائیں
لغت کی رو سے ایک جہاد ہوگا مگر اسلامی اصطلاح میں یہ جہاد نہیں۔اسلامی اصطلاح میں جہاد صرف
تین چیزوں کے خلاف اپنی ساری توجہ کو مبذول کرنے اور تمام طاقتوں کو خرچ کرنے کا نام ہے اور یہ
تین چیزیں یہ ہے۔(۱) نفس امارہ بالسوء اور (۲) شیطان اور اس کی تعلیمات اور (۳) عدو ظاہر یعنی
ایسا دشمن جو اسلام کو تلوار سے مٹانا چاہے۔اللہ تعالیٰ سورہ عنکبوت میں فرماتا ہے۔وَالَّذِينَ جَاهَدُوا
فِيْنَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا (العنكبوت: ۷۰) یعنی جو لوگ ہماری خاطر اور ہماری بتائی ہوئی ہدایات کے
مطابق جہاد کرتے ہیں ہم ان پر اپنے قرب کی راہیں کھول دیتے ہیں۔اس آیت کریمہ میں لفظ
جَاهَدُوا کے مفعول کا ذکر نہیں اور ہر چیز جو مفعول بننے کی اہل ہو اس کا مفعول بن سکتی ہے۔لیکن گو
جَاهَدُوا کے مفعول کا ذکر نہیں مگر جہاد کے ساتھ فینا کی قید لگا دی ہے جس کے معنی ہیں ہماری
خاطر اور ہماری رضا کو حاصل کرنے کے لئے اور ہماری ہدایات کے مطابق اور یہ فینا کی قید ہی ہے
جس سے ہمیں یہ پتہ چلتا ہے کہ اسلام میں جہاد کی تین چیزوں کے خلاف کیا جاتا ہے۔وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِيْنَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا کی تفسیر تفسیر کشاف میں یوں کی گئی ہے اطلق
الْمُجَاهَدَةَ وَلَمْ يُقَيّدْهَا بِمَفْعُولٍ لِيَتَنَاوَلَ كُلَّ مَا يَجِبُ مُجَاهَدَتَهُ مِنَ النَّفْسِ الْأَمَّارَةِ
بِالسُّوءِ وَالشَّيْطَانِ وَاَعْدَاءِ الدِّينِ یعنی جَاهَدُوا کے لفظ کو مطلق رکھا ہے اور کسی مفعول کے ذکر
سے اسے مقید نہیں کیا۔تا ہر وہ چیز جس کے خلاف مجاہدہ کرنا واجب ہے اس کا مفعول بن سکے۔یعنی

۳۳
نفس امارہ ، شیطان اور اعداء دین۔اسلامی تعلیم پر نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی تعلیم یا تو نفس امارہ کو مارنے کی تلقین کرتی
ہے اور اس جہاد پر بہت زور دیا گیا ہے۔اسی کی طرف اس آیت کریمہ میں اشارہ ہے یا يُّهَا الَّذِينَ
أَمَنُوا عَلَيْكُمْ أَنْفُسَكُمْ ۚ لَا يَضُرُّكُمْ مَّنْ ضَلَّ إِذَا اهْتَدَيْتُمْ (المائدة:۱۴) اے مومنو!
سب سے قبل تم اپنے نفسوں کی اصلاح کی طرف توجہ کرو اگر تم صحیح راستہ پر قائم ہوجاؤ تو تمہیں دوسروں
کی گمراہی کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتی۔(اس جہاد کا تفصیلی ذکر بعد میں آئے گا) اور یا اسلامی تعلیم شیطانی
تعلیمات کو دنیا سے مٹانے کی تلقین کرتی ہے تا اسلامی تعلیم دنیا میں قائم ہو جائے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔كُنتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ
المنكر (ال عمران : 1) یعنی تم دنیا میں بہترین امت ہو اس لئے کہ تم سے پہلی امتوں میں سے بعض نے
اصلاح نفس تو کی تھی مگر سا راز در رہبانیت پر خرچ کیا تھا۔انہوں نے اپنے نفس کے خلاف تو جہاد کیا تھا
مگر شیطانی تعلیمات کو دنیا سے مٹانے کی کوشش نہ کی تھی اور بعض نے دوسروں کو تو خیر کی طرف بلایا تھا
اور شیطانی تعلیمات کے خلاف تو جہاد کیا تھا مگر وہ اپنے نفسوں کو بھول گئے تھے۔تم پچھلی سب امتوں
سے بڑھ گئے ہو اور سب سے بلند مرتبہ ہو اس لئے کہ تم نے پہلے اپنے نفسوں کی اصلاح کی اور خدا تعالیٰ
پر حقیقی ایمان لائے ، ایسا ایمان کہ اس کے بعد رسول کی لائی ہوئی تعلیم پر عمل کئے بغیر تم رہ نہ سکتے تھے۔پھر جب تم مجاہدہ نفس میں کامیاب ہو گئے تو دنیا میں اس لئے نکلے کہ تم شیطان کے خلاف جنگ کرو اور
اپنے گمراہ بھائیوں کو راہ ہدایت پر چلاؤ۔لہذا تم خیر الام ہوئے۔پس دوسروں کو ہدایت کی طرف بلانا
اور شیطانی تعلیمات کو دنیا سے مٹانے کی پوری کوشش کرنا، یہ دوسری قسم کا جہاد ہے۔پھر تیسری چیز جس
کے خلاف اسلام نے جہاد کی تعلیم دی ہے وہ دشمن ہے۔جو تلوار کے زور سے اسلامی تعلیم کو دنیا سے مٹانا
چاہتا ہے۔اسے دشمن کے خلاف بعض شروط کے ساتھ تلوار چلانے کی اجازت دی گئی ہے جن کا ذکر
آگے آئے گا۔خلاصہ کلام یہ ہے کہ لغت کی رو سے جہاد کے معنی یہ تھے کہ جس چیز سے بھی جہاد کیا جائے اس

۳۴
کے خلاف اپنی ساری طاقتوں اور قوتوں کو لگانا۔لغت ہمیں یہ نہیں بتاتی کہ یہ جہاد کن چیزوں کے خلاف
ہونا چاہیے۔لغت کی رو سے شیطانی جہاد بھی جہاد ہے، دنیوی جہاد بھی جہاد ہے اور دینی جہاد بھی جہاد
ہے۔اسلامی اصطلاح میں لفظ جہاد کے معنے تو وہی رہتے ہیں جو لغت میں تھے یعنی ان تھک کوشش اور
سارے قویٰ کی توجہ اس چیز کی طرف لگا دینا جس کے خلاف جہاد ہورہا ہو مگر اسلامی اصطلاح نے ان
چیزوں کو جن کے خلاف دینی جہاد کرنا چاہیے تین میں محدود کر دیا ہے۔نفس، شیطانی تعلیمات اور تلوار
کے زور سے مذہبی آزادی کو مٹانے والا دشمن۔جہاد کی تین قسمیں
اسلامی اصطلاح میں جہاد کے معنوں پر بحث کرتے ہوئے ہمیں معلوم ہوا تھا کہ اسلامی تعلیم
کے مطابق جہادتین چیزوں کے خلاف کیا جاتا ہے۔پس یہ تین قسم کا جہاد ہوا۔اول وہ جہاد جو نفس کے
خلاف کیا جائے اور اسے اسلامی اصطلاح میں ” جہاد کبر" کہتے ہیں۔دوم وہ جہاد جو شیطان اور شیطانی
تعلیموں کے خلاف کیا جائے اور اس کا نام ”جہاد کبیر“ ہے۔سوم وہ جہاد جو دشمن آزادی مذہب کے
خلاف کیا جائے اور یہ جہاد اصغر کے نام سے موسوم ہے۔جهاداً كبير
مجاہدہ نفس کو خود آنحضرت ﷺ نے جہادا کبر کہا ہے۔حدیث میں آتا ہے عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى
اللهُ عَلَيْهِ وَ آلِهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ رَجَعَ مِنْ بَعْضِ غَزَوَاتِهِ فَقَالَ رَجَعْنَا مِنَ الْجِهَادِ الْأَصْغَرِ إِلَى
الْجِهَادِ الْاَكْبَرِ (کشاف) یعنی نبی کریم ﷺ ایک جنگ ( غزوہ تبوک) سے واپس لوٹ رہے
تھے تو آپ نے فرمایا ہم جہادِ اصغر یعنی جنگ سے واپس آرہے ہیں اور جہاد کبر یعنی مجاہدہ نفس کی
طرف جا رہے ہیں۔مجاہدہ نفس تینوں قسم کے جہادوں میں سب سے بڑا اور سب سے افضل ہے اور اسلام نے ہمیں
یہی حکم دیا ہے کہ جہاد کی ابتدا ء اپنے نفس سے کرو اور جب اس میں ایک حد تک کامیاب ہو جاؤ پھر

۳۵
اشاعت اسلام یا جہاد کبیر کی طرف متوجہ ہو۔چنانچہ فرمایا یا يُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا عَلَيْكُمْ أَنْفُسَكُمْ
لَا يَضُرُّكُمْ مَّنْ ضَلَّ إِذَا اهْتَدَيْتُمْ (المائدة: ١٠٦) اے مومنوا ! ( جنہیں یہ یقین ہے کہ
خدا تعالیٰ کی راہ میں کوشش کرنے والا خدا تعالیٰ کے قرب
کو پالیتا ہے ) سب سے قبل اپنے نفسوں کی فکر
کر دو اور مجاہدہ نفس اور تزکیہ نفس میں لگے رہو۔دوسروں کی گمراہی تمہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی اگر
تم خود راه راست پر گامزن ہو۔پس اپنے نفسوں کی اصلاح میں لگے رہو اور انہیں خدا تعالیٰ کے قرب کی
راہوں پر چلاؤ تا اگر اس کا فضل تمہارے شامل حال رہے تو تم نجات پاسکو۔لیکن اگر تم نے ایسا نہ کیا اور
اصلاح نفس کی طرف تو بہ کم کی اور اشاعت اسلام میں لگے رہے تو نتیجہ یہ ہوگا کہ اول تو دوسروں پر
تمہاری تبلیغ کا کوئی اثر نہ ہوگا اور اگر ہو بھی تو وہ تو ہدایت پا جائیں گے مگر خود تم ہلاک ہو جاؤ گے۔پس
تمہارا اولین فرض اصلاح نفس ہے۔یہ فرض ادا کرنے کے بعد دوسرے فرائض کی طرف متوجہ ہونا۔شیخ اسمعیل حقی اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں فَلَا تَشْتَغِلُوا قَبْلَ تَزْكِيَتِهَا بِتَزْكِيَةِ
نُفُوسِ الْخَلْقِ ( تفسیر روح البیان ) چاہیے کہ تم اپنے نفوس کی اصلاح اور تزکیہ سے پہلے خلق خدا کے
نفوس کی اصلاح میں نہ لگ جاؤ۔اور تفسیر کشاف میں ہے گانَ الْمُؤْمِنُونَ تَذْهَبُ أَنْفُسُهُمُ
حَسْرَةً عَلَى أَهْلِ الْعَدُوِّ وَالْعِبَادِ مِنَ الْكَفَرَةِ يَتَمَنَّوْنَ دُخُولَهُمْ فِي الْإِسْلَامِ فَقِيلَ لَهُمْ
عَلَيْكُمْ أَنْفُسَكُمْ وَمَا كَلَّفْتُمُ مِنْ إِصْلَاحِهَا وَالْمَشْيِ بِهَا فِي طُرُقِ الْهُدَى - مومنین اس غم
میں گھل رہے تھے کہ اسلام کے جانی دشمن کیوں اسلام قبول نہیں کرتے اور اپنی دشمنی پر کیوں اڑے
ہوئے ہیں۔پس انہیں کہا گیا کہ اشاعت اسلام سے قبل تمہیں اپنے نفسوں کی اصلاح کی فکر چاہیے اور
چاہیے کہ کسی اور کام سے پہلے تم اپنے نفسوں کو ان راہوں پر چلاؤ جو قرب الہی کے حصول کا ذریعہ ہیں۔احادیث میں بھی جہادا کبر کی طرف بہت تاکید سے توجہ دلائی گئی ہے۔ترمذی میں ہے اِنَّ
رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ الْمُجَاهِدُ مَنْ جَاهَدَ نَفْسَهُ - مسند احمد بن حنبل میں
الله
اس حدیث کے آخر میں فِی طَاعَةِ الله بھی ہے۔یعنی نبی کریم علیہ فرماتے ہیں کہ حقیقی مجاہد یا
بہترین مجاہد جو دوسری اقسام کے مجاہدین پر فضیلت رکھتا ہے وہ اپنے نفس کے خلاف جہاد کرنے والا

۳۶
ہے۔اس سے بھی مجاہدہ نفس کی افضلیت ظاہر ہے۔ضمناً یہ بات بھی ذکر کر دینا ضروری ہے کہ مختلف احادیث میں مختلف چیزوں کو سب سے بڑا
جہاد کہا گیا ہے۔کبھی آپ یہ فرماتے ہیں کہ حج سب سے افضل جہاد ہے اور کبھی فرماتے ہیں کہ ظالم
بادشاہ کے سامنے سچی باتیں کہنا سب سے افضل جہاد ہے اور کبھی یہ کہ دین کی راہ میں مارا جانا سب سے
افضل جہاد ہے۔پس ان احادیث میں بظا ہر تناقض ہے اور اس کو اس وقت تک حل نہیں کیا جاسکتا جب
تک
کہ ہم جہاد کی ان تین قسموں کو اپنے سامنے نہ رکھیں۔میں ان احادیث کا اپنی اپنی جگہ ذکر کروں گا
اور ان کا اپنی اپنی جگہ پر رکھنا ہی ان کا حل ہے۔فَتَدَبَّرُوا۔بخاری میں ہے عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهَا قَالَتْ يَارَسُولَ اللَّهِ نَرَى الْجِهَادَ
أَفْضَلُ الْعَمَلِ اَفَلَا نُجَاهِدُ فَقَالَ لَكِنْ أَفْضَلُ الْجِهَادِ حَجٌ مَبْرُورٌ - حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا
سے روایت ہے کہ میں نے آنحضرت ﷺ سے سوال کیا کہ یارسول اللہ ! ہم عورتیں دین کی خاطر
جنگ کو تمام نیکیوں سے افضل خیال کرتی ہیں، پس کیا ہم جنگ میں شرکت نہ کیا کریں۔تو آپ نے
جواب دیا ( اور جواب بہت جامع اور قابل غور ہے ) کہ سب سے افضل جہاد حج مبرور ہے۔سوال میں
تھا أَفْضَلُ العَمَلِ “ سب نیک کاموں سے افضل، جواب میں آپ فرماتے ہیں۔افضل
الْجِهَادِ “۔اس جواب میں بڑے لطیف طریق پر سائلہ کی غلطی کو دور کیا گیا۔سوال یہ کیا گیا نیکی کے
کاموں میں سے صرف ایک کام کو ہم جہاد کہتی ہیں اور وہ خدا تعالیٰ کی خاطر جنگ کرنا ہے۔جواب یہ دیا
جاتا ہے کہ تم صرف جنگ کو جہاد کیوں کہتی ہو تمام نیک کام جہاد میں شامل ہیں کیونکہ جواب میں
أَفْضَلُ الْعَمَلِ حَجٌ مَبْرُورٌ کی بجائے "أَفْضَلُ الْجِهَادِ حَجٌ مَبْرُورٌ فرمایا۔اگر یہ صحیح
ہونے کے بعد سوال پوچھا جاتا تو یہ ہوتا کہ ہم عورتیں جہاد کی مختلف قسموں میں سے جنگ کو افضل سمجھتی
ہیں۔کیا ہم جنگ نہ کیا کریں؟ تو اس کا جواب آپ یہ دیتے ہیں کہ تم جنگ کو افضل الجہاد سمجھنے میں غلطی
کرتی ہو افضَلُ الْجِهَادِ تو مجاہدہ نفس ہے اور مجاہدہ نفس کے لئے جن اعمال کی ضرورت ہے ان
میں سے عورتوں کے لئے حج مبرور سب سے افضل ہے ( حقیقت تو یہ ہے کہ حج مبرور میں تمام نیکیاں

۳۷
ہی شامل ہو جاتی ہیں۔فَتَدَبَّرُوا) کیونکہ تزکیہ نفس کو دوسری قسم کے جہادوں پر برتری حاصل ہے
کیسے صاف الفاظ میں جہادا کبر کی افضلیت ثابت کی گئی ہے۔مذکورہ بالا حدیث سے یہ دھوکہ نہ کھانا چاہیے کہ صحابہ کرام لفظ جہاد کو صرف جنگ کے لئے
استعمال کرتے تھے۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہم حقیقت جہاد سے اچھی طرح واقف تھے۔چنانچہ ایک
روایت ہے قَالَ بَعْضُ الصَّحَابَةِ لِمَنْ سَأَلَهُ عَنِ الْغَزْوِ إِبْدَءُ بِنَفْسِكَ فَاغْزُهَا وَابْدَأُ
بِنَفْسِكَ فَجَاهِدُ (لطائف المعارف لا بن رجب الحنبلی صفحه ۲۴۱ ) یعنی ایک
صحابی سے کسی نے جنگ کے متعلق سوال کیا تو آپ نے فرمایا کہ پہلے اپنے نفس سے جنگ کرو اور پہلے
اپنے نفس کے خلاف جہاد کرو پھر کسی اور جہاد کی فکر کرنا“۔خلاصہ کلام یہ ہے کہ جہاد کے معنی ہیں خدا تعالیٰ کی پوری اطاعت اور فرمانبرداری کرتے ہوئے
اس کی راہ میں اپنی تمام طاقتوں کا خرچ کرنا۔جہاد نفس، شیطان اور دشمن آزادی مذہب سے کیا جاتا
ہے۔مجاہدہ نفس تمام جہادوں سے افضل ہے۔جو شخص اس جہاد کو تو چھوڑ دیتا ہے اور صرف دوسرے
جہادوں کی طرف توجہ کرتا ہے وہ اسلامی تعلیم کے خلاف چلنے والا ہے۔باقی رہا یہ سوال
کہ مجاہدہ پنفس کا
کیا طریق اور سلوک کی کونسی راہیں ہیں تو اس چھوٹے سے نوٹ میں اس کا تفصیلی جواب دینا محال
ہے۔مختصر یہ کہ پڑھو قرآن، پھر پڑھو قرآن ، پھر پڑھو قرآن اور اس کے اوامر ونواہی پر غور کرو اور پھر
اس تعلیم پر عمل کر و مجاہد نفس بن جاؤ گے۔جہاد کبیر
دوسرے درجہ پر جہاد کبیر ہے اور یہ اسی پر فرض ہے جو پہلے جہادا کبر کر چکا ہو اور اس میں ایک
حد تک کامیاب ہو چکا ہو جیسا کہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ جہاد کی ابتداء جہاد نفس سے کرنی چاہیے۔فرمایا
وَجَاهِدُهُمْ بِهِ جِهَادًا كَبِيرًا (سورة الفرقان: 14) تو قرآن کریم کو لے کر کھڑا ہو اور قرآنی دلائل
کے ساتھ ان کافروں سے جہاد کبیر کر اور ان تک اسلامی تعلیم پہنچا اور ان کے دلوں سے شیطانی تعلیموں
کو مٹا ڈال کہ نور کے مقابلہ پر ظلمت ٹھہر نہیں سکتی۔اور اسے جہاد کبیر اس لئے کہا کہ فَإِنَّ مُجَاهَدَةَ

۳۸
66
السُّفَهَاءِ بِالْحُجَجِ اَكْبَرُ مِنْ مُجَاهَدَةِ الْاَعْدَاءِ بِالسَّيْفِ “۔( روح البیان ) جاہل کافروں کا
مقابلہ دلائل کے ساتھ کرنا یقیناً تلوار سے دشمنوں کا مقابلہ کرنے سے افضل ہے۔اس آیت کریمہ میں
جہاد کے معنی صرف اور صرف اشاعت اسلام کے ہی ہو سکتے ہیں۔یہ مگی آیت ہے اور جہاد بالسیف کی
اجازت سے قبل نازل ہوئی تھی۔قرآن کریم نے بار بار اس امر کی طرف توجہ دلائی ہے کہ مجاہدہ نفس کے بعد دلائل کے ساتھ
اسلام کو پھیلانا بہت ضروری ہے۔ہم اس وقت تک حقیقی صفائی کو حاصل نہیں کر سکتے جب تک کہ اپنے
ماحول کو صاف نہ کر دیں۔پس مجاہدہ نفس کے بعد اشاعتِ اسلام بہت بڑا جہاد ہے اس لئے کہ ہمارا
اپنا ماحول صاف ہو جائے اور ہم ہرقسم کی کدورتوں سے بچ جائیں اس لئے کہ مخلوق خدا راہ راست پر
آئے اشاعت اسلام ایک اہم فریضہ ہے۔اشاعت اسلام کی خواہش دراصل مجاہدہ نفس میں سے ہی پھوٹتی ہے جب انسان حقوق اللہ کو
کامل طور پر اور احسن طور پر بجالاتا ہے، جب انسان کامل توحید کو پکڑتا اور کامل اطاعت میں راحت پاتا
ہے جب انسان احکام الہی کی پابندی کرتا ہے اور حقوق العباد منشائے الہی کے مطابق پورے کرتا ہے۔جب مجاہدہ نفس کرتے کرتے اسے پہلے خدا تعالیٰ سے محبت ہوتی اور پھر خدا تعالیٰ کے واسطہ سے اس
کے بندوں سے اُسے اُلفت ہوتی ہے تو معا اس کے دل میں یہ خیال پیدا ہوتا ہے کہ سبحان اللہ مجھے کیا
کیا روحانی نعمتیں میسر آئی ہیں مگر اُف غضب ہو گیا خدا تعالیٰ کے کتنے بندے ہیں جو ان نعمتوں سے
محروم ہیں تب وہ آستانہ الہی پر جھکتا ہے اور گریہ وزاری کرتا ہے کہ اے خدا! تیرا بڑا احسان ہے کہ تو
نے اپنے قرب اور اپنی رضا کی راہیں مجھ پر کھولیں اور بے انتہاء روحانی نعمتوں سے مجھے لطف اندوز کیا
مگر اے ہادی خدا! تیرے کتنے ہی بندے ہیں جو خود تجھ سے بھی بے خبر ہیں روحانی نعمتوں کا تو کیا کہنا
اے خدا! میری رہبری کر اور مجھ پر ان راہوں کو کھول جن سے میں تیری تعلیم کو تیرے اُن گمراہ بندوں تک
پہنچا سکوں۔تب اسے الہام ہوتا ہے یا يُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا ارْكَعُوا وَاسْجُدُوا وَاعْبُدُوا
رَبَّكُمْ وَافْعَلُوا الْخَيْرَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ - وَجَاهِدُوا فِي اللهِ حَقَّ جِهَادِهِ (الحج: ۷۹،۷۸)

۳۹
یعنی اے میرے مومن بندے بیشک اشاعت اسلام کی خواہش تو پسندیدہ ہے مگر کیا تو مجاہدہ نفس کی
منازل طے کر چکا ہے؟ کیا تو نے توحید کامل کو پالیا ہے جس کا قرآن تجھے سبق دیتا ہے؟ بندہ جوا با عرض
کرتا ہے کہ ہاں میرے خدا میں نے اپنی طاقت کے مطابق اطاعت کامل کو اختیار کیا ہے۔کیا تو نے
دوسرے حقوق اللہ کو پورا کیا ہے؟ بندہ عرض کرتا ہے ہاں میرے رب اپنی استطاعت کے مطابق میں
نے ایسا کیا ہے۔کیا تو نے اپنے اعمال کو درست کیا ہے؟ بندہ عرض کرتا ہے ہاں میرے رب میں نے
اپنی طاقت کے مطابق ایسا کیا ہے۔تب خدا کہتا ہے کہ اے میرے بندے جا اور دنیا کے سامنے اپنا
نمونہ پیش کر اور انہیں بتا کہ اسلامی تعلیم نے مجھے یہ بنا دیا ہے خدا مجھ سے راضی ہے تمہارے ساتھ میرا
سلوک اچھا ہے۔اگر تم بھی ایسا بنا چاہتے ہو تو آؤ اسلامی تعلیم پر عمل کرو لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي
رَسُولِ اللهِ أَسْوَةٌ حَسَنَةٌ (الاحزاب:۲۲)۔اور جب تو نے دوسروں کے سامنے اپنا نمونہ پیش کر
کے انہیں تبلیغ کی اور اسلام کی طرف بلایا تو تو نے تبلیغ کا حق ادا کر دیا۔مگر ساری دنیا ابوبکر صدیق کے
رنگ کی نہیں ہوتی جو اُسوہ سے فائدہ اٹھا سکے۔کچھ لوگ عمر کی طرز کے بھی ہوتے ہیں جنہیں منوانے
کے لئے دلائل عقلیہ کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے فرمایا وَ جَاهِدُهُمْ بِهِ جِهَادًا كَبِيرًا قرآن کریم
دلائل عقلیہ سے بھرا پڑا ہے۔اسلامی تعلیم کی حقانیت ان دلائل عقلیہ سے ثابت ہوتی ہے۔جولوگ
دلائل عقلیہ کے محتاج ہیں ان کے سامنے یہ دلائل پیش کر اور ان دلائلِ بینہ کے زور سے اسلام کی
طرف بلا۔پس اسلام نے تبلیغ کے دو طریق بتائے ہیں اول اسوہ حسنہ یعنی اپنے اخلاق و اعمال کو قرآنی
رنگ میں رنگین کر لینا۔دنیا خود بخود اسلام کی طرف کچھی چلی آئے گی۔دوم ان دلائل عقلیہ کو دنیا
کے سامنے پیش کرنا جن سے قرآن کریم نے اپنی صداقت ثابت کی ہے۔اسلام کی طرف بلانے
کے صرف اور صرف یہ دو طریق ہیں۔کہیں یہ ذکر نہیں ہے کہ لوگوں کو اسلام کی طرف ڈنڈے سے
ہانک کر لاؤ۔اگر لوگ تمہارے اُسوہ حسنہ کو دیکھیں اور آنکھیں بند کر لیں، اگر وہ ان دلائل عقلیہ کوسنیں اور

سمجھنے سے انکار کر دیں تو دیکھنا ایک طرف یہ خیال کہ دلائل اس قدر واضح اور تین ہیں اور دوسری طرف
یہ خیال کہ نمونہ اس قدر اعلیٰ پیش کیا گیا ہے۔مگر لوگ پھر بھی حق کو قبول نہیں کرتے۔تمہارے دلوں میں
کبر اور دنیا داروں کی سی سختی نہ پیدا کرے بلکہ چاہیے کہ اس اسلامی نمونہ اور ان عقلی دلائل کو پیش کرتے
ہوئے اُدْعُ إلى سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ وَجَادِلْهُمْ بِإِنَّتِيْ
هِيَ أَحْسَنُ (النحل :۱۲۶) مخالفین میں سے عقل مندوں کو اپنے رب کے راستہ کی طرف ایسے دلائل
قطعیہ سے بلاؤ کہ ان کے شبہات دور ہو جائیں اور مخالفین میں سے جو عوام ہیں ان کے سامنے عام فہم
دلائل رکھو کہ وہ باریکیوں کے سمجھنے سے قاصر ہیں۔اور مخالفین میں سے کج بحثوں کے ساتھ نرمی سے
بحث کرو تا وہ چڑ کر اسلام سے اور بھی دور نہ جا پڑیں۔آیت وَجَادِلْهُمْ بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ کے
معنی تفسیر کشاف میں یوں بیان کئے گئے ہیں بِالطَّرِيقِ الَّتِي هِيَ أَحْسَنُ طُرُقِ الْمُجَادَلَةِ مِنَ
الرِّفْقِ وَاللَّيْنِ مِنْ غَيْرِ فَطَاظَةٍ وَلَا تَعْنِيفِ ، یعنی مخالفین سے بحث کرنے کا جو بہترین طریق ہے
اس سے کرو یعنی محبت اور نرمی سے۔اور بحث کرتے ہوئے ترش کلامی اور سختی سے پر ہیز کرو۔علامہ
سندی نے اپنی کتاب ” اللائحات البرقیات میں اس کی یوں تفسیر کی ہے وَجَادِلْهُمْ بِالَّتِی
أَى بِالْمُجَادَلَةِ الَّتِي هِيَ أَحْسَنُ وَهِيَ الْمُجَادَلَةُ الْحَقَّانِيَّةُ الَّتِي بِالرِّفْقِ وَاللَّيْنِ وَالصُّلْحِ
وَالْعَفْوِ وَالسَّمْح وَالْكَلَامِ بِقَدْرِ الْعُقُولِ وَالنَّظْرِ إِلَى عَوَاقِبِ الْأُمُورِ وَالصَّبْرِ وَالتَّانِي
وَالتَّحَملِ وَالْحِلْمِ وَغَيْرُ ذَالِكَ مِنْ خَوَاصِ الْمُجَادَلَةِ “۔یعنی مخالفین سے مذہبی بحث
بہترین طریق سے کر اور وہ وہ حقانی بحث ہے جس میں محبت ، نرمی ، چشم پوشی، عفو اور فراخ دلی سے کام لیا
جاتا ہے۔اور جس بحث میں مخاطب کی سمجھ کے مطابق بات کی جاتی ہے اور نتائج کو نظر انداز نہیں کیا جاتا
اور صبر اور بردباری اور متانت اور تحمل سے کام لیا جاتا ہے۔پس دشمن کے سامنے اعلیٰ نمونہ اور دلائل عقلیہ قطعیہ پیش کر کے اُسے اسلام کی دعوت دینی
چاہیے اور یہ نمونہ اور دلائل اس کے سامنے ایسے رنگ میں پیش کرنے چاہئیں کہ جس کا اس پر زیادہ سے
زیادہ اثر ہواور تبلیغ کرتے وقت کسی قسم کی سختی اور ترش کلامی نہیں کرنی چاہیے کجا یہ کہ اسے تلوار سے اسلام

کی دعوت دی جائے۔ام
لیکن اگر دشمن نہ گھائل کر دینے والے نمونہ کو دیکھے، نہ قائل کر دینے والے دلائل کو سنے اور نہ
نرمی سے کچھ فائدہ اٹھائے بلکہ نرمی سے اور بھی تیز ہو تو یہ خطرہ پیدا ہوتا ہے کہ مسلمان یہ سمجھتے ہوئے کہ
تعلیم بہت اعلیٰ ہے اور مخالفین کا اس میں فائدہ ہی فائدہ ہے کہیں اسلامی تعلیم کی اشاعت جبر وتشدد سے
نہ کرنے لگ جائیں، اسلام کو خطرہ سے محفوظ کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے یہ تعلیم دی ہے کہ لَا إِكْرَاهَ
في الدين (البقرۃ: ۲۵۷) یعنی اگر دشمن تمہارے نمونہ کو نہیں دیکھتا نہ دیکھے۔تمہارے واضح اور بین
دلائل کو نہیں سنتا نہ سنے اور نرمی کے مقابلہ میں سختی کرتا اور گالی گلوچ پر اتر آتا ہے اُسے ایسا کرنے دو۔مگر
دیکھنا تم دین کے معاملہ میں جبر کبھی روا نہ رکھنا۔یہ کسی صورت میں بھی جائز نہیں۔دین میں جبر کی ممانعت کیوں کی ؟
قرآن کریم کا یہ خاصہ ہے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اس کے موافق دلائل بھی ہمارے
سامنے پیش کرتا ہے۔خدا تعالیٰ نے جب دین میں جبر کی ممانعت کی تو ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ ایسا
کیوں نہیں کرنا چاہیے۔میں اس وقت اکراہ کے خلاف قرآن کریم کے بتائے ہوئے تین دلائل
پیش کرتا ہوں۔اول۔جبر فی الدین ممنوع ہے۔اس لئے کہ جبر کی ضرورت نہیں۔قَدْ تَبَيَّنَ الرُّشْدُ مِنَ
الْغَيِّ (البقرۃ: ۲۵۷) اسلامی تعلیم کے آنے کے بعد حق و باطل، راستی و گمراہی میں فرق اس قدر
نمایاں ہو گیا ہے کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ صبر اور استقلال کے ساتھ خدا تعالیٰ کے بتائے ہوئے طریق پر تم
تبلیغ کرو اور تمہارے دشمنوں پر اسلامی تعلیم کا اثر نہ ہو۔اب تک نیک نتائج کا نہ پیدا ہونا یہ بتا تا ہے کہ
یا تو تم نے صحیح طریق پر تبلیغ نہیں کی اور یا پھر صبر اور استقلال سے تبلیغ نہیں کی ورنہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ
حق و باطل میں اتنا نمایاں فرق ہو اور اسے صحیح رنگ اور صحیح طریق پر مخالفین کے سامنے پیش کیا جائے اور
پھر بھی وہ نہ مانیں۔إِلَّا مَا شَاءَ اللهُ

آج 10 میں سے 10 باقی