باب سوم
الہام، عقل، علم اور سچائی
باب سوم
سیکولر نقطہ ہائے نظر کا تجزیہ
آسٹریلیا کے قدیم باشندوں کا خدا کے بارہ میں تصور
سیکولر نقطہ ہائے نظر کا تجزیہ
ماہرین عمرانیات کے نزدیک مذہب کا ارتقا اور ہستی باری تعالیٰ پر ایمان کا نظریہ بنیادی طور پر
معاشرتی نفسیات پر مبنی ہے۔انسان کے معاشرتی رویہ میں اس عمومی رجحان کے مشاہدہ کے بعد
انہوں نے یہ نتیجہ نکالا ہے کہ انسان ہر اس چیز کا احترام کرتا ہے جس سے وہ خوفزدہ ہو اور ہر اس چیز
کے بارہ میں جسے وہ پسند کرتا ہو یا جس کی اسے احتیاج ہو محتاط اور مؤدب رویہ اختیار کرتا ہے۔ان
ماہرین کی سوچ معاشرتی نظام میں کارفرما ” کچھ لو کچھ دو کے محرکات کے حوالہ سے مذہبی عقائد تک
ممتد ہو جاتی ہے اور اس میں خوف اور طمع کے عناصر بھی شامل کر لیتے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ عہد قدیم کا انسان جبکہ وہ ابھی حیوان نما انسان سے انسانیت کی طرف
صرف ایک قدم ہی آگے بڑھا تھا اس کے سادہ ذہن کو گردو پیش کے مناظر نے پریشان اور مبہوت
کر رکھا تھا اور جب بھی اس نے مختلف پیچیدہ سوالات کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی تو وہ ان اشیاء
کی صحیح ماہیت کا احاطہ کرنے میں ناکام رہا۔انسان کے ابھرتے ہوئے شعور کی جھلملاتی روشنی میں
عجائبات فطرت نے اس کے ترقی پذیر شعور کو اس قدر متاثر کیا کہ اس نے مظاہر قدرت کو کسی
مافوق الفطرت ہستی کے ایسے کرشمے تصور کر لیا جو اس کے فہم و ادراک سے بالا ہونے کے باوجود
اس کی زندگی پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔نتیجه انسان نے انہی مظاہر قدرت کو دیوتا قرار دے دیا۔سیلابوں اور طوفانوں کی
تباہ کاریاں دیکھ کر وہ اس خوف سے ان کے آگے سجدہ ریز ہو گیا کہ کہیں وہ اسے بھی تباہ و برباد نہ کر
دیں۔اسی طرح اس نے دن کی روشنی اور سورج کی تخلیقی قوتوں کا مشاہدہ کر کے اپنے تخیلاتی
دیوتاؤں کے بارہ میں بھی نفع رساں ہونے کا تصور قائم کر لیا۔ان مظاہر کو قدرت کے آئینہ میں
منعکس ہوتے دیکھ کر انسان نے ان میں سے کسی کے بارہ میں خوفناک ہونے اور کسی کے بارہ میں
مشفق ہونے کا تصور قائم کر لیا۔اس طرح اس نے قدرت کے خوفناک مظاہر مثلاً مدوجزر کے ان
171
172
سيكولر نقطه هائی نظر کا تجزیه
سمندری طوفانوں اور بادو باراں کو اپنا دشمن سمجھ لیا جو اپنے بعد بجلی کی چمک اور کڑک اور سیلاب کے
ریلے چھوڑ جاتے ہیں۔خطرناک جانور بھی اس دائرہ سے باہر نہ رہ سکے۔شیر، چیتے ، سانپ ، بچھو اور دیگر خطرناک
جنگلی جانور بھی حصہ رسدی ان تصوراتی خداؤں اور طاغوتی طاقتوں کے زمرہ میں آشامل ہوئے۔اس کے برعکس فطرت کے جمالی مظاہر مثلاً زندگی بخش بارش لانے والی مرطوب ٹھنڈی ہوائیں اور
باد
شمیم میں اسے مہربان دیویوں کا فیض نظر آیا۔دور اول کے انسان نے اپنی دقیانوسی سوچ کی بنا پر
ان مظاہر فطرت کو دیوتا یا دیوتاؤں کے ایسے کارندے شمار کر لیا جو مختلف مزاج ، انداز اور خصوصیات
کے مالک تھے۔اس کے یہ تصوراتی دیوتا اس کی عقیدت کے حقدار تھے ورنہ اسے ڈر تھا کہ وہ ان
کے غیظ و غضب کا نشانہ نہ بن جائے یا ان کی عنایات سے محروم نہ ہو جائے۔فلکیاتی عجائبات مثلاً
سورج، چاند اور ستارے اپنے طلسمی جھرمٹوں سمیت رفتہ رفتہ اس کے انتہائی احترام کے مستحق
ٹھہرے۔اس طرح دیوتاؤں کے بارہ میں اس کے تصورات ارتقائی منزلیں طے کرنے لگے اور
درجہ بندی شروع ہو گئی۔ان میں سے کچھ اعلیٰ اور کچھ ادنی قرار پائے۔آج ہم قدیم انسان کی ضعیف الاعتقادی پر گو لاکھ تنقید کریں لیکن ماہرین عمرانیات کی
رائے ہے کہ ابتدائی انسان کی یہ سادہ لوحی اس کے مبہم اور غیر ترقی یافتہ ذہنی صلاحیتوں کا فطری نتیجہ
تھی۔مختصراً، اکثر ماہرین عمرانیات کا مذہب کی ابتدا اور ارتقا کے بارہ میں یہی خیال ہے۔پھر وہ یہ دلیل بھی دیتے ہیں کہ اس قدیم طرز فکر کا ارتقا بالآخر خدائے واحد کے نظریہ پر منتج
ہوا اور اس بات پر مصر ہیں کہ خدائے واحد کا تصور دراصل بہت سے خداؤں پر اعتقاد کے نتیجہ میں
ہی تدریجا ظہور پذیر ہوا ہے۔لیکن تو حید کے اس نظریہ نے مشرکانہ خیالات کو بالکل ختم نہیں کیا۔دونوں تصورات بیک وقت موجود رہے اور ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی سخت اور مشکل کشمکش سے
دو چار رہے۔مرور زمانہ کے ساتھ ساتھ کئی مذاہب منصہ شہود پر ابھرے اور مختلف نظریات فروغ
پاتے گئے۔ایک خدا کی عبادت بھی ہوتی رہی اور بہت سے دیوتا بھی پوجے جاتے رہے۔جہالت
کی بنا پر انہیں یہ احساس تک نہ ہوا کہ وہ محض اپنے ہی تصورات کی پوجا کر رہے ہیں۔نیز یہ کہ لوگوں
ہی نے دیوتا گھڑ لئے ہیں، خدا تعالیٰ نے انہیں پیدا نہیں کیا۔اس طرح ایک سیدھا سادا فرسودہ
الهام ، عقل ، علم اور سچائی
173
طرز فکر ترقی پا کر جڑ پکڑتا اور پھیلتا چلا گیا اور پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سی
پہنی پراگندگی اور غلط فہمیوں کا باعث بنا جن کا محور بے شمار فوق البشر تصورات تھے جنہیں آقاؤں کا
درجہ دے دیا گیا۔دہریت پر مبنی نقطہ نظر والوں نے ایک قدم اور آگے بڑھ کر بانیانِ مذاہب پر ارادہ
دروغ گوئی اور دھوکہ دہی کا الزام عائد کر دیا۔ان کا دعوی ہے کہ مذہب کے فروغ کے بعد کے دور
میں مذہب محض عامتہ الناس کے تو ہمات کا ملغوبہ نہ رہا بلکہ ایک منظم اور پیشہ ور صورت اختیار کر گیا
اور اس مرحلہ پر پیشہ ور مذہبی طبقہ کی فریب کاری کو مزید تقویت دینے کیلئے الہام کا نظریہ متعارف
کرایا گیا۔مذہبی خانوادہ کے یہ پیشہ ور پادری اور ملاں خدا سے شرف مکالمہ کے مزعومہ تعلق کے
باعث خصوصی مرتبہ کے دعویدار بن گئے اور خود کو خدا اور بندے کے مابین رابطے کا ذریعہ قرار دینے
لگے۔اس قسم کے کئی دعویدار مختلف اوقات میں اٹھے جن میں سے ہر ایک نے ان مافوق الفطرت
طاقتوں سے تعلق کا دعویٰ کیا جو انسان کی قسمت کا فیصلہ کیا کرتی ہیں۔ماہرین عمرانیات کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو یونانی دیو مالا اور قدیم مذاہب کے عقائد اور
رسم و رواج سے یہی مترشح ہوتا ہے۔دور اول کے انسان کی اپنے گردو پیش میں فطرت کے پیچیدہ
اسرار کے حل کے لئے حقیقی جستجو کو بالآخر مذہب کے اکابرین نے دیوی دیوتاؤں کے نام پر عمداً
دھوکہ اور فریب دہی کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا۔اس کے ساتھ ساتھ انسان کے ترقی پذیر شعور نے ایک اور متوازی راستہ بھی اختیار کیا۔ماہرین عمرانیات کے نزدیک جوں جوں ماحول میں واقع مادی دنیا کے بارہ میں انسانی سوچ ترقی
کرتی گئی خدا کی ہستی کے متعلق اس کے تصور میں بھی تبدیلی آتی چلی گئی۔بتوں اور مجسموں جیسی
غیر ذی روح اشیا کو جنہیں پہلے فی ذاتہ خدا سمجھا جاتا تھا اب آسمانوں میں بسنے والے دیوتاؤں تک
رسائی کا ایک وسیلہ سمجھا جانے لگا۔اس طرح بتدریج وہ ان دیوتاؤں کے غضب یا رحم کی مختلف
حالتوں کے اظہار کا ذریعہ قرار دیئے جانے لگے۔دیوتاؤں کے تصور میں یوں آہستہ آہستہ تبدیلی
آنی شروع ہوئی اور بقول ان کے ان خداؤں کو ایک عام محسوس اور مشہور ہستی کی بجائے ایک
نا در ویگانہ و غیر مرئی تخیلاتی وجود سمجھا جانے لگا۔اس طرز فکر نے مزید ترقی کر کے خدائی کے ایک
174
سيكولر نقطه هائے نظر کا تجزیه
ایسے گنجلک نظام کو جنم دیا جس میں دیوتاؤں کے مختلف مقام متعین کئے گئے اور ہر دیوتا کیلئے کائنات
میں ایک الگ دائرہ کار تجویز ہوا۔دیوی دیوتاؤں کی یہی درجہ بندی تھی اور ان کے باہمی مراتب
میں فرق تھا جو بالآخر ایک اعلیٰ و برتر خدا کی تخلیق پر منتج ہوا۔الغرض ماہرین عمرانیات اس انداز فکر کی
بنا پر اندازہ لگاتے ہیں کہ انسانی دماغ نے خدا کی تخلیق اس طرح پر کی ہوگی۔بالفاظ دیگر اگر
خدا سازی کا کام ان ماہرین کے سپرد کیا جاتا اور اس کام کیلئے درکار طویل وقت بھی دے دیا جاتا تو
غالبا وہ اسی طریق پر خدا تعالی کو تخلیق کرتے۔ان کے اس کلیہ کی اساس اس مفروضہ پر ہے کہ خدا کا
کوئی وجود نہیں۔مگر چونکہ اس مفروضہ کی بنیاد کسی حقیقی تحقیق پر نہیں ہے بلکہ ان کی سوچ محض ایک
دہر یہ ذہن کی عکاسی کرتی ہے اس لئے وہ اپنے پہلے سے طے شدہ نتیجہ کے بارہ میں بزعم خود
عقل و دانش پرمینی غیر جانبدارانہ تحقیق کا ڈھنڈورا پیٹتے رہتے ہیں۔نہ تو انہیں اپنی سوچ کی خامیاں
اور تضادات نظر آتے ہیں اور نہ ہی وہ اس فرضی تاریخ کے واقعات میں کوئی باہمی ربط پیدا کر سکتے
ہیں۔امر واقعہ یہ ہے کہ فکر انسانی کے ارتقا کی تاریخ کا سرے سے کوئی ریکارڈ ہی نہیں ملتا۔وہ نہ
صرف مبہم ہے بلکہ در حقیقت اس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے۔زیادہ سے زیادہ ہم اس کو تاریخ کا نام
دے سکتے ہیں جو تھوڑا بہت بطور ثبوت کے ہمیں پرانے آثار سے ملتا ہے اور جن سے اس زمانہ کے
طرز زندگی پر روشنی پڑتی ہے۔یہ تاریخ کم و بیش دولاکھ سال پرانی ہے۔جہاں تک مذہب کی تاریخ
کا تعلق ہے تو اس پر بمشکل چند ہزار سال ہی گزرے ہیں۔پس مفروضے ہی ہیں جن پر انہیں اپنے
نظریات کی بنیادرکھنا پڑتی ہے۔زمانہ قدیم کے لوگوں کی سوچ کے بارہ میں ان کے نظریات محض ایک افسانوی اڑان کی
حیثیت رکھتے ہیں جس کا رخ دہریت کی جانب پہلے سے طے شدہ ہے۔انسانی فطرت جو کہ
انسان کے انداز فکر کو پرکھنے کا واحد ذریعہ ہے، ان کے اخذ کردہ نتائج کی تصدیق نہیں کرتی۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی ہم اُسی کی عبادت کرتے ہیں جس سے خوف کھاتے ہیں یا
حرص ہمیں اشیاء کی عبادت کرنے پر ہمیشہ مجبور کرتی ہے؟ یہ دونوں عوامل کسی ادنی درجہ کے مذہب
کی بنیاد بھی فراہم نہیں کر سکتے۔انسان خوفناک اشیاء سے تو دور بھاگتا ہے البتہ یہ ممکن ہے کہ اذیت
کا نشانہ بننے والے بے بس مظلوم جو بھاگنے کی سکت نہیں رکھتے وہ ظالموں سے رحم کی بھیک مانگیں
الهام ، عقل ، علم اور سچائی
175
لیکن یہ نہیں کہ ان کی عبادت شروع کر دیں۔رہائی کے بعد یہی مظلوم سابقہ ظالموں کو بے نقط
سناتے ہیں اور گندی گالیاں دیتے ہیں۔پوجا کا تو وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔ایسی کوئی جاسوسی کہانی
آج تک ہماری نظر سے نہیں گزری کہ MI5 کے کسی جاسوس نے KGB کے تشدد کرنے والے
کارندے کو خوف کی وجہ سے پوجنا شروع کر دیا ہو۔جس خوف خدا کا ذکر آسمانی مذاہب کرتے ہیں
اس کا درندوں یا دیگر دہشت ناک چیزوں کے خوف سے دور کا تعلق بھی نہیں ہے۔بے شک
عذاب الہی کی تہدید جرم سے باز رکھنے کی غرض سے
-
ہے تا کہ لوگ اپنے ساتھ زیادتی کے مرتکب نہ ہوں
تاہم قدیم انسانی معاشروں میں محض جنگلی درندوں یا
طوفان بادوباراں کے خوف کی بنا پر اس قسم کی تبدید
کی کوئی مثال نہیں ملتی اور نہ ہی کوئی ایسا واقعہ ملتا ہے
کہ جنگلی درندوں یا طوفان برپا کرنے والے عناصر کے خوف یا دھمکی کی بنا پر اس معاشرہ نے
جارحیت سے ہاتھ روک لیا ہو۔پولیس، ٹریفک پولیس اور مجسٹریٹ وغیرہ سے لوگ خوف تو کھاتے
ہیں اور شاید نفرت بھی کرتے ہیں لیکن کبھی کوئی ان کی پوجا نہیں کرتا۔نہایت قدیم دور کا وحشی انسان
بھی کسی خونخوار شیر سے خوف کھا کر اپنی جان بچانے کیلئے اس سے دور بھاگے گا نہ یہ کہ اس کے
سامنے سجدہ ریز ہو کر رحم کی بھیک مانگے اور نہ ہی اس کی عظمت اور جاہ و حشمت کے گن گائے گا۔بجلی کا کوندا، بارش کا طوفان اور گرمیوں کے سورج کی جھلسا دینے والی تپش قدیم انسان کو پناہ گاہ
تلاش کرنے اور حفاظتی اقدام کرنے پر ہی مائل کر سکتی ہے۔کیا کوئی ماہر عمرانیات، در حقیقت یہ تسلیم
کرتا ہے کہ سخت طوفانِ بادوباراں کے دوران زمانہ قدیم کا انسان حفاظتی اقدام کی بجائے اپنے
غار سے باہر آ کر قدرت کے غضبناک اور بپھرے ہوئے عناصر کے سامنے سر بسجو د ہو جائے گا۔سورج اور ستاروں کی پوجا کا خوف اور لالچ کی بنا پر پوجا کرنے کے نظریہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اس امر کی قطعاً کوئی شہادت موجود نہیں کہ انسان نے چھوٹے ارضی معبودوں کی عبادت۔رفتہ رفتہ زیادہ طاقتور اور ارفع تصوراتی وجود کی عبادت شروع کر دی ہو۔ماہرین عمرانیات ارتقا کے بارہ میں گفتگو تو کرتے ہیں لیکن وہ اپنے مفروضہ کو سائنسی طریق
176
سيكولر نقطه هائے نظر کا تجزیه
پر ثابت نہیں کرتے۔اس کے برعکس سائنسدان ارتقا کی بات کرتے وقت زندگی کے جملہ ادوار کی
منزل به منزل ترقی کی نشاندہی کرتے ہیں جس کی بنا پر زندگی کے اربوں سالوں پر محیط ماضی کے
سفر کی بخوبی پہچان ہوسکتی ہے۔کیا اس بارہ میں کوئی شمہ بھر ثبوت موجود ہے کہ ہستی باری تعالیٰ کے
تصور کی تکمیل کا سفر بھی اس قسم کے ارتقائی مراحل سے گزرا ہو۔کیا بتوں کی پوجا کرنے والا کوئی ایسا
تو ہم پرست معاشرہ بھی کہیں ہو گزرا ہے جس نے بالآخر اپنی ارتقائی منازل طے کرنے کے بعد
توحید اختیار کر لی ہو؟ واقعہ یہ ہے کہ ایک بھی نہیں۔بایں ہمہ ماہرینِ عمرانیات پھر بھی مصر ہیں کہ انسان کی بنیادی قوت ادراک ہی بالآخر خدا
کے تصور پر منتج ہوئی۔جیسا کہ پہلے ذکر کیا جا چکا ہے وہ بڑی تحدی سے اس امر پر قائم ہیں کہ
دیوتاؤں کے وجود گھڑ لینے میں ان دیکھی ہستی کا خوف کارفرما ہے۔جاہلانہ شعبدہ بازیوں اور
جہالت کے پردوں میں پنہاں خطرات نے دل و دماغ پر تسلط جما لیا۔ان کے نزدیک دور قدیم
کے انسانوں نے سانپوں، بچھوؤں ، تندوؤں، چیتوں اور شیروں کی پوجا شروع کر دی۔زلزلوں کے
زمین کو ز یروز بر کرنے ، آسمانی بجلی کے درختوں کی دھجیاں بکھیر نے اور طوفانوں کی شوریدہ سری اور
بے رحمی کے نتیجہ میں ہستی باری تعالیٰ کے تصور کا آغاز ہوا جس نے مظاہر قدرت کی پرستش کے بعد
دل ہلا دینے والی مادی اشیاء کی پوجا کی شکل اختیار کر لی۔اسی طرح بے جان اشیاء کی پرستش کے بعد
جانوروں کی پوجا یعنی بچھوؤں اور سانپوں کی پوجا سے لے کر بلیوں اور دیگر جنگلی جانوروں تک کی پوجا
ہونے لگی حتی کہ بندر بھی دیوتا تصور کئے جانے لگے۔قدیم انسان نہ تو آسمانی بجلی کا راز پا سکے اور نہ
ہی اسے تخلیق کرنے والی قوتوں کو جان سکے۔اس کے باوجود وہ ان سے خوفزدہ ضرور تھے۔انہوں نے سمجھا کہ ہر پر جلال مظہر قدرت بادلوں کی اوٹ میں موجود ہیبت ناک دیوتا کے
غیظ و غضب کا اظہار ہے۔اس طرح ان کے ناپختہ ذہنوں نے اپنی سادہ لوحی سے تو ہمات پر مبنی قصے
گھڑ نے شروع کر دیئے اور ان جابر اور مطلق العنان دیوتاؤں کو خوش کرنے اور ان کے غضب سے
بچنے کیلئے رسومات اور قواعد وضوابط وضع کر لئے۔عبادت گاہیں تعمیر ہوئیں۔قربانیاں دی گئیں۔صحیح
اور غلط کا شعور پیدا ہونا شروع ہوا۔طرح طرح کی مذہبی رسوم ایجاد کی گئیں اور بالآخر الہامی کتب
مرتب کر لی گئیں۔واہ! کیا کہنا۔ان بے چاروں کے ابتدائی اور قدیم ترین طرز فکر کو کیسا مبالغہ آمیز
الهام ، عقل ، علم اور سچائی
177
خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے ! یا ان ماہرین عمرانیات کی فراست کو داد دیجئے جنہوں نے ان سادہ
ذہن والے قدیم انسانوں کی طرف سے بلند و بالا آسمانی اور ہوائی قلعے تعمیر کر دیئے۔وہ اتنا بھی نہیں سمجھ سکے کہ فطرت پرست مذاہب اور الہام پرمبنی مذاہب میں زمین آسمان کا
فرق ہے اور نہ ہی وہ یہ جان پائے کہ ان دینی پیشواؤں اور پرانے دیو مالائی مسالک کا درس دینے
والوں نے کبھی الہام الہی پر مبنی کسی نظام کا دعوی کیا۔اسی طرح ان کے درمیانی واسطہ ہونے کے
نام نہاد دعوی کو بھی کبھی چینج نہیں کیا گیا۔انہیں یہ منصب نسلاً بعد نسل ان کے پیشروؤں کی طرف
سے وراثتا ملتا رہا۔معاشرہ بھی اسے بلا چون و چرا تسلیم کرتا رہا۔ان کے دعاوی کی تائید میں کبھی بھی
ان سے آسمانی نشانات پیش کرنے کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔لہذا وہ اپنی تائید میں طرح طرح کے
شعبدے اور ہتھکنڈے ایجاد کرتے رہے۔یوں ضعیف الاعتقاد لوگ ان لوگوں کے دیوتاؤں کے
فرضی قرب سے اور بھی مرعوب ہوتے رہے۔حالانکہ یہ سب کچھ فریب تھا۔اس طرح جھوٹے
دیوتاؤں کو جھوٹے دعویداروں کی تائید حاصل ہوتی رہی۔ان پیشہ ور غیب دانوں اور خدا تعالیٰ کے فرستادہ بانیان مذاہب عالم کے مابین فرق کرنے
میں جن امور کوملحوظ رکھنا ضروری ہے انہیں خلاصہ یوں بیان کیا جاسکتا ہے۔1 بت پرست کا بہنوں کی حیثیت پہلے سے قائم شدہ عبادت گاہوں میں مسلم ہوتی ہے۔۔یہ لوگ کوئی ایسا نیا مذہبی نظریہ متعارف نہیں کراتے جو پہلے سے رائج مسلک سے
اختلاف رکھتا ہو یا سرے سے ہی اس کا منکر ہو اور نہ ہی وہ معاشرہ کی قدروں اور کردار کو تبدیل
کرنے کی کوشش کیا کرتے ہیں۔وہ نہ صرف پرانے اعتقادات اور رسوم کی تائید کیا کرتے ہیں بلکہ
عوام الناس میں مقبول دیو مالائی کہانیوں اور تو ہمات کی بھی کبھی مخالفت نہیں کرتے۔۔3 وہ اکثر و بیشتر مروجہ سیاسی نظام میں مقبول ہوتے ہیں اور حکمرانوں کے مذہبی
اعتقادات کی مخالفت کبھی مول نہیں لیتے۔بے شک کبھی کبھار شاذ کے طور پر مذہبی رہنماؤں نے
اپنے ہم عصر حکمرانوں کے خلاف علم بغاوت بلند کیا لیکن ایسا ہمیشہ حاکم وقت کی بیجا مداخلت کے
نتیجہ میں بھڑ کنے والے جذبہ انتقام کی وجہ سے ہوتا ہے اور بعض اوقات ایسی بغاوتوں کے پیچھے
سیاسی اقتدار حاصل کرنے کا جذبہ بھی کارفرما ہوتا ہے۔تاہم یہ استثنائی مثالیں ہیں لیکن عموماً ہوتا یہ
178
سيكولر نقطه هائے نظر کا تجزیه
ہے کہ بد عنوان اور بت پرست قیادت ایسے مقبول عام فرضی قصوں
کو زندہ رکھتی ہے جو دراصل اس
کے اقتدار کو ایک گہری بنیاد فراہم کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کے انبیاء کا معاملہ اس سے بالکل مختلف ہے۔وہ سب کے سب تو حید کے علمبردار
تھے۔عظیم مذاہب عالم مثلاً یہودیت، عیسائیت، اسلام اور زرتشت ازم کے بانی انبیاء اسی زمرہ میں
شامل ہیں۔اگر ہم حضرت موسی ، حضرت عیسی اور حضرت محمد مصطفی ﷺ جیسے انبیاء کرام کی
زندگیوں کا مطالعہ کریں تو ہمیشہ یہ نظر آئے گا کہ ان میں سے کوئی بھی کسی مشہور و معروف اور مقبول
مذہبی گروہ کا نمائندہ نہیں تھا۔انقلاب کی آواز بلند کرنے والے تنہا یہی لوگ تھے۔اُن کے دعاوی
کی بنیاد ہمیشہ الہام الہی تھا۔وہ ایک ایسے نئے طرز فکر کے علمبردار تھے جو ایک بالکل مختلف
طرز زندگی کا متقاضی تھا۔انہوں نے جن اقدار کو دنیا میں قائم کیا وہ اس وقت کے رسوم و رواج
سے بالکل مختلف تھیں۔وہ ہمیشہ ایک نئے نظام کے پیش رو بن کر اُبھرے۔انہوں نے اپنے
ہمعصر مذہبی رہنماؤں
کو چیلنج کرنے کی جرات کی۔وہ ایک ایسے وقت میں ظاہر ہوئے جب بڑے
بڑے مذاہب مختلف فرقوں میں بٹ چکے تھے اور جاہل عوام پر اپنا زیادہ سے زیادہ تسلط قائم کرنے
کے لئے با ہم برسر پیکار تھے۔ایسے وقت میں جب
کسی ابھی فرستادہ کا ظہور ہوا تو مخالفین نے وقتی طور پر اپنے اختلافات کو
بھلا کر نئے خدائی نظام کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی تمام تر قوتوں کو مجتمع کر کے تشدد پر مبنی متحدہ
مخالفت کا عظیم محاذ قائم کر لیا۔اس کے بالمقابل خدا تعالیٰ کے کسی فرستادہ کو کسی قسم کی کوئی عوامی
حمایت حاصل نہیں تھی۔نہ تو عوام الناس کی اکثریت نے اس کی تائید کی اور نہ ہی اسے کسی
برسراقتدار طبقہ کی آشیر باد حاصل ہوئی اور نہ کسی سیاسی قوت نے حمایت کی۔اسے تنہا اور
بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔یہ وہ لوگ تھے جو ایسے بدکردار معاشروں کے مقابلہ کیلئے اٹھے جو ہمیشہ
تو ہمات پر مبنی رجحانات کی وجہ سے فروغ پایا کرتے ہیں۔نئے نظام کے یہ داعی ہمیشہ توحید کا پر چار
کرتے رہے اور ہر قسم اور ہر شکل کی بت پرستی کی بیخ کنی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے۔ان کے
مخالفین اگر کسی ایک بات پر متحد ہوئے تو وہ محض انبیاء کی مخالفت ہی تھی اگر چہ ہمیشہ کی طرح وہ
با ہمی طور پر افتراق کا شکار رہے۔توحید کے علمبردار اگر مفتری تھے تو ان کا ہدف ناممکن الحصول تھا۔
الهام ، عقل ، علم اور سچائی
179
کیونکہ کوئی مفتری ایسے ناممکن الحصول اہداف کیلئے کبھی ایسی استقامت نہیں دکھایا کرتا جو اس کی پہنچ
سے باہر ہوں۔یہ لوگ بلا شبہ ہستی کباری تعالیٰ پر غیر متزلزل یقین رکھتے تھے ورنہ وہ تباہ و برباد ہو کر
صفحہ ہستی سے مٹ جاتے۔اور اگر خدا تعالیٰ کا کوئی وجود نہیں ہے تو معاشرہ ایسے دعویداروں کو بڑی
آسانی سے پاگل قرار دے کر رڈ کر دیتا۔اس کے علاوہ اور کوئی رستہ ہی نہیں تھا۔اگر یہ لوگ پاگل
نہیں تھے تو پھر کس طرح اتنی مستقل مزاجی اور یقین کے ساتھ اپنے عقیدہ پر ڈٹے رہے اور ایک
بے مصرف اور حقیقت سے دور مقصد کیلئے اپنا سب کچھ لٹا دیا؟ لیکن انہیں پاگل قرار دے کر بھی
نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پاگل ہمیشہ الٹی سیدھی باتیں کرتا ہے۔نبیوں کے بالمقابل تو معاشرہ
ایسا شدید رد عمل دکھاتا ہے جیسے اس کے پاؤں تلے سے زمین پھٹ گئی ہو۔ان متشدد مخالفین کے
اجتماعی غیظ و غضب کے مقابل پر انبیاء کو کسی امیر یا غریب، طاقتور یا کمزور انسان کی حمایت حاصل
نہیں ہوئی۔ان کے پیغام کی عظمت، ان کے کردار کی شوکت اور انتہائی نا امیدی کے لمحات میں بھی
ان
کا اپنی فتح پر غیر متزلزل یقین ہمیشہ ان کی صداقت پر گواہ رہا ہے۔وہ عظیم قربانیاں پیش کرنے والے لوگ تھے نہ کہ ہوا و ہوس کے بندے۔انہوں نے اپنا
سب کچھ اپنے تعظیم نصب امین کی راہ میں لٹا دیا۔وہ صرف خود ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ مسلسل
شامل ہوتے چلے جانے والے بھی کسی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر عظیم قربانیوں کی اسی راہ پر
گامزن رہے اور کسی کی انگشت نمائی کبھی ایسے لوگوں کے حوصلے پست نہیں کرسکی۔یہ نظریہ کہ جس کے مطابق خیالی خداؤں کا تصور انسانی جہالت کے باعث ہے، انسانی
تاریخ کے بعض ادوار کے حوالہ سے جزوی طور پر درست بھی ہو سکتا ہے جبکہ انسان جاہل اور ذہنی طور
پر نا پختہ تھا۔ہم اس سے انکار نہیں کرتے کہ ملاؤں کے ہاتھوں جاہل عوام کا استحصال ہوا ہے۔لیکن
یہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے کہ اس سے نظریاتی ارتقا کا ایک ایسا سلسلہ شروع ہوا جو بالآخر خدائے واحد
کے عقیدہ پر منتج ہوا۔تاریخی حقائق اس بات کی تصدیق نہیں کرتے کہ توحید کا عقیدہ بت پرستی پر مبنی
تو ہمات کے ارتقا کا نتیجہ ہے۔یہ محض ماہرین عمرانیات کا چھوڑا ہوا شوشہ ہے۔اس نظریہ کی تائید
میں تاریخ سے کوئی ایسی شہادت نہیں ملتی کہ شرک تدریجا ترقی کر کے بالآخر توحید میں تبدیل ہو گیا
ہو اور نہ ہی ایسی کوئی درمیانی کڑیاں ملتی ہیں کہ لوگوں نے دیوتاؤں کی پرستش کرتے کرتے
180
+
سیکولر نقطه هائے نظر کا تجزیه
خدائے واحد کی عبادت شروع کر دی۔اس کے برعکس یہ ہوتا آیا ہے کہ ایک عظیم انسان اچانک اور
یکلخت دنیا کے پردہ پر ابھرتا ہے جس کی وجہ سے مسلسل ایسے واقعات رونما ہونا شروع ہو جاتے ہیں
جو بڑی بڑی انقلابی تبدیلیوں اور آزمائشوں کا باعث بنتے ہیں اور اس کے پیروکاروں
کو عظیم الشان
قربانیاں پیش کرنا پڑتی ہیں۔قرآن کریم اس نظریہ کو رڈ کرتا ہے اور اس کے بالکل برعکس نظریہ کو درست قرار دیتا ہے
یعنی دنیا کے تمام بڑے بڑے مذاہب کا آغاز بلا استثناء توحید کے عقیدہ سے ہوا۔ارتقا کا مذکورہ بالا
نظریہ نہ تو تاریخی شواہد سے ثابت ہوتا ہے اور نہ ہی انسانی ذہن کے تقاضوں کے مطابق ہے۔انبیاء کا کردار ایسی کھلی کتاب ہے جو مخفی عزائم اور خفیہ منصوبوں کے الزامات کو یکسر رد کرتی
ہے۔دعوی نبوت سے پہلے کی زندگی کا کوئی بھی دور اس الزام کو ثابت نہیں کر سکتا کہ انہوں نے
نبوت کے جھوٹے دعوی کیلئے پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔تو حید کے عظیم علمبرداروں مثلاً
حضرت ابراہیم علیہ السلام، حضرت موسی علیہ السلام اور حضرت اقدس محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کی
زندگیوں میں اس امکان کا شائبہ تک نہیں پایا جاتا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ظہور کے وقت
تک حضرت نوح علیہ السلام کا عقیدہ توحید بعد کی نسلوں میں زوال پذیر ہو کر متعدد خداؤں کی سفلی
حکایات کی شکل اختیار کر چکا تھا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے توحید کے قیام کیلئے دوبارہ ایک عظیم
جدو جہد کا آغاز کیا جو بالآخر کامیاب ہوئی اور توحید کی مشعل آپ کی اولا داور آپ کے پیروکاروں
نے کئی نسلوں تک روشن کئے رکھی۔بالآخر انحطاط کا وہی پرانا عمل اپنے سابقہ تباہ کن نتائج کے ساتھ پھر سے شروع ہو گیا۔چنانچہ حضرت ابراہیم کے چند سو سال بعد ہی بنی اسرائیل بت پرستی کی بدعادت کی طرف لوٹ
گئے۔یہ سلسلہ حضرت موسی کے زمانہ تک جاری رہا۔اگر چہ انبیاء علیہم السلام میں سے حضرت
موسی کو بطور تو حید کے علمبردار کے بہت بلند مقام حاصل ہے تاہم بعد میں آنے والی صدیوں میں
بت پرستی ان کے متبعین کے ایمان میں سرایت کرتی رہی اور اسے آلودہ کرتی رہی۔اس سے ایک
بار پھر قطعی طور پر ثابت ہوتا ہے کہ توحید سے برگشتگی کا لازمی نتیجہ تنزل ہے۔اگر انسان کو اس کے
الهام ، عقل ، علم اور سچائی
181
حال پر چھوڑ دیا جائے تو وہ ہمیشہ پھسل کر بت پرستی کے قعر مذلت میں جا گرے گا۔اور یہ وہ مقام
ہے جہاں شرک کے جراثیم پروان چڑھتے ہیں۔قرآن کریم نے اس سلسلہ میں ایک اور مثال مکہ میں موجود بیت الحرام کی دی ہے یعنی اللہ
کا وہ گھر جسے حضرت ابراہیم نے خالصہ تو حید کے قیام کیلئے تعمیر کیا تھا لیکن بتوں کو خدا کے اس عظیم
گھر میں دوبارہ داخل ہونے میں زیادہ دیر نہ لگی۔نام کے علاوہ اس کی ہر شے تبدیل کر دی گئی۔بالآخر 360 بت اس پر قابض ہو گئے جن میں سے ہر ایک بت قمری سال کے ایک دن کی نمائندگی
کرتا تھا۔خانہ خدا کے درودیوار بتوں سے بھر گئے یہاں تک کہ ان بتوں کیلئے تو اس میں جگہ تھی
لیکن جگہ نہیں تھی تو صرف خدا کے لئے۔کیا ماہرین عمرانیات اسی ارتقائی عمل کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں۔کیا بقول ان کے اسی طریق پر
بت پرستی ترقی کرتے کرتے خدائے واحد کے تصور میں ڈھل گئی؟ کیا واقعی انسان نے ادنی ذہنی
حالت سے ترقی کرتے کرتے اعلیٰ ذہنی حالت کو پا کر ہستی باری تعالیٰ کا تصور تخلیق کیا ؟ ہرگز نہیں۔تاریخ مذاہب بیک زبان ماہرین عمرانیات کے اس یک طرفہ نتیجہ کو مسترد کرتی اور واضح طور پر
ثابت کرتی ہے کہ عقیدہ توحید کا اصل ماخذ تو اللہ تعالیٰ کی ذات ہی ہے اور یہ اسی کی عطا ہے۔ایسا
ہرگز نہیں ہوتا کہ لوگ بت پرستی کرتے کرتے تدریجا خدائے واحد کے تصور تک پہنچ جائیں۔اگر
عقیدہ توحید شرک کے ارتقا کا نتیجہ ہوتا تو تاریخ مذاہب لازماً اس کی تصدیق کرتی۔لیکن
مذاہب عالم کی مسلّمہ تاریخ میں اس کا نشان تک نہیں ملتا۔ہوتا یہ ہے کہ موحد تو دھیرے دھیرے
تنزل کا شکار ہو کر مشرک معاشروں کی صورت اختیار کر جاتے ہیں لیکن اس کے برعکس صورت کبھی
دیکھنے میں نہیں آئی۔نیک لوگوں کیلئے یہ امر انتہائی مشکل ہے کہ وہ لمبے عرصہ تک کے لئے آنے والی نسلوں میں
اپنی نیکی بطور اور منتقل کر جائیں۔چنانچہ ان میں ایک لمبے عرصہ تک اپنے آبا ؤ اجداد کی پر ہیز گاری
قائم رکھنے کا عمل شاذ کا حکم رکھتا ہے۔پہلی نسل جو روشنی کو براہ راست دیکھ چکی ہو اس کی بھاری
اکثریت کبھی بھی جہالت کی طرف نہیں لوٹتی تاہم بعد کی نسلوں میں ایمان بتدریج کمزور پڑتا چلا جاتا
ہے۔ایسا اچانک نہیں ہوتا بلکہ یہ تنزل کا ایک ایسا طویل اور ست رفتار عمل ہے جس کا آغاز انبیاء