سُوْرَۃُ النَّمْلِ

تفسیر کبیر (جلد ۱۰), حصہ 12

خدا تعالیٰ نے ہی اس امیر آدمی کے دل میں تحریک پیداکی کہ وہ اسے کپڑے بنوادے مگرجوکامل الایمان نہیں ہوتاوہ سمجھتاہے کہ میری اضطرار کی حالت میں فلاں آدمی میرے کام آیا ہے مگروہی آدمی جس نے اسے کپڑوں کا جوڑابناکردیاتھا جب یہ ایسی بیماری میں مبتلاہوتاہے کہ اس کے لئے کھانا اور پینا حرام ہو جاتا ہے۔پانی تک اسے ہضم نہیں ہوتا۔تمام جسم کی حالت خراب ہوجاتی ہے اورچل پھر بھی نہیں سکتا توایسی حالت میں وہ امیرآدمی اس کی مدد نہیں کرسکتا بلکہ اگر کوئی اچھا لائق اوررحمدل طبیب ہوتاہے اوروہ اسے اس حالت میں دیکھتاہے تو کہتاہے تمہیں علاج پرروپیہ خرچ کرنے کی توفیق نہیں تومیں تمہیں مفت دوائی دینے کے لئے تیار ہوں تم میرے پاس رہو اور اپنے مرض کاعلاج کرو۔اب ایسی اضطرار کی حالت میں امیر اس کے کام نہیں آیا بلکہ طبیب اس کے کام آیا۔جب وہ کپڑوں کے لئے مضطرتھا توامیر آدمی اس کے کام آگیا مگر جب وہ علاج کے لئے مضطر ہواتو ایک طبیب ا س کے کام آگیا۔پھرکبھی ایساہوتاہے کہ اس پر کوئی مقدمہ بن جاتاہے۔و ہ بے گناہ ہوتاہے اس کادشمن زبردست ہوتاہے اور وہ کسی وجہ سے ناراض ہوکر اسے کسی مقدمہ میں ماخوذ کراکے عدالت تک پہنچادیتاہے۔اب اسے نہ وکیل کرنے کی توفیق ہے اورنہ اس میں خود مقدمہ لڑنے کی قابلیت ہے اوروہ حیران ہوتاہے کہ کیا کرے۔آخر کوئی رحمدل وکیل اسے مل جاتاہے اوروہ کہتاہے میں بغیر فیس کےتمہاری وکالت کرنے کے لئے تیار ہوں۔اب ایسے موقعہ پر نہ امیر اس کے کام آسکا۔نہ طبیب اس کی مشکل کودور کرسکا۔صرف وکیل اس کے کام آیا۔اسی طرح ایک اوروقت میں یہ مضطر ہوتاہے۔بوجھ اٹھائے جارہاہوتاہے کہ تھک کرچُور ہو جاتا ہے اوربوجھ اس سے گر جاتاہے۔اس میں اتنی ہمت نہیں ہوتی کہ وہ اس بوجھ کو پھر اٹھا سکے۔اب ایسے وقت میں نہ امیر اس کے کام آسکتاہے۔نہ طبیب اس کے کام آسکتاہے۔نہ وکیل اس کے کام آسکتاہے۔البتہ کوئی مضبوط زمیندارچلتے ہوئے اسے دیکھتاہے اور پوچھتاہے کہ تُویہاں کیوں بیٹھا ہے۔وہ جواب دیتاہے بوجھ مجھ سے اٹھایانہیں جاتا۔اس پر وہ زمیندار اس کابوجھ اٹھالیتا ہے۔اب یہ مضطر توتھا۔مگراس حالت میں نہ امیر اس کے کام آسکا۔نہ طبیب اس کے کام آسکا۔نہ وکیل اس کے کام آسکا۔بلکہ اس کاایک زمیندار بھائی اس کے کام آگیا۔تو ایک ہی انسان کے مختلف اضطراروں میں مختلف لو گ اس کے کام آسکتے ہیں۔لیکن اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اَمَّنْ یُّجِیْبُ الْمُضْطَرَّ اِذَادَعَاہُ۔مطلق مضطر جس کے لئے کوئی شرط نہیں کہ وہ کس قسم کامضطر ہو۔خواہ وہ بھوکاہو۔ننگاہو۔پیاساہو۔بیمار ہو۔بوجھ اٹھائے جارہاہو۔کسی قسم کااضطرار ہو اس کی ساری ضرورتوں کو پوراکرنے والی صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہی ہے۔ہو سکتا ہے کہ ایک شخص کے پھٹے پرانے کپڑے ہوں۔توکوئی امیراس کے کام آجائے۔مگرطبیب اس کے کام نہیں آسکتا۔کوئی بیمار ہوتوطبیب اس کے کام

آجائے مگر وکیل اس کے کام نہیں آسکتا۔ہو سکتا ہے کہ کوئی بے گناہ کسی مقدمہ میں مبتلاہو تووکیل اس کے کام آجائے۔مگر بوجھ اٹھانے کے وقت وکیل اس کے کام نہیں آسکتا۔ہو سکتا ہے بوجھ اٹھانے کے وقت ایک زمیندار اس کےکام آجائے لیکن امیر طبیب اور وکیل اس کے کام نہیں آسکتا۔مگراللہ تعالیٰ یہ سارے کام کرسکتاہے۔باقی انسان جس قدر ہیں وہ توکسی کسی ضرورت میں کام آسکتے ہیں۔کوئی ایک قسم کے مضطر کے کام آسکتاہے کوئی دوسرے قسم کے مضطر کے کام آسکتاہے۔مگرہرقسم کے مضطرین کی ضرورتیں پورا کرنے والی خدا کی ہی ذات ہوتی ہے اورانسان کے اضطرار کی ہزاروں حالتیں ہوتی ہیں۔بھلاان حالتوں میں کوئی بندہ کسی کے کب کام آسکتاہے۔ان حالتوں میں تو کوئی بادشاہ بھی کسی کے کام نہیں آسکتا۔فرض کرو ایک شخص سخت بیمار ہے۔اب بادشاہ کاخزانہ اس کے کام نہیں آسکتا۔بادشاہ کی فوجیں اس کے کام نہیں آسکتیں۔بادشاہ کا قرب اس کے کام نہیں آسکتا۔اس کے کام تو اللہ تعالیٰ ہی آسکتاہے۔جوہرقسم کی بیماریوںکودورکرنے کی طاقت رکھتاہے۔یاایک جنگل میں گذرنے والاشخص جس پر بھیڑیا یاشیراچانک جھپٹ کر حملہ کردیتاہے۔وہ بادشاہ کا چاہے کتنا ہی منہ چڑھاہو یابادشاہ کا بیٹاہی کیوں نہ ہوبادشاہ اس کے کیا کام آسکتاہے یاطبیب جو اس کاعلاج کرتاتھا وہ اس کے کیا کام آسکتاہے یاامیر جو نئے کپڑے سلادیتاتھا وہ اس کے کیاکام آسکتا ہے یاوکیل جس نے رحم کرکے اس کامقدمہ لے لیاتھا اس کے کس کام آسکتاہے۔جنگل میں وہ تن تنہا جارہاہوتاہے کہ شیر چیتایابھیڑیا اس کے سامنے آجاتاہے ایسی حالت میں وہاں اللہ تعالیٰ کی ذات ہی ہے جوکام آتی ہے۔کوئی انسان کام نہیں آسکتا۔توجب تک انسان کے اند ریہ یقین پیدانہ ہوکہ ہرقسم کے اضطرا ر کی حالت میں اللہ تعالیٰ ہی کام آتاہے اس وقت تک و ہ مضطر نہیں کہلاسکتا۔مگربہرحال جب و ہ مضطرہونے کی حالت میں اللہ تعالیٰ کوپکار تاہے تو خدااس کے پاس دوڑتے ہوئے آجاتاہے اوراس کی ہرتکلیف اور مصیبت کودور کردیتاہے۔دنیا میں تویہ کیفیت ہوتی ہے کہ لوگ اگر دوسروں کے خلاف فریادکرنابھی چاہیں تونہیں کرسکتے افسر ان سے کہتے ہیں کہ اگر تم نے ہمارے خلاف شکایت کی تو ہم تمہاری زبان گُدّی سے کھینچ لیں گے۔و ہ ڈرتاہے کہ اگر میں نے فریاد کی توبعد میں وہی افسر مجھے اوررنگ میں مصیبتوں میں مبتلاکردیں گے۔مگریہاں یہ حالت ہوتی ہے کہ رات کی تاریکی سایہ ڈالے ہوئے ہوتی ہے اورمصیبت زدہ بندہ اپنے لحاف میں پڑاآہیں بھررہاہوتاہے اور دنیا کاکوئی فرد نہیں جانتاکہ و ہ کیاکررہاہے یاکیا کہہ رہاہے۔کوئی افسر اسے دھمکانہیں سکتا۔کوئی افسراسے فریاد کرنے سے روک نہیں سکتا۔وہ لحاف میں لیٹے لیٹے خدا تعالیٰ کے دربار میں اپنی آواز بلندکرتاہے اور کہتا ہے کہ اے خدا! فلاں نے مجھ پر ظلم کیا ہے تومیری طرف سے آپ ا س کابدلہ لے۔ظالم نہیں جانتاکہ اس کے خلاف بادشاہ تک

شکایت پہنچ چکی ہے۔وہ نہ سنتاہے نہ دیکھتاہے نہ اس کے دل میں کوئی خیال گذرتاہے۔مگر مظلوم کی فریاد خدا تعالیٰ کے عرش کو ہلادیتی ہے۔پس فرماتا ہے اَمَّنْ يُّجِيْبُ الْمُضْطَرَّ اِذَا دَعَاهُ وَ يَكْشِفُ السُّوْٓءَ۔جب انسان خدا تعالیٰ کے حضور مضطر ہوکر فریاد کرتاہے۔جب کوئی اس کے پاس نہیں ہوتا تواس وقت کون اس کی مدد کے لئے آتاہے۔دنیا غافل ہوتی ہے مگرخدااپنے بندے کی مددسے غافل نہیں ہوتا۔وہ خود آتاہے اورکہتاہے اے میرے بندے۔میں تیری مدد کے لئے آگیاہوں۔اورپھر وہ ایسی محبت اورپیار کاسلوک کرتاہے کہ اس کا ہردکھ دور ہو جاتا ہے۔پھر فرماتا ہے کہ وہ صرف یہیں تک اپنے انعامات کومحدود نہیں رکھتا کہ مضطر کی دعاکوقبول کرکے اس کی تکلیف کودورکردیتاہے بلکہ يَجْعَلُكُمْ خُلَفَآءَ الْاَرْضِ۔وہ بڑے بڑے سرکشوں اورظالموں کوتباہ کرکے مظلو م اور کمزورنظر آنے والے لوگوں کوان کا خلیفہ اور جانشین بنادیتاہے۔گویا انفرادی رنگ میں بھی و ہ پریشان حال لوگوں کی تکالیف کودور کرتاہے اورقومی رنگ میں بھی مظلوم اور اسیر اقوام کو بام رفعت تک پہنچاتاہے اور بڑے بڑے مغرور اورخود سر اورظالم اورعیاش حکمران ان کی آہ کاشکار ہوجاتے ہیں۔اسی حقیقت کواللہ تعالیٰ نے ایک دوسرے مقام پر ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے کہ وَ لَقَدْ اَهْلَكْنَا الْقُرُوْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَمَّا ظَلَمُوْا١ۙ وَ جَآءَتْهُمْ رُسُلُهُمْ بِالْبَيِّنٰتِ وَ مَا كَانُوْا لِيُؤْمِنُوْا١ؕ كَذٰلِكَ نَجْزِي الْقَوْمَ الْمُجْرِمِيْنَ۔ثُمَّ جَعَلْنٰكُمْ خَلٰٓىِٕفَ فِي الْاَرْضِ مِنْۢ بَعْدِهِمْ لِنَنْظُرَ كَيْفَ تَعْمَلُوْنَ (یونس :۱۴،۱۵) یعنی ہم یقینی طور پر تم سے پہلے بھی قوموں کے بعد قوموں کو ہلاک کرچکے ہیں۔جبکہ انہوں نے باوجود اس کے کہ ان کے پاس ان کے رسول کھلے کھلے نشانات لے کر آئے تھے ظلم سے کام لیا اوروہ ایمان نہ لائے اورہم مجرموں سے اسی طرح انتقام لیاکرتے ہیں۔اس کے بعد ہم نے تمہیں ان کاجانشین بنادیا تاکہ ہم دیکھیں کہ تم دنیا میں کیسے عمل کرتے ہو۔اورمظلومیت کی حالت میں جو تمہارے اندرنیکی اور تقویٰ پایاجاتاتھا آیا اپنی طاقت کے زمانہ میں بھی تم اس کو قائم رکھتے ہو یانہیں۔اصل بات یہ ہے کہ مضطر کی دعا اسے اللہ تعالیٰ کے انعامات کاتومستحق بنادیتی ہے مگر انعامات کو قائم رکھنے اوراس کے تسلسل کو لمباکرنے کے لئے پھر اَورجدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے۔اوراگر کوئی قوم اس میں غفلت سے کام لیتی ہے تووہ اس انعام کو کھو بیٹھتی ہے۔زیر تفسیر آیت میں اللہ تعالیٰ نے فردی اورقومی دونوں قسم کے انعامات کا ذکر فرمایا ہے۔اوربتایاہےکہ اللہ تعالیٰ کا انفراد ی رنگ میں بھی یہ سلوک ہے کہ و ہ مظلو م کی دعاکوقبول کرکے اس کی تکلیف کودور کردیتاہے۔اورقومی رنگ میں بھی اس کایہ قانون ہے کہ وہ ظالم قوم کو مٹا کر مظلوموںکو ان کا جانشین بنادیاکرتاہے اورتاریخ میں اس کی

ہزاروں مثالیں پائی جاتی ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں واقعات کو اپنی ہستی کے ثبوت میں پیش کرتے ہوئے بنی نوع انسان کو توجہ دلاتاہے کہ کیا تمہیں دکھائی نہیں دیتاکہ ا س کی تَہ میں اللہ تعالیٰ کا ہاتھ ہی کام کررہاہے۔مگر افسوس کہ تم پھر بھی نصیحت حاصل نہیں کرتے اورخدا تعالیٰ کے آستانہ کو ترک کرکے بتوں کے آگے اپنے سرجھکاتے پھرتے ہو۔اس آیت سے یہ بھی ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کواپنی ذات کا یقین دلانے اور اورپنے وجود کاعلم دینے اور انہیں اپنی طرف کھینچنے کے لئے دعا کادروازہ کھولاہے جو ہرمذہب وملت سے تعلق رکھنے والے کے لئے یکساں طور پر کھلاہے یعنی خواہ کسی مذہب سے تعلق رکھنے والا انسان ہو اگر وہ مضطر ہو کراللہ تعالیٰ کو پکارے تو یقیناً اللہ تعالیٰ ا س کی دعائوں کو سنے گا اوراس کے لئے وہ راستہ کھول دے گاجس سے اس کی مشکلات دو رہوجائیں گی اوراسے اطمینان قلب حاصل ہوجائے گا۔مجھے یاد ہے قادیان میں ایک دفعہ ایک ہندومیرے پاس آیا اور کہنے لگا کہ مجھے میرے آقا نے آپ کے پاس بھجوایاہے اوردریافت کیا ہے کہ کیا نور ملنے کابھی کوئی طریق ہے ؟ پہلے توا س نے یہ نہ بتایاکہ کون اس کاآقاہے اور وہ کہاں رہتاہے اوراس نے بات کو چھپاناچاہا۔مگر جب میں نے جرح کی توکہنے لگا۔وہ بڑے ٹھیکیدار ہیں۔ان کے پاس عمارتوں اورنہروں کا ٹھیکہ ہوتاہے اورہندوستان میں اس کا ایک بڑابھاری کارخانہ بھی ہے۔آخر بہت سی باتوں کے بعد یہ نتیجہ نکلا کہ سردار بلدیو سنگھ صاحب جوہندوستان کے ڈیفنس منسٹر رہے ہیں ان کے والد نے اسے بھجوایا تھا۔ٹاٹانگرکے پاس ان کابڑابھاری کارخانہ ہے۔میں نے اس سے پوچھا کہ وہ توسکھ ہیں اور تم ہندوہو تمہاراان کے ساتھ کیسے تعلق ہوا۔اس پر اس نے کہا کہ میں اوروہ بچپن میں اکٹھے پڑھتے رہے ہیں اوران کے ساتھ میری بڑی دوستی ہے۔اب انہوں نے اس دوستی کی وجہ سے ہی ایک دفترکامجھے انچار ج بنایاہواہے اور مذہبی خیالات کاتبادلہ مجھ سے کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے مجھ سے کہاتھاکہ تم مرزا صاحب سے جاکر پوچھو کہ کیا نورملنے کی بھی کوئی تدبیر ہے۔ہم مسلمان پیروں کے پاس بھی گئے ہیں۔ہندوؤں کے پاس بھی گئے ہیں ،سکھوں کے پاس بھی گئے ہیں۔مگرہمیں کہیں نور نہیں ملا۔میںنے کہا۔یہ ہماری تواصطلاح نہیں سکھوں کاایک محاورہ ہے جوان میں رائج ہے۔مگربہرحال ہم جس چیز کوہدایت کہتے ہیں وہ اس کانام نو ررکھتے ہیں۔اورہدایت ملنے کاراستہ میں بتانے کے لئے تیار ہو ں۔مگرچونکہ اس نے شروع میں ہی کہہ دیاکہ وہ بڑے مالدار ہیں۔اورکروڑ پتی ہیں۔اس لئے میں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ گومیں عیسائی نہیں مگرحضرت مسیح علیہ السلام کی نبوت او ربزرگی کاقائل ہوں اورآپ فرماتے ہیں کہ اونٹ کاسوئی کے ناکہ میں سے گذ ر جانا آسان ہے لیکن دولت مند کا خدا تعالیٰ کی بادشاہت میں داخل ہونا مشکل

ہے(متی باب ۱۹آیت ۲۴)۔اس لئے گو میں تمہیں نو ر حاصل کرنے کاراستہ بتادوں گا۔مگرمیں سمجھتاہوں کہ وہ نو ر کوقبول نہیں کریں گے۔کہنے لگا۔یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ نو ر مل بھی جائے اور پھر بھی انسان اس کوچھوڑ دے۔میں نے کہا۔حضرت مسیح ؑ نے ایسا ہی کہا ہے۔اس لئے میں سمجھتاہوں کہ انہوں نے نوردیکھنے کے باوجود اسے قبول کرنے کی کوشش نہیں کرنی۔اس نے کہا۔آپ ہمیں نور حاصل کرنے کاراستہ بتائیں۔وہ اسے ضرور قبول کریں گے۔اس پر میں نے اپنے پرائیویٹ سکرٹری کو بلایا۔اوراسے کہا کہ چونکہ یہ عربی نہیں جانتے اس لئے انہیں اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيْمَ۔صِرَاطَ الَّذِيْنَ اَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ١ۙ۬ۦغَيْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَيْهِمْ وَ لَا الضَّآلِّيْنَ۔کاپنجابی میں ترجمہ لکھ کردے دو۔چنانچہ انہیں اس کاپنجابی ترجمہ لکھ کر دے دیاگیا اور میں نے کہا روزانہ سوتے وقت آپ لوگ یہ دعاپڑھاکریں مگرجس وقت یہ دعاکریں اس وقت اپنے دل میں اللہ تعالیٰ سے یہ عہد کریں کہ اے خداتوہمیں کہیں بھی ہدایت دکھائے ہم اسے قبول کرلیںگے۔اگر اس دعا کے کرتے وقت آپ نے دل میں یہ فیصلہ نہ کیا کہ خدا تعالیٰ جو بھی ہدایت دے گا ہم اسے قبول کرلیں گے تواللہ تعالیٰ آپ کونور نہیں دکھائے گا۔کیونکہ اللہ تعالیٰ مداری نہیں وہ فضول کھیلیں نہیں دکھایاکرتا۔ہاں اگرآپ کے دل میں کمزوری کی وجہ سے بعد میں آپ سے کچھ غلطی ہوجائے تویہ اَوربات ہے۔چورچوری سے توبہ کرتاہے اور اللہ تعالیٰ اسے قبول کرلیتا ہے۔حالانکہ دوسرے دن وہ توبہ توڑ کر پھر چوری کرنے لگ جاتاہے۔پس اگرآپ کے نفس میں کوئی کمزور ی ہوئی تو اللہ تعالیٰ اس کی پرواہ نہیں کرے گا وہ صرف یہ دیکھے گا کہ اس وقت آپ کی نیت یہ ہے کہ اس کی ہدایت کوقبول کرلیں گے۔اس پر وہ چلا گیا پندرہ بیس دن کے بعد اس کی چٹھی آئی کہ آپ کی بات سچی ہوگئی۔خدا تعالیٰ کانو رمیرے آقاکو نظر آگیا ہے۔مگراس کے ساتھ ہی آپ کی یہ دوسری بات بھی سچی ہوگئی کہ ان سے مانانہیں جائے گا۔اب نو رتونظرآگیاہے مگرانہیں اس کوقبول کرنے کی ہمت نہیں۔معلوم ہوتاہے اللہ تعالیٰ نے اسے اسلام کی صداقت کے متعلق کوئی اشارہ کردیاہوگا۔مگرپھراس نے سوچاہوگاکہ اگر میں نے اسلام قبول کرلیا تومیرے بیٹے کی وزار ت بھی جائے گی اور میراکارخانہ بھی تباہ ہوجائے گااس لئے قبول کرنے کاکیافائدہ۔غرض اللہ تعالیٰ نے ہرقوم اورہرزمانہ کے لوگوں کے لئے دعائوں کاراستہ کھلارکھاہواہے اورخدا تعالیٰ کی طرف سچے د ل سے توجہ کرنے والا خواہ وہ کسی مذہب سے تعلق رکھتاہو اگروہ مضطر ہو جائے تو خدا تعالیٰ اس کی دعاکویقیناً سنتاہے۔مگرافسوس ہے کہ لوگ اس سے فائدہ نہیں اٹھاتے اور وہ سیدھا راستہ اختیارکرنے کی بجائے غلط راستہ اختیار کرلیتے ہیں۔

اَمَّنْ يَّهْدِيْكُمْ فِيْ ظُلُمٰتِ الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ وَ مَنْ يُّرْسِلُ (بتائوتو)خشکیوں اورسمندروں کی مصیبتوں میں کون تم کو نجات کی راہ دکھاتاہے۔اورکون اپنی رحمت (یعنی الرِّيٰحَ بُشْرًۢا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهٖ١ؕ ءَاِلٰهٌ مَّعَ اللّٰهِ١ؕ تَعٰلَى بارش)سے پہلے خوشخبری کے طور پر ہوائوں کو بھیجتاہے ؟ کیا اللہ کے سوا کوئی اور معبود ہے ؟ اللّٰهُ عَمَّا يُشْرِكُوْنَؕ۰۰۶۴ اللہ تمہاری شرک کی باتوںسے بہت بلند ہے۔تفسیر۔فرماتا ہے۔بتائو تو سہی کہ خشکیوں اور سمندروں کے اندھیروں میں تمہیں کون رستہ دکھاتاہے اس جگہ برّ سے مراد ایسی قومیں ہیں جن میں الہام الٰہی نہیں پایاجاتا۔اور بحر سے مرادایسی قومیں ہیں جن میں الہام الٰہی توپایا جاتا ہے لیکن وہ انسانی دخل اندازیوں کی وجہ سے سمندر کے پانی کی طرح شور ہوگیاہے۔چنانچہ دوسری جگہ قرآن کریم میں ان معنوں کی وضاحت موجود ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ظَھَرَ الْفَسَادُ فِیْ البَرِّ وَالْبَحْرِ (الروم :۴۲)یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ضرورت اس لئے پیش آئی تھی کہ وہ قومیں بھی بگڑ گئی تھیں جن میں الہامی پانی کا وجود نہیں ہے اوروہ اپنی عقل سے اپنے لئے قانون بناتی ہیں۔اوروہ قومیں بھی بگڑ گئی تھیں جن میں الہامی پانی توہے لیکن سمندر کے پانی کی طرح شور ہوکر انسان کے استعمال کے قابل نہیں رہا۔اسی طرح بتائو تو سہی کہ بادلوں سے پہلے بھیگی ہوئی ہوائیں کون چلاتاہے۔کیا اللہ تعالیٰ کے سواکو ئی اورمعبود ہے جویہ ہوائیں چلاتاہے۔یقیناً وہ مشرکوں کے شرکیہ خیالات سے بہت بالاہے۔جہاں تک ظاہر ی ہوائوں کاتعلق ہے بیشک ان کا وجو د بھی اللہ تعالیٰ کی ہستی کاایک ثبوت ہے۔لیکن اس جگہ پر روحانی ہوائوں کا ذکر ہے اوررحمت سے مراد بعثتِ انبیاء ہے۔یعنی اللہ تعالیٰ بعثتِ انبیاء سے پہلے ان کی قبولیت کے لئے لوگوں کے دلوں میں جوش پیداکردیتاہے۔اوروہ یہ محسوس کرناشروع کردیتے ہیں کہ اب کوئی نبی ہی آئے تووہ قوم کی اصلاح کرسکتاہے ورنہ اس کے سواقوم کی اصلاح کااَورکوئی ذریعہ نہیں اوریہ اس بات کا ثبوت ہوتاہے کہ آنے والا خدا تعالیٰ کی طرف سے ہے۔اور چونکہ بتوں کی طرف سے ایسے کوئی آدمی نہیں آتے اس لئے آنے والوں

کے ذریعہ شرک کی تردید اورتوحید کاقیام ہو جاتا ہے اور اس طرح خدا تعالیٰ کی وحدانیت اوراس کے مشرکانہ خیالات سے بہت بالاہونے کاثبوت لوگوں کو نظرآجاتاہے۔اس زمانہ میں بھی ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰ ۃوالسلام کے آنے سے پہلے خدا تعالیٰ نے ایسی رَو چلادی تھی کہ تمام کے تمام لو گ خواہ وہ کسی مذہب سے تعلق رکھنے والے ہوں یہ تسلیم کرنے لگ گئے تھے کہ یہ زمانہ مہدی اور مسیح کا محتاج ہے۔چنانچہ خواجہ حسن نظامی صاحب نے ایک دفعہ ممالک اسلامیہ کی سیاحت کی تواس کے بعد انہوں نے اپنے سفر کے حالات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ ممالک اسلامیہ کے سفر میں جتنے مشائخ اورعلماء سے ملاقات ہوئی میں نے ان کو امام مہدی کا بڑی بے تابی سے منتظرپایا۔‘‘ (اہل حدیث ۲۶؍جنوری ۱۹۱۲ ؁ء) اسی طرح یورپ کاایک مفکر جس کانام مارس انڈس تھا۔و ہ بھی ایک دفعہ اسلامی ممالک کی سیاحت کے لئے گیا۔تواس نے بعد میں اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے لکھاکہ ’’ دمشق ،بیروت، بغداد، مکہ، طہران، قاہر ہ اوران کے ساتھ لنڈن اورواشنگٹن بھی ایک پیغمبر کے انتظار میں ہیں جو سماجی مقصد و اصلاح کاجھنڈالے کر کھڑاہو‘‘۔(بحوالہ رسالہ ’’ نگار‘‘جنوری و فروری ۱۹۵۱ ؁ء) یورپ کاایک پروفیسر جس کانام میکنزی ہے اس نے ایک کتاب ’’ انٹروڈکشن ٹوسوشیالوجی ‘‘ میں اس امر پر بحث کرتے ہوئے کہ کامل انسانوں کے بغیر سوسائٹی معراج کمال تک نہیں پہنچ سکتی لکھا کہ ’’ہمیں بھی ترقی کے لئے ایک مسیح کی ضرورت ہے‘‘۔(بحوالہ مکاتیب اقبال صفحہ ۴۶۲و۴۶۳۔) اسی طرح نواب صدیق حسن خان صاحب نے بڑی بے تابی کے ساتھ لکھا کہ ’’ حساب کی رُو سے مہدی کاظہور تیرھویں صدی کے شروع میں ہوناچاہیے تھا۔مگریہ صدی پوری گذ رگئی اورمہدی نہ آئے۔اب چودھویں صدی ہمارے سر پر آئی ہے۔شائد اللہ تعالیٰ اپنافضل فرمائے اورچار یاچھ برس کے اند ر اندر مہدی ظاہر ہوجائیں۔‘‘ (اقتراب الساعۃص ۲۱) علامہ اقبال نے بھی اسی حقیقت کی ترجمانی کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ یہ دور اپنے ابراہیم کی تلاش میں ہے صنم کدہ ہے جہاں لاالہ الّا اللہ ‘‘ (کلیات اقبال صفحہ ۵۲۷)

پھراَورلوگ توالگ رہے مولانامودودی صاحب کو بھی تسلیم کرناپڑاکہ ’’ اکثر لوگ اقامت دین کی تحریک کرنے کے لئے کسی ایسے مردِ کامل کو ڈھونڈتے ہیں جو ان میں سے ایک ایک شخص کے تصور کما ل کامجسمہ ہو اورجس کے سارے پہلو قوی ہی قوی ہوں۔کوئی پہلوکمزور نہ ہو۔دوسرے الفاظ میں یہ لوگ دراصل نبی کے طالب ہیں اگرچہ زبان سے ختم نبوت کا اقرار کرتے ہیں۔اورکوئی اجرائے نبوت کانام بھی لے تواس کی زبان گُدّی سے کھینچنے کے لئے تیار ہوجائیں۔مگراندر سے ان کے دل ایک نبی مانگتے ہیں اورنبی سے کم کسی پر راضی نہیں۔‘‘ (ترجمان القرآن دسمبر و جنوری ۴۳۔۴۲؁ء ص ۴۰۶) غرض حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی آمد سے پہلے ہی اللہ تعالیٰ نے دنیا میں ایسی رَوچلادی کہ تمام دنیا بڑی بے تابی سے ایک مسیح اور مہدی کاانتظارکرنے لگ گئی۔یہ بھیگی بھیگی ہوائیں اس بات کاثبوت تھیں کہ اب جلد ہی آسمانِ روحانیت پرایسابادل چھانے والا ہے جواپنی موسلادھار بارش سے پیاسی روحو ںکوسیراب کردے گا۔اوران کی بے قرار ی کو دورکردے گا۔اسی لئے بانی سلسلہ احمدیہ نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے تحریر فرمایاکہ ’’ اے بندگانِ خدا! آپ لوگ جانتے ہیں کہ جب امساکِ باراں ہوتاہے اورایک مدت تک مینہہ نہیں برستاتواس کاآخری نتیجہ یہ ہوتاہے کہ کنوئیں بھی خشک ہونے شروع ہوجاتے ہیں۔پس جس طرح جسمانی طور پر آسمانی پانی بھی زمین کے پانیوں میں جوش پیداکرتاہے اسی طرح روحانی طور پر جو آسمانی پانی ہے (یعنی خدا کی وحی)وہی سفلی عقلوںکو تازگی بخشتاہے۔سویہ زمانہ بھی اس روحانی پانی کا محتاج تھا۔میں اپنے دعویٰ کی نسبت اس قدر بیان کرناضروری سمجھتاہوں کہ میں عین ضرورت کے وقت خدا کی طرف سے بھیجا گیاہوں جبکہ اس زمانہ میں بہتوں نے یہود کارنگ پکڑ ااورنہ صرف تقویٰ اور طہارت کو چھوڑا بلکہ ان یہود کی طرح جوحضرت عیسیٰؑ کے وقت میں تھے سچائی کے دشمن ہوگئے۔تب بالمقابل خدا نے میرا نام میسح رکھ دیا۔نہ صرف یہ ہے کہ میں اس زمانہ کے لوگوں کو اپنی طرف بلاتاہوں بلکہ خود زمانے نے مجھے بلایا ہے۔‘‘ (براہین احمدیہ حصہ پنجم کی یادداشتیں ص ۱۲) غرض اس زمانہ کے لوگوں کے لئے بھی اللہ تعالیٰ نے يُّرْسِلُ الرِّيٰحَ بُشْرًۢا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهٖ کے مطابق بانی سلسلہ احمدیہ کی صداقت پر ایک بڑی بھاری دلیل مہیاکردی ہے۔فائدہ اٹھانا یانہ اٹھانا یہ لوگوں کااپناکام ہے۔

اَمَّنْ يَّبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيْدُهٗ وَ مَنْ يَّرْزُقُكُمْ مِّنَ (بتائوتوکہ)وہ جو پہلی دفعہ پیداکرتاہے اورپھر (پیدائش کے )سلسلہ کوجاری کرتاہے۔اورجوبادلوں اورزمین سے السَّمَآءِ وَ الْاَرْضِ١ؕ ءَاِلٰهٌ مَّعَ اللّٰهِ١ؕ قُلْ هَاتُوْا بُرْهَانَكُمْ تمہیں رزق دیتاہے۔کیا(اس قادر مطلق)اللہ کے سواکوئی اَور معبود بھی ہے ؟ تُو کہہ دے کہ اگر تم سچے ہو تواپنی اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِيْنَ۰۰۶۵ دلیل پیش کرو (کہ اس کے ثانی اَوربھی ہیں)۔تفسیر۔فرماتا ہے تم بتاؤتو سہی کہ کون ہے جو تمہیں پہلی دفعہ پیدا کرتا ہے اور پھر پیدائش کے اس سلسلہ کو جاری رکھتا ہے۔اور کون ہے جو تمہیں آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہے۔کیا اس قادرمطلق خدا کے سوا کوئی اور بھی ہے جو ایسا کرسکے۔اگر تم سچے ہوتو اس کی دلیل پیش کرو۔اس جگہ بھی مَنْ يَّبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيْدُهٗسے طبقات الارض والی پیدائش مراد نہیںکیونکہ طبقات الارض والی پیدائش نہ تو کسی نے دیکھی ہے اور نہ اس کو توحیدِ باری تعالیٰ کی دلیل کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے اس جگہ پیدائش اولیٰ سے مراد قوموں کو تمکنت بخشنا اور یُعِیْدُہٗ سے مراد غالب قوموں کے زوال کے بعد ان میں دوبارہ زندگی اور بیداری کی روح پیدا کرنا ہے۔گویا بتایا کہ اگر تم قوموں کی ترقی اور ان کے زوال کی تاریخ پر غور کرو تو تمہیں معلوم ہوگا کہ جب بھی کسی قوم نے ترقی کی ہے تو صرف الٰہی مدد اور تائید سے کی ہے اور جب بھی کوئی قوم اپنے انحطاط کے بعد دوبارہ زندہ ہوئی ہے تو اس کا احیاء ثانیہ بھی الٰہی تدبیروں کے ماتحت ہی ہوا ہے۔خودبخودنہیں ہوا۔اس آیت میں قوموں کی ترقی اور غلبہ کے بعد ان کے زوال اور پھر زوال کے بعد ان کے دوبارہ احیاء کا ذکر کرکے مسلمانوں کو بھی نہایت لطیف پیرایہ میں اس امر کی طرف توجہ دلائی گئی تھی کہ تمہیں بھی دنیا پر محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے غلبہ حاصل ہوگا۔اس لئے کبھی اس ترقی کو اپنے زور بازو کا نتیجہ نہ سمجھنا ورنہ تمہاری ساری ترقیات جاتی رہیں گی اور پھر آسمانی تدبیر کے بغیر تمہیں دوبارہ دنیا میں غلبہ میسّر نہیں آسکے گا۔مگر افسوس ہے کہ مسلمانوں نے اس قیمتی سبق کو فراموش کردیا۔جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ قومی طور پروہ ایسے زوال کا شکار ہوئے کہ اغیار کی نگاہ میں وہ ہنسی کا نشانہ بن کر رہ گئے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ انسان دنیا میں پیدا بھی ہوتے ہیں اور مرتے بھی ہیں۔کوئی انسان دنیا میں ایسانہیں

ہوا جو ہمیشہ زندہ رہا ہو۔لیکن اگر قومیں چاہیں تو وہ ہمیشہ زندہ رہ سکتی ہیں۔یہی امید دلانے کے لئے حضرت مسیح ؑ ناصری نے فرمایا کہ ’’میں باپ سے درخواست کروں گا تو وہ تمہیں دوسرا مدد گار بخشے گا کہ ابد تک تمہارے ساتھ رہے۔‘‘ (یوحنا باب ۱۴ آیت ۱۶،۱۷) یعنی یوں تو ہر انسان کے لئے موت مقدّر ہے جس کے نتیجہ میں مَیں تم سے ایک دن جدا ہو جاؤں گا۔لیکن اگر تم چاہو اور اللہ تعالیٰ سے اس کا فضل مانگتے رہو تو تم ابد تک زندہ رہ سکتے ہو۔پس انسان اگر چاہے بھی تو وہ زندہ نہیں رہ سکتا۔لیکن قومیں اگر چاہیں تو زندہ رہ سکتی ہیں اور اگر وہ زندہ نہ رہنا چاہیں تو مر جاتی ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بھی اِسی زندگی کی امید دلاتے ہوئے’’الوصیۃ‘‘ میں تحریر فرمایا کہ ’’تمہارے لئے دوسری قدرت کا بھی دیکھنا ضروری ہے۔اور اس کا آنا تمہارے لئے بہتر ہے۔کیونکہ وہ دائمی ہے۔جس کا سلسلہ قیامت تک منقطع نہیں ہوگا۔اوروہ دوسری قدرت آنہیں سکتی جب تک میں نہ جائو ںلیکن جب میں جائوں گا توپھر خدا اس دوسری قدرت کوتمہارے لئے بھیج دے گاجو ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے گی۔‘‘ (روحانی خزائن جلد ۲۰ رسالہ الوصیت صفحہ ۳۰۵) ’’ہمیشہ ‘‘کے یہی معنے ہیں کہ جب تک تم چاہوگے قدرت ثانیہ تم میںموجود رہے گی۔اورقدرت ثانیہ کی وجہ سے تمہیں دائمی حیات عطا کی جائے گی۔اس جگہ ’’ قدرت ثانیہ ‘‘سے ایک تو وہ تائیدات الٰہیہ مراد ہیں جومومنوں کے شاملِ حال ہواکرتی ہیں۔اور دوسرے وہ سلسلہ خلافت مراد ہے جو نورنبوت کو ممتد کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ خود قائم فرماتا ہے۔اگرقو م چاہے اور اپنے آپ کومستحق بنائے توتائیدات الٰہیہ بھی ہمیشہ اس کے شاملِ حال رہ سکتی ہیں۔اوراگرقو م چاہے اوروہ اپنے آپ کو مستحق بنائے توانعامِ خلافت سے بھی وہ دائمی طورپر متمتع ہوسکتی ہے۔خرابیاں ہمیشہ ذہنیت کے مسخ ہونے سے پیداہوتی ہیں۔ذہنیت درست رہے تو کوئی وجہ نہیں کہ خدا تعالیٰ کسی قوم کو چھوڑ دے۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ واضح طور پر فرماتا ہے کہ اِنَّ اللّٰهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى يُغَيِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِهِمْ ( الرعد:۱۲)یعنی اللہ تعالیٰ کبھی کسی قوم کے ساتھ اپنے سلوک میں تبدیلی نہیں کرتا جب تک کہ وہ خود اپنے دلوں میں خرابی پیدانہ کرلے۔اوریہ ایسی چیز ہے جسے ہرشخص سمجھ سکتاہے۔لیکن اتنی سا دہ سی بات بھی قومیں فراموش کردیتی ہیں اور وہ تباہ ہوجاتی ہیں۔انسان کا مرنا توضروری ہے۔اگروہ مرجائے تواس پر کوئی الزام عائد نہیں ہوتا۔لیکن قوموں کے لئے مرناضروری نہیں۔قومیں

اگرچاہیں تووہ زندہ رہ سکتی ہیں۔لیکن وہ زندگی کے اصول کو فراموش کرکے ہلاکت کے سامان پیداکرلیتی ہیں۔اللہ تعالیٰ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے مسلمانوںکو ایسی تعلیم دی تھی کہ اگر وہ اس پر عمل کرتے توہمیشہ زند ہ رہتے لیکن قوم نے عمل کرناچھوڑ دیا اوروہ مرگئی۔دنیا بار بار یہ سوال کرتی ہے اور میرے سامنے بھی یہ سوال کئی دفعہ پیش ہواہے کہ باوجود اس کے کہ خدا تعالیٰ نے صحابہؓ کو ایسی اعلیٰ در جہ کی تعلیم دی تھی جس میں ہرقسم کی سوشل تکالیف اورمشکلات کاعلاج تھا۔اورپھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر عمل کرکے بھی دکھادیا۔وہ تعلیم کہاں گئی؟ اور۳۳سال میں ہی وہ کیوں ختم ہوگئی ؟ عیسائیوں کے پاس مسلمانوں سے کم درجہ کی خلافت تھی۔لیکن ان میں اب تک پوپ چلا آرہاہے۔لیکن مسلمانوں نے تینتیس سال کے عرصہ میں ہی خلافت کو ختم کردیا۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ عیسائیوں میں پو پ کے باغی بھی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی اکثریت ایسی ہے جو پوپ کومانتی ہے اور انہوں نے اس نظام سے فائدے بھی اٹھائے ہیں۔لیکن مسلمانوںمیں ۳۳سال تک خلافت رہی اورپھر ختم ہوگئی۔اس کی وجہ یہی تھی کہ مسلمانوں کی ذہنیت خراب ہوگئی۔اگر ان کی ذہنیت درست رہتی توکوئی وجہ نہیں تھی کہ یہ نعمت ان کے ہاتھ سے چھینی جاتی۔مجھے یہ حقیقت ایک دفعہ رؤیا (یہ رؤیا ۲۴،۲۵ ؍اکتوبر ۱۹۵۳؁ء کی درمیانی شب کا ہے۔منہ) میں بھی بتائی گئی تھی۔میں نے دیکھا کہ پنسل کے لکھے ہوئے کچھ نوٹ ہیں جو کسی مصنّف یامؤرخ کے ہیں اور انگریزی میں لکھے ہوئے ہیں۔پینسل بھی COPYINGیاBLUE رنگ کی ہے۔نوٹ صاف طور پرنہیں پڑھے جاتے لیکن جوکچھ پڑھاجاتاہے اس سے معلوم ہوتاہے کہ ان نوٹوں میں یہ بحث کی گئی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد مسلمان اتنی جلدی کیوں خراب ہوگئے۔باوجود اس کے کہ خدا تعالیٰ کے عظیم الشان احسانات ان پر تھے۔اعلیٰ درجہ کاتمدن اوربہترین اقتصادی تعلیم انہیں دی گئی تھی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر عمل کرکے بھی دکھادیاتھا۔مگرپھر بھی وہ گرگئے اوران کی حالت خراب ہوگئی۔یہ نوٹ انگریزی میں لکھے ہوئے ہیں۔لیکن عجیب بات یہ ہے کہ جو انگریزی لکھی ہوئی تھی وہ بائیں طرف سے دائیں طرف کونہیں لکھی ہوئی تھی۔بلکہ دائیں طرف سے بائیں طرف کولکھی ہوئی تھی لیکن پھر بھی میں اسے پڑھ رہاتھا۔اوراس میں سے ایک فقرہ کے الفاظ قریباً یہ تھے کہ THERE WERE TWO REASONS FOR IT۔THEIR TEMPERAMENT BECOMING MORBID AND ANARCHICAL یعنی وہ خرابی جو مسلمانوں میں پیداہوئی ہے اس کی وجہ یہ تھی کہ مسلمانوں کی طبائع میں دو قسم کے نقائص پیداہوگئے تھے۔ایک یہ کہ وہ ماربڈMORBID ہوگئے تھے یعنی اَن نیچرل UN-NATURAL اورناخوشگوار

ہوگئے تھے۔اور دوسرے ان کی ٹنڈنسیز TENDENCIES انارکیکل ANARCHICAL ہوگئی تھیں۔یعنی ان میں فساد اور بغاوت کی روح پیداہوگئی تھی۔میں نے سوچاکہ واقع میںیہ دونوں باتیں صحیح ہیں ان کا ماربڈ MORBID ہوناتو اس سے ظاہر ہے کہ انہیں جو بھی ترقیات ملیں وہ اسلام کی وجہ سے ملی تھیں۔اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بدولت ملی تھیں۔ان کی ذاتی خوبی یاکمال کاان میں کوئی دخل نہیں تھا۔مگرانہوں نے ان ترقیات کو اپنی ذاتی قابلیتوں کانتیجہ سمجھنا شروع کردیا حالانکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے مکہ والوں کی جوکچھ حالت تھی اس کااندازہ صرف اسی بات سے ہو سکتا ہے کہ لوگ ان کاصرف مجاور سمجھ کرادب کرتے تھے۔ورنہ ذاتی طورپر ان میں کوئی ایسی خوبی نہیں تھی جس کی وجہ سے لوگ ان کی عزت کرنے پر مجبور ہوتے۔اسی طرح جب وہ غیر قوموں میں جاتے تووہ بھی ان کامجاورسمجھ کر ہی اعزاز کرتیں۔یازیاد ہ سے زیادہ تاجر سمجھ کر ادب کرتی تھیں۔وہ انہیں کوئی حکومت قرارنہیں دیتی تھیں اورپھر ان کی حیثیت اتنی کم سمجھی جاتی تھی کہ دوسری حکومتیں یہ سمجھتی تھیں کہ ہم جب چاہیں ان کو کچل سکتی ہیں جیسے یمن کے گورنر نے بیت اللہ کوگرانے کے لئے حملہ کردیا۔جس کاقرآن کریم نے اصحاب الفیل کے نام سے ذکرکیا ہے۔جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعویٰ نبوت فرمایا توتیرہ سال تک توصرف تھوڑے سے آدمی آپ پر ایمان لائے مگرہجرت کے آٹھویں سال بعد ساراعر ب ایک نظام کے ماتحت آگیا اوراسلام کو ایسی طاقت اورقوت حاصل ہوگئی کہ بڑی بڑی حکومتیں اس سے ڈرنے لگیں۔اس وقت دنیا حکومت کے لحاظ سے دوبڑے حصوں میں منقسم تھی۔اول رومی حکومت دوم ایرانی سلطنت۔رومی سلطنت کے ماتحت تما م مشرقی یورپ۔ٹرکی۔ایبے سینیا۔یونان۔مصر۔شام اوراناطولیہ تھا۔اورایرانی سلطنت کے ماتحت عراق۔ایران۔رشین ٹری ٹوری کے بہت سے علاقے۔افغانستان۔ہندوستان کے بعض علاقے اورچین کے بعض علاقے تھے۔ان دونوں حکومتوں کے سامنے عرب کی کوئی حیثیت ہی نہیں تھی۔لیکن ہجرت کے آٹھویں سال بعد ساراعرب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تابع ہوگیا۔اس کے بعد جب سرحدات پر عیسائی قبائل کی شرارت کی آپ کو خبریں ملنی شروع ہوئیں توپہلے توآپ ؐ خود وہاں تشریف لے گئے اورجب آپؐ کو معلوم ہواکہ کوئی شامی لشکر اس وقت جمع نہیں ہورہا توآپؐ بعض قبائل سے معاہدات کرکے بغیر کسی لڑائی کے واپس آگئے۔لیکن تھوڑ ے عرصے بعد ہی قبائل نے پھر شرارت شروع کی۔توآپؐ نے ان کی سرکوبی کے لئے حضرت اسامہ بن زیدؓ کی سرکردگی میں ایک لشکرتیار کیا۔اس لشکر نے بہت سے قبائل کو سرزنش کی اور بہتوںکو معاہدہ سے تابع کیا (تاریخ الخمیس غزوة تبوک)۔پھر آپ ؐ کی وفات کے بعد اڑہائی سال کے عرصہ میں ہی یہ حکومت عرب سے نکل کر دوسرے علاقوں میں بھی پھیلنی شروع ہوئی۔فتح مکہ کے پانچ سال کے

·

آج 10 میں سے 10 باقی