سُوْرَۃُ بَنِیْٓ اِسْرَآءِیْلَ

تفسیر کبیر (جلد ۶)

سُوْرَۃُ بَـنِیْٓ اِسْرَآئِیْلَ مَکِّیَّۃٌ سورۃ بنی اسرائیل ۱؎ یہ سورۃمکی ہے وَ ھِیَ مَعَ الْبَسْمَلَۃِ مِائَۃٌ وَّاثْنَتَاعَشْرَۃَ اٰیَۃً وَاِثْنَا عَشَرَرُکُوْعًا اوربسم اللہ سمیت اس کی ایک سوبارہ آیا ت ہیں اوربارہ رکوع ہیں۔وجہ تسمیہ ۱؎ اس سورۃ کانام بنی اسرائیل اس لئے رکھا گیا ہے کہ اس میں وہ واقعات بیان کئے گئے ہیں جو بنی اسرائیل کو پیش آئے تھے اورمسلمانوں کو بتایا گیا ہے کہ تمہیں بھی یہ واقعات پیش آئیں گے کیونکہ رسول کریم صلی للہ علیہ وآلہ وسلم کومثیل موسیٰ قراردے کر مسلمانوں کو بنی اسرائیل قراردیا گیا تھا۔پس اس مشابہت کی وجہ سے مسلمانوں سے بھی یہود سے ملتے جلتے واقعات کاپیش آنا ضرو ری تھا۔اوراسی کی طرف اس سورۃ میں توجہ دلائی گئی ہے۔اوربنی اسرائیل کی تاریخ کے دوحصوں میں سے پہلے حصہ کو یعنی حضرت موسیٰ علیہ السلام سے لےکر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک کے واقعات کوبیان کرکے مسلمانوںکی اس سے مشابہت بتائی گئی ہے۔اس سورۃ کادوسرا نام ا سراء بھی ہے۔کیونکہ اسے اسراء کے ذکر سے شرو ع کیاگیا ہے۔اوراس لئے بھی کہ اسراء اس کااہم مضمون ہے۔یہ سورۃ مکی ہے یہ سورۃ بعض کے نزدیک باجماع مکی ہے (بحر محیط سورۃ بنی اسرائیل )مگر بعض نے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسے آٹھ تک آیات مدنی ہیں۔ابن عباس ؓ اورزبیرؓ سے ابن مردویہؒ نے روایت کی ہے کہ یہ سورت مکی ہے اورنہایت ابتداء میں ناز ل ہونے والی سورتوں میں سے ہے یعنی بعثت کے تیسرے چوتھے سال نازل ہوئی ہے۔بخا ری میں ابن مسعود ؓ سے روایت ہے۔’’قَالَ فِیْ بنیْٓ اِسْرَائِیْلَ وَالْکَھْفِ وَ مَرْیَمَ اِنَّھُنَّ مِنَ الْعِتَاقِ الْاُوَلِ وَھُنَّ مِنْ تِلَادِیْ‘‘۔(بخار ی کتاب تفسیر القرآن باب قولہ و منکم من یرد الی ارذل العمر ) یعنی عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں۔بنی اسرائیل اورکہف اورمریم شر وع میں نازل ہونے والی سورتوں میں سے بھی پہلے حصہ کی ہیںاوریہ میرے پرانے مال میں سے ہیں یعنی جن سورتوں کو میں نے شروع میں یاد کیا ہے ان میں یہ سورتیں بھی ہیں۔اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ساری کی ساری سور ۃ یا اس کاکچھ حصہ ابتدامیں نازل ہواتھا۔مگر یہ واضح نہیں کہ ابتدا سے ان کی کیا مراد تھی۔یعنی عبداللہ بن مسعودؓ کے ذہن میں ابتدائی سالوں کی کیاتعیین تھی۔میرے نزدیک یہ سورۃ بالکل ابتدائی سالوں کی نہیں ہے بلکہ چوتھے سال سے شروع ہوکر اس کانزول دسویں

گیار ہویں سال تک جاکر ختم ہواہے۔بشرطیکہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓکے حافظہ نے غلطی نہ کی ہو۔اگر ایسا ہو تویہ ساری سورۃ غالباً دسویں اور گیارہویں سال میں نازل ہوئی ہے۔بلکہ ہوسکتا ہے کہ گیارہویں، بارہویں سال میں نازل ہوئی ہو۔مسیحی مفسرین قرآن نے بھی اس سورۃ کا زمانہ نزول ۶ ؁ بعد نبوت سے لیکر ۱۲ ؁بعد نبوت بتایاہے۔(تفسیر القرآن از ویری جلد ۳ صفحہ ۵۲،۵۳)یہ الٰہی تصر ف ہے کہ ان لوگوں کے منہ سے یہ صداقت نکلی ورنہ ان کا فائدہ اس میں تھا کہ و ہ اسے بعد ہجرت بتاتے۔اس سورۃکا پہلی سورۃ سے تعلق پہلی سورۃ سے اس سورۃ کا یہ تعلق ہےکہ پہلی سورۃ میں مسلمانوں کی ترقی کی خبر دی تھی اوربتایا تھا کہ انہیں بڑی بڑی حکومتیں ملیں گی اورساتھ ہی ہوشیا ر بھی کردیاتھا کہ یہود نے ان نعمتوں کی قدر نہ کی اورترقی کے ایام میں خدا کی عبادت کو بھول گئے۔(اس امر کی طرف اشار ہ سبت کے لفظ سے کیا گیاتھا۔دیکھو سورۃ نحل ع ۱۶)اے مسلمانو!تم نہ بھولنا۔بلکہ اس زمانہ میں پہلے سے زیادہ عبادت میں مشغول ہونا۔اس سور ۃ میں اس طرف بھی اشار ہ کیا گیا ہے کہ مسلمانوں کوان ممالک کابادشاہ بنادیاجائے گا جن پریہود کی حکومت تھی۔کفار کےساتھ مسلمانوں کے مقابلہ اور مسلمانوں کی فتح کی پیشگوئی اس سورۃ کی ابتداکو پہلی سور ۃ کی انتہاسے یہ تعلق ہے کہ پہلی سورۃ کے آخر میں یہ پیشگوئی تھی کہ اب عنقریب تمہار امقابلہ اہل کتاب سے شروع ہوگااوروہ بھی تم کو کفار کی طرح دکھ دیں گے لیکن ان کے مقابلہ پر بھی اس وقت تک صبر سے کام لینا جب تک کہ مجبوری نہ ہو۔اوریاد رکھنا کہ ان کے مقابل پر اللہ تعالیٰ تم کواسی طرح فتح دے گا جس طرح کفار مکہ پر فتح دینے کاوعدہ ہے۔اب سور ۃ اسرا ء میں اس مقابلہ کی طرف اشارہ فرمایا کہ وہ مقابلہ مدینہ میں جاکرشروع ہوگا۔اوریہ کہ ا س مقابلہ کانتیجہ یہ نکلے گاکہ ان کے مقدس مقامات پر مسلمانو ںکو قبضہ اورحکومت حاصل ہو جائے گی۔یہودیوں کی دو تباہیوں کے ذکر سے مسلمانوں کی دو تباہیوں کی پیشگوئی اس سور ۃ میں خصوصیت کے ساتھ یہود کی دوتباہیوں کا ذکر فرمایا ہے کہ دودفعہ خاص طور پر انہوں نے نافرمانی کی اوردونوں دفعہ ہی وہ خطرناک عذا ب میں گرفتا ر ہوئے۔اس میں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ مسلمانوں پر بھی ایسی تبا ہی کے دوزمانے آنے والے ہیں مگر ساتھ ہی امید بھی دلا دی کہ چونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیّٖن ہیں اس لئے آپ کاسلسلہ یہود کی طرح تباہ نہ ہوگا بلکہ ان ابتلائو ں کے بعد اوربھی شان سے چمک اٹھے گا۔

پہلی سور ۃ میں جو بعض باتیں اشارۃً فرمائی تھیں اس سورۃ میں ان کو واضح کیا گیا ہے۔مثلاً پہلی سور ۃ میں شہد کے متعلق فرمایا تھا کہ ’’فِیْہِ شِفَآئٌ لِّلنَّاسِ‘‘اوراس سے اشار ہ کیاتھا کہ کلام الٰہی میں بھی شفا ہے۔اس سورۃ میں اس مضمون کو بوضاحت بیان فرمایا ہے۔چنانچہ فرماتا ہے وَ نُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَا هُوَ شِفَآءٌ وَّ رَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِيْنَ۔(آیت:۸۳) ترتیب نزول یہ سورۃ نزول میں سورۃ نحل سے پہلے ہے۔مگر مضمون کی ترتیب کے لحاظ سے بعد میں رکھے جانے کے قابل ہے۔اس لئے جمع قرآن کے وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے اسے سورہ النحل کے بعد رکھا۔میں پہلے بتاچکاہوں کہ سورتوں کے نزول کی ترتیب اورتھی لیکن جمع قرآن کے وقت اس ترتیب کو بدل دیا گیا۔کیونکہ سارے قرآ ن کریم کو پڑھتے ہوئے اوربعد میں آنے والوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسری ترتیب کی ضرور ت تھی۔اوریہ امر قرآن کریم کے زبردست معجزات میں سے ہے۔اس کی ہر سورۃ الگ الگ مضمون پر مشتمل ہے ا ورساتھ ہی اس کے اس کی سورتوں میں زبردست اتصال بھی پایا جاتا ہے۔جب نزول قرآن کے وقت الگ الگ سورتیں نازل ہورہی تھیں اوراس وقت کی ضرور ت کومدنظررکھا جاتا تھا تب بھی پڑھنے والوں کوکوئی مشکل پیش نہ آتی تھی۔کیونکہ ہرسورۃ کامضمون مکمل تھا۔مگرجب بعد میں اللہ تعالیٰ کے حکم سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے دوسری ترتیب سے مرتب کیا توپھر علاوہ اس مضمون کے جو الگ الگ سورتو ں سے نکلتاتھا ایک اَورسلسلہ مضمون پیداہوگیا جس نے قرآنی مضامین کو اورزیادہ وسعت دیدی۔فَتَبٰرَکَ اللہُ اَحْسَنَ الْخَالِقِیْن۔اسراء کے ذکر سے شروع کرنے میں حکمت اسراء کے ذکر سے اس کو یہ بتا نے کے لئے شروع کیاگیا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو موسیٰ علیہ السلام کاجانشین مقرر کیا گیا ہے۔اس لئے ان مقامات پر بھی آپ کو قبضہ دیاجائے گا جن کاحضرت موسیٰ ؑ اوران کے اتباع سے وعدہ کیا گیاتھا۔اوریہ بتانے کے لئے کہ موسیٰ ؑ کی طرح آپ کو بھی ہجرت کرنی پڑے گی اوروہ ہجرت آپ کی قوم کی ترقی کا موجب ہو گی۔اس کے بعد حضرت موسیٰ ؑ کا ذکر شروع کیا کہ کس طرح موسیٰ ؑ کو بھیجا اوران کی قوم کو ان کے ذریعہ ترقی دی۔کس طرح انہیں متنبّہ کیا کہ ترقی کے زمانہ میں غافل نہ ہونا مگر انہوںنے اس نصیحت سے فائدہ نہ اٹھایا اورسخت سزاپائی۔پھر فرماتا ہے کہ اس قرآن کو ہم نے تورات سے بھی زیادہ مؤثر بنایا ہے اس کے ذریعہ سے اس سے بھی بڑھ کر تبدیلی ہوگی مگراس کے راستہ میں بھی وہی خطرہ ہے کہ جب دولت آجائے گی توفسق وفجور بھی آجا ئے گا۔دنیا کاکما ناتوبرانہیں مگر اس کے ساتھ خدا کا بھی خیا ل رکھنا چاہیے اورنیکی کو ترک نہیں کرنا چاہیے۔پھر نیکی کے اصو ل بتائے ہیں۔پھر فرماتا ہے کہ منکرین قرآن جب ان اصول کو سنتے ہیں توبجائے غور کرنے کے اعراض اورتکبر

سے کام لیتے ہیںاوراپنے انجام کا خیال نہیں کرتے۔اگرانجام کی طرف توجہ دلائی بھی جائے تو پروانہیں کرتے۔لیکن قرآن کریم کے مخالف خواہ بیرونی ہوں یا اندرونی سخت سزاپائیں گے۔چنانچہ قرب قیامت میں یعنی زمانہ مسیح موعود میں ایک سخت عذاب دنیا پر تکذیب قرآن کی وجہ سے نازل ہوگااوراس وقت پھر ایک جنگ خداکے فرشتوں اورابلیس کے درمیان ہو گی۔اس جنگ میں آد م کے متبعین کو غلبہ دیا جائے گا۔قرآن کریم کے ابد الآباد تک رہنے کی پیشگوئی لوگ چاہتے ہیں کہ تجھے تباہ کر دیں مگرہم نے تو تیرے لئے ایک عظیم الشان مقصد تجویز کررکھا ہے۔ہم تیرے نام کو آخر زمانہ تک اوردنیا کے کناروں تک پھیلا ئیں گے اورتیری قابلیت کو دنیا پر ظاہر کیا جائے گا۔ہم نے اس قرآن کو ایسا بنایا ہے کہ وہ ابدالآباد تک کام آئے گا۔اور روحانی خزانے اس کے ذریعہ سے آہستگی کے ساتھ دنیا پر ظاہرکئے جائیں گے کیونکہ اللہ تعالیٰ بخیل نہیں ہے۔پھر آخرمیں آخر ی زمانہ کی علامت بیا ن فرمائی گئی ہے۔اوراس کے شرسے بچنے کاذریعہ دعاکو بتایا ہے۔بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ ۰۰۱ (میں )اللہ(تعالیٰ)کانام لے کر (شروع کرتا ہوں )جو بے حد کرم کرنے والا (اور)بار باررحم کرنے والا ہے۔سُبْحٰنَ الَّذِيْۤ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ لَيْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ پاک(ذات اور پاک صفات)ہے وہ (خدا)جو رات کے وقت اپنے بندہ کو (اس)حرمت والی مسجد سے (اس ) اِلَى الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا الَّذِيْ بٰرَكْنَا حَوْلَهٗ لِنُرِيَهٗ مِنْ اٰيٰتِنَا١ؕ دوروالی مسجد تک جس کے ارد گر دکو (بھی)ہم نے برکت دی ہے (اس لئے )لے گیا کہ تا ہم اسے اپنے بعض نشان اِنَّهٗ هُوَ السَّمِيْعُ الْبَصِيْرُ۰۰۲ دکھلائیں یقیناًوہی(خدا)ہے جو (اپنے بندوں کی پکار کو)خوب سننے والا (اوران کی حالتوں کو )خوب دیکھنے والا ہے حلّ لُغَات۔سُبْحٰنَ سُبْـحٰنَکے معنے کے لئے دیکھو یونس آیت نمبر۱۹۔سُبحٰنَ اللہ اَیْ اُبَرِّیُٔ اللہَ مِنَ السُّوْءِ بَرَاءَ ۃً۔سبحان کے معنی عیوب سے پاک سمجھنے اور پاک کرنے کے

ہیں۔(اقرب) اَسْرٰی بِہٖ اَسْرٰی بِہٖ کے معنے ہیں۔اس کورات کے وقت لے گیا۔مزید تشریح کے لئے دیکھو حجر آیت نمبر ۶۶۔اَسْرِ سَرَی سے باب افعال کاصیغہ امر ہے اورسَرَی الرَّجُلُ کے معنی ہیں سَارَ عَامَّۃَ اللَّیْلِ رات کا اکثر حصہ چلا۔اَسْرَی الرَّجُلُ اِسرَاءً مِثْلُ سَرَی۔اور اَسْرٰی (باب افعال ثلاثی مزید)کے معنےسَرٰی (ثلاثی مجرّد )کے ہی ہیں۔وَقِیْلَ اَسْرٰی لِاَوَّلِ اللَّیْلِ وَسَرَی لِاٰخِرِ اللَّیْلِ۔اوربعض محققین لغت کہتے ہیں کہ اَسْرٰی کافعل رات کے ابتدائی حصہ میں چلنے کے متعلق استعمال ہوتاہے۔اورسَرٰی کا فعل رات کے آخری حصہ میں چلنے پر۔اَسْرَاہُ وَاَسْرٰی بِہِ (متعدی)کے معنی ہیں۔سَیَّرَہٗ بِاللَّیْلِ اَیْ سَیَّـرَہُ لَیْلًا یعنےاسے رات کو روانہ کیا۔(اقرب) اَلْعَبدُ۔اَلْعُبُوْدِیَۃُ اِظْھَارُ التَّذَلُّلِ وَالْعِبَادَۃُ اَبْلَغُ مِنْھَا لِاَنَّھَا غَایَۃُ التَّذَلُّلِ۔عبودیت کے معنے عاجزی کے اظہا ر کے ہیں اورلفظ عبادَۃ اس مفہوم کو اداکرنے کے لئے زیادہ بلیغ ہے کیونکہ اس کے معنے انتہائی عاجزی کرنے کے ہیں۔وَلَایَسْتَحِقُّھَااِلَّا مَنْ لَہٗ غَایَۃُ الْاِفْضَالِ وَھُوَ اللہُ تَعَالٰی۔اورانتہائی عاجزی اسی کے سامنے کی جاسکتی ہے جس کے انعام و اکرام بہت زیادہ ہوں اورایسی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ہی ہے۔وَالْعِبَادَۃُ ضَرْبَانِ عِبَادَۃٌ بِالتَّسْخِیْرِ وَعِبَادَۃٌ بِالْاِخْتِیَارِ۔اورعبادت کی دواقسام ہیں (۱)کسی چیز کابلاارادہ عبادت کرنا یعنی اس کا اللہ تعالیٰ کے لئے عاجزی کرنا۔(۲)اختیاری عبادت اوریہ انسانوں کے ساتھ خاص ہے۔وَالْعَبْدُ یُقَالُ عَلیٰ اَرْبَعَۃِ اَضْرُبٍ۔اورعبد کالفظ چار طرح پر استعمال ہوتا ہے۔(۱)عَبْدٌ بِحُکْمِ الشَّرْعِ۔شریعت کے روسے غلام۔جس کا بیچنا اورخریدنا جائز ہو۔ان معنوں کے اعتبار سے لفظ عَبْدٌ کی جمع عبِیْدٌ ہوگی۔(۲)عَبْدٌ بِالْاِیْجَادِوَذٰلِکَ لَیْسَ اِلَّالِلّٰہِ۔پیداکئے جانے کے باعث عبدکالفظ استعمال کیاجاتا ہے اوراس لحاظ سے عَبْدٌ کی اضافت اللہ تعالیٰ ہی کی طرف ہوگی۔کیونکہ صرف خالق وہی ذات ہے۔(۳)عَبْدٌ بِالْعِبَادَۃِ وَالْخِدْمَۃِ۔عبادت اورخدمت کے باعث عبدکالفظ استعمال ہوتاہے۔اس لحا ظ سے لوگ دوحصوں میں منقسم ہو جائیں گے جو محض اللہ تعالیٰ کے لئے عبادت کرنےوالے ہیں۔یعنی عَابِدٌ ان معنوں کے لحاظ سے ا س کی جمع عِبَادٌ آتی ہے۔(۴) دنیا کے غلام اوردنیا دار۔(مفردات) اَلمسجدُالـحرامُ:اَلْمَسْجِدُ الْـحَرَامُ اَلْکَعْبَۃُ۔مسجد حرام کعبہ کو کہتے ہیں۔

الاقصیَ۔الْاَقْصٰی قَصٰی سے اسم تفضیل ہے اور قَصَی(یَقْصُوْوَقَصِیَ یَقْصٰی)اَلْمَکَانُ کے معنے ہیں بَعُدَ کوئی جگہ دور ہوگئی۔اوراَقْصَی کے معنے ہیں۔اَبْعَدُ۔بہت دور۔اس کی جمع اَقَاصِیْ آتی ہے (اقرب)پس اَلْمَسْجِدِ الْاَقْصٰی کے معنے ہوں گے دور والی مسجد۔تفسیر۔آیت اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ کی تفسیر میں اختلاف یہ آیت ان معرکۃ الآراء آیتوں میں سے ہے جن کے متعلق مفسرین میں بہت اختلاف رہا ہے۔اس آیت کے متعلق قریباً سب سابق مصنف۔مفسرین اور نیزاس زمانہ کے مفسر کہتے ہیں کہ اس میں معراج کاواقعہ بیان کیا گیا ہے گومعراج کی تفاصیل میں شدید اختلا ف ہے۔یہ مسئلہ بوجہ اختلاف روایات اس قدر پیچیدہ ہوگیا ہےکہ مجھے اس کے سلجھانے کے لئے اس کے کئی حصے کرنے پڑیں گے۔سب سے پہلے میں اس امر کولیتا ہوں کہ اس آیت کے سواقرآن کریم میں معراج کاواقعہ ایک اورجگہ بھی بیان ہواہے اوروہ سورئہ نجم ہے۔اس جگہ پراللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔معراج کا ذکر سورۃ نجم میں اِنْ هُوَ اِلَّا وَحْيٌ يُّوْحٰى۔عَلَّمَهٗ شَدِيْدُ الْقُوٰى۔ذُوْ مِرَّةٍ١ؕ فَاسْتَوٰى۔وَ هُوَ بِالْاُفُقِ الْاَعْلٰى۔ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰى۔فَكَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ اَوْ اَدْنٰى۔فَاَوْحٰۤى اِلٰى عَبْدِهٖ مَاۤ اَوْحٰى۔مَا كَذَبَ الْفُؤَادُ مَا رَاٰى۔اَفَتُمٰرُوْنَهٗ۠ عَلٰى مَا يَرٰى۔وَ لَقَدْ رَاٰهُ نَزْلَةً اُخْرٰى۔عِنْدَ سِدْرَةِ الْمُنْتَهٰى۔عِنْدَهَا جَنَّةُ الْمَاْوٰى۔اِذْ يَغْشَى السِّدْرَةَ مَایَغْشٰى۔مَا زَاغَ الْبَصَرُ وَ مَا طَغٰى۔لَقَدْ رَاٰى مِنْ اٰيٰتِ رَبِّهِ الْكُبْرٰى (النجم:۵ تا ۱۹) یعنی قرآن کریم ایک وحی الٰہی ہے اللہ تعالیٰ نے جو بڑی طاقتوں والا ہے محمدرسول اللہ کو یہ علم سکھا یا ہے۔وہ بڑی طاقت ظاہر کرنے والا اورحکومت کرنے والا خداہے۔اوراس وقت اس نے یہ کلام نازل کیا جبکہ وہ (یعنی محمد رسول اللہ صلعم)اُفُقٍ اَعلیٰ پر تھے (یعنی سب سے اعلیٰ مقام پر )محمد رسول اللہ خداکے اورقریب ہوئے اورقریب ہو کر پھر نیچے کی طرف آئے یعنی بنی نوع انسان کے قریب ہوئے۔حتیٰ کہ آپ دوقوسوں کے درمیان کی وتروں کی طرح ہوگئے بلکہ اس سے بھی قریب۔یعنی دومشترک وتروں کی جگہ ایک ہی وتر ہوگیا۔اس موقعہ پر اللہ تعالیٰ نے اپنے بندہ پر وحی نازل کی جو اس قرآن میں موجود ہے۔دل نے جوکچھ دیکھا تھا اس میں اس نے غلطی نہیں کی (بلکہ فی الواقع اس نے ایسا ہی دیکھا تھا )کیا تم لوگ اس بارہ میں اس سے جھگڑتے ہو جو اس نے دیکھا۔حالانکہ اس نے یہ بات ایک دفعہ نہیں بلکہ دودفعہ دیکھی ہے اوراس نظارہ کا مقام سدرۃُ المنتہٰی ہے۔اس سدرۃ المنتہٰی کے پا س ہی جنت کا مقام ہے۔اس نے اس وقت اس نظارہ کو دیکھاتھا جبکہ سدرہ کو ایک عجیب پر شوکت جلوہ نے ڈھانک لیا تھا نظر نے بھی اس

وقت غلطی نہیں کی۔نہ کوئی بات کم دیکھی اورنہ زیادہ۔(بلکہ جو کچھ دیکھا ٹھیک دیکھا )اس وقت (محمد رسول اللہ صلعم نے)اس (یعنی اللہ تعالیٰ) کی بہت بڑی آیات دیکھیں۔سورۃ نجم میں بیان شدہ امور معراج کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں یہ آیا ت معراج کے واقعہ کی طرف اشار ہ کرتی ہیں اوراس کاثبوت یہ ہے کہ ان آیات میں جن امور کا ذکر ہے وہ سب معراج سے تعلق رکھتے ہیں مثلاً (۱) سدرۃ المنتہٰی تک آ پ کاجانا(۲)اس وقت سدر ۃ المنتہٰی پر کسی چیز کا نازل ہونا(۳)اس کے پاس جنت کا دیکھنا (۴)قاب قوسین کی حالت کاپیداہونا (۵)اللہ تعالیٰ کادیکھنا (۶)کلام الٰہی کاوہاں نازل ہونا۔یہ سب امو ر وہ ہیں کہ جن کا ذکر معراج کی حدیثوں میں آتا ہے۔چنانچہ سدرۃ المنتہٰی کامعراج میں دیکھنا حضرت ابوہریرہؓ کی روایت میں آتا ہے جسے ابن جریر۔ابن ابی حاتم ابن مردویہ۔البزار۔ابویعلیٰ اوربیہقی چھ جامعین حدیث نے اپنی اپنی کتب میں نقل کیا ہے۔اس کے یہ الفاظ ہیں کہ ثُمَّ انْتَھٰی اِلَی السِّدْرَۃِ۔پھر آپ معراج کی رات آسمان پر جانے اور انبیاء سے ملنے کے بعد آگے بڑھے۔توسدرۃ المنتہٰی تک پہنچے۔(الخصائص الکبریٰ ، باب خصوصیتہٗصفحہ ۱۷۴) اسی طرح ابن جریر۔ابن المنذر۔ابن ابی حاتم۔ابن مردویہ۔البیہقی اورابن عساکر نے ابوسعید خدریؓ سے معراج کے بارہ میں روایت کی ہے۔اس میں بھی آسمان پر جانے اورنبیوں سے ملنے کے بعد سدرۃ المنتہیٰ تک جانے کا ذکر ہے۔اسی طرح مسند احمد بن حنبل۔بخاری۔مسلم اورابن جریر میں مالک ابن صعصہ کی روایت معراج کے متعلق درج ہے۔اس میں بھی لکھا ہے کہ ثُمَّ رُفِعْتُ اِلَی سِدْرَۃِ الْمُنْتَھٰی۔یعنی نبیوں سے مختلف آسمانوں پر ملنے کے بعد مجھے اٹھا کر سدرۃ المنتہیٰ تک لے جایا گیا۔(الخصائص الکبریٰ جلد اول صفحہ ۱۶۵) نیز بخاری نے انس ؓ سے روایت کی ہے اس میں بھی آسمان پرجانے اورنبیوں سے ملاقات کے بعد سدرۃ المنتہیٰ تک جانے کا ذکر ہے۔(بخاری کتاب بدء الخلق باب المعراج۔نیز الخصائص الکبریٰ جلد اول ص ۱۵۳) دوسراامرآیات قرآنیہ میں یہ بتایاگیا ہے کہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سدر ۃ المنتہیٰ تک پہنچے ہیں اس وقت اسے کسی چیز نے ڈھانپا ہے۔جیسے کہ الفاظ اِذْ يَغْشَى السِّدْرَةَ مَا يَغْشٰى (النجم :۱۷)سے ظاہر ہے۔اس کا ذکر بھی احادیث معراج میں آتاہے۔چنانچہ حضرت ابوہریرہ ؓ کی روایت میں جس کا ذکر اوپر آچکا ہے بیان ہواہے کہ جب آپؐ سدرۃ المنتہیٰ تک پہنچے تو فَغَشِیَہَا نُوْرُ الْخَلَّاقِ عَزَّوَجَلَّ(الخصائص الکبریٰ جلد اول ص ۱۷۴) یعنی اس وقت اللہ تعالیٰ کے نور نے سدرۃ کو ڈھانپ لیا۔نیز مسلم نے انسؓ سے جومعراج کے متعلق روایت کی ہے اس کے یہ الفاظ

ہیں فَلَمَّا غَشِیَہَا مِنْ اَمْرِاللہِ مَا غَشِیَ تغَیَّرَتْ فَمَا اَحَدٌ مِنْ خَلْقِ اللہِ یَسْتَطِیْعُ اَنْ یَنْعَتَہَا مِنْ حُسْنِہَا۔یعنی جب آپ سدر ۃ المنتہیٰ تک پہنچے تواللہ تعالیٰ کے ایک خاص فضل نے سدرہ کو ڈھانپ لیااوراس میں ایسا تغیر ہواکہ کوئی شخص اس کے حسن کی تعریف نہیں کرسکتا (مسلم کتاب الایمان باب الاسراء برسول اللہ و فرض صلوٰۃ)۔تیسری بات آیات قرآنیہ سے یہ معلوم ہوتی ہے کہ سدرہ کے پاس جنت بھی آپ نے دیکھی۔اس کا ذکر بھی معراج کی احادیث میں آتا ہے۔چنانچہ نبیوں کی ملاقات کے بعد آتاہےکہ ثُمَّ اِنِّیْ رُفِعْتُ اِلَی الجَنَّۃِ پھر مجھے جنت تک لے جا یا گیا۔اورپھر اس کے بعد ہے کہ ثُمَّ اِنِّی رُفِعْتُ اِلَی سِدْرَۃِ الْمُنْتَہٰی یعنی جنت کے بعد مجھے سدرۃ المنتہیٰ تک لے جایاگیا۔یہ روایت ابوسعید خدریؓ کی ہے اورابن جریر نے نقل کی ہے۔(ابن جریر جلد ۱۵ص ۱۱) اوران کے علاوہ اورکتب حدیث میں بھی آتی ہے۔معراج میں قاب قوسین کا مقام سورئہ نجم میں چوتھی بات یہ بیان کی ہے کہ ان نظاروں کے وقت میں ایک حالت پیداہوئی۔جس کانام فَكَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ اَوْ اَدْنٰى رکھا گیا ہے۔معراج کی روایات میں اس کا ذکر بھی ہے چنانچہ حضر ت ابوسعید ؓ کی مذکورہ بالا روایت میں سدر ۃ المنتہیٰ کے ذکر کے بعد یہ الفاظ ہیں کہ فَکَانَ بَیْنِیْ وَبَیْنَہُ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْاَدْنٰی یعنے میرے اوراس کے درمیان صرف قاب قوسین یااس سے بھی کم فرق رہ گیا۔(میں اس جگہ احادیث کے الفاظ کی تشریح نہیں کرتاکہ اس کاکیامطلب ہے صرف یہ بتاتاہوں کہ حدیث معراج میں وہی حالات بیان ہوئے ہیں جو سورئہ نجم میں آئے ہیں) معراج میں رؤیت باری تعالیٰ پانچویں بات سورئہ نجم کی آیات میں یہ بتائی گئی ہے کہ اس موقعہ پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کودیکھا۔جیسا کہ مَا كَذَبَ الْفُؤَادُ مَا رَاٰى میں اشارہ کیاگیاہے۔معراج کی احادیث میں بھی یہ امر کئی روایات میں بیان ہواہے چنانچہ ایک روایت حضرت اسماء بنت ابی بکرؓکی ابن مردویہ نے نقل کی ہے۔اس میں آتا ہے کہ آپ سدرۃ المنتہیٰ کا ذکر فرمارہے تھے کہ میں نے پوچھا یارسول اللہ آپ نے وہاں کیا دیکھا۔اس کے جواب میں آپ نے فرمایا۔میںنے وہاں کچھ دیکھا۔حضرت اسماءؓ فرماتی ہیں۔آپ کی مراد یہ تھی کہ میں نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا (الخصائص الکبریٰ جلد اول ص ۱۷۷)حضرت ابن عباسؓ کی روایت مسلم نے نقل کی ہے اس میں اوپر والی آیت کا ذکر کرکے بیان کیا ہے کہ رَاٰہُ بِفُؤَادِہٖ مَرَّتَیْنِ رسول کریم صلعم نے اپنے دل کی آنکھ سے اللہ تعالیٰ کو دودفعہ دیکھا۔(مسلم کتاب الایمان باب معنی ولقد را ہ نزلۃً اُخریٰ) شب معراج آنحضرت ؐ کا اللہ تعالیٰ سے کلام چھٹی با ت سورئہ نجم کی آیات میں یہ بیان کی گئی ہے۔کہ

سدرۃ المنتہیٰ کے قریب اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلعم سے کلام کیا۔جیساکہ فَاَوْحٰۤى اِلٰى عَبْدِهٖ مَاۤ اَوْحٰى کے الفاظ سے ظاہر ہے معراج کی احادیث میں اس ا مر کابھی ذکر آتاہے۔چنانچہ حضرت ابوہریرہؓ کی حدیث جو اوپر لکھی جاچکی ہے اس میں ذکر ہے کہ جب آپ سدرۃ المنتہیٰ کے پاس پہنچے تو فَکَلَّمَہُ اللہُ تعالیٰ عِنْدَ ذٰلِکَ۔اللہ تعالیٰ نے سدرۃ کے پاس آپ سے کلام کیا۔(خصائص جلد اول ص ۱۷۴)اسی طرح ابن ابی حاتم نے انس بن مالکؓ سے روایت کی ہے۔اوراس میں بھی یہ الفاظ ہیں کہ جب میں اس سدرہ کے پاس پہنچا تو قَالَ اللہُ لِیْ یَامُحَمَّدُ اللہ تعالیٰ نے مجھ سے کلام کیااورفرمایا کہ اے محمدؐ!(آگے لمبی بات بیان ہے )۔(خصائص جلد اول ص ۱۵۵) مذکورہ بالامشابہتوں سے جوسورئہ نجم کی آیات اور واقعہ معراج میں پائی جاتی ہیں۔یہ امر قطعی طور پر ثابت ہوجاتا ہے کہ سورئہ نجم میں معراج ہی کا ذکرکیاگیاہے۔یہ ثابت کرنے کے بعد کہ سورئہ نجم میں جورؤیت اورکلام اورسدرۃ المنتہیٰ کے دیکھنے کا ذکر ہے وہ معراج کا ہی واقعہ ہے۔اب میں یہ بتاناچاہتاہوں کہ سورہ نجم بالاتفاق ۵ ؁بعد نبوت میںیااس سے پہلے نازل ہوئی ہے اور اس کے نزول کے ساتھ ایک ایسے عظیم الشان واقعہ کاتعلق ہے کہ اس کے نزول کے متعلق کوئی شبہ ہی نہیں ہوسکتا۔اوروہ واقعہ یو ں ہے۔سورۃ نجم کا تعلق ہجرت سے ۵ ؁بعد نبوت میں رجب کے مہینہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بعض صحابہ کو حبشہ کی طرف ہجرت کرنے کامشور ہ دیا اورفرمایا کہ مکہ میں ظلم انتہاکوپہنچ گیا ہے اورمغرب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس طرف ایک ملک ہے جس میں کسی پر ظلم نہیں ہوتا تم وہاں چلے جائو۔آپ کے حکم پر بعض لوگ مذکورہ بالا مہینہ اورمذکورہ بالا سال میں مکہ سے حبشہ کی طرف روانہ ہوئے۔ان میں آپ کے داما د حضرت عثمانؓ اورآپ کی صاحبزادی رقیہ رضی اللہ عنہا بھی تھیں۔(زرقانی شرح مواہب ،الھجرۃ الاولیٰ الی الحبشۃ) تلاوت سورۃ نجم اور سجدہ کفار کی حقیقت کفار کو جب ان لوگوں کی ہجرت کا علم ہو اتوانہوں نے ان کا پیچھا کیا لیکن وہ ان کو پکڑ نہ سکے اوران کے پہنچنے سے پہلے یہ لوگ کشتیوں میں سوار ہوکر حبشہ کو روانہ ہوگئے۔اوروہاں امن سے رہنے لگے۔کفار کو جب یہ خبر ملی توانہوں نے عمروبن عاص اورعبداللہ بن ربیعہ کووفدبناکر نجاشی کے پاس بھیجا کہ وہ ان کو لوٹادے۔مگر اس نے ان کی بات نہ مانی اوریہ وفد ناکا م لوٹا۔اس وفد کی واپسی کے بعد ایک دن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کفارمکہ آئے اورقرآن کریم سنانے کے لئے کہا۔آپ نے سورئہ نجم پڑھ کر انہیں سنائی۔اس میں سجدہ آتا ہے۔آپ نے اس پر سجدہ کیا اورسب کفار نے بھی ساتھ ہی سجد ہ کیا اورمشہور ہوگیا کہ مکہ کے

سب لوگ مسلمان ہوگئے ہیں۔یاکم سے کم یہ کہ اس کے عمائدین مسلمان ہوگئے ہیں۔کفارنے بعد میں یہ توجیہ کی کہ اس سورۃ کو پڑھتے وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے معبودوں کی بھی تعریف کی تھی۔اس لئے انہوںنے سجدہ کیا تھا۔مسلمان کہتے ہیں کہ شیطا ن نے اس وقت یہ کلمات بلند آواز سے کہہ دیئے تھے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نہیں کہے۔(میری تحقیق یہ ہے۔کہ کفارنے مسلمانوں کے واپس لانے کی کوشش میں ناکام ہوکر حبشہ میں یہ جھوٹی خبر پہنچادی کہ مکہ کے لوگ مسلمان ہوگئے ہیں تاکہ مسلمان خود واپس آجائیں۔جب بعض مسلمان واپس آگئے تواس خوف سے کہ مکہ کے قریب پہنچ کر جب ان کو اس خبر کاجھوٹ ہونا معلوم ہوگا وہ واپس چلے جائیں گے۔انہوں نے یہ تدبیر کی کہ آپ کی مجلس میں آکر قرآن سننے کی خواہش کی اورسجدہ کیا۔تاکہ لوگوں میں یہ خبر مشہور ہوجائے اورمسلمان واپس نہ لوٹیں۔اورجب یہ فائدہ اٹھالیا توبعد میں اپنے اَتباع کے سامنے شرمندگی سے بچنے کے لئے یہ جھوٹ بولا کہ چونکہ رسول کریم صلعم نے مشرکانہ کلمات کہہ دیئے تھے اس لئے ہم نے سجدہ کیاتھا۔بہرحال اس کی تفصیل کایہ مقام نہیں۔یہ مضمون سورہ حج اورسورئہ نجم میں انشاء اللہ بیان کیاجائے گا )بہرحال پہلی ہجرت پر ابھی تین ماہ بھی نہ گزرے تھے کہ بعض مسلمان مکہ کے لوگوں کے مسلمان ہونے کی خبر سن کر حبشہ سے واپس مکہ آگئے۔اس واقعہ سے جو تما م کتب تاریخ اوراحادیث میں مذکور ہے ثابت ہے کہ سورئہ نجم شوال ۵ ؁بعد نبوت سے یقیناً پہلے نازل ہوچکی تھی اوراس میں چونکہ معراج کاواقعہ درج ہے اس لئے معراج کا واقعہ بھی یقیناً شوال ۵ ؁ بعد نبوت سے پہلے ہوچکا تھا۔زمانہ واقعہ معراج معراج کے واقعہ کی تاریخ بتانے کے بعد اب میں اس واقعہ کو لیتاہوں جس کا ذکرسورئہ بنی اسرائیل میں ہے۔اورجس کے متعلق میںیہ نوٹ لکھ رہاہوں۔اس واقعہ کی نسبت زرقانی شرح مواہب میں لکھا ہے کہ ۱ ۱ ؁بعد نبوت ربیع الاول یاربیع الثانی یارجب یا شعبان میں ہو اہے۔(زرقانی جلد اول زیر عنوان وقت الاسراء) مسیحی مؤرخین نے اسے بارہویں سال بعدنبوت میں تسلیم کیاہے (میورلائف آف محمدصفحہ ۱۲۱) اسراء اور معراج دو مختلف وقتوں میں ہوئے احادیث میں اس کے متعلق جو روایا ت آتی ہیں وہ بھی ا س زمانہ کی تصدیق کرتی ہیں۔چنانچہ ابن مردویہ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی ہے کہ قَالَ اُسْرِیَ بِالنَّبِیِّ صَلَی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ لَیْلَۃَ سَبْعَۃِ عَشَرَ مِنْ شَھْرِ رَبِیْعِ الْاَوَّلِ قَبْلَ الْھِجْرَۃِ بسَنَۃٍ (خصائص الکبریٰ جلد اول صفحہ ۱۶۲) یعنی عبداللہ بن عمر فرماتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اسراء کاواقعہ ہجرت سے ایک سال پہلے سترہ ربیع الاول کوپیش آیا۔اسی طرح بیہقی نے ابن شہاب سے روایت کی ہے کہ مدینہ تشریف لے جانے سے ایک

سال پہلے یہ واقعہ پیش آیاتھا۔نیز بیہقی نے سعدی سے روایت کی ہے کہ ہجر ت سے کوئی چھ ماہ پہلے یہ واقعہ پیش آیاتھا۔(دونوں روایات خصائص جلد اول کے صفحہ ۱۶۲پرمذکور ہیں)نیز ابن سعد نے حضرت ام سلمہ ؓسے روایت کی ہے کہ یہ واقعہ ایک سال ہجرت سے پہلے سترہ ربیع الاول کو پیش آیا تھا۔ان سب روایا ت سے یہ امریقین کے مرتبہ تک پہنچ جاتاہے کہ اسرا ء کاواقعہ ہجرت سے چھ ماہ یاایک سال پہلے گزراہے۔اس کے علاوہ اورثبوت بھی اس امر کی تائید میں ہیں کہ یہ واقعہ شعب ابی طالب سے نکلنے کے بعدکاہے۔اورشعب ابی طالب میں آپ اورآپ کے ساتھی ساتویں سال بعد نبوت میںداخل ہوئے تھے اوردسویں سال میں وہاںسے نکلے تھے(الطبقات الکبریٰ لابن سعد ذکر حصر قریش رسول اللہ و بنی ہاشم فی الشعب)۔اوروہ ثبوت یہ ہے کہ حدیث اسراء کے متعلق ایک ہی موقعہ کاگواہ ہے۔اوروہ امّ ہانی ؓ آپ کی چچازاد بہن ہیں جو ابوطالب کی بیٹی تھیں۔وہ بیان کرتی ہیں کہ جس رات یہ واقعہ ہواہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر میں تشریف فرماتھے (خصائص الکبریٰ جلد ۱ صفحہ ۱۷۱)۔اوربہت سے صحابہؓ نے بھی یہی بیان کیا ہے کہ آپؐ اس رات امّ ہانی کے مکان پر تھے۔اورظاہر ہے کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی زندگی یاابوطالب کی زندگی میں آ پ امّ ہانی کے گھر میں نہیں رہ سکتے تھے۔پس امّ ہانی کے گھرمیں آپ کاان ایام میں رہنا بھی بتاتا ہے کہ یہ واقعہ حضرت خدیجہ اورابوطالب کی وفات کے بعد کا ہے۔اوران دونوں کی وفات بھی ۱۰ ؁بعد نبوت میں ہوئی ہے (السیرۃ النبویۃ لابن ہشام وفاۃ ابی طالب و خدیجۃ)۔پس اس شہادت سے بھی یہی استنباط ہوتاہے کہ یہ واقعہ گیارہویں ، بارہویں سال بعدنبوت کا ہے۔واقعہ معراج نبوت کے پانچواں سال کا ہے اور اسراء گیارہویں کا خلاصہ یہ کہ تاریخ۔احادیث اورعقلی استدلال سب اس ا مر کی تائید میں ہیں کہ اسرا ء کاواقعہ گیارہویں بارہویں سال بعد نبوت کا ہے۔اورپہلے میں یہ ثابت کرچکا ہوں کہ معراج کاواقعہ پانچویں سال بعد نبو ت سے پہلے کاہے۔پس جب ان دونوں واقعات کی تاریخوںمیں چھ سات سال کا فرق ہے توانہیں ایک واقعہ کہنا کسی طرح درست نہیں ہوسکتا۔اورحق یہی ہے کہ معراج کاواقعہ اَورہے اوربیت المقدس کی طرف جانے کاواقعہ بالکل اَورہے۔معراج اور اسراء کے الگ الگ وقت میں ہونے کا ایک ثبوت علاوہ تاریخی شواہد کے ایک اَورامر بھی میرے اس استدلا ل کی تائید میں ہے اوروہ یہ ہے کہ حدیث معراج سے ثابت ہے کہ پانچ نمازوں کی فرضیت

معراج کے واقعہ میں ہوئی ہے۔اب اگران دونوں واقعات کو ایک سمجھا جائے توماننا پڑے گاکہ پانچوں نمازیں گیارہویں ، بارہویں سال بعد نبوت میں فرض ہوئی ہیں جوبالبداہت غلط ہے۔پانچوں نمازوں کے فرض ہونے کا زمانہ شروع زمانہ نبوی سے ثابت ہے اورسب مسلمانوں کااس پر اتفاق ہے (بخاری کتاب الصلٰوۃ باب کیف فرضت الصلٰوۃ فی الاسراء)۔پس اس امر سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ معراج نبوی نبوت کے ابتدائی ایام میں ہواہے جبکہ اسراء کاواقعہ گیارہویں بارہویں سال میں ہواہے۔بلکہ میں تویہ کہوں گا کہ قرآن کریم میں جودومعراجو ں کا ثبوت ملتاہے۔اس کا ذکر اس امر کے بتانے کے لئے کیاگیا ہے کہ سورئہ نجم میں جس معراج کا ذکر ہے وہ دوسرامعراج ہے۔ورنہ ایک معراج نبوت کے ملتے وقت یا اس کے ساتھ ہی ہواتھا اورنمازیں اس میں فرض ہوگئی تھیں۔چنانچہ بخاری نے انس ؓ سے روایت کیا ہے اورابن جریر نے بھی اپنی تفسیر میں اس روایت کو بیان کیا ہے کہ جَاءَہٗ ثَلَاثَۃُ نَفَرٍ قَبْلَ اَنْ یُوْحٰی اِلَیْہِِ۔الخ۔کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تین فرشتے آئے۔(بخاری کتاب التوحید باب قولہ وکلم اللہ موسیٰ تکلیمًا) اوریہ واقعہ نبوت سے پہلے کا ہے۔آگے وہی معراج کاواقعہ مذکور ہے۔اوراس میں بیت المقدس کی طرف جانے کا ذکر نہیں بلکہ سیدھا آسمان پرجانے کا ذکر ہے۔اورآخر میں نمازوں کے فرض ہونے کا ذکر ہے۔اس حدیث سے معلو م ہوتا ہے کہ معراج کا واقعہ کم سے کم ایک دفعہ نبوت کے ملنے سے عین پہلے یاعین اس وقت ہواہے اوریہی بات درست ہے۔کیونکہ نمازیں فرض شروع اسلام سے ہیں اورایک سال بھی نبوت کے بعدایسا نہیں گزرا۔جس میں نمازیں فرض نہ ہوں(اکثر محققین اس طرف گئے ہیں کہ نبوت سے پہلے کانہیں۔اس وقت کاہے۔راوی کوزمانہ کے قرب کی وجہ سے غلط فہمی ہوئی ہے اور میرے نزدیک بھی یہی صحیح ہے۔کیونکہ نبوت سے پہلے نمازوں کا فرض ہوناعقل کے خلاف ہے )۔معراج اور اسراء دو الگ الگ واقعات ہیں خلاصہ یہ کہ معرا ج اوراسراء دوالگ الگ واقعات ہیں۔اور جیسا کہ سورئہ نجم کی آیات سے ظاہر ہے معرا ج دوہیں۔اوراحادیث سے معلو م ہوتا ہے کہ ایک معراج نبوت کے ابتدائی ایام میں ہواہے۔بلکہ کہہ سکتے ہیں اسی معراج میں شرعی نبوت کی بنیاد پڑی ہے۔اورنماز یں فرض کی گئی ہیں۔اوردوسرامعراج ۵ ؁بعد نبوت میں ہواہے۔یایہ کہ وہ بھی اس سے پہلے ہوچکا تھا صرف اس کا ذکر سورئہ نجم میں کیاگیا ہے۔اوراسراء کاواقعہ بالکل جداہے۔اورگیارہویں بارہویں سال بعد نبوت ظہور میں آیا ہے جبکہ حضرت خدیجہؓ فوت ہوچکی تھیں اور آپ امّ ہانی کے مکان میں رہتے تھے جیسا کہ متواتراحادیث اور روایات تاریخیہ

آج 10 میں سے 10 باقی