سُوْرَۃُ الْفُرْقَانِ
تفسیر کبیر (جلد ۹), حصہ 11
ہمارے مقابلہ میں جیت جاتے۔آپ کا ہمارے مقابلہ میں اکیلے ہوتے ہوئے جیت جانا ثبوت ہے اس بات کا کہ ہمارے بت بالکل بیکار ہیں اور خدا ئے واحد کی ہی اس دنیا پر حکومت ہے جس نے آپ کی مدد کی اور ہم سب کو آپ کے مقابلہ میں شکست دی۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ہندہ ہے ؟ہندہ بھی جانتی تھی کہ اسلام کی حکومت صرف مجھ پر ہی نہیں بلکہ خود محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی ہے۔اُس نے کہا ہاں ہندہ ہوں۔مگر مسلمان ہندہ۔اب آپ کا وہ زور مجھ پر نہیں چل سکتا جو پہلے چل سکتا تھا۔کیونکہ اسلام سب گناہوں کو مٹا دیتا ہے (طبری سنۃ ۸ ذکر الخبر عن فتح المکۃ)تو الٰہی مدد کا ہونا ثبوت ہوتا ہے اس بات کا کہ وہ شخص راستباز ہے۔اور الٰہی مدد کا ثبوت یہ ہوتا ہے کہ باوجود دنیوی مخالفت کے ایک قوم بڑھتی چلی جاتی ہے اور کوئی روک اُس کی ترقی میں حائل نہیں ہو سکتی کیونکہ اللہ تعالیٰ مومن قوم کی پشت پر آجاتا ہے اور اس کے سایہ یعنی تصرف کو لمبا کر دیتا ہے۔اور اگر وہ ایسا نہ کرتا تو سایہ ایک جگہ ٹکا رہتا۔یعنی مومن دنیا میں کوئی ترقی نہ کرتے۔پھر جس طرح سورج کے مقام کو دیکھ کر پتہ لگ جاتا ہے کہ سایہ کدھر جائےگا۔اسی طرح خدا تعالیٰ کی تائیدات کو دیکھ کر یہ پتہ لگا یا جا سکتا ہے کہ کونسی قوم ترقی کرے گی۔ہاں یہ الٰہی مدد ہمیشہ ایک سی نہیں رہتی۔ایک مدت کے بعد جب قوم خراب ہو جاتی ہے تو اللہ تعالیٰ اُس کی پشت پناہی چھوڑ دیتا ہے اور وہ سایہ غائب ہو جاتا ہے۔پس کوشش کرو کہ تمہارا خدا تمہیں اور تمہاری اولاد وں کو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ممتد سایہ بنا دے اور تمہیں ایسی توفیق عطا فرمائے کہ تم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سایہ کو ہمیشہ قائم رکھنے اور اُس کو آگے سے آگے بڑھانے کا موجب بنو۔تاکہ شمس والی دلیل ہمیشہ قائم رہے اور تمہارے لئے الٰہی نصرتیں ظاہر ہوتی رہیں اور انسانی تدابیر تمہارے مقابلہ میںہمیشہ ناکام رہیں۔وَ هُوَ الَّذِيْ جَعَلَ لَكُمُ الَّيْلَ لِبَاسًا وَّ النَّوْمَ سُبَاتًا وَّ اور وہی( خدا) ہے جس نے رات کو تمہارے لئے لباس بنایا اور نیند کو آرام کا موجب جَعَلَ النَّهَارَ نُشُوْرًا۰۰۴۸ اور دن کو پھیلنے اور ترقی کا ذریعہ۔حلّ لُغَات۔اَلسُّبَاتُ أَلسُّبَاتُکے معنے ہیں اَلدَّھْرُ۔زمانہ۔نیز اس کے معنے ہیں اَلنَّوْمُ۔نیند وَقِیْلَ اِبْتِدَاؤُہُ فِی الرَّأسِ حَتّٰی یَبْلُغَ الْقَلْبَ یعنی بعض ماہرین لُغت کہتے ہیں کہ سبات کا لفظ نیند کی ابتدائی
حالت کے متعلق استعمال کرتے ہیں جبکہ وہ دماغ پر حاوی ہو کر سارے جسم پر مستولی ہو جاتی ہے۔وَقِیْلَ اَصْلُہٗ اَلرَّاحَۃُ۔اور بعض ماہرین لُغت یہ کہتے ہیں کہ سبات کے اصل معنے راحت اور آرام کے ہیں۔( اقرب ) تفسیر۔اس میں بتا یا کہ رات اور دن کا تسلسل اور انسانی نیند بھی خدا تعالیٰ کے احسانات کا ایک ظہور ہیں۔رات تو انسان کے لئے لباس کا کام دیتی ہے اور اُس کے بہت سے عیوب کو ڈھانپ لیتی ہے چنانچہ سوتے وقت کی کئی حالتیں ایسی ہوتی ہیں جو اگر دن کے وقت ظاہر ہوں تو لوگوں کو بہت معیوب دکھائی دیں۔مگر رات کی تاریکی کی وجہ سے وہ دوسروں کی نظر سے اوجھل رہتی ہیں۔کیونکہ وہ خود بھی اُس وقت سو رہے ہوتے ہیں۔اور اس طرح انسان کے کئی نقائص پر پردہ پڑارہتا ہے۔اسی طرح نیند انسانی راحت اور آرام کا موجب بنتی ہے۔اور جسم نئے سرے سے طاقتیں حاصل کر لیتا ہے۔اگر نیند نہ آئے تو انسان چند دنوں میں ہی پاگل ہو جائے یہ نیند ہی ہے جس کی وجہ سے انسان کی تمام طاقتیں برقرار رہتی ہیں اور وہ ہر صبح تازہ دم ہو کر اپنا کام شروع کر دیتا ہے۔پھر فرماتا ہے وَجَعَلَ النَّھَارَ نُشُوْرًا اُس نے دن کو انسانوں کے اِدھر اُدھر پھیلانے کا ذریعہ بنایا ہے۔چنانچہ وہ اس کی روشنی میں چاروں طرف دوڑے پھرتے اور اپنی معیشت کا سامان مہیا کر تے ہیں۔یہی رات اور دن کا تسلسل ہمیں قومی زندگی میں بھی دکھائی دیتا ہے۔کبھی قوموں پر لیل کا زمانہ آتا ہے اور کبھی نہار کا۔زمانۂ لیل میں اُن کے تمام عیوب مخفی رہتے ہیں لیکن جب خدا تعالیٰ کا کوئی مامور اور مصلح کھڑا ہوتا ہے اور اس کے ذریعہ ایک نیا دن چڑھتا ہے تو صرف دوسرے لوگوں کو ہی اُن کے عیوب نظر نہیں آتے بلکہ خود انہیں بھی اپنی خامیاں محسوس ہونے لگتی ہیں اور اُن کے اندر اصلاح کا ایک نیا جذبہ پیدا ہونے لگتا ہے۔اور رفتہ رفتہ وہ بھی ترقی کر جاتے ہیں۔وَ هُوَ الَّذِيْۤ اَرْسَلَ الرِّيٰحَ بُشْرًۢا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهٖ١ۚ اور وہ( خدا) ہی ہے جس نے ہوائوں کو اپنی رحمت سے پہلے بشارت دینے کے لئے بھیجا۔اور ہم نے باد ل وَ اَنْزَلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً طَهُوْرًاۙ۰۰۴۹لِّنُحْيِۧ بِهٖ بَلْدَةً مَّيْتًا وَّ سے پاک (و صاف) پانی اتار ا ہے۔تاکہ اس کے ذریعہ سے مردہ ملک کو زندہ کریں اور اسی طرح اُس (پانی) سے نُسْقِيَهٗ مِمَّا خَلَقْنَاۤ اَنْعَامًا وَّ اَنَاسِيَّ كَثِيْرًا۰۰۵۰وَ لَقَدْ اپنے پیدا کئے ہوئے چارپائیوں اور بہت سے انسانوں کو سیراب کریں۔اور ہم نے اُس (پانی) کو اُن( یعنی انسانوں)
صَرَّفْنٰهُ بَيْنَهُمْ لِيَذَّكَّرُوْا١ۖٞ فَاَبٰۤى اَكْثَرُ النَّاسِ اِلَّا میں خوب پھیلا دیا تاکہ وہ نصیحت حاصل کریں۔لیکن لوگوں میں سے اکثر لوگ کفر کے سوا کسی بات پر راضی كُفُوْرًا۰۰۵۱وَ لَوْ شِئْنَا لَبَعَثْنَا فِيْ كُلِّ قَرْيَةٍ نَّذِيْرًاٞۖ۰۰۵۲ نہیں ہوتے۔اور اگر ہم چاہتے تو ہر بستی میں ایک ہوشیار کرنےوالا (نبی یا مامور) بھیج دیتے۔پس تو کافروں کی بات فَلَا تُطِعِ الْكٰفِرِيْنَ وَ جَاهِدْهُمْ بِهٖ جِهَادًا كَبِيْرًا۰۰۵۳ نہ مان اور اس (یعنی قرآن) کے ذریعہ سے ان سے بڑا جہاد کر۔تفسیر۔فرماتا ہے وہ خدا ہی ہے جو بارشوں سے پہلے لوگوں کو بشارت دینےکے لئے ہوائیں بھیجتا ہے اور بادلوں سے پاک کرنے والا پانی نازل کرتا ہے۔جس کے نتیجہ میں مردہ بستیاں بھی زندہ ہو جاتی ہیں۔اور ہم اس پاکیزہ پانی سے جانوروں اور بہت سے انسانوں کو سیراب کرتے ہیں اور یہ سب نصیحت کی باتیں ہیں جن کو ہم انسانوں کے سامنے رکھتے ہیں تاکہ وہ ہدایت حاصل کریں۔یعنی جسمانی پانی کو دیکھ کر وہ سمجھ لیں کہ خدا تعالیٰ نے روحانی پانی بھی اُتار اہوگا۔لیکن لوگ جسمانی پانی کی تو قدر کرتے ہیں مگر روحانی پانی سے انکار کر دیتے ہیں۔اور اگر ہم چاہتے تو ہر بستی میں اپنا رسول بھیج دیتے مگر ہم رسول صر ف ایک ہی بستی میں بھیجتے ہیں جہاں سے وہ سارے علاقہ میں تبلیغ کرتا ہے۔پس اے ہمارے رسول ! تو کا فروں کی بات نہ مان اور اس قرآن کے ذریعہ اُن سے جہاد کبیر کر۔ان آیات میں کلام الٰہی سے تشبیہہ دینےکے لئے پہلے پانی کا ذکر کیاگیا ہے۔اور بتا یا گیا ہے کہ جس طرح جسمانی پانی کو لوگوں میں پھیلادیتے ہیں اور مردہ بستیوں کو اس کے ذریعہ زندہ کر دیتے ہیں۔اسی طرح ہم نے قرآن کریم کو اُن کے سامنے پیش کر دیا ہے مگر اکثر لوگ کفرانِ نعمت کرتے ہیں وہ پانی کی نعمت تو قبول کر لیتے ہیں مگر کلام الٰہی کی نعمت جو اس سے بہت زیادہ بہتر ہے اُسے ردّ کر دیتے ہیں۔گویا وہ کوڑیوں پر تو جان دیتے ہیں مگر اشرفیاں قبول کرنےکے لئے تیار نہیں ہوتے اور یہ بالکل بچوں والی بات ہے۔میں ایک دفعہ بمبیٔ گیا تو وہاں اُن دنوں عدالت میں ایک تازہ کیس چل رہا تھا جو اس طرح ہوا کہ کسی جوہری کے ساٹھ ہیرے جو کئی لاکھ روپیہ کی مالیت کے تھے کہیں گر گئے۔اُس نے پولیس میں رپورٹ کر دی۔پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے ایک آدمی کو پکڑ لیا۔جس سے کچھ ہیرے بھی بر آمد ہوگئے۔جب اس سے پوچھا گیاکہ اُس نے یہ ہیرے کہاں سے لئے تھے تو اُس نے
بتا یا کہ میں بازار میں سے گذر رہا تھا کہ چند لڑکے ان ہیروں سے گولیاں کھیل رہے تھے۔میں نے انہیں دو چار پیسے دےکر ہیرے لے لئے۔بعد میں معلوم ہو اکہ اُس جوہری نے کسی موقعہ پر اپنی جیب میں سے رومال نکالا تو یہ ہیرے جو ایک پڑیہ میں تھے اُس کے ساتھ ہی نکل کر زمین پر گر گئے۔اور بچوں نے یہ سمجھا کہ یہ کھیلنے کی گولیاں ہیں حالانکہ وہ کئی لاکھ روپے کا مال تھا۔یہی حال لوگوں کا ہے۔وہ اُس پانی کی تو قدر کریں گے جو سڑ جاتا اور تھوڑے ہی عرصہ کے بعد ناکارہ ہو جاتا ہے۔مگر جو پانی اُن کے اور اُن کی آئندہ نسلوں کے کام آنے والا ہے اور جو نہ صرف اس زندگی میں بلکہ اگلے جہان میں بھی کام آتا او رانسان کی کایا پلٹ دیتا ہے اُس کو رّد کر دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم اس کو نہیں لیتے۔لوگوں کی اسی کیفیت کا اللہ تعالیٰ ان زیر تفسیر آیا ت میں ذکر کرتا اور فرماتا ہے کہ فَاَبٰۤى اَكْثَرُ النَّاسِ اِلَّا كُفُوْرًا۔اکثر لوگ ہماری اس عظیم الشان نعمت کا کفر ہی کرتے ہیں۔حالانکہ اگر ہم چاہتے تو دنیا کی ہر بستی میں نذیر بھیج دیتے۔یعنی اگر ہم لوگوں پر جلدی حجت تمام کرنا چاہتے تو بجائے اس کے کہ ایک رسول بھیجتے اور اُس کی تعلیم آہستہ آہستہ پھیلتی ہر بستی میں ایک ایک نذیر بھیج دیتے مگر ہم نے ایسا کیوں نہیں کیا اس لئے کہ اگر سب لوگ کفر کرتے تو دنیا کی تمام بستیوں پر یکدم عذاب آجاتا اور سب لوگ ہلاک ہو جاتے۔مگر اب ایسا نہیں ہوتا بلکہ اب پہلے عرب پر اتمام حجت ہوتی ہے اور اُس پر عذاب آتا ہے۔پھر کچھ اور عرصہ گذرتا ہے تو ایران پر اتما م حجت کے بعد عذاب آجاتا ہے۔اگر ہر بستی اور ہر گائوں میں اللہ تعالیٰ کے نبی مبعوث ہوتے تو ہر بستی اور ہر گائوں پر وہ عذاب نازل ہوتا جو اَب براہ راست ایک حصۂ زمین کے مخالفوں پر نازل ہو تاہے۔پس فرماتا ہے توان کافروں کی باتیں نہ مان بلکہ قرآن کریم کے ذریعہ سب دنیا کے ساتھ جہاد کر جو سب سے بڑا جہاد ہے یعنی تبلیغ کا جہاد جس کے قریب جانے سے بھی آج کل کے مسلمان کا دم گھٹتا ہے۔وہ اس جہاد سے تو اس بہانہ سے بھاگتا ہے کہ اصل جہاد تلوار کا ہے۔اور تلوار کے جہاد سے اس لئے بھاگتا ہےکہ دشمن بہت طاقتور ہے مولوی فتویٰ دیتا ہے کہ اے مسلمانو! بڑھو اور لڑو اور مسلمان کہتے ہیں کہ اے علماء کرام آپ آگے بڑھیں اور لڑیں کیونکہ آپ ہمارے لیڈر اور راہنماہیں۔اور پھر دونوں اپنے اپنے گھروں کی طرف بھاگتے ہیں۔حالانکہ خدا نے ہمیں وہ تلوار دی ہے جسے کبھی زنگ نہیں لگ سکتا۔اور جو کسی لڑائی میں بھی نہیں ٹو ٹ سکتی۔تیرہ سو سال گذر گئے اور دنیا کی سخت سے سخت قوموں نے چاہا کہ اس تلوار کو توڑ دیں۔اس کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیں اور اسے ہمیشہ کے لئے ناکارہ بنا دیں مگر یہ تلوار اُن سے نہ ٹوٹ سکی۔یہ وہ قرآن ہے جو خدا نے ہم کو دیا ہے اور یہ وہ تلوار ہے جس سے ہم ساری دنیا کو فتح کر سکتے ہیں۔فرماتا ہے جَاهِدْهُمْ بِهٖ جِهَادًا كَبِيْرًا۔تلوار کا جہاد اور نفس کے ساتھ جہاد اور دوسرے اور جہاد سب چھوٹے ہیں۔صرف قرآن کا جہاد ہی ہے جو سب سے
بڑا اور عظیم الشان جہاد ہے۔یہ وہ تلوا ر ہے کہ جو شخص اس پر پڑے گا اس کا سر کاٹا جائےگا اور جس پر یہ پڑے گی وہ بھی مارا جائےگا یا اسلام کی غلامی اختیار کر کے زندہ جاوید ہو جائےگا۔اگر تیرہ سو سال میں بھی ساری دنیا میں اسلام نہیں پھیلا تو اس کی وجہ یہ نہیں کہ یہ تلوار کند تھی بلکہ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ مسلمانوں نے اس تلوار سے کام لینا چھوڑ دیا۔آج خدا نے پھر احمدیت کو یہ تلوار دے کر کھڑا کیا ہے اور پھر اپنے دین کو دنیا کے تمام ادیان پر غالب کرنے کا ارادہ کیا ہے۔مگر کئی نادان مسلمان احمدیت پر حملہ کر تے ہو ئے کہتے ہیں کہ احمدی جہاد کے قائل نہیں۔اُن کی مثال بالکل ایسی ہی ہے جیسے کوئی شخص غلیلے لے کر قلعے پر حملہ کر رہا ہو تو یہ دیکھ کر کہ غلیلوں سے قلعہ کب فتح ہو سکتا ہے کچھ اور لوگ توپ خانہ لے کر آجائیں۔مگر غلیلے چلانے والا بجائے اس کے کہ اُن کا شکریہ ادا کرے اُن پر اعتراض کرنا شروع کر دے کہ یہ لوگ غلیلے کیوں نہیں چلاتے یہ نادان بھی اپنی نادانی کی وجہ سے اس شخص کو جہاد کا منکر قرار دیتے ہیں جس نے اسلام کو دنیاکے کونے کونے تک پہنچایا اور اپنے آپ کو صف اوّل کے مجاہدین میں شمار کرتے ہیں حالانکہ انہوں نے عمر بھر میں کسی ایک شخص کو بھی اسلام میں داخل نہیں کیا ہوتا۔نہ انہیں قرآن کریم کا کوئی علم ہوتا ہے وہ ہوش سنبھالنے سے لےکر بڈھے ہونے تک صرف اور نحو پڑھتے رہتے ہیں اور یہی دو علم پڑھ پڑھ کر ان کے دماغ خالی ہو جاتے ہیں۔انہوں نے ساری عمر کبھی قرآن کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھا ہوتا۔اور نہ اس کے مطالب اور معانی پر کبھی غور کیا ہوتا ہے مگر اعتراض وہ اُس شخص پر کرتے ہیں جس کے نام سے بھی عیسائی پادریوں کا خون خشک ہوتا ہے۔اور جس کے ادنیٰ اور معمولی درجہ کے غلاموں سے بھی وہ بحث کرنےکے لئے تیار نہیں ہوتے حقیقت یہ ہے کہ جس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے دعویٰ کیا مسلمانوں کی عملی سُستی اور بے چارگی حد سے بڑھی ہوئی تھی۔عوام الناس کی قوتیں مفلوج ہو رہی تھیں اور خواص عیسائیت کے حملہ سے بچنےکے لئے اُس کی طرف صلح کا ہاتھ بڑھا رہے تھے۔اسلام کے خادم اپالوجسٹس کی صفوںمیں کھڑے اُن اسلامی عقائدکے لئے جنہیں یورپ ناقابلِ قبول سمجھتا تھا معذزتیں پیش کر رہے تھے۔اُس وقت بانئے سلسلہ احمدیہ نے ان طریقوں کے خلاف احتجاج کیا۔اُس وقت انہوں نے اپنی تنہا آواز کو دلیرانہ بلند کیا کہ اسلام کو معذرتوں کی ضرورت نہیں اُس کا ہر حکم حکمتوں سے پُر اور اُس کا ہر ارشاد صداقتوں سے معمور ہے۔اگر یورپ کو اس کی خوبی نظر نہیں آتی تو یا وہ اندھا ہے یا ہم شمع اُس کے قریب نہیں لے گئے۔پس اسلام کی حفاظت کا ذریعہ معذرتیں نہیں بلکہ اسلام کی حقیقی تعلیم کو یورپ تک پہنچانا ہے۔اُس وقت جبکہ یورپ کے اسلام لانے کا خیال بھی نہیں آسکتا تھا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے انگریزی میں اپنے مضامین ترجمہ کرا کے یورپ میں تقسیم کرائے۔اور جب خدا تعالیٰ نے آپ کو جماعت عطا فرمائی تو
آپ نے انہیں ہدایت کی کہ جہاد اسلام کا ایک اہم جزو ہے جو کسی وقت بھی چھوڑا نہیں جا سکتا۔جس طرح نماز اور روزہ اور حج اور زکوٰۃ اسلام کے ایسے احکام ہیں جن پر عمل کرنا ہر زمانہ میں ضروری ہے اسی طرح جہاد بھی ایسے اعمال میں سے ہے جن پر ہر زمانہ میں عمل کرنا ضروری ہے۔پہلے علماء نے عام طور پر یہ لکھا ہے کہ نماز اور روزہ اور زکوٰۃ مقدم ہیں۔اس کے بعد حج ہے اور پھر جہاد ہے لیکن علامہ ابن رشد ؒ لکھتے ہیں کہ نماز اور روزہ اور زکوٰۃ کے بعد جہاد ہے اور پھر حج ہے۔لیکن اگر غور کیا جائے تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ پہلے علماء کی بات زیادہ درست ہے کیونکہ جو شخص نماز اور روزہ اور حج اور زکوٰۃ کا پابند نہیں اُس کے اندر جہاد کی روح ہی پیدا نہیں ہو سکتی۔اور جس کے اندر جہاد کی روح پیدا نہ ہو اُس نے جہاد کیا کرنا ہے۔پس حقیقت یہی ہے کہ ہر مومن کے لئے نماز اور روزہ اور حج اور زکوٰۃ نہایت اہم چیزیں ہیں اور جب تک وہ ان کو پورا نہ کرے اس کے اندر اسلام کی روح پیدا نہیں ہو سکتی۔اور اسلام کی روح پیدا ہونے کے بعد اُس کا فرض ہے کہ قرآن ہاتھ میں لے کر تمام غیر مسلم دنیا کے مقابلہ میں نکل کھڑا ہو۔یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم نے جہاد کے متعلق انفرادی طور پر مسلمانوں کو مخاطب کیا ہے نہ کہ جماعتی طور پر۔اور ہر مسلمان پر جہاد فرض کیا ہے۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جہاد سے مراد جہاد بالقرآن ہے جہاد بالسیف نہیں کیونکہ جہاد بالسیف طاقت کے ساتھ ہو سکتا ہے اور طاقت جتھے کے ساتھ ہو سکتی ہے لیکن اگر ایک فرد بھی ایمان کامل رکھتا ہو تو اسلام اس کا فرض قرار دیتا ہے کہ وہ قرآن کے ساتھ جہاد کے لئے نکل کھڑا ہو۔باقی لوگ اس کے ساتھ آہستہ آہستہ آملیں گے مگر اُسے اُن کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔جیسے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کیا۔وہ اکیلے عیسائیوں اور پنڈتوں وغیرہ کے ساتھ جہادکے لئے نکل کھڑے ہوئے پھر آہستہ آہستہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو جماعت بھی عطا فرما دی۔اسی طرح آپ نے لوگوں کو یہ بھی بتا یا کہ اللہ تعالیٰ نے جہاد کی دو صورتیں مقررکی ہیں۔ایک جنگ کے ایّام کے لئے اور ایک صلح کے ایّام کے لئے۔جب مسلمانوں پر کوئی قوم اس وجہ سے حملہ آور ہو کہ کیوں انہوں نے اسلام قبول کیا ہے اور انہیں بزور اسلام سے منحرف کرنا چاہے جیسا کہ مکہ کے لوگوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں کیا۔تو اس وقت اُن کے لئے یہ حکم ہے کہ تلوار کا مقابلہ تلوار سے کریں اور جب غیر مسلم لوگ تلوار کے ذریعہ سے لوگوں کو اسلام میں داخل ہونے سے نہ روکیں تو اُس وقت بھی جہاد کا سلسلہ ختم نہیں ہو جاتا۔اُس وقت دلیل اور تبلیغ کی تلوار چلانے کا مسلمانوں کو حکم ہے تاکہ اسلام جس طرح جنگ کے ایّام میں ترقی کرے صلح کے ایام میں بھی ترقی کرے اور دونوں زمانے اُس کی روشنی پھیلانے کا موجب ہوں اور مسلمانوں کی قوتِ عملیہ کمزور نہ ہو۔مگر مسلمانوں
کی عملی طاقتیں چونکہ مفلوج ہو گئی تھیں اُن کے لیڈروں نے اس مسئلہ میں بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مخالفت کی اور چونکہ وہ کام نہیں کرنا چاہتے تھے اور یہ اقرار بھی نہیں کر نا چاہتے تھے کہ وہ کام سے جی چراتے ہیں انہوں نے یہ عجیب چال چلی کہ لوگوں میں شور مچانا شروع کر دیا کہ بانی سلسلۂ احمدیہ جہاد کے منکر ہیں۔حالانکہ یہ سراسر بہتان اور جھوٹ تھا بانی سلسلہ ٔ احمدیہ جہاد کے منکر نہیں تھے بلکہ اُن کا یہ دعویٰ تھا کہ جہاد باقی ارکانِ اسلام کی طر ح ہر زمانہ میں ضروری ہے اور چونکہ تلوار کا جہاد ہر زمانہ میںنہیں ہو سکتا اور چونکہ جماعت کا سُست ہو جانا اُس کی ہلاکت کا موجب ہوتا ہے اس لئے اللہ تعالیٰ نے جہاد کی دو قسمیں مقرر کی ہیں۔جب تلوار سے اسلام پر حملہ ہو تو تلوار کا جہاد فرض ہوتا ہے اور جب لوہے کی تلوار کا حملہ ختم ہو تو قرآن کریم کی تلوار لے کر کافروں پر حملہ کرنا ہمارا فرض ہے۔غرض جہاد کسی وقت چھوڑا نہیں جا سکتا۔کبھی مسلمانوں کو تلوار کے ذریعہ جہاد کرنا پڑےگا اور کبھی قرآن کے ذریعہ۔یہ ایک عجیب اور پر لطف جنگ تھی کہ جو شخص جہا دکے لئے مسلمانوں کو بلا رہا تھا اور جہاد کو ہر زمانہ میں فرض قرار دے رہا تھا اُسے تو جہاد کا منکر کہا جاتا ہے اور جو لوگ نہ تلوار اُٹھاتے تھے اور نہ قرآن کریم کے ذریعہ جہاد کرتے تھے انہیں جہاد کا ماننے والا قرار دیا جاتا تھا۔مگر ہر عقلمند سمجھ سکتا ہے کہ اس جنگ سے سلسلہ احمدیہ کے راستہ میں روکیں تو پیدا کی جا سکتی تھیں مگر اسلام کو کیا فائدہ تھا۔اسلام حضرت زین العابدین ؒ کی طرح میدان کر بلا میں بے یارو مددگار پڑا تھا۔مسلمان جہاد کی تائید کا دعویٰ کرتے ہوئے اسلام کے لئے جہاد کرنے والوں کا مقابلہ کر رہے تھے اور دشمنانِ اسلام کے لئے انہوں نے میدان خالی چھوڑ رکھا تھا۔مگر آج ا س قدر لمبے عرصہ کے تجر بہ کے بعد سب دنیا دیکھ رہی ہے کہ عملی پروگرام جو بانی سلسلہ احمدیہ نے تجویز کیا تھا وہی درست تھا۔ستر سال تک شور مچا نے کے باوجود مسلمان آج تک تلوار کا جہاد نہیں کر سکے۔کفر کا فتویٰ لگانے والے مولویوں میں سے کسی ایک کو بھی آج تک تلوار پکڑنے کی توفیق نہیں ملی۔لیکن قرآن کریم کے ذریعہ جہاد کرنے والے احمدیوں کو خدا تعالیٰ نے ہر میدان میں فتح عطا فرمائی ہے۔وہ لاکھوں آدمی ان مولویوں کی مخالفت کے باوجود غیر مذاہب والوں سے چھین کر لے آئے ہیں اور یورپ اور امریکہ اور افریقہ میں ہزار ہا آدمیوں کو جو پہلے ہمارے آقا اور مولیٰ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو گالیاں دیتے تھے حلقہ بگوشانِ اسلام بنا چکے ہیں۔اور وہ جو ایک زمانہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے شدید دشمن تھے آج آپؐ پر درود او ر سلام بھیج رہے ہیں۔بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ تغیر جماعت احمدیہ کی تنظیم کا نتیجہ ہے لیکن سوال یہ ہے کہ یہ تنظیم ہم میں کیوں پیدا ہوئی اور کیوں دوسروں سے تنظیم کی توفیق چھین لی گئی۔اس کی وجہ یہی ہے کہ قوتِ عملیہ پیدا کرنے کا صحیح نسخہ استعمال
نہیں کیا گیا۔جس فوج کو مشق نہ کرائی جائے وہ وقت پر لڑ نہیں سکتی جس قوم کو ہر وقت جہاد میں نہ لگا یا جائے وہ خاص مواقع پر بھی جہاد نہیں کر سکتی۔پس اس معاملہ میں بھی فتح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ہی حاصل ہوئی اور ثابت ہو گیا کہ جس نکتہ تک آپ کا دماغ پہنچا تھا دوسروں کا نہیں پہنچا۔دنیا نے آپ کا مقابلہ کیا اور شکست کھائی مگر آپ نے دنیا کے چیلنج کو قبول کیا اور فتح حاصل کی۔اس جگہ یہ ذکر کر دینا بھی ضروری معلوم ہوتا ہے کہ بانی سلسلہ ٔ احمدیہ نے جہاد کے متعلق اپنے جس عقیدہ کا اعلان فرمایا ہے اُس میں بانی سلسلہ احمدیہ منفرد نہیں بلکہ دیگر علماء ِ اسلام بھی اسی قسم کا مذہب رکھتے تھے۔چنانچہ امام راغب ؒ اصفحانی اپنی کتاب مفردات راغب میں لکھتے ہیں۔’’ اَلْجِھَادُ ثَلَاثَۃُ اَضْرُبٍ مُجَاھَدَ ۃُ الْعَدُوِّ الظَّاھِرِ وَمُجَاھَدَۃُ الشَّیْطَانِ وَمُجَاھَدَۃُ النَّفْسِ‘‘ ( مفردات ِ امام راغب ؒ زیر مادہ جھد ) یعنی جہاد تین قسم کا ہوتا ہے۔ایک وہ جہاد ہے جو اُس کھلے دشمن سے کیا جائے جو مسلمانوں سے لڑائی کرے اور ایک وہ جہاد ہے جو شیطان سے کیا جائے اور ایک وہ جہاد ہے جو اپنے نفس سے کیا جائے۔مولوی نذیر حسین صاحب دہلوی امیر جماعت اہل حدیث کے متعلق روایت ہے کہ انہوں نے بھی ۱۸۵۷ء کے غدر کو جس میں مسلمانوں نے انگریزوں کے خلاف تلوار چلائی تھی شرعی جہاد نہیں سمجھا بلکہ اس کو بے ایمانی و عہد شکنی و فساد و عناد خیال کر کے اُس میں شمولیت اور اُس کی معاونت کو معصیت قرار دیا ( رسالہ اشاعۃ السنّہ ماہ اکتوبر ۱۸۸۳ء جلد ۶ نمبر ۱۰ صفحہ ۲۸۸)سر سید احمد خان صاحب بھی لکھتے ہیں ’’ مسلمانوں کا بہت زور وں سے آپس میں سازش اور مشورہ کرنا اس ارادے سے کہ ہم باہم متفق ہو کر غیر مذہب کے لوگوں پر جہاد کریں اور اُن کی حکومت سے آزاد ہو جائیں نہایت بے بنیاد بات ہے جب کہ مسلمان ہماری گورنمنٹ کے مستامن تھے کسی طرح گورنمنٹ کی عملداری میں جہاد نہیں کر سکتے تھے۔بیس تیس برس پیشتر ایک بہت بڑے نامی مولوی محمد اسماعیل صاحب نے ہندوستان میں جہاد کا وعظ کیا اور آدمیوں کو جہاد کی ترغیب دی۔اُس وقت انہوں نے صاف بیان کیا کہ ہندوستان کے رہنے والے جو سر کار انگریز ی کے امن میں رہتے ہیں ہندوستان میں جہاد نہیں کر سکتے۔اس لئے ہزاروں آدمی جہاد ی ہر ایک ضلع ہندوستان میں جمع ہوئے اور سرکار کی عملداری میں کسی طرح فساد نہیں کیا اور غربی سرحد پنجاب پر جا کر لڑائی کی۔‘‘ ( اسبابِ بغاوت ہند از سر سید احمد خان تالیف و تدوین سلیم الدین قریشی صفحہ ۳۱،۳۲ ) علامہ رشید رضا صاحب اپنی تفسیر المنار جلد ۱۰ مطبوعہ قاہرہ مصر صفحہ ۳۰۷ پر لکھتے ہیں : ’’ یورپین لوگ اور مشرقی عیسائیوں میں سے اُن کے مقلداور شاگر د یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ جہاد کے معنے یہ ہیں کہ مسلمان ہر اُس شخص
سے لڑے جو مسلمان نہیں تاکہ اس کو مجبور کرکے اسلام میں داخل کیا جائے خواہ غیر مسلموں نے اُس پر زیادتی نہ کی ہو اور اُن سے کسی قسم کی دشمنی نہ کی ہو۔اور اُسے پڑھنے والے تجھ پر ان دلیلوں سے جو ہم پہلے بیان کر چکے ہیں روشن ہوچکا ہوگا اور ان دلیلوں سے جو ہم آئندہ بیان کریں گے اور بھی روشن ہو جائےگا کہ اسلام پر غیر مسلموں کا یہ الزام سراسر جھوٹ اور افتراء ہے۔‘‘ اسی طرح لکھتے ہیں : ’’ وہ تفصیل جو ہم نے او پر لکھی ہے اس سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ جہاد بالسیف کے مسئلہ میں مسلمانوں کا اجماع صرف اس بات پر ہے کہ جب مسلمانوں پر کوئی قوم حملہ کرے تو اُس وقت یہ جہاد فرض ہوتا ہے اور اس وقت بھی اسی صورت میں فرض ہوتا ہےجبکہ امامِ واجب الاطاعت جنگِ عام کا حکم دے۔لیکن اگر وہ صرف کچھ لوگوں کو اس لڑائی کا حکم دے تو صرف انہی لوگو ں پر یہ لڑائی فرض ہوگی باقی لوگوں پر فرض نہیں ہوگی۔‘‘ ( تفسیر المنار سورۃ التوبۃ قولہ تعالیٰ قاتلوا الذین لا یومنون ) آج کل مودودی صاحب جہاد پر بہت زور دے رہے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ علماء کے فتویٰ کے مطابق وہ کن لوگوں کو جہاد کی تلقین کر سکتے ہیں۔اگر وہ واجب الاطاعت امام ہیں تو یقیناً اُن کا فتویٰ صرف مودودیوںکے لئے ہی قابلِ عمل ہو سکتا ہے دوسرے لوگوںکے لئے نہیں۔مگر کوئی مودودی بتائے کہ کتنے مودودی تلوار لے کر غیر مسلموں سے لڑ رہے ہیں۔اور اگر کوئی مودودی بھی ایسا نہیں کر رہا تو اس کے معنے یہ ہیں کہ مودودیوں میں کوئی بھی صالح نہیں۔پس مودودیوں کو صالح جماعت کہنا نادانی اور حماقت ہے۔جو جماعت اپنے امیر کی بات بھی نہیں مانتی اور قرآن کی بات بھی نہیں مانتی اُسے صالح کون کہہ سکتا ہے۔اور جو امیر باوجود واجب الاطاعت ہونے کے اور جہاد کو ضروری سمجھنے کے اپنے پیروؤں کو جہاد کا حکم نہیں دیتا اُس امیر کو بھی کوئی صالح نہیں کہہ سکتا۔غرض بانی سلسلہ احمدیہ نے جہاد کے متعلق وہی تعلیم دی ہے جو پچھلے علماء بھی تسلیم کر تے چلے آئے ہیں اور اگر آپ نے کسی جگہ اس کے متعلق نسخ یا حرام کا لفظ استعمال کیا ہے جیسا کہ آپ فرماتے ہیں۔ع دیںکے لئے حرام ہے اب جنگ اور قتال (تحفہ گولڑویہ، روحانی خزائن جلد نمبر ۱۷ صفحہ ۷۷) تو اس کے معنے محض اتنے ہی ہیں کہ وہ جہاد جو اس زمانہ میں جائز نہیں وہ حرام ہے۔یہ معنے نہیں کہ جہاد ہر صورت میں حرام ہے۔یہ امر کہ جہاں کہیں حرام یا منسوخ کا لفظ بانی سلسلہ احمدیہ نے لکھا ہے اس کے معنے حقیقی نسخ یعنی واقعی اور دائمی نسخ کے نہیں ہو سکتے۔اسی بات سے ثابت ہے کہ آپ اپنے آپ کو امتّی کہتے ہیں اور اگر جہاد خدا اور اُس کے رسول کا مقرر کیا ہوا ہے تو کسی امتّی کو کیا حق ہے کہ وہ خدا اور اُس کے رسول ؐ کے کسی حکم کو منسو خ کر ے۔
آپ نے اپنی کتب میں بار ہا یہ عقیدہ بیان فرمایا ہے کہ قرآن کریم ایک دائمی شریعت ہے جس کا ایک ایک لفظ قابلِ عمل ہے اور اُس کا کوئی حکم قیامت تک نہیں بدل سکتا۔چنانچہ آپ ؑ تحریر فرماتے ہیں ’’ میری گردن اُس جُوئے کے نیچے ہے جو قرآن شریف نے پیش کیا ہے اور کسی کو مجال نہیں کہ ایک نقطہ یا ایک شعشہ قرآن شریف کا منسوخ کر سکے۔‘‘ ( اخبار عام لاہو ر ۲۶ مئی ۱۹۰۸ء مجموعہ اشتہارات جلد ۳ صفحہ ۵۹۷) اور نسخ کے یہ محدود معنے کہ عارضی طور پر کسی شۓ کو روک دیا جائے عربی زبان میں عام مستعمل ہیں۔چنانچہ مفردات راغب جیسی زبردست لُغت ِ قرآن میں لکھا ہے کہ : اَلنَّسْخُ اِزَالَۃُ شَیْءٍ بِشَیْءٍ یَتَعَقَّبُہٗ کَنَسْخِ الشَّمْسِ الظِّلَّ وَالظِّلِّ الشَّمْسَ وَالشَّیْبِ الشَّبَابَ۔یعنی نسخ کا لفظ سورج کے لئے بھی استعمال ہو تا ہے جبکہ وہ سائے کو دور کر دیتا ہے اور سائےکے لئے بھی استعمال ہوتا ہے جبکہ وہ سورج کو چُھپا دیتا ہے۔اور بڑھاپےکے لئے بھی استعمال ہوتا ہے جب کہ وہ جوانی کو دور کر دیتا ہے یعنی کبھی تو نسخ عارضی ازالہ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جیسا کہ سورج کے سایہ کو مٹادینے کے متعلق جو عارضی ہوتا ہے اور کبھی مستقل ازالہ کے لئے اس کا استعمال کیا جاتا ہے جیسے بڑھاپے کے جوانی کو مٹا دینے کے متعلق جو کہ مستقل ہوتا ہے۔چونکہ قرآن کریم ایک دائمی شریعت ہے اس لئے اس کے کسی حکم کے متعلق نسخ کے لفظ کا استعمال صرف التواء کے معنوں میں ہی ہے جیسا کہ بانی سلسلہ احمدیہ نے صاف لکھا ہے کہ ؎ فرما چکا ہے سید کونین مصطفٰے ؐ عیسیٰ مسیح ؑ جنگوں کا کر دے گا التوا (تحفہ گولڑویہ، ضمیمہ روحانی خزائن جلد ۱۷ صفحہ ۷۸) آپ کے اس شعر سے پتہ لگتا ہے کہ آ پ نے جو کچھ بھی اس بارہ میں لکھا ہے وہ صرف التواء کے معنوں میں ہے۔مستقل طور پر اس حکم کو منسوخ کرنے کے معنوں میں نہیں۔اور اس عارضی التوا ء کے متعلق بھی آپ نے یہی تشریح فرمائی ہے کہ جہاد کے التواء کے متعلق میں نہیں کہہ رہا بلکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا فرمایا ہے چنانچہ آپ کی ایک تحریر سے صاف ظاہر ہے کہ ہو سکتا ہے آئندہ کسی زمانہ میں مسلمانوں کے لئے تلوار کی جنگ کی بھی ضرورت پیدا ہو جائے۔چنانچہ آپ تحریر فرماتے ہیں :
’’ ممکن ہے اور بالکل ممکن ہے کہ کسی زمانہ میں کوئی ایسا مسیح ؑ بھی آجائے جس پر حدیثوں کے بعض ظاہر ی الفا ظ صادق آسکیں۔کیونکہ یہ عاجز اس دنیا کی حکومت اور بادشاہت کے ساتھ نہیں آیادرویشی اور غربت کے لباس میں آیا ہے اور جبکہ یہ حال ہے تو پھر علماء کے لئے اشکال ہی کیا ہے ، ممکن ہے کہ کسی وقت اُن کی یہ مراد بھی پوری ہو جائے۔‘‘( ازالہ اوہام ،روحانی خزائن جلد ۳ صفحہ ۱۹۷،۱۹۸) پس بانی سلسلہ احمدیہ نے جہاد کے متعلق وہی تعلیم دی ہے جو قرآن کریم نے دی ہے۔اور آپ کے زمانہ میں جس جہاد کو ملتوی کیا گیا ہے وہ جہاد بالسیف ہے کیونکہ موجودہ زمانہ میں وہ حالات نہیں ہیں جن میں جہاد بالسیف ضروری ہوتا ہے لیکن جہاد بالسیف سے زیادہ تاکیدی حکم جہاد بالقرآن کا ہے جس میں آپ ساری عمر مشغول رہے اور جس کی طرف اس آیت میں توجہ دلاتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جَاھِدْھُمْ بِہٖ جِھَادًا کَبِیْرًا یعنی قرآن کریم کے ساتھ تم غیر مسلموں کا مقابلہ کر و اور یہی بڑا جہاد ہے۔چنانچہ اس آیت کے ماتحت تفسیر روح المعانی جلد ۶ صفحہ ۱۶۲ پر لکھا ہے۔’’ اَیْ بِالْقُرْاٰنِ وَذٰلِکَ بِتِلَاوَۃٍ مَا فِیْہِ مِنْ الْبَرَاھِیْنِ وَالْقَوَارِعِ وَالزَّوَاجِرِ وَالْمَواعِظِ وَتَذْکِیْرِ اَحْوَالِ الْاُمَمِ الْمُکَذِّبَۃِ فَاِنَّ دَعْوَۃَ کُلِّ الْعَالَمِیْنَ عَلیَ الْوَجْہِ الْمَذْکُورِ جِھَادٌ کَبِیْرٌ۔‘‘یعنی اس جگہ جہاد سے مراد قرآن کریم کے ذریعہ جہاد کرنا ہے اور یہ اس طرح ہوتا ہے کہ قرآن کریم میں جو براہین اور کفر کے خلاف باتیں ہیں اسی طرح جن خلافِ اخلاق امور پر زجر کیا گیا ہے اور جو جو نصائح کی گئی ہیں اُن سب کو پڑھا جائے اور نبیوں کی منکر اُمتوں کے احوال بیان کر کے لوگوں کو نصیحت کی جائے کیونکہ دنیا کے تمام انسانوں کو اسی طریق سے اسلام کی طرف بلانا ہی سب سے بڑا جہاد ہے۔(تفسیر روح المعانی زیر آیت و جاھدھم بہ)۔غرض جہادکا لفظ جس کو عیسائیوں نے ہو اسمجھ رکھا ہے اصل میں تبلیغ کا ہی ایک نام ہے اور اصل جہاد تلوار کا جہاد نہیں بلکہ اصل جہاد وہ ہے جو قرآ ن کریم کے ذریعہ کیا جائے۔یعنی جس جہاد میں دلائل استعمال کئے جائیں اور آسمانی نشانات و معجزات کے ذریعہ دلوں کو فتح کیا جائے۔مگر افسوس کہ مسلمان صرف تلوار چلانے کانام جہاد سمجھتے رہے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جب انہیں غلبہ حاصل ہو گیا تو وہ مطمئن ہو کر بیٹھ گئے اور کفر دنیا میں موجود رہا۔اگر مسلمان جہاد کی وہ تعریف جانتے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کی ہے کہ جہاد ہر اُس فعل کا نام ہے جو نیکی اور تقویٰ کے قیام کے لئے کیا جائے۔اور جہاد جس طرح تلوار سے ہوتا ہے اُسی طرح اصلاحِ نفس سے بھی ہوتا ہے اور اسی طرح تبلیغ اسلام سے بھی ہوتا ہے اور اسی طرح مال و دولت کی قربانی سے بھی ہوتا ہے۔اور ہر قسم کے جہاد کا الگ الگ
موقعہ ہے تو آج کا روزِبد انہیں نہ دیکھنا پڑتا۔اگر مسلمان اس تعریف کو سمجھتے تو اسلام کے ظاہری غلبہ کے موقعہ پر وہ جہاد کے حکم کو ختم نہ سمجھتے بلکہ انہیں خیال رہتا کہ صرف ایک قسم کا جہاد ختم ہوا ہے دوسری اقسام کے جہاد ابھی باقی ہیں۔اور تبلیغ کا جہاد شروع کر دیتے۔اس کا نتیجہ یہ ہوتا کہ نہ صرف اسلام مشرقی ممالک میں پھیل جاتا بلکہ یورپ بھی آج مسلمان ہوتا اور اس کی ترقی کے ساتھ ساتھ اسلام کو زوال نہ آتا۔غرض حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جہاد کے مواقع بتائے ہیں آپ نے یہ نہیں فرمایا کہ تلوار کا جہاد دائمی طور پر ممنوع ہے بلکہ یہ فرمایا ہے کہ اس زمانہ میں شریعت کے مطابق کس جہاد کا موقع ہے اور خود بڑے زور سے اس جہاد کو شروع کر دیا اور تمام دنیا میں تبلیغ جاری کر دی۔اگر تلوار کا جہاد ہی ضروری تھا تو سوا ل یہ ہے کہ کیا ہر مسلمان نے تلوار اُٹھا کر کفار کا مقابلہ کیا ؟ اگر نہیں کیا تو احمدی تو خدا تعالیٰ کویہ جواب دے دیں گے کہ ہمارے نزدیک یہ جہاد بالسیف کا وقت نہیں تھا اگر ہم نے غلطی کی تو ہماری غلطی اجتہادی تھی لیکن اُن کے مخالف مولوی کیا جواب دیں گے۔کیا وہ یہ کہیں گے کہ اے خدا ! جہاد کا تو وقت تھا اور ہم یقین رکھتے تھے کہ یہ جہاد کا وقت ہے اور ہم سمجھتے تھے کہ جہاد فرض ہو گیا ہے لیکن اے ہمارے خدا ! ہم نے جہاد نہیں کیا کیونکہ ہمارے دل ڈرتے تھے۔اور نہ ہم نے اُن لوگوں کو جہادکے لئے آگے بھجوایا جن کے دل نہیں ڈرتے تھے کیونکہ ہم ڈرتے تھے کہ ایسا کرنے سے بھی کفار ہم کو پکڑ لیں گے۔اب اس امر کافیصلہ ہر منصف مزاج انسان خود کر سکتا ہے اور سمجھ سکتا ہے کہ ان دونوں جوابوں میں سے کون سا جواب خدا تعالیٰ کے نزدیک قابلِ قبول ہے۔حقیقت یہ ہے کہ بانی سلسلہ احمدیہ نے جہاد کی اس تعریف سے نہ صرف آئندہ کے لئے مسلمانوں کو بیدار کر دیا ہے اور اُن کے لئے ترقی کا ایک عظیم الشان راستہ کھو ل دیا ہے بلکہ مسلمانوں کو ایک بہت بڑے گنا ہ سے بھی بچا لیا ہے۔کیونکہ گو مسلمان یہ عقیدہ رکھتے تھے کہ یہ زمانہ تلوار کے جہاد کا ہے لیکن اُسے فرض سمجھ کر اس پر عمل نہیں کرتے تھے اور اس طرح اس احساسِ گناہ کی وجہ سے گنہگار بن رہے تھے۔اب آپ کی تشریح کو جوں جوں مسلمان تسلیم کرتے جائیں گے اُن کے دلوں پر سے احساسِ گناہ کا زنگ اُترتا جائے گا اور وہ محسوس کریں گے کہ انہوں نے تلوار کا جہاد نہ کر کے خدا اور اُس کے رسول سے غّداری نہیں کی اور یہ کہ بانی سلسلہ احمدیہ نے انہیں تبلیغ کی طرف توجہ دلا کر اُن پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔