۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں[1] اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں۔

[1] الٓـــمّٓ اور اسی قسم کے اور حروف جو مختلف سورتوں کے شروع میں آئے ہیں مُقَطَّعَات کہلاتے ہیں۔ یہ حروف الگ الگ بولے جاتے ہیں۔ ان میں سے ہر حرف ایک لفظ کا قائم مقام ہوتا ہے مثلاً الٓـــمّٓ میں اللہ الف اَنَا کا قائم مقام ہے اور لام اللہ کا قائم مقام ہے اور میم اَعْلَمُ کا۔ گویا الٓـــمٓ کے تینوں حروف مل کر اَنَا اللّٰہُ اَعْلَمُ کے معنے دیتے ہیں۔ یعنی میں اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں۔ اِن حروف کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی ان صفات کی طرف اختصار اً اشارہ ہوتا ہے جو اس سورۃ میں بیان ہوتی ہیں جس کے ابتدا میں یہ حروف لائے جاتے ہیں۔ بعض اوقات بیان شدہ صفت کا پہلا حرف لے لیا جاتا ہے اور بعض اوقات کوئی اور اہم حرف۔ بعض سورتیں ایسی بھی ہیں جن سے پہلے کوئی مُقَطَّعَہ نہیں رکھا گیا، ایسی سورتیں اپنے سے پہلی سورۃ کے تابع ہوتی ہیں، جن میں کوئی مُقَطَّعَہ ہوتا ہے۔ بعض مفسرین نے ان حروف سے علمِ اَبجد کے مطابق اعدادنکالے ہیں اور ان سے بعض واقعات کی طرف اشارہ مراد لیا ہے جو ان سورتوں میں بیان ہوئے ہیں۔ (تفصیل کے لئے دیکھیں تفسیر کبیر جلد اول صفحہ ۶۵۔ ۷۰)۔

یہی [2]کامل کتاب ہے، اس (امر) میں کوئی شک نہیں، متقیوں کو ہدایت دینے والی ہے۔

[2] ذٰلِکَ کے معنے ’’وہ‘‘ کے ہوتے ہیں، لیکن کبھی یہ لفظ اس چیز کے لئے بھی جو قریب ہو اور شان اور درجہ میں بہت افضل ہو استعمال ہوتا ہے اور اس جگہ اس کے یہی معنے ہیں۔ چونکہ اردو میں ان معنوں کو پوری طرح ادا کرنے والا کوئی لفظ نہیں، اس لئے ’’یہی‘‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ دوسرے معنے اس کے یہ ہیں کہ ذٰلِکَ کا اشارہ اِھْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ کی مُشَارٌ اِلَیْہِ کتاب کی طرف ہے اور مطلب یہ ہے کہ جس ہدایت یا کتاب کے مانگنے کی سورۃ فاتحہ کے آخر میں دعا کی گئی ہے وہی یہ کامل کتاب ہے۔ اس صورت میں ذٰلِکَ کے معنے درجہ کی بلندی کے کرنے کی ضرورت نہیں، سورئہ فاتحہ چونکہ دوسری سورۃ ہے اس لئے ذٰلِکَ بعید کے اشارہ کے لئے قائم رہے گا جیسا کہ اس کے اصل معنے ہیں۔

جو غیب پر ایمان لاتے اور نماز کو قائم رکھتے ہیں اور جو (کچھ) ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے رہتے ہیں۔

اور جو تجھ پر نازل کیا گیا ہے یا جو[3] تجھ سے پہلے نازل کیا گیا تھا اس پر ایمان لاتے ہیں اور آئندہ ہونے والی (موعود باتوں) پر ( بھی) یقین رکھتے ہیں۔

[3] آیت میں واؤ ہے جس کے معنے ’’اور‘‘ کے ہیں۔ ہم نے ’’اور‘‘ کی بجائے ’’یا‘‘ استعمال کیا ہے تاکہ مفہوم آسانی سے سمجھ آ سکے۔

یہ لوگ (یقیناً) اس ہدایت پر (قائم) ہیں جو ان کے رب کی طرف سے (آئی) ہے اور یہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں۔

ایسے لوگ جنہوں نے کفر کیا ہے (اور) تیرا ان کو ڈرانا یا نہ ڈرانا ان کے لئے یکساں (اثر پیدا کرتا) ہے (جب تک وہ اس حالت کو نہ بدلیں) ایمان نہیں لائیں گے۔

اللہ نے ان کے دلوں پر اور ان کے کانوں پر مہر کر دی ہے اور ان کی آنکھوں پر پردہ (پڑا ہوا) ہے اور ان کے لئے ایک بڑا عذاب (مقدر) ہے۔

اور بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ پر اور آنے والے دن پر ایمان رکھتے ہیں، حالانکہ وہ ہرگز ایمان نہیں رکھتے۔

وہ اللہ کو اور ان لوگوں کو جو ایمان لائے ہیں دھوکا دینا چاہتے ہیں، مگر[1] (واقعہ میں) وہ اپنے سوا کسی کو دھوکہ نہیں دیتے۔۔۔[2] اور وہ سمجھتے نہیں۔

[1] ’’مگر‘‘ کا لفظ اس جگہ واؤ کا ترجمہ ہے۔ اس جگہ ’’اور‘‘ کا لفظ صحیح مفہوم ظاہر نہیں کرتا۔ نُور اللّغات جو اردو کی لغت کی کتاب ہے اُس میں لکھا ہے کہ ’’مگر‘‘ کے معنے ’’بایں ہمہ‘‘ کے ہوتے ہیں اور یہی معنے اس جگہ واؤ کے ہیں۔ پس ہم نے اس کا ترجمہ لغتِ اردو کے مطابق ’’مگر‘‘ کیا ہے۔

[2] یہ لکیر ـــــ اس امر کی علامت ہے کہ اگلا حصہ گو آیت کے ساتھ شامل ہے مگر مفہوم میں وہ الگ جملہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کے دلوں میں ایک بیماری تھی پھر اللہ نے ان کی بیماری کو (اور بھی) بڑھا دیا [3]اور انہیں ایک دردناک عذاب پہنچ رہا ہے کیونکہ وہ جھوٹ بولا کرتے تھے۔

[3] ’’اللہ نے ان کی بیماری کو اور بھی بڑھا دیا‘‘ کے فقرہ سے یہ مرادنہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان منافقوں کو ان کی بے ایمانی میں بڑھا دیا، بلکہ اس کے معنے یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے باربار ایسے نشانات دکھائے جن کے نتیجہ میں وہ مسلمانوں سے اور بھی ڈرنے لگے اور منافقت کرنے لگے۔

اور جب ان سے کہا جائے (کہ) زمین میں فساد نہ کرو، تو کہتے ہیں، ہم تو صرف اصلاح کرنے والے ہیں۔

آج 10 میں سے 10 باقی