۲۔ سورۃ البقرة
تفسیر صغیر, حصہ 2
(کان کھول کر) سنو[1]! یہی لوگ بلاشبہ فساد کرنے والے ہیں، مگر[2] وہ (اس حقیقت کو) سمجھتے نہیں۔
[1] اَ لَآ کے معنی چوکس اور ہوشیار کرنے کے ہوتے ہیں۔ نہ کہ دھمکی دینے کے۔ پس ’’خبردار‘‘ کی بجائے ’’کان کھول کر سنو‘‘ کے الفاظ رکھے گئے ہیں جو ہوشیار کرنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔
[2] عربی زبان میں واؤ اور لٰٰـکِنْ دو لفظ عطف کے ہیں اور ایک دوسرے کی تاکید کرتا ہے۔ اردو میں اس کی جگہ ’’ہاں مگر‘‘ یا ’’مگر‘‘ کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔
اور جب انہیں کہا جائے کہ (اسی طرح) ایمان لاؤ، جس طرح (دوسرے) لوگ ایمان لائے ہیں تو کہتے ہیں کہ کیا ہم (اس طرح) ایمان لائیں جس طرح بیوقوف (لوگ) ایمان لائے ہیں یاد رکھو! (یہ جھوٹ بول رہے ہیں) وہ خود ہی بیوقوف ہیں مگر (اس بات کو) جانتے نہیں۔
اور جب وہ ان لوگوں سے ملیں جو ایمان لائے ہیں تو کہہ دیتے ہیں کہ ہم تو (اس رسول کو) مانتے ہیں اور جب وہ اپنے سرغنوں[3] سے علیحدگی میں ملیں تو کہہ دیتے ہیں کہ ہم یقیناً تمہارے ساتھ ہیں ہم تو صرف (ان مومنوں سے) ہنسی کر رہے تھے۔
[3] شَیٰطِیْن شَیْطَانٌ کی جمع ہے اور شیطان کے معنے ہیں کُلُّ عَاتٍ مُّتَمَرِّدٍ یعنی ہر سرکش اور حد سے تجاوز کرنے والا، نیز اپنے مادے کے اعتبار سے اس کے معنے دور ہونے والے کے بھی ہیں (اقرب) پس شیاطین سے مراد منافقوں کے وہ سردار اور لیڈر ہیں جو خود حق سے دور ہو چکے ہیں اور دوسروں کو بہکا رہے ہیں۔
اللہ انہیں (ان کی) ہنسی کی سزا دے گا[4] اور انہیں اپنی سرکشیوں میں بہکتے ہوئے[5] چھوڑ دے گا۔
[4] اَللّٰہُ یَسْتَھْزِیُٔ بِھِمْ کا لفظی ترجمہ یہ ہے کہ ’’اللہ ان کے ساتھ ہنسی کرے گا‘‘ لیکن اس کی بجائے ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ ’’اللہ انہیں ہنسی کی سزا دے گا‘‘ اس کی وجہ یہ ہے کہ عربی زبان میں جزائے جرم کے لئے بھی جرم کے لفظ استعمال کر لئے جاتے ہیں۔ اسی لئے امام راغبؒ نے اپنی کتاب مفردات میں اس آیت کے یہ معنے کئے ہیں کہ یُجَازِیْھِمْ جَزَاءَ الْھُزُؤِ یعنی اللہ تعالیٰ منافقوں کو اُن کی ہنسی کی سزا دے گا۔
[5] یَمُدُّ ھُمْ مَدَّ سے ہے اور مَدَّ الْمَدْیُوْنَ کے معنے ہوتے ہیں۔ اَمْھَلَہٗ یعنی قرض دار کو مہلت دی اور اُس سے قرضے کا مطالبہ کچھ عرصہ کے لئے ترک کر دیا۔ اس لئے ہم نے اس آیت کا ترجمہ کیا ہے کہ اُن کو بہکتے ہوئے چھوڑ دے گا۔
یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہدایت کو چھوڑ کر گمراہی کو اختیار کر لیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ نہ تو انہیں دنیوی فائدہ پہنچا اور نہ انہوں نے ہدایت پائی۔
ان کی حالت اس شخص کی حالت کی طرح ہے جس نے آگ[1] جلائی پھر جب اس (آگ) نے اس کے ارد گرد (کے علاقہ) کو روشن کر دیا تو اللہ ان کی روشنی کو لے گیا اور اس نے انہیں (قسم قسم کے) اندھیروں[2] میں (اس حال میں) چھوڑ دیا (کہ) وہ (کوئی راہ نجات) نہیں دیکھتے۔
[1] مَثَلُھُمْ کَمَثَلِ الَّذِی اسْتَوْقَدَ نَارًا عربی زبان میں نَار کا لفظ جنگ کے لئے بھی بولا جاتا ہے۔ پس آیت کا مطلب یہ ہے کہ منافقوں نے مسلمانوں کوہرانے کے لئے کفار سے لڑوا دیا۔ مگر جب جنگ پھیل گئی تو نتیجہ اُلٹ نکلا۔ مسلمان جیت گئے اور اللہ تعالیٰ نے منافقوں کو ایسی حالت میں چھوڑ دیا کہ ان کو اس اُلجھن سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا تھا اور اندھوں کی طرح اِدھر اُدھر مارے پھرتے تھے۔
[2] اندھیروں کا لفظ اس امر کے اظہار کے لئے استعمال کیا گیا ہے کہ صرف ظاہری تاریکی ہی نہیں بلکہ اور کئی قسم کے خطرات بھی لاحق ہو گئے ہیں۔ اردو میں چونکہ اندھیرے کا لفظ اس موقعہ پر جمع کے صیغہ میں استعمال نہیں ہوتا اور اگر کر بھی لیں تو وہ معنی نہیں دیتا جو عربی سے ظاہر ہوتے ہیں اس لئے ’’قسم قسم کے‘‘ کے الفاظ خطوط وحدانی میں بڑھا دیئے گئے ہیں تا اصل مفہوم پڑھنے والے پر واضح ہو جائے قرآن کریم میں یہ لفظ ہمیشہ جمع کے طور پر استعمال ہوا ہے کیونکہ جب بھی استعمال ہوا ہے کسی اخلاقی یا روحانی امر کی تمثیل بیان کرنے کے لئے ہوا ہے اور گناہ اور بداخلاقیاں اکیلی نہیں رہتیں بلکہ ایک گناہ دوسرے گناہ کو، اور ایک مصیبت دوسری مصیبت کو کھینچتی ہے۔
وہ بہرے ہیں گونگے ہیں اندھے ہیں پس وہ لوٹیں گے نہیں۔
یا (ان کا حال) اس بارش کی طرح ہے جو (گھٹا ٹوپ) بادل سے (برس رہی) ہو (ایسی بارش) جس کے ساتھ (قسم قسم کے) اندھیرے اور گرج اور بجلی ہوتی ہے، وہ اپنی انگلیوں کو کڑک کی وجہ سے موت کے ڈر سے کانوں میں ڈال لیتے ہیں حالانکہ [3]اللہ تمام کافروں کو تباہ کرنے والا ہے۔
[3] واؤ اس جگہ حالیہ ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جب کفار خداتعالیٰ کی گرفت تلے آگئے ہیں اور تباہ ہونے والے ہیں تو پھر ان سے ڈرنا حماقت نہیں تو اور کیا ہے۔ چونکہ واؤ حالیہ ہے اس لئے اس کا ترجمہ ’’حالانکہ‘‘ کیا گیا ہے۔
قریب ہے کہ بجلی ان کی بینائی کو اچک کر لے جائے۔ جب بھی وہ ان پر چمکتی ہے تو وہ اس (کی روشنی) میں چلنے لگتے ہیں اور جب ان پر اندھیرا کر دیتی ہے تو کھڑے ہو جاتے ہیں اور اگر اللہ چاہتا تو یقیناً ان کی شنوائی اور ان کی بینائی کو ضائع[1] کر دیتا اللہ ہر (اس) امر پر (جس کا وہ ارادہ کرے) یقیناً پوری طرح قادر [2]ہے۔
[1] ’’ضائع کر دیتا ہے‘‘ لَذَھَبَ کے معنے ہیں۔ کیونکہ عربی میں ذَھَبَ بِہٖ کے ایک معنی اَزَالَہٗ کے بھی ہوتے ہیں، یعنی ضائع کر دیا، دور کر دیا۔ (اقرب)
[2] عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ۔ شَیْئٌ کا ترجمہ ’’امر‘‘ اور ’’بات‘‘ وغیرہ سے کیا جاتا ہے۔ مگر شَیْئٌ اسم ہونے کے علاوہ مصدر بھی ہے اور مصدر بمعنے اسم فاعل اور اسم مفعول ہو سکتا ہے۔ اس آیت میں شَیْئٌ بمعنے اسم مفعول استعمال ہوا ہے یعنی چاہی ہوئی چیز۔ اور آیت کے صحیح معنے یہ ہیں کہ اللہ ہر اس امر پر جس کا وہ ارادہ کرے یقیناً پوری طرح قادر ہے۔ ان معنوں کو واضح کرنے کے لئے خطوط وحدانی میں بعض الفاظ بڑھا دیئے گئے ہیں۔ جب تک ان معنوں کو مدنظر نہ رکھا جائے ناواقفوں کو دھوکا لگ جاتا ہے۔ حتیٰ کہ بعض لوگ کہہ دیتے ہیں کہ کیا خدا چوری پر قادر ہے یا مرنے پر قادر ہے؟ قَدِیْرٌ مبالغہ کا صیغہ ہے اور کثرت اور عظمت پر دلالت کرتا ہے۔ عام طور پر ’’بڑا قادر‘‘ اور ’’بہت قادر‘‘ اس کا ترجمہ ہوتا ہے۔ لیکن اردو میں جب مفعول مذکور ہو تو بڑا یا بہت کے الفاظ استعمال نہیں ہو سکتے بلکہ یہ مفہوم ’’پورا پورا‘‘ یا ’’پوری طرح‘‘ کی قسم کے الفاظ سے ادا کیا جاتا ہے۔ چنانچہ ہم نے ’’پوری طرح‘‘ کے الفاظ استعمال کرکے اس مفہوم کو ادا کیا ہے۔
اے لوگو! اپنے (اس) رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں (بھی) اور انہیں (بھی) جو تم سے پہلے گزرے ہیں پیدا کیا ہے تا کہ تم (ہر قسم کی آفات سے) بچو۔
(وہی ہے) جس نے تمہارے لئے زمین کو بچھونے اور آسمان کو چھت کے طور پر بنایا ہے اور بادلوں[3] سے پانی اتارا ہے، پھر اس (پانی) کے ذریعہ سے میووں کی قسم کا رزق تمہارے لئے نکالا ہے۔ پس تم سمجھتے بوجھتے ہوئے اللہ کے ہمسر نہ بناؤ۔
[3] اَلسَّمَآءُ کے معنے عربی زبان میں اَلسَّحَابُ کے بھی ہوتے ہیں۔ یعنی بادل (اقرب) اسی لئے ہم نے وَ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً کے معنے یہ کئے ہیں ’’اور بادلوں سے پانی اتارا ہے۔‘‘
اور اگر اس (کلام) کے سبب سے جو ہم نے اپنے بندے پر اتارا ہے تم کسی (قسم کے) شک میں (مبتلا ہو گئے) ہو تو اگر تم سچے ہو تو اس جیسی ایک سورۃ لے آؤ اور اپنے غیر اللہ مددگاروں کو (بھی اپنی مدد کے لئے) بلالو۔