۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 24

اللہ سود کو مٹائے[2] گا۔ اور صدقات کو بڑھائے گا اور اللہ ہر بڑے کافر (اور) بڑے گنہگار کو پسند نہیں کرتا۔

[2] اس پر اعتراض ہوتا ہے کہ مسیحی اور یہود اور ہندو جو سود لیتے ہیں ان کا کاروبار ترقی کر رہا ہے اور مسلمانوں کا کاروبار گھٹ رہا ہے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ یہ پیشگوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آخر سود لینے والی قوموں کو اللہ تعالیٰ تباہ کر دے گا اور سودنہ لینے والے اس تباہی سے بچ جائیں گے۔ چنانچہ جرمنی میں سود کے خلاف سخت مہم جاری ہے اور اسی طرح بعض اور ملکوں میں بھی۔

جو لوگ ایمان لاتے ہیں اور نیک اور مناسب حال عمل کرتے ہیں اور نماز کو قائم رکھتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں ان کے لئے ان کے رب کے پاس یقیناً ان کا اجر (محفوظ) ہے اور انہیں نہ (تو) کسی قسم کا خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔

اے ایمان دارو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور اگر تم مومن ہو تو سود (کے حساب) میں سے جو کچھ باقی ہو اسے چھوڑ دو۔

اور اگر تم نے ایسا نہ کیا تو اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے (برپا ہونے والی) جنگ کا یقین کر لو اور اگر تم سود سے توبہ کر لو تو (کوئی اتنا نقصان نہیں کیونکہ) تمہارا راس المال[1] تمہارے لئے وصول کرنا جائز ہے (اس صورت میں) نہ تم (کسی پر) ظلم کرو گے اور نہ تم پر ظلم ہوگا۔

[1] عربی میں رُءُ وْسُ اَمْوَالِکُمْ یعنی راس المال کا لفظ جمع ہے۔ مگر اردو میں یہ لفظ جمع استعمال نہیں ہوتا۔ اس لئے ترجمہ مفرد لفظ سے کیا گیا ہے۔ لفظی ترجمہ ہوتا تو کہتے تمہارے وہ اموال جو تم نے قرض دئے ہوئے ہیں وہ تمہارے لئے ہیں۔

اور اگر (کوئی) مقروض تنگ حال ہو کر آئے[2] تو آسودگی (حاصل ہونے) تک (اسے) مہلت دینی ہوگی اور اگر تم سمجھ بوجھ رکھتے ہو تو جان لو کہ تمہارا (اس شخص کو راس المال بھی) صدقہ (کے طور پر) دے دینا سب سے اچھا (کام) ہے۔

[2] کَانَ دو قسم کا ہوتا ہے۔ تامہ بھی اور ناقصہ بھی۔ ناقصہ تو اسم اور خبر پر آتا ہے جیسے کَانَ الْبُسْتَانُ مُثْمِرًا باغ میں پھل لگے ہوئے ہیں اور تامہ وہ ہے جو مفرد فعل کے معنے دیتا ہے اور اس کے بعد کا اسم اس کا فاعل ہوتا ہے اس کے کئی معنے ہوتے ہیں مثلاً واقع ہوا، ثابت ہوا، موجود ہوا، حاضر ہوا۔ (اقرب) اس جگہ پر ’’حاضر ہوا‘‘ کے معنے ہیں اور کان تامہ ہے۔ مراد یہ ہے کہ اگر کوئی تنگ حال ہو کر کہے کہ میں تو یکدم قرض ادا نہیں کر سکتا تو خود راس المال کی وصولی میں بھی التوا کر دینا چاہیے۔

اور اس دن سے ڈرو جس میں تمہیں اللہ کی طرف لوٹایا جائے گا۔ پھر ہر ایک شخص کو جو کچھ اس نے کمایا ہوگا پورا (پورا) دے دیا جائے گا اور ان پر (کوئی) ظلم نہیں کیا جائے گا۔

اے ایمان دارو! جب تم ایک دوسرے سے کسی مقررہ میعاد [1]کے لئے قرض لو تو اسے لکھ لو اور چاہیے کہ کوئی لکھنے والا تمہارے درمیان[2] (طے شدہ معاہدہ کو) انصاف کے ساتھ لکھ دے۔ اور کوئی کاتب لکھنے سے انکار نہ کرے کیونکہ اللہ نے اسے (لکھنا) سکھایا ہے۔ پس چاہیے کہ وہ (ضرور) لکھے اور تحریر وہ لکھوائے جس کے ذمہ حق ہو اور چاہیے کہ وہ (لکھواتے وقت) اللہ کا جو اس کا رب ہے تقویٰ مدنظر رکھے اور اس میں سے کچھ (بھی) کم نہ کرے۔ اور اگر وہ شخص جس کے ذمہ حق ہے نادان ہو یا کمزور ہو یا خود لکھوانے کی قدرت نہ رکھتا ہو تو چاہیے کہ (اس کی بجائے) اس کا کارپرداز انصاف کے ساتھ (تحریر) لکھوائے اور تم اپنے مردوں میں سے (اس موقع پر) دو کو گواہ مقرر کر لیا کرو۔ ہاں اگر دونوں (گواہ) مرد نہ ہوں تو (موقع کے) گواہوں [3]سے جن لوگوں کو (بطور گواہ کے) تم پسند کرتے ہو ان میں سے ایک مرد اور دو عورتیں (گواہ بنا لیا کرو۔ دو عورتوں کی شرط اس لئے ہے) تا ان میں سے ایک کے بھول جانے کی صورت میں دونوں میں سے (ہر) ایک دوسری کو (بات) یاد دلائے اور جب گواہوں کو بلایا جائے تو وہ انکار نہ کریں۔ اور خواہ چھوٹا (لین دین) ہو یا بڑا ہو تم اسے اس کی میعاد سمیت لکھنے میں سستی نہ کیا کرو۔ یہ بات اللہ کے نزدیک انصاف والی ہے اور شہادت کو زیادہ درست رکھنے والی ہے۔ نیز (تمہارے لئے اس بات کو) قریب تر (کر دینے والی) ہے کہ تم شک میں نہ پڑو (پس لین دن کا لکھنا ضروری ہے) سوائے اس (صورت) کے کہ تجارت دست بدست[4] ہو جسے تم آپس میں (مال اور رقم) لے دے (کر اسی وقت قصہ ختم کر) لیتے ہو۔ اس صورت میں اس (لین دین) کے نہ لکھنے میں تم پر کوئی گناہ نہیں[5]۔ اور جب باہم خریدو فروخت[6] کرو تو گواہ بنا لیا کرو۔ اور (یہ امر یاد رہے کہ) نہ کاتب کو تکلیف دی جائے اور نہ گواہ کو۔ اور اگر تم (ایسا) کرو تو یہ (بات) تم میں نافرمانی (کی علامت) ہوگی۔ اور چاہیے کہ تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور (اگر تم ایسا کرو گے تو) اللہ تمہیں علم دے گا اور اللہ ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔

[1] اِلٰی اَجَلٍ مُّسَمًّی۔ اس میں اِلٰی یا تو لام کے معنوں میں ہے اور معنے یہ ہیں کہ مقررہ میعاد کے لئے قرض لو اور اِلٰی ان معنوں میں عربی میں استعمال ہوتا ہے۔ جیسے قرآن کریم میں آتا ہے وَ الْاَمْرُ اِلَیْکِ یعنی حکم دینے کا اختیار تجھے حاصل ہے۔ یا کہتے ہیں اَحْمَدُ اِلَیْکَ اللّٰہَ: تیرے لئے اللہ کی حمد کرتا ہوں (مغنی) اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اِلٰی، مَعَ کے معنے دیتا ہو۔ یہ معنے عربی میں مستعمل ہیں۔ قرآن کریم میں بھی آتا ہے مَنْ اَنْصَارِیْ اِلَی اللّٰہِ یعنی کون اللہ کے ساتھ ہو کر میری مدد کرتا ہے۔ اس اِلٰی کے لئے یہ شرط ہوتی ہے کہ دو خبروں کے درمیان جوڑ ظاہر کیا گیا ہو۔ ورنہ خالی مَعَ کے معنے یہ نہیں دیتا (مغنی) اس آیت میں یہ شرط پوری ہے کیونکہ کہا گیا ہے کہ قرض لو مدتِ مقررہ کے ساتھ یعنی قرض بھی لو اور مدت بھی مقرر کرو کہ فلاں وقت تک روپیہ واپس کر دوں گا۔ میں نے ترجمہ میں اوّل الذکر معنے ترجمہ کی سہولت کے لئے کیے ہیں ورنہ ثانی الذکر معنے زیادہ صحیح ہیں گو درست دونوں ہیں۔

[2] ’’تمہارے درمیان‘‘ اس کے یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ جو معاہدہ تمہارے درمیان ہوا ہے وہ لکھ دے اور یہ بھی کہ کاتب تمہارے اپنے آدمیوں میں سے ہو۔ اور یہ بھی کہ وہ دونوں فریق کی موجودگی میں ان کے سامنے بیٹھ کر لکھے۔

[3] یہ آیت ترجمہ کے لحاظ سے بہت پیچیدہ ہے کیونکہ اس میں شُھَدَآء کا لفظ موقع پر موجود ہونے والوں کے لئے استعمال کیا گیا ہے اور ایک ہی فقرہ میں دو معنوں میں گواہ کے لفظ نے ترجمہ میں پیچیدگی پیدا کر دی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جس وقت تحریر لکھی جا رہی ہو اگر لکھنے والے کے سوا جو مرد و عورت وہاں موجود ہوں ان میں سے وہ دو مردوں کو گواہ مقرر نہ کرنا چاہتا ہو بلکہ کسی عورت کو بھی شامل کرنا چاہتا ہو تو اس صورت میں جو لوگ موقع پر ہوں ان میں سے دونوں فریق کے اعتباری لوگوں میں سے ایک مرد اور دو عورتوں کی شہادت ڈلوائی جائے۔

[4] حَاضِرَۃً کا ترجمہ ’’دست بدست‘‘ کیا گیا ہے۔ یعنی جب مال پر اسی وقت قبضہ کر لیا گیا ہو اور قیمت نقد ادا کر دی گئی ہو۔

[5] اس میں اشارہ ہے کہ اس صورت میں بھی لکھنا اچھا ہے جیسا انگریزی دکان دار ووچر (Voucher) دیتا ہے۔ اس سے جھگڑے کم ہو جاتے ہیں۔

[6] یہ بہت بڑے سَودوں کے متعلق ہے کہ ان کو لکھنا بھی چاہیے اور گواہ بھی رکھنے چاہئیں تا فتنہ نہ پیدا ہو۔

اور اگر تم سفر پر ہو اور تمہیں لکھنے والا نہ ملے تو (اس کا قائم مقام) رہن با قبضہ ہے۔ پس اگر تم میں سے کوئی شخص کسی (دوسرے) کو امین جانے (اور اسے کچھ رقم دے دے) تو جسے امین سمجھا گیا ہو اسے چاہیے کہ اس (امانت رکھنے والے) کی امانت کو (عندالطلب) واپس کر دے اور اپنی ربوبیت کرنے والے اللہ کا تقویٰ اختیار کرے اور تم گواہی کو (کبھی) مت چھپاؤ۔ اور جو اسے چھپائے وہ یقیناً ایسا (شخص) ہے جس کا دل گنہگار ہے اور (یاد رکھو کہ) جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے خوب جانتا ہے۔

جو کچھ (بھی) آسمانوں اور زمین میں ہے اللہ ہی کا ہے اور جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے خواہ تم اسے ظاہر کرو یا اسے چھپائے [1]رکھو، اللہ تم سے اس کا حساب لے گا۔ پھر جسے چاہے گا بخش دے گا اور جسے چاہے گا عذاب دے گا اور اللہ ہر ایک چیز پر بڑا قادر ہے۔

[1] تُخْفُوْہُ : میں نے تُخْفُوْہُ کا ترجمہ ’’چھپائے رکھو‘‘ کیا ہے تا ارادۂ فعل جو الفاظ قرآن سے مستنبط ہوتا ہے، واضح ہو جائے۔

جو کچھ بھی اس رسول پر اس کے رب کی طرف سے نازل کیا گیا ہے، اس پر وہ (خود بھی) ایمان رکھتا ہے اور (دوسرے) مومن بھی (ایمان رکھتے ہیں) یہ سب (کے سب) اللہ اور اس کے فرشتوں اور اس کی کتابوں اور اس کے رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں (اور کہتے ہیں کہ) ہم اس کے رسولوں میں سے ایک (دوسرے) کے درمیان (کوئی) فرق نہیں کرتے اور یہ (بھی) کہتے ہیں کہ ہم نے (اللہ کا حکم) سن لیا ہے اور ہم اس کے دل سے فرمانبردار ہو چکے ہیں۔ (یہ لوگ دعائیں کرتے ہیں کہ) اے ہمارے رب! ہم تیری بخشش طلب[1] کرتے ہیں اور تیری ہی طرف (ہمیں) لوٹنا ہے۔

[1] طلب کرنے کے الفاظ عربی میں محذوف ہیں، لیکن اردو میں ان کے ظاہر کیے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ اس لئے مجبوراً خطوط سے باہر لکھنے پڑے ہیں۔

اللہ کسی شخص پر سوائے اس (ذمہ داری) کے جو اس کی طاقت میں ہو کوئی ذمہ داری نہیں ڈالتا۔ جو اس نے (اچھا) کام کیا ہو (وہ) اس کے لئے (نفع مند) ہوگا۔ اور جو اس نے (برا) کام کیا ہو (وہ) اسی پر (وبال ہو کر) پڑے گا (اور وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ) اے ہمارے رب! اگر کبھی ہم بھول جائیں یا غلطی کر بیٹھیں تو ہمیں سزا [1]نہ دیجیو۔ اے ہمارے رب! اور تو ہم پر (اس طرح) ذمہ داری[2] نہ ڈالیو جس طرح تو نے ان لوگوں پر جو ہم سے پہلے (گذر چکے) ہیں ڈالی تھی۔ اے ہمارے رب! اور اسی طرح ہم سے (وہ بوجھ) نہ اٹھوا[3]، جس (کے اٹھانے) کی ہمیں طاقت نہیں اور ہم سے درگذر کر۔ اور ہمیں بخش دے اور ہم پر رحم کر (کیونکہ) تو ہمارا آقا ہے۔ پس کافروں کے گروہ[4]کے خلاف ہماری مدد کر۔

[1] اَخَذَ : جب گناہ یا غلطی کے متعلق آئے تو اس کے معنے ہوتے ہیں عَاقَبَہٗ : اسے اس کے گناہ کی سزا دی (اقرب الموارد) یہاں پکڑنے کی بجائے سزا دینا ترجمہ کیا گیا ہے۔

[2] اِصْرٌ کے معنے عہد، اقرار، ثقل، بوجھ اور اَلذَّنْبُ یعنی گناہ کے ہیں (اقرب) نیز وہ کام جو انسان کو نیکی سے روک دیں اور محروم کر دیں۔ جیسے قرآن کریم میں ہے وَ یَضَعُ عَنْھُمْ اِصْرَھُمْ (اعراف: ۱۵۸) نیز اِصْرٌ اس تاکیدی عہد کو بھی کہتے ہیں جو عہد شکن کو ثواب اور نیکیوں سے محروم کر دے (مفردات) اس آیت کا یہ مطلب نہیں کہ پہلے لوگوں پر زیادہ بوجھ تھا ہم پر کم ڈالیو۔ بلکہ مراد یہ ہے کہ جس طرح ان پر احکام الٰہی کے توڑنے پر ذمہ داری ڈالی گئی تھی اور وہ ثواب کے کاموں سے محروم ہو گئے تھے اسی طرح ہم پر ذمہ داری نہ ڈالی جائے۔ یعنی ہم عہد شکن ہو کر ثواب کے کاموں سے محروم نہ ہوجائیں۔ غرض اس امر کی دعا نہیں کہ ہم سے مشقت کا کام نہ لیا جائے بلکہ دعا یہ ہے کہ ہمیں توفیق دے کہ ہم پہلی قوموں کی طرح عہد شکن نہ ہو جائیں اور عہد شکنی کی سزا تیری طرف سے ہمیں نہ ملے۔ درحقیقت اس دعا میں اسلام کے ہمیشہ قائم رہنے کی دعا ہے اور مسلمانوں کو توجہ دلائی گئی ہے کہ وہ ہمیشہ دعا کرتے رہیں کہ مسلمان من حیث القوم خداتعالیٰ کو ناراض نہ کریں اور اللہ تعالیٰ ہمیشہ انہیں نیکیوں کی توفیق دیتا رہے اور ان میں ایسے آدمی بھیجتا رہے جو اسلام کو زندہ رکھیں اور پہلی قوموں کی طرح ان کے انعام کا تسلسل کٹ نہ جائے۔

[3] حَمَّلَہٗ: جَعَلَہٗ یَحْمِلُہٗ۔ اس سے بوجھ اٹھوایا (اقرب) اس سے مراد بھی عذاب ہے، یعنی ایسا عذاب ہم پر نہ آئے کہ ہم کچلے جائیں اور پھر اٹھنے کی طاقت نہ رہے۔ چنانچہ اس سے آگے ’’درگذر کر‘‘ کے الفاظ اس مفہوم کو واضح کر دیتے ہیں۔

[4] قَوْمٌ کے معنے لوگوں کی ایک جماعت کے ہوتے ہیں۔ رشتہ داروں اور قریبیوں کے لئے بھی یہ لفظ بولا جاتا ہے (اقرب) پس قوم کے معنے لازما ً قوم کے نہیں ہوتے بلکہ ہر اس گروہ پر یہ لفظ بولا جاتا ہے جو ایک مقصد پر جمع ہوں۔ چونکہ کفار مسلمانوں کے خلاف جمع تھے اس لئے وہ ایک قوم کہلانے کے مستحق تھے۔ قَوْم کے معنے دشمنوں کے بھی ہوتے ہیں (اقرب) ان معنوں کی رو سے آیت کے یہ معنے ہوں گے کہ کافر دشمنوں کے خلاف ہماری مدد کر۔ یہ معنے زیادہ لطیف ہیں لیکن چونکہ عام طور پر لوگ ان معنوں سے واقف نہیں۔ میں نے ترجمہ مشہور معنوں کی رو سے کر دیا ہے تا طبائع پر گراں نہ گذرے۔

آج 10 میں سے 10 باقی