۲۔ سورۃ البقرة

تفسیر صغیر, حصہ 23

اے ایمان دارو! تم صدقات کو احسان جتانے اور تکلیف دینے (کے فعل) سے اس شخص کی طرح ضائع نہ کرلو جو لوگوں کے دکھانے کے لئے مال خرچ کرتا ہے اور اللہ اور روز آخرت پر ایمان نہیں رکھتا کیونکہ اس کی حالت تو اس پتھر کی حالت کے مشابہ ہے جس پر کچھ مٹی (پڑی ہوئی) ہو۔ اور اس پر تیز بارش[1] ہو اور وہ اسے (دھو کر پھر) صاف پتھر (کا پتھر) کردے۔ یہ (ایسے لوگ ہیں کہ) جو کچھ کماتے ہیں اس کا کوئی حصہ بھی ان کے ہاتھ نہیں آتا۔ اور اللہ اس قسم کے کافروں کو (کامیابی کی) راہ نہیں دکھاتا۔

[1] اَلْوَابِلُ: اَلْمَطَرُ الشَّدِیْدُ الضَّخْمُ الْقَطَرِ۔ موٹے موٹے قطروں والی سخت بارش۔ (اقرب)

اور جو لوگ اپنے مال اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اور اپنے آپ کو مضبوط کرنے کے لئے خرچ کرتے ہیں ان کے (خرچ) کی حالت اس باغ کی حالت کے مشابہ ہے جو اونچی[1] جگہ پر ہو (اور) اس پر تیز بارش ہوئی ہو جس (کی وجہ) سے وہ اپنا پھل دو چند لایا ہو۔ اور (اس کی یہ کیفیت ہوکہ) اگر اس پر زور کی بارش نہ پڑے تو تھوڑی[2] سی بارش ہی (اس کے لئے کافی ہو جائے) اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے دیکھ رہا ہے۔

[1] اصل میں حال ہے مگر ترجمہ صفت کے مشابہ ہو گیا ہے جس کے بغیر چارہ نہ تھا مگر مفہوم میں کوئی فرق نہیں پڑا اور نہ عربی کے استعمال میں فرق پڑا ہے۔

[2] اَلطَّلُّ: اَضْعَفُ الْمَطَرِ (اقرب) طَلَّ نہایت خفیف بارش کو کہتے ہیں۔

کیا تم میں سے کوئی شخص چاہتا ہے کہ اس کا کھجوروں اور انگوروں کا ایک باغ ہو، جس کے نیچے نہریں بہتی ہوں (اور) اسے اس میں سے ہر قسم کے پھل ملتے (رہتے) ہوں۔ اور اسے بڑھاپے نے بھی آپکڑا ہو اور اس کے چھوٹے (چھوٹے) بچے ہوں۔ پھر اس باغ پر ایک ایسا بگولا چلے جس میں آگ (کی سی گرمی) ہو اور وہ (باغ) جل جائے۔ (دیکھو) اللہ تمہارے (فائدہ کے) لئے اس طرح اپنے احکام بیان کرتا ہے تا کہ تم فکر (سے کام لیا) کرو۔

اے ایمان دارو! جو کچھ تم نے کمایا ہے، اس میں سے پاکیزہ چیزیں اور (نیز) اس میں سے جو ہم نے تمہارے لئے زمین سے نکالا ہے (اللہ کی راہ میں حسب توفیق) خرچ کرو اور ناکارہ چیز (کو) اور جس میں سے تم خرچ (تو) کرتے ہو مگر تم خود سوائے اس کے (کہ) اس (کے قبول کرنے) میں چشم پوشی سے کام لو اسے ہرگز قبول نہیں کرتے (صدقہ کے لئے) بالارادہ نہ چنا کرو اور جان لو کہ اللہ (بالکل) بے نیاز (اور) بہت ہی حمد کا مستحق ہے۔

شیطان تمہیں محتاجی سے ڈراتا [1]ہے اور تمہیں بے حیائی کی تلقین کرتا ہے اور اللہ اپنی طرف سے ایک بڑی بخشش اور بڑے فضل کا تم سے وعدہ کرتا ہے اور اللہ بہت وسعت دینے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

[1] وَعَدَ اچھی اور بُری بات دونوں کے لئے آتا ہے۔ صرف فرق یہ ہے کہ اچھی بات کے لئے بغیر اظہار مفعول کے بھی آجاتا ہے اور بُری بات کے لئے اظہار مفعول ضروری ہے (اقرب) اس آیت میں دونوں معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ اس لئے ایک جگہ ڈرانے اور دوسری جگہ وعدہ کرنے کے الفاظ ترجمہ میں استعمال کیے گئے ہیں۔

وہ جسے چاہتا ہے حکمت عطا کرتا ہے اور جسے حکمت عطا کی گئی ہو تو (سمجھو کہ) اسے (ایک) بہت ہی نفع رساں چیز مل گئی اور (یاد رہے کہ) عقلمندوں کے سوا نصیحت بھی کوئی حاصل نہیں کیا کرتا۔

اور جو کچھ تم (خدا کے لئے) خرچ[2] کرو یا جو کچھ بھی تم نذر مانو اللہ اسے یقیناً جانتا ہے (وہ اس کا نیک بدلہ دے گا) اور ظالموں کا کوئی بھی مددگار نہیں ہوگا۔

[2] عربی میں مَآ اَنْفَقْتُمْ مِّنْ نَّفَقَۃٍ اَوْ نَذَرْتُمْ مِّنْ نَّذَرٍ ہے۔ لفظی ترجمہ یہ ہوتا ہے ’’جو خرچ بھی تم خرچ کرو اور جو نذر بھی تم نذر دو‘‘ لیکن یہ زبان کے محاورات کا فرق ہے۔ اردو میں جو مضمون کرو یا دو کے لفظ سے ادا کیا جاتا ہے عربی میں اس کے اسم سے فعل بناکر لے آتے ہیں اور اس سے وہ مضمون ادا کرتے ہیں۔ ہاں اس ترکیب سے یہ زائد معنے ضرور پیدا ہو جاتے ہیں کہ جس چیز کو خرچ کیا جائے وہ خرچ کرنے کے قابل ہو اور جو نذر دو وہ نذر میں پیش کرنے کے قابل ہو۔

اگر تم علی الاعلان صدقے دو تو یہ (بھی) بہت اچھا [1](طریق) ہے اور اگر تم وہ (صدقات) چھپا کر غریبوں کو دو تو یہ تمہارے (نفس کے) لئے زیادہ اچھا ہے اور وہ (اللہ اس کے سبب سے) تمہاری کئی بدیوں[2] کو تم سے دور کر دے گا اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے واقف ہے۔

[1] نِعِمَّا ھِیَ اصل میں نِعْمَ مَا ھِیَ ہے۔ یعنی یہ بہت اچھی بات ہے۔ یہ مخصوص بالمدح کہلاتا ہے اور اس کا حل نِعْمَ الشَّیْئُ شَیْئًا ہے (املاء ابوالبقاء) جیسے اردو میں کہتے ہیں کہ بس کام تو یہ ہے۔

[2] مِنْ سَیِّاٰ تِکُمْ کے معنے یہ بھی ہیں کہ بدیوں سے بعض کو اس کے سبب سے چھپا دے گا، مٹا دے گا۔ اور مِنْ زائد بغرضِ تاکید بھی ہو سکتا ہے اس صورت میں یہ معنے ہوں گے کہ تمہاری بدیاں بالکل مٹا دے گا۔ اخفش نے اس جگہ یہی معنے کیے ہیں (املاء ابوالبقاء)

انہیں راہ پر لانا تیرے ذمہ نہیں ہے۔ ہاں اللہ جسے چاہتا ہے راہ پر لے آتا ہے اور جو اچھا مال[2] بھی تم (خدا کی راہ میں) خرچ کرو۔ اور حقیقت یہ ہے کہ تم ایسا خرچ صرف اللہ کی توجہ چاہنے کے لئے کیا کرتے ہو سو اس کا نفع بھی تمہاری اپنی جانوں ہی کو ہوگا اور جو اچھا مال بھی تم خرچ کرو وہ تمہیں پورا پورا (واپس کر) دیا جائے گا اور تم پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔

[2] خَیْر کے معنے مال کے بھی ہیں اور اچھے مال کے بھی۔ یعنی جو اچھے ذرائع سے کمایا گیا ہو یا زیادہ ہو (مفردات)

(یہ مذکورہ بالا صدقات) ان محتاجوں کے لئے ہیں جو اللہ کی راہ میں (دوسرے کاموں سے) روکے گئے[3] ہیں وہ ملک میں (آزادی سے) آجا نہیں سکتے۔ (ایک) بے خبر (شخص ان کے) سوال سے بچنے کے سبب سے انہیں غنی خیال کرتا ہے تم ان کی ہئیت سے پہچان سکتے ہو۔ وہ لوگوں سے لپٹ لپٹ کر سوال نہیں کرتے۔ اور تم جو اچھا مال بھی (اللہ کی راہ میں) خرچ کرو اللہ اس سے یقیناً خوب واقف ہے۔

[3] اَحْصَرَہٗ: حَبَسَہٗ عَنْہُ (اقرب) یعنی کسی کام سے اسے روک دیا۔ پس معنے یہ ہوئے کہ جولوگ دوسرے مشاغل سے روکے گئے ہیں اور صرف اللہ تعالیٰ کے دین کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں یا یہ مطلب ہے کہ فی سبیل اللہ یعنی دینِ الٰہی کے کاموں پر انہیں سب کاموں سے فارغ کرکے لگا دیا گیا ہے۔

جو لوگ اپنے مال رات اور دن پوشیدہ (بھی) اور ظاہر (بھی) (اللہ کی راہ میں) خرچ کرتے رہتے ہیں ان کے لئے[4] ان کے رب کے پاس ان کا اجر (محفوظ) ہے اور نہ (تو) انہیں کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔

[4] عربی میں اس جگہ فَاء ہے۔ مگر اس کے معنے جزاء شرط کی توکید کے ہیں اور اسی کو ترجمہ میں مدنظر رکھا گیا ہے۔

جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ (بالکل) اسی طرح کھڑے ہوتے ہیں جس طرح وہ شخص کھڑا ہوتا ہے جس پر شیطان [1](یعنی مرض جنون) کا سخت حملہ ہو۔ یہ (حالت) اس وجہ سے ہے کہ وہ کہتے (رہتے) ہیں کہ (خریدو) فروخت (بھی تو) بالکل سود (ہی) کی طرح ہے۔ حالانکہ اللہ نے (خریدو) فروخت کو جائز قرار دیا ہے اور سود کو حرام کیا ہے۔ سو (یاد رکھو کہ) جس (شخص) کے پاس اس کے رب کی طرف سے کوئی نصیحت (کی بات) آئے اور وہ (اسے سن کر خلاف ورزی سے) باز آجائے تو جو (لین دین) وہ پہلے کر چکا ہے اس کا نفع اسی کا ہے اور اس کا معاملہ اللہ کے حوالے ہے۔ اور جو (لوگ) پھر (وہی کام) کریں تو وہ (ضرور) آگ (میں پڑنے) والے ہیں۔ وہ اس میں پڑے رہیں گے۔

[1] تَخَبَّطَہُ الشَّیْطٰنُ: مَسَّہٗ بِاَذًی شیطان نے اسے تکلیف پہنچائی (اقرب) اسی طرح کہتے ہیں تَخَبَّطَہٗ: ضَرَبَہٗ شَدِیْدًا اسے سخت مارا (اقرب) اور اَلْمَسُّ: اَلْجُنُوْنُ (اقرب) مَسّ کے معنے جنون کے ہیں۔ مِنْ بیانیہ ہے پس معنے یہ ہوئے کہ جس پر شیطان یعنی جنون نے سخت حملہ کیا ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی