۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں اللہ[1] سب سے زیادہ جاننے والا ہوں۔
[1] الٓـمٓ کے معنوں کے لئے دیکھئے نوٹ سورۃ بقرۃ آیت۲۔
اللہ (ایسی ذات ہے کہ اس) کے سوا کوئی پرستش کا مستحق نہیں۔ کامل حیات والا (اپنی ذات میں) قائم اور (سب کو) قائم رکھنے والا ہے۔
اس نے تجھ پر یہ کتاب حق پر مشتمل اتاری ہے جو اس (وحی) کو جو اس (کتاب) سے پہلے (آئی) تھی پورا کرنے والی ہے اور اس نے لوگوں کو ہدایت دینے کے لئے اس سے پہلے تورات اور انجیل کو نازل کیا تھا
اور (نیز) اس نے فیصلہ کن نشان نازل کیا ہے۔ جن لوگوں نے اللہ کے نشانات کا انکار کیا ہے ان کے لئے یقیناً سخت عذاب (مقدر) ہے۔ اور اللہ غالب (اور) سزا دینے والا ہے۔
اللہ سے ہرگز کوئی چیز مخفی نہیں۔ (نہ) زمین میں اور نہ آسمان میں۔
وہی ہے جو رحموں میں جیسی چاہتا ہے تمہیں صورت دیتا ہے۔ اس کے سوا کوئی پرستش کا مستحق نہیں۔ وہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔
وہی ہے جس نے تجھ پر یہ کتاب نازل کی ہے جس کی بعض (آیتیں تو) محکم [1]آیتیں ہیں جو اس کتاب کی جڑ ہیں اور کچھ اور (ہیں جو) متشابہ[2] ہیں۔ پس جن لوگوں کے دلوں میں کجی ہے وہ تو فتنہ کی غرض سے اور اس (کتاب) کو (اس کی حقیقت سے) پھیر دینے کے لئے ان (آیات) کے پیچھے پڑ جاتے ہیں جو اس (کتاب) میں سے متشابہ[3] ہیں۔ حالانکہ اس کی تفسیر کو سوائے اللہ کے اور علم میں کامل دستگاہ رکھنے والوں کے (کہ) جو کہتے ہیں (کہ) ہم اس (کلام) پر ایمان رکھتے ہیں (اور جو کہتے ہیں کہ یہ) سب ہمارے رب کی طرف سے ہی ہے کوئی نہیں جانتا اور عقل مندوں کے سوا کوئی بھی نصیحت حاصل نہیں کرتا۔
[1] مُحْکَمٰتٌ محکمات سے مراد وہ آیات ہیں جن میں قرآن کریم کی خاص تعلیم بیان ہوئی ہے۔
[2] مُتَشٰبِھٰتٌ سے مراد وہ آیات ہیں جن میں ایسی تعلیم ہے جو پہلی کتابوں میں بھی مذکور ہے۔
[3] یعنی جو آیات پہلی کتب کی تعلیم سے ملتی ہیں وہ ان کو بگاڑ کر پہلی قوموں کی روایات کے تابع کر دیتے ہیں اور اس طرح قرآن کریم کی خوبی کو چھپا دیتے ہیں۔
اے ہمارے رب! تو ہمیں ہدایت دینے کے بعد ہمارے دلوں کو کج نہ کر اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت (کے سامان) عطا کر۔ یقیناً تو ہی بہت عطا کرنے والا ہے۔
اے ہمارے رب! تو یقیناً سب لوگوں کو اس دن جس (کی آمد) میں کوئی شک (وشبہ) نہیں جمع کرے گا۔ اللہ ہرگز وعدہ خلافی نہیں کرتا۔
جو لوگ کافر ہیں ان کے اموال اور ان کی اولادیں خدا کے مقابلہ میں کچھ بھی کام نہیں آئیں گی اور یہی لوگ دوزخ کا ایندھن ہیں۔
(ان کا طریق) فرعون کے اتباع اور ان لوگوں کے طریق کے مطابق (ہے) جو ان سے پہلے تھے! انہوں نے ہمارے نشانات کو جھٹلایا تھا اس پر اللہ نے ان کے قصوروں کے بدلہ میں انہیں پکڑ لیا اور اللہ کا عذاب سخت (ہوتا) ہے۔