۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 2
جو لوگ کافر ہیں انہیں کہہ دے کہ تمہیں ضرور مغلوب کیا جائے گا اور جہنم کی طرف اکٹھے کرکے لے جایا جائے گا اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
ان دو گروہوں میں جو ایک دوسرے سے برسر پیکار تھے تمہارے لئے یقیناً ایک نشان تھا (ان میں سے) ایک گروہ تو اللہ کے راستہ میں جنگ کرتا تھا اور دوسرا منکر تھا وہ (مسلمان) ان (کافروں) کو (اپنی انہی) آنکھوں سے اپنے سے دو چند دیکھ رہے تھے اور اللہ جسے چاہتا ہے اپنی مدد دیکر قوت بخشتا ہے۔ اس (بات) میں آنکھوں والوں کے لئے یقیناً ایک نصیحت ہے۔
لوگوں کو (عام طور پر) پسند کی جانے والی چیزوں کی یعنی عورتوں اور بیٹوں اور سونے اور چاندی کے محفوظ خزانوں اور خوبصورت گھوڑوں اور مویشیوں اور کھیتی کی محبت اچھی شکل میں دکھائی گئی ہے۔ یہ دنیوی زندگی کا سامان ہے اور اللہ (تو) وہ (ذات) ہے جس کے پاس نہایت عمدہ ٹھکانا ہے۔
تو کہہ (کہ) کیا میں تمہیں اس سے (بھی) بہتر چیز بتاؤں؟ جو لوگ تقویٰ اختیار کریں، ان کے لئے ان کے رب کے پاس ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں (وہ) ان میں بسیں گے اور (نیز ان کے لئے) پاک بیویاں اور اللہ کی رضا (مقدر) ہے اور اللہ اپنے بندوں کو دیکھ رہا ہے۔
جو کہتے ہیں (کہ) اے ہمارے رب! ہم یقیناً ایمان لے آئے ہیں۔ اس لئے تو ہمارے قصور ہمیں معاف کر دے اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا لے۔
جو صبر کرنے والے اور سچ بولنے والے اور فرمانبردار اور (خدا کے لئے اپنے اموال) خرچ کرنے والے اور راتوں کے آخری حصوں میں استغفار کرنے والے ہیں۔
اللہ انصاف کے مطابق یہ گواہی دیتا ہے کہ حقیقت یہی ہے کہ اس کے سوا (اور) کوئی معبود نہیں اور فرشتے بھی اور علم والے بھی (یہی گواہی دیتے ہیں) کہ اس کے سوا پرستش کا کوئی (بھی) مستحق نہیں۔ وہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔
اللہ کے نزدیک اصل دین یقیناً کامل فرمانبرداری ہے اور صرف انہی لوگوں نے جنہیں کتاب دی گئی تھی اس کے بعد کہ ان کے پاس علم آچکا تھا آپس کے فساد کی وجہ سے اختلاف کیا اور جو اللہ کے نشانات کا انکار کرے (وہ یاد رکھے کہ) اللہ یقیناً جلد حساب کرنے والا ہے۔
اب اگر یہ (لوگ) تجھ سے جھگڑیں تو تو (ان سے) کہدے کہ میں نے اور ان لوگوں نے جو میرے پیرو ہیں اپنے آپ کو اللہ کی فرمانبرداری میں لگا دیا ہے اور جن لوگوں کو کتاب دی گئی ہے (ان کو) اور (نیز) امیوں کو کہہ دے کہ کیا تم (بھی) فرمانبردار ہوتے ہو۔ پس اگر وہ فرمانبردار ہو جائیں تو (سمجھو کہ) وہ ہدایت پا گئے۔ اور اگر وہ منہ پھیر لیں تو تیرے ذمہ صرف پہنچا دینا ہے اور اللہ بندوں کو دیکھ رہا ہے۔
جو لوگ اللہ کی آیات کا انکار کرتے ہیں اور بلاوجہ نبیوں کو قتل کرنا چاہتے ہیں اور (نیز) لوگوں میں سے جو انصاف کی ہدایت کرتے ہیں انہیں (بھی) قتل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں[1] دردناک عذاب کی خبر دے۔
[1] عربی میں فَاء ہے جس کے معنے ’’پس‘‘ کے ہیں۔ اردو میں اس کے بغیر فقرہ مکمل ہو جاتا ہے۔ اس لئے ہم نے ’’پس‘‘ کا لفظ اڑا دیا ہے۔
یہ وہ (لوگ) ہیں کہ جن کے اعمال اس دنیا (میں بھی) اور آخرت میں (بھی) ضائع ہو جائیں گے اور ان کا کوئی بھی مددگار نہیں ہوگا۔
کیا تجھے ان لوگوں کا علم نہیں جنہیں شریعت کا ایک حصہ دیا گیا ہے (کہ جب) انہیں اللہ کی کتاب کی طرف بلایا جاتا ہے تا کہ وہ ان کے درمیان فیصلہ کر دے تو ان میں سے کچھ لوگ (اس سے) اعراض کرتے ہوئے منہ پھیر لیتے ہیں۔