۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 11
اگر تمہیں کوئی کامیابی حاصل ہو تو انہیں برا لگتا ہے۔ اور اگر تمہیں کوئی تکلیف پہنچے تو وہ اس سے خوش ہوتے ہیں۔ اور اگر تم صبر کرو گے اور تقویٰ اختیار کرو گے تو ان کی (مخالفانہ) چال تمہیں کچھ (بھی) نقصان نہیں پہنچائے گی اور جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ یقیناً اسے پارہ پارہ [1]کرنے والا ہے۔
[1] اَحَاطَ کے معنے بالکل تباہ کر دینے کے بھی ہوتے ہیں۔ (اقرب)
اور (اس وقت کو یاد کرو) جب تم اپنے اہل کے پاس سے نکل کر صبح صبح اس لئے گیا تھا کہ مومنوں کو جنگ کے لئے ان کی مقررہ جگہوں پر بٹھا دے[2] اور اللہ (تیری دعائیں) بہت سننے والا (اور تم لوگوں کے حالات کو) خوب جاننے والا ہے۔
[2] ان آیات میں جنگِ اُحد کا ذکر ہے۔
(پھر اس وقت کو بھی یاد کر) جب (کہ ان کے حالات کو دیکھ کر) تم میں سے دو گروہ[3] بزدلی دکھانے پر تیار ہو گئے تھے حالانکہ اللہ ان کا دوست تھا اور مومنوں کو تو اللہ پر ہی بھروسہ رکھنا چاہئیے۔
[3] یہ دو گروہ خزرج میں سے بنو مسلمہ اور اوس میں سے بنو حارثہ تھے۔
اور (اس سے پہلے) بدر (کی جنگ) میں جبکہ تم حقیر تھے اللہ یقیناً تمہیں مدد دے چکا ہے۔ سو تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تا کہ تم شکر گذار بنو۔
(اس وقت کو بھی یاد کر) جب تو مومنوں سے کہہ رہا تھا کہ کیا تمہارے لئے یہ (بات) کافی نہ ہوگی کہ تمہارا رب (آسمان سے) نازل کئے ہوئے تین ہزار فرشتوں کے ذریعہ سے تمہاری مدد کرے۔
کیوں (کافی) نہ ہوگی! اگر تم صبر کرو اور تقویٰ اختیار کرو۔ اور وہ (کافر) تم پر اسی دم چڑھ آئیں تو تمہارا رب پانچ ہزار سخت حملہ[4] کرنے والے فرشتوں کے ذریعہ سے تمہاری مدد کرے گا۔
[4] سَوَّمَ عَلَیْھِمْ: اَغَارَ عَلَیْھِمْ یعنی سَوَّمَ کے معنے حملہ کرنے کے ہوتے ہیں (اقرب) پس مُسَوِّمِیْنَ کے معنے ہوں گے سخت حملہ کرنے والے۔
اور اللہ نے یہ (بات) صرف تمہارے لئے خوشخبری کے طور پر[1] اور اس لئے کہ تمہارے دل اس کے ذریعہ سے اطمینان پائیں مقرر کی ہے۔(اور[2]) اس لئے (مقرر کی ہے) کہ تا وہ (اللہ) کافروں کے ایک حصہ کو کاٹ دے یا انہیں ذلیل کر دے تا کہ وہ ناکام واپس جائیں۔ ورنہ مدد تو (صرف) اللہ ہی کی طرف سے (آتی) ہے جو غالب (اور) حکمت والا ہے۔
[1] اس میں بتایا ہے کہ فرشتوں کا ذکر صرف اس لئے ہے کہ خواب یا کشف میں خوش خبری ملنے سے انسان کی ہمت بڑھتی ہے ورنہ اصل مراد یہی تھی کہ خداتعالیٰ مدد کرے گا۔
[2] یہ آیت نمبر۱۲۸ کے آخری حصہ کا ترجمہ ہے جو مضمون کی وضاحت کے لئے پہلے کر دیا گیا ہے۔
(اور) اس لئے (مقرر کی ہے) کہ تا وہ (اللہ) کافروں کے ایک حصہ کو کاٹ دے یا انہیں ذلیل کر دے تا کہ وہ ناکام واپس جائیں۔
تیرا اس معاملہ میں کچھ (دخل) نہیں (یہ سب معاملہ خدا کے ہاتھ میں ہے) چاہے تو ان پر فضل کرے اور چاہے تو ان کو عذاب دے دے (اور وہ عذاب کے ہی مستحق ہیں) کیونکہ وہ ظالم ہیں۔
اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے (سب) اللہ ہی کا ہے۔ وہ جسے چاہتا ہے بخش دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے عذاب دیتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اے ایماندارو! تم (اپنے مال پر) سود جو (مال کو) بے انتہا بڑھاتا ہے۔ مت کھاؤ[3]۔ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔
[3] چونکہ سود روپیہ کو آسانی سے بڑھا دیتا ہے اس لئے فرمایا کہ سودنہ کھایا کرو۔ جو بغیر محنت کے مال کو بڑھاتا چلا جاتا ہے۔
اور اس آگ سے ڈرو جو منکروں کے لئے تیار کی گئی ہے۔