۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 10
یہ اللہ کی آیات ہیں جو حق پر مشتمل ہیں (اور) جنہیں ہم تجھے پڑھ کر سناتے ہیں اور اللہ تمام جہانوں پر کسی قسم کا ظلم کرنا نہیں چاہتا۔
اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے (سب) اللہ ہی کا ہے اور اللہ ہی کی طرف تمام امور کو لوٹایا جائے گا۔
تم (سب سے) بہتر جماعت ہو جسے لوگوں[1] کے (فائدہ کے) لئے پیدا کیا گیا ہے۔ تم نیکی کی ہدایت کرتے ہو اور بدی سے روکتے ہو۔ اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو۔ اور اگر اہل کتاب بھی ایمان لاتے تو ان کے لئے بہتر ہوتا۔ ان میں سے بعض مومن بھی ہیں اور اکثر ان میں سے نافرمان ہیں۔
[1] یعنی مسلمانوں کے سب سے بہتر ہونے کی یہ وجہ ہے کہ انہیں اپنے فائدہ کی بجائے سب دنیا کے فائدہ کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔ کاش! مسلمان اس حکمت کو سمجھیں اور اس طرح ذلیل نہ ہوں۔
یہ (لوگ) معمولی ایذا دہی کے سوا تمہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے اور اگر وہ تم سے جنگ کریں گے تو تمہاری طرف پیٹھیں پھیر کر بھاگ جائیں گے۔ پھر انہیں کسی طرف سے بھی مدد نہیں مل سکے گی۔
جہاں کہیں بھی وہ پائے جائیں ان پر ذلت نازل کی گئی ہے سوائے اس کہ وہ اللہ کے کسی عہد (کی) یا لوگوں کے کسی عہد کی پناہ میں آجائیں (اس ذلت سے بچ نہیں سکتے) اور وہ اللہ کے غضب کا مورد بن گئے ہیں اور بے بسی (کی حالت) ان کے ساتھ لازم کر دی گئی ہے۔ یہ اس سبب سے (کیا گیا) ہے کہ وہ اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے تھے اور بلاوجہ نبیوں کو قتل[1] کرنا چاہتے تھے (اور) یہ بات ان کے نافرمانی کرنے اور حد سے بڑھے ہوئے ہونے کے سبب سے (ان میں پائی جاتی) تھی۔
[1] قرآن کریم میں یَقۡتُلُوۡنَ الۡاَنۡۢبِیَآءَ کے الفاظ ہیں۔ اور بنی اسرائیل نے سب نبیوں کو قتل نہیں کیا مگر چونکہ قتل کا لفظ کوششِ قتل کے لئے بھی آتا ہے ہم نے واقعات کے مطابق قتل کرنے کی جگہ قتل کرنے کی کوشش ترجمہ کیا ہے۔
وہ سب (لوگ) برابر نہیں ہیں۔ اہل کتاب (ہی) میں سے ایک ایسی جماعت بھی ہے جو (اپنے عہد پر) قائم ہے۔ وہ رات کے اوقات میں اللہ کی آیتوں کو پڑھتے ہیں اور سجدے (بھی) کرتے ہیں۔
وہ اللہ (پر) اور آنے والے دن پر ایمان رکھتے ہیں اور نیکی کی ہدایت کرتے ہیں اور بدی سے روکتے ہیں اور نیک کاموں میں ایک دوسرے سے آگے بڑھتے ہیں اور یہ لوگ نیکوں میں سے ہیں۔
اور جو نیکی بھی وہ کریں اس کی ناقدری نہیں کی جائے گی۔ اور اللہ متقیوں کو خوب جانتا ہے۔
جو لوگ کافر ہیں انہیں نہ ان کے اموال اور نہ ان کی اولادیں اللہ کے عذاب سے بچائیں گی اور وہ (لوگ) آگ (میں پڑنے) والے ہیں۔ اس میں بستے چلے جائیں گے۔
جو کچھ یہ (لوگ) اس قریب کی زندگی کے متعلق خرچ کرتے ہیں اس کی حالت اس ہوا کی حالت[1] کی طرح ہے جس میں سخت سردی ہو (اور) وہ ایسی قوم کی کھیتی پر چلے جس نے اپنے آپ پر ظلم کیا ہو پھر وہ اسے تباہ کر دے اور اللہ نے ان (لوگوں) پر ظلم نہیں کیا۔ ہاں! یہ اپنی جانوں پر آپ ہی ظلم کر رہے ہیں۔
[1] مطلب یہ ہے کہ خرچ تو انسان اس لئے کرتا ہے کہ اسے ترقی حاصل ہو مگر چونکہ یہ لوگ منافقت سے خرچ کرتے ہیں ان کا خرچ ویسا ہی نتیجہ پیدا کرتا ہے، جیسا کہ شمالی بادِ تُند جو سخت ٹھنڈی ہوتی ہے اور کھیتیوں کو تباہ کردیتی ہے۔ اسی طرح وہ خرچ بھی ان کے اعمال کے نتائج کو تباہ کر دے گا۔
اے ایماندارو! اپنے لوگوں کو چھوڑ کر (دوسروں کو) راز دار دوست نہ بناؤ وہ تم سے بدسلوکی کرنے میں کوئی کمی نہیں کرتے (اور) تمہارے دکھ میں پڑجانے کو پسند کرتے ہیں۔ (ان کی) دشمنی ان کے مونہوں سے ظاہر ہو چکی ہے اور جو کچھ ان کے سینوں میں مخفی ہے وہ (اس سے بھی) بڑھ کر ہے۔ اگر تم عقل سے کام لینے والے ہو تو ہم نے تمہارے لئے اپنی آیات کو کھول کر بیان کر دیا ہے۔
سنو! تم وہ لوگ ہو جو ان سے محبت رکھتے ہو حالانکہ وہ تم سے محبت نہیں رکھتے اور تم سب (کی سب) کتاب پر ایمان لاتے ہو اور جب وہ تم سے ملیں تو کہہ دیتے ہیں کہ ہم (بھی) ایمان رکھتے ہیں اور جب وہ علیحدہ ہوتے ہیں تو تمہارے خلاف غصہ سے انگلیاں کاٹتے ہیں۔ تو (ان سے) کہہ دے تم اپنے غصہ (کے سبب) سے مرجاؤ۔ اللہ یقیناً سینہ کے رازوں تک کو بھی جانتا ہے۔