۳۔ سورۃ آل عمران

تفسیر صغیر, حصہ 13

اور محمد صرف ایک رسول ہے۔ اس سے پہلے سب رسول فوت ہو چکے ہیں۔ پس اگر وہ وفات پا جائے یا قتل کیا جائے تو کیا تم اپنی ایڑیوں کے بل لوٹ جاؤ گے؟ اور جو شخص اپنی ایڑیوں کے بل لوٹ جائے وہ اللہ کا ہرگز کچھ نقصان نہیں کر سکتا۔ اور اللہ شکر گذاروں کو ضرور بدلہ دے گا۔

اور اللہ کے اذن کے بغیر کوئی نفس نہیں مر سکتا (کیونکہ اللہ نے) ایک مقرر میعاد والا فیصلہ (کیا ہوا ہے) اور جو شخص دنیا کے بدلہ کا طالب ہو ہم اسے اس میں سے دیں گے اور جو شخص آخرت کا بدلہ چاہتا ہو ہم اسے اس میں سے دیں گے اور شکر گذاروں کو ضرور بدلہ دیں گے۔

اور بہت سے نبی ایسے (گذرے) ہیں جن کے ساتھ ہو کر (ان کی) جماعت کے بہت سے لوگوں [2]نے جنگ کی۔ پھر نہ (تو) وہ اس (تکلیف) کی وجہ سے جو انہیں اللہ کی راہ میں پہنچی تھی سست ہو گئے اور نہ کمزوری دکھائی اور نہ انہوں نے (دشمنوں کے سامنے) تذلل اختیار کیا۔ اور اللہ صبر کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔

[2] لغت میں لکھا ہے اَلرِّبِّیُّ بِالْکَسْرِ وَاحِدُ الرِّبِّیِیْنَ وَ ھُمُ الْاُلُوْفُ مِنَ النَّاسِ کہ رِبِّیْ، رِبِّیِّیْنَ کا مفرد ہے اور اس کے معنے ہیں بہت سے لوگ۔ (اقرب الموارد)

اور سوائے اس بات کے انہوں نے کچھ (بھی) نہ کہا کہ (اے) ہمارے رب! ہمارے قصور (یعنی کوتاہیاں) اور ہمارے اعمال میں ہماری زیادتیاں[1] ہمیں معاف کر اور ہمارے قدموں کو مضبوط کر اور کافر لوگوں کے خلاف ہماری مدد کر۔

[1] عربی میں اِسْرَاف کا لفظ ہے لیکن چونکہ یہ مصدر ہے جو مفرد اور جمع دونوں کے لئے آتا ہے ہم نے اردو کے لحاظ سے اس کا ترجمہ جمع کیا ہے یعنی ’’زیادتیاں‘‘۔

اس پر اللہ نے انہیں دنیا کا بدلہ (بھی) اور آخرت کا بہترین بدلہ (بھی) دیا، اور اللہ محسنوں سے محبت کرتا ہے۔

اے ایماندارو! اگر تم ان لوگوں کی فرمانبرداری کرو گے جو کافر ہیں تو وہ تمہیں تمہاری ایڑیوں کے بل لوٹادیں گے جس کی وجہ سے تم نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔

(تم نقصان اٹھانے والے نہیں) بلکہ اللہ تمہارا مددگار ہے اور وہ سب مدد کرنے والوں سے بہتر ہے۔

جو لوگ منکر ہیں ہم ان کے دلوں میں اس سبب سے کہ انہوں نے اس چیز کو اللہ کا شریک قرار دیا ہے جس کی اس نے کوئی دلیل نہیں اتاری یقیناً رعب ڈال دیں گے اور ان کا ٹھکانا آگ ہے اور ظالموں کا ٹھکانا کیا ہی برا ہے۔

اور اللہ نے (اس وقت) جبکہ تم انہیں اس کے حکم سے مار مار کر فنا کر رہے تھے تم سے اپنا وعدہ یقیناً پورا کر دیا یہاں تک کہ جب تم نے سستی کی اور (رسول اللہ کے) حکم کے متعلق باہم جھگڑا کیا اور اس کے بعد کہ جو کچھ تم پسند کرتے تھے اس نے تمہیں دکھا دیا تھا نافرمانی کی (تو اس نے اپنی مدد روک دی) بعض تم میں سے دنیا کے طالب تھے اور بعض تم میں سے آخرت کے طالب تھے پھر اس نے تمہیں تمہاری آزمائش کرنے کے لئے ان (یعنی دشمنوں) کے حملہ سے بچا لیا [1]اور اس نے تمہیں یقیناً معاف کر دیا ہے اور اللہ مومنوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے۔

[1] صَرَفَ کے اصل معنے تو پھرانے کے ہیں لیکن چونکہ اس کے بعد عَنْ آیا ہے جس کے معنے دشمن کے حملہ سے بچانے کے ہوتے ہیں۔ اس لئے ہم نے اس کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ تمہیں دشمنوں کے حملہ سے بچا لیا۔

جب تم دوڑے چلے جا رہے تھے اور کسی کی طرف مڑ کر نہیں دیکھتے تھے۔ حالانکہ رسول تمہاری سب سے پچھلی جماعت میں (کھڑا) تمہیں بلا رہا تھا۔ اس پر اس نے تمہیں ایک غم[2] کے بدلہ میں ایک اور غم دیا تا کہ جو کچھ تم سے جاتا رہا ہے اور جو (دکھ) تمہیں پہنچا ہے اس پر تم غمگین نہ ہو اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے جانتا ہے۔

[2] فَاَثَابَکُمْ غَمًّامبِغَمٍّ اس سے مراد یہ ہے کہ جو غم تم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے حکم کو توڑ کر اُحد پہاڑی سے ہٹنے کا تھا اس کی فوراً سزا شکست کی صورت میں دے دی تاکہ نافرمانی کا غم ہلکا ہو جائے کہ خدا تعالیٰ نے اسی وقت سزا دے کر بخش دیا۔ مفسر کہتے ہیں کہ پہلے غم سے مراد صحابہؓ کا شکست پر غم ہے اور دوسرے غم سے مراد رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا زخمی ہونا ہے۔ لیکن یہ درست نہیں کیونکہ اس کے یہ معنے ہوتے ہیں کہ صحابہؓ کی غلطی کی سزا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ملی۔

پھر اس نے اس غم کے بعد تم پر جمعیت خاطر (کی حالت) یعنی نیند نازل کی جو تم میں ایک گروہ پر طاری ہو رہی تھی اور ایک گروہ ایسا تھا کہ انہیں ان کی جانوں نے فکر مند[3] کر رکھا تھا۔ وہ اللہ کی نسبت جاہلیت کے گمانوں کی طرح جھوٹے گمان کر رہے تھے وہ کہہ رہے تھے کہ کیا حکومت میں ہمارا بھی کچھ (دخل) ہے تو کہہ دے (کہ) حکومت ساری کی ساری اللہ ہی کی ہے وہ (منافق) اپنے دلوں میں وہ کچھ چھپاتے ہیں جسے وہ تجھ پر ظاہر نہیں کرتے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر ہمارا (بھی) حکومت میں کچھ دخل ہوتا تو ہم یہاں مارے نہ جاتے۔ تو کہہ دے (کہ) اگر تم اپنے گھروں میں (بھی) رہتے تو بھی جن لوگوں پر لڑائی فرض کی گئی ہے وہ اپنے (قتل ہو کر) لیٹنے کی جگہوں کی طرف ضرور نکل کھڑے ہوتے (تا کہ اللہ اپنے حکم کو پورا کرے) اور تا کہ جو تمہارے سینوں میں ہے اللہ اس کا امتحان کرے اور جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے اسے (پاک و) صاف کرے اور اللہ سینوں کی باتوں کو (بھی) خوب جانتا ہے۔

[3] یعنی انہیں اپنی جانوں کی فکر پڑی ہوئی تھی۔ دین اسلام کی عزت کا خیال نہ تھا۔

جس دن دونوں لشکر ایک دوسرے کے مقابل ہوئے تھے اس دن تم میں سے جنہوں نے پیٹھ پھیر لی تھی انہیں صرف ان کے بعض اعمال کی وجہ سے شیطان نے گرانا چاہا تھا اور اب اللہ یقیناً انہیں معاف کر چکا ہے۔ اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) بردبار ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی