۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 14
اے ایماندارو! تم ان لوگوں کی طرح نہ بنو جو کافر ہو گئے ہیں اور اپنے بھائیوں کے متعلق جب وہ ملک میں (جہاد کی غرض سے) سفر کریں یا لڑائی کے لئے نکلیں کہتے ہیں کہ اگر وہ ہمارے پاس رہتے تو نہ مرتے اور نہ مارے جاتے تا کہ اللہ (ان کے) اس (قول) کو ان کے دلوں میں حسرت[1] کا موجب بنا دے۔ اور اللہ (ہی) زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے دیکھ رہا ہے۔
[1] یعنی کفار کے مذکورہ قول کی غرض یہ ہے کہ اس بات کو سن کر مسلمان بُزدل ہو جائیں۔ جب تم ان کے قول سے متاثر نہ ہو گے تو الٹا وہ خود مایوس ہوں گے۔ اور اپنی ہی بات ان کے دلوں میں حسرت پیدا کرنے کا موجب ہو جائے گی۔ اور اپنے جال میں وہ خود پھنس جائیں گے۔
اور اگر تم اللہ کی راہ میں مارے جاؤ یا مر جاؤ تو یقیناً اللہ کی (طرف سے تمہاری طرف آنے والی) بخشش اور رحمت اس سے جو وہ جمع کرتے ہیں بہت بہتر ہوگی۔
اور اگر تم مر جاؤ یا مارے جاؤ تو تمہیں یقیناً اللہ (ہی) کی طرف اکٹھا کرکے لے جایا جائے گا۔
اور تو اس عظیم الشان رحمت کی وجہ سے (ہی) جو اللہ کی طرف سے (تجھے دی گئی) ہے ان کے لئے نرم واقع ہوا ہے اور اگر تو بداخلاق اور سخت دل ہوتا تو یہ لوگ تیرے گرد سے تتر بتر ہو جاتے پس تو انہیں معاف کر دے اور ان کے لئے (خدا سے) بخشش مانگ اور حکومت (کے معاملات) میں ان سے مشورہ (لیا) کر۔ پھر جب تو (کسی بات کا) پختہ ارادہ کرلے تو اللہ پر توکل کر۔ اللہ توکل کرنے والوں سے یقیناً محبت کرتا ہے۔
اگر اللہ تمہاری مدد کرے تو تم پر کوئی غالب نہیں (آسکتا) اور اگر وہ تمہاری مدد چھوڑ دے تو اسے چھوڑ کر کون ہے جو تمہاری مدد کرے گا اور مومنوں کو اللہ پر (ہی) توکل کرنا چاہیے۔
اور کسی نبی کے شایان شان نہیں کہ وہ خیانت کرے اور جو شخص خیانت کرے گا وہ اپنے خیانت سے حاصل کیے ہوئے (مال) کو قیامت کے دن خود ہی ظاہر کر دے گا۔ پھر ہر ایک جان کو جو کچھ اس نے کمایا ہوگا پورا پورا دے دیا جائے گا اور ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
کیا وہ شخص جو اللہ کی رضا کے پیچھے چلتا ہے اس شخص کی طرح ہو سکتا ہے جو اللہ کی طرف سے (نازل ہونے والے) غضب کو لیکر لوٹے اور اس کا ٹھکانا جہنم ہو اور وہ جگہ (رہنے کے لحاظ سے) بہت بری ہے۔
وہ (لوگ) اللہ کے نزدیک مختلف مدارج پر ہیں۔ اور جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اسے دیکھ رہا ہے۔
اللہ نے مومنوں میں سے ایک ایسا رسول بھیج کر جو انہیں اس کے نشان پڑھ کر سناتا ہے اور انہیں پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب اور حکمت سکھاتا ہے یقیناً ان پر احسان کیا ہے اور وہ (اس سے) پہلے یقیناً کھلی (کھلی) گمراہی میں (پڑے ہوئے) تھے۔
اور کیا (یہ سچ نہیں کہ) جب (بھی) تمہیں کوئی ایسی تکلیف پہنچی جس سے دگنی تم (خود) پہنچا چکے تھے تو تم نے کہہ دیا کہ یہ کہاں سے (آگئی) ہے تو (ان سے) کہہ دے کہ وہ (خود) تمہاری اپنی طرف سے ہی آئی ہے۔ اللہ یقیناً ہر امر پر پورا قادر ہے۔
اور جس دن دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے مقابل ہوئی تھیں (اس دن) جو (دکھ) تمہیں پہنچا تھا (وہ) اللہ کے حکم سے (ہی پہنچا) تھا اور اس لئے (پہنچا تھا تا) کہ وہ مومنوں اور منافقوں کو ظاہر کر دے۔
اور ان (منافقوں) سے کہا گیا تھا کہ آؤ اللہ کی راہ میں جنگ کرو۔ اور (دشمن کے حملہ کو) روکو (جس پر) انہوں نے کہا کہ اگر ہم جنگ کرنا جانتے تو ضرور تمہارے ساتھ چلتے۔ وہ (لوگ) اس دن ایمان کی نسبت کفر کے زیادہ قریب تھے۔ وہ اپنے مونہوں سے وہ کچھ کہتے تھے جو ان کے دلوں میں نہیں۔ اور جو کچھ وہ چھپاتے ہیں اللہ اسے سب سے زیادہ جانتا ہے۔