۳۔ سورۃ آل عمران
تفسیر صغیر, حصہ 17
اے ہمارے رب! جسے تو آگ میں داخل کرے گا اسے تو تو نے یقیناً ذلیل کر دیا۔ اور ظالموں کا کوئی (بھی) مددگار نہیں ہوگا۔
اے ہمارے رب! ہم نے یقیناً ایک ایسے پکارنے والے کی آواز جو ایمان (دینے) کے لئے بلاتا ہے (اور کہتا ہے) کہ اپنے رب پر ایمان لاؤ سنی ہے پس ہم ایمان لے آئے اس لئے اے ہمارے رب! تو ہمارے قصور معاف کر اور ہماری بدیاں ہم سے مٹادے اور ہمیں نیکوں کے ساتھ (ملا کر) وفات دے۔
(اور) اے ہمارے رب! ہمیں وہ (کچھ) دے جس کا تو نے اپنے رسولوں (کی زبان) پر ہم سے وعدہ کیا ہے اور قیامت کے دن ہمیں ذلیل نہ کرنا۔ تو اپنے وعدہ کے خلاف ہرگز نہیں کرتا۔
چنانچہ ان کے رب نے (یہ کہتے ہوئے) ان کی (دعا) سن لی کہ میں تم میں سے کسی عمل کرنے والے کے عمل کو خواہ مرد ہو یا عورت ضائع نہیں کروں گا۔ تم ایک دوسرے سے (تعلق رکھنے والے) ہو پس جنہوں نے ہجرت کی اور انہیں ان کے گھروں سے نکالا گیا اور میری راہ میں تکلیف دی گئی اور انہوں نے جنگ کی اور مارے گئے میں ان کی بدیوں (کے اثر) کو ان (کے جسم) سے یقیناً مٹاؤوں گا اور میں انہیں یقیناً ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی (یہ انعام) اللہ کی طرف سے بدلہ کے طور پر ملے گا۔ اور اللہ تو وہ ہے جس کے پاس بہترین جزا ہے۔
جو لوگ کافر ہیں ان کا ملک میں آزادی سے پھرنا تجھے ہرگز دھوکے میں نہ ڈال دے۔
یہ عارضی نفع[1] ہے جس کے بعد ان کا ٹھکانا جہنم (میں) ہوگا۔ اور وہ بہت ہی برا ٹھکانا ہے۔
[1] قرآن مجید میں قَلِیْل کا لفظ ہے جس کے معنے اردو میں تھوڑے کے ہیں لیکن اس کا مفہوم پوری طرح چونکہ عارضی کے لفظ سے واضح ہوتا ہے اس لئے وہی ہم نے لکھ دیا ہے۔
لیکن جن لوگوں نے اپنے رب کا تقویٰ اختیار کیا ہے ان کے لئے ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں وہ ان میں رہتے چلے جائیں گے (یہ) اللہ کی طرف سے مہمانداری کے طور پر ہوگا اور جو (کچھ) اللہ کے پاس ہے وہ نیک لوگوں کے لئے اور بھی اچھا ہے۔
اور اہل کتاب میں سے بعض لوگ یقیناً ایسے (بھی) ہیں جو اللہ (پر) اور جو (کچھ) تم پر اتارا گیا ہے (اس پر) اور جو (کچھ) ان پر اتارا گیا (اس پر) ایمان رکھتے ہیں اور ساتھ ہی (وہ) اللہ کے آگے فردتنی (بھی) اختیار کرنے والے ہیں (اور) اللہ کی آیات کے بدلے تھوڑا [1]مول نہیں لیتے۔ یہ ایسے لوگ ہیں کہ جن (کے اعمال) کا بدلہ ان کے رب کے پاس ان کے لئے (محفوظ) ہے۔ اللہ یقیناً جلد حساب کرنے والا ہے۔
[1] یعنی دین کے بدلہ میں دنیا کے حقیر اموال قبول نہیں کرتے۔
اے ایمان دارو! صبر سے کام لو اور (دشمن سے بڑھ کر) صبر دکھاؤ اور سرحدوں کی نگرانی رکھو۔ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔