۳۔ سورۃ آل عمران

تفسیر صغیر, حصہ 16

اور جو لوگ اس (مال کے دینے) میں جو اللہ نے ان کو اپنے فضل سے دیا ہے بخل کرتے ہیں وہ اپنے لئے (اس کو) ہرگز اچھا نہ سمجھیں۔ (اچھا نہیں) بلکہ وہ ان کے لئے برا ہے جن مالوں میں وہ بخل سے کام لیتے ہیں قیامت کے دن یقیناً ان کا طوق بنایا جائے گا (اور ان کے گلوں میں ڈالا جائے گا) اور آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ ہی کے لئے ہے اور جو (کچھ) تم کرتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔

جن لوگوں نے کہا ہے کہ اللہ (تو) محتاج [1]ہے اور ہم غنی ہیں اللہ نے ان کی (اس) بات کو یقیناً سن لیا ہے۔ ہم ان کی یہ بات اور ان کا ناحق انبیاء کو مارنے کے درپے رہنا یقیناً لکھ رکھیں گے اور ہم (انہیں) کہیں گے کہ جلن کا عذاب چکھو۔

[1] یعنی یہود مسلمانوں میں چندہ کی تحریک سن کر کہتے تھے کہ معلوم ہوا ہم غنی ہیں۔ اللہ محتاج ہے۔ اس کا جواب دیا کہ وہ دن دور نہیں کہ تمہارے مال چھینے جائیں گے۔ چنانچہ تاریخ گواہ ہے کہ مدینہ اور اس کے قرب کے سب اموال چھوڑ کر یہود بھاگ گئے۔

یہ (عذاب) جو (کچھ) تمہارے ہاتھوں نے آگے بھیجا ہے اس کے سبب سے ہوگا اور حق یہ ہے کہ اللہ بندوں پر ظلم نہیں کرتا۔

جن لوگوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں یقیناً تاکیدی حکم دیا ہے کہ ہم (اس وقت تک) کسی رسول کی بات نہ مانیں جب تک وہ ایسی قربانی (کا حکم) نہ لائے جسے آگ کھا[1] جاتی ہو۔ تو (ان سے) کہہ دے کہ کئی رسول تمہارے پاس مجھ سے پہلے کھلے نشانات لا چکے ہیں اور وہ (چیز) بھی جو تم نے بیان کی ہے۔ پھر اگر تم سچے ہو تو ان کے مارنے کے درپے کیوں ہوئے تھے۔

[1] مراد یہ نہیں کہ آگ کہیں سے آکر اسے بھسم کر دیتی تھی بلکہ مراد اس قربانی سے تھی جو آگ میں جلا دی جاتی اور اسے سوختنی قربانی کہا جاتا تھا۔ ایسی قربانی کا رواج ہندوؤں، ایرانیوں اور یہود میں بہت تھا۔

پھر اگر وہ تجھے جھٹلائیں تو (کیا ہوا) تجھ سے پہلے کے کئی رسولوں کو (بھی) جو کھلے نشانات اور نوشتے اور روشن شریعت لائے تھے جھٹلایا جا چکا ہے۔

ہر ایک جان موت کا مزہ چکھنے والی ہے۔ اور تمہیں صرف قیامت کے دن (ہی) تمہارے (اعمال کے) پورے[2] بدلے دئے جائیں گے۔ پس جسے آگ سے دور رکھا جائے اور جنت میں داخل کیا جائے وہ کامیاب ہو گیا اور ورلی زندگی (کا سامان) صرف فریب دینے والا عارضی سامان ہے۔

[2] دنیا میں بدلہ ملتا ہے مگر وہ پورا نہیں ہوتا۔ مومن کے شایان شان بدلہ جو خداتعالیٰ کی رحیمیّت کا کھلا ثبوت ہوتا ہے قیامت کو ہی مل سکتا ہے۔

تمہیں تمہارے مالوں اور تمہاری جانوں کے متعلق ضرور آزمایا جائے گا۔ اور تم ضرور ان لوگوں سے جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی اور ان سے (بھی) جو مشرک ہیں بہت دکھ (دینے والا کلام) سنو گے۔ اور اگر تم صبر کرو گے اور تقویٰ اختیار کرو گے تو یہ یقیناً ہمت کے کاموں میں سے ہے۔

اور (اس وقت کو یاد کرو) جب اللہ نے ان لوگوں سے جنہیں کتاب دی گئی ہے عہد لیا تھا کہ تم ضرور لوگوں کے پاس اس (کتاب) کو ظاہر کرو گے اور اسے چھپاؤ گے نہیں مگر باوجود اس کے انہوں نے اسے اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیا اور اسے چھوڑ کر تھوڑی (سی) قیمت [1]لے لی۔ جو کچھ وہ لیتے ہیں وہ کیا ہی برا ہے۔

[1] اس آیت کی تشریح کے لئے دیکھئے سورۃ بقرہ آیت ۱۷۵۔

تو ان لوگوں کو جو اپنے کیے پر اتراتے ہیں اور جو (کام) انہوں نے نہیں کیا اس کی بابت (بھی) چاہتے ہیں کہ ان کی تعریف کی جائے بالکل[2] نہ سمجھ کہ وہ عذاب سے محفوظ ہیں (وہ پکڑے جائیں گے) اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔

[2] قرآن مجید کی آیت میں لَا تَحْسَبَنَّ یعنی ’’بالکل نہ سمجھ‘‘ کے الفاظ دو دفعہ آئے ہیں جس کے معنے تاکید کے ہیں اسی لئے ہم نے بالکل کے لفظ سے تاکید کے معنے ادا کر دئے ہیں۔

اور آسمانوں اور زمین کی حکومت اللہ ہی کی ہے اور اللہ ہر بات پر پوری طرح قادر ہے۔

آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات اور دن کے آگے پیچھے آنے میں عقل مندوں کے لئے یقیناً کئی نشان (موجود) ہیں۔

(وہ عقل مند) جو کھڑے اور بیٹھے اور اپنے پہلوؤں پر اللہ کو یاد کرتے (رہتے) ہیں اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش کے بارے میں غور و فکر سے کام لیتے ہیں (اور کہتے ہیں کہ) اے ہمارے رب تو نے اس (عالم) کو بے فائدہ نہیں پیدا کیا تو (ایسے بے مقصد کام کرنے سے) پاک ہے۔ پس تو ہمیں آگ کے عذاب سے بچا (اور ہماری زندگی کو بے مقصد بننے سے بچالے)۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی