۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے لوگو! اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرو جس نے تمہیں ایک (ہی) جان سے پیدا کیا۔ اور اس (کی جنس) سے (ہی) اس کا جوڑا پیدا کیا۔ اور ان دونوں میں سے بہت سے مرد اور عورتیں (پیدا کرکے دنیا میں) پھیلائے اور اللہ کا تقویٰ (اس لئے بھی) اختیار کرو کہ اس کے ذریعہ سے تم آپس[1] میں سوال کرتے ہو۔ اور خصوصاً رشتہ داریوں (کے معاملہ) میں (تقویٰ سے کام لو) اللہ تم پر یقیناً نگران ہے۔
[1] یعنی تم اس اللہ کے نام کا واسطہ دے کر اپنی ضروریات پورا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہو۔
اور یتیموں کو ان کے مال دے دو۔ اور پاک (مال) کے بدلہ میں ناپاک (مال) نہ لو۔ اور ان کے مال اپنے مالوں سے (ملا کر) نہ کھاؤ۔ یہ یقیناً بڑا گناہ ہے۔
اور اگر تمہیں (یہ) خوف ہو کہ تم یتیموں (کے بارہ) میں انصاف نہ کر سکو گے تو جو (صورت) تمہیں پسند ہو (کرلو، یعنی) (غیر یتیم) عورتوں میں سے دو دو (سے) اور تین تین (سے) اور چار چار سے نکاح کر لو۔ لیکن اگر تمہیں (یہ) خوف ہو کہ تم عدل[2] نہ کر سکو گے تو ایک ہی (عورت) سے یا ان (لونڈیوں) سے جو تمہارے ہاتھوں میں ہیں نکاح کرو یہ (طریق اس بات کے) بہت قریب ہے کہ تم ظالم نہ[3] ہو جاؤ۔
[2] یعنی یتیم عورتوں سے ایک سے زیادہ شادیاں کرنی اچھی نہیں۔ کیونکہ بے انصافی کا ڈر ہے۔ ہاں ان کے سوا دوسری عورتوں سے دو دو، تین تین، چار چار سے نکاح کر سکتے ہو کیونکہ ان کے ولی ان کے حقوق کا مطالبہ کرنے والے موجود ہیں۔
[3] یعنی اس طریق پر عمل کرکے تم ظلم اور گناہ کے خطرہ سے بہت حد تک محفوظ ہو جاؤ گے۔
اور عورتوں کو ان کے مہر دلی خوشی سے ادا کرو۔ پھر اگر وہ اپنے دل کی خوشی سے اس میں سے تمہیں کچھ دے دیں تو یہ جانتے ہوئے کہ وہ تمہارے لئے مزے اور انجام کے لحاظ سے اچھا ہے تم اسے بے شک کھاؤ۔
اور نا سمجھوں کو اپنے مال جنہیں اللہ نے تمہارے لئے سہارا بنایا ہے نہ دو اور ان میں سے انہیں کھلاؤ اور انہیں پہناؤ اور انہیں مناسب (اور اچھی) باتیں کہو۔
اور یتیموں کی آزمائش اس وقت تک کہ وہ شادی (کی عمر) کو پہنچ جائیں کرتے رہو۔ پھر اگر تم ان میں سمجھ (کے آثار) دیکھو تو ان کے مال انہیں واپس دے دو۔ اور ان کے جوان ہو جانے (کے خوف) سے ان (مالوں) کو ناجائز طور پر اور جلدی (جلدی) نہ کھا جاؤ اور جو کوئی مال دار ہو اسے چاہیے کہ وہ (اس مال کے استعمال سے) کلی طور پر اجتناب کرے۔ لیکن جو نادار ہو وہ مناسب طور پر (اس مال میں سے) کھائے۔ پھر جب تم انہیں ان کے مال واپس دو تو ان (یتامی) کے روبرو گواہ مقرر کرلو اور اللہ حساب لینے کے لحاظ سے (اکیلا) کافی ہے۔
اور مردوں کا (بھی) اور عورتوں کا بھی اس (مال) میں سے جو ان کے ماں باپ اور قریبی رشتہ دار چھوڑ جائیں ایک حصہ ہے۔ خواہ اس (ترکہ) میں سے تھوڑا بچا ہو یا بہت (یہ) ایک معین حصہ ہے جو (خداتعالیٰ کی طرف سے) مقرر کیا گیا ہے۔
اور جب (ترکہ کی) تقسیم کے وقت (دوسرے) قرابت دار اور یتیم اور مسکین (بھی) آجائیں تو اس میں سے کچھ انہیں (بھی) دے دو۔ اور انہیں مناسب (اور عمدہ) باتیں کہو۔
اور جو لوگ ڈرتے ہوں کہ اگر وہ اپنے بعد کمزور اولاد چھوڑ گئے تو اس کا کیا بنے گا ان کو (دوسرے یتیموں کے متعلق بھی) اللہ کے ڈر سے کام لینا چاہیئے اور چاہیئے کہ وہ صاف اور سیدھی[1] بات کہیں۔
[1] سَدِیْد کے معنے صرف سچ کے نہیں ہوتے بلکہ یہ معنے بھی اس میں شامل ہیں کہ کوئی فریب یا اِخفا اس میں نہ ہو۔
جو لوگ ظلم سے یتیموں کے مال کھاتے ہیں وہ یقیناً اپنے پیٹوں میں صرف آگ بھرتے ہیں اور وہ یقیناً شعلہ زن آگ میں داخل ہوں گے۔
اللہ تمہاری اولاد کے متعلق تمہیں حکم دیتا ہے (کہ) (ایک) مرد کا (حصہ) دو عورتوں کے حصہ کے برابر ہے اور اگر (اولاد) عورتیں (ہی عورتیں) ہوں جو دو سے اوپر ہوں تو ان کے لئے (بھی) جو کچھ اس (مرنے والے) نے چھوڑا ہو (اس کا) دو تہائی مقرر ہے اور اگر ایک (ہی عورت) ہو تو اس کے لئے (ترکہ کا) آدھا ہے اور اگر اس (مرنے والے) کے اولاد ہو تو اس کے ماں باپ کے لئے (یعنی) ان میں سے ہر ایک کے لئے اس کے ترکہ میں سے چھٹا حصہ (مقرر) ہے اور اگر اس کے اولاد نہ ہو اور اس کے ماں باپ (ہی) اس کے وارث ہوں تو اس کی ماں کا تیسرا حصہ (مقرر) ہے لیکن اگر اس کے بھائی (بہن موجود) ہوں تو اس کی ماں کا چھٹا حصہ (مقرر) ہے (یہ سب حصے) اس کی وصیت اور (اس کے) قرض (کی ادائیگی) کے بعد (ادا ہوں گے) تم نہیں جانتے کہ تمہارے باپ (دادوں) اور تمہارے بیٹوں میں سے کون تمہارے لئے زیادہ نفع رساں ہے۔ (یہ) اللہ کی طرف سے فرض مقرر کیا گیا ہے۔ اللہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔