۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور تمہاری بیویاں جو کچھ چھوڑ جائیں اگر ان کے اولاد نہ ہو تو ان (کے ترکہ) کا آدھا (حصہ) تمہارا ہے اور اگر ان کی اولاد (موجود) ہو تو جو کچھ انہوں نے چھوڑا ہو اس کا چوتھا (حصہ) تمہارا ہے (یہ حصے) وصیت اور (ان کے) قرض (کی ادائیگی) کے بعد (بچے ہوئے مال میں سے ہوں گے) اور اگر تمہارے ہاں اولاد نہ ہو تو جو کچھ تم چھوڑ جاؤ اس میں سے چوتھا (حصہ) ان (بیویوں) کا ہے۔ اور اگر تمہارے ہاں اولاد ہو تو جو کچھ تم چھوڑ جاؤ اس میں سے آٹھواں (حصہ) ان کا ہے (یہ حصے) وصیت اور (تمہارے) قرض (کی ادائیگی) کے بعد (ہوں گے) اور جس مرد یا عورت کا ورثہ تقسیم کیا جاتا ہے اگر اس کا نہ باپ ہو[1] نہ اولاد اور اس کا کوئی بھائی یا بہن ہو تو ان میں سے ہر ایک کا چھٹا (حصہ) ہوگا اور اگر وہ اس سے زیادہ ہوں تو وہ (سب) تیسرے (حصے) میں شریک ہوں گے (یہ حصے) وصیت اور (مرنے والے کے) قرض (کی ادائیگی) کے بعد (بچے ہوئے مال کے لحاظ سے ہوں گے) (اس تقسیم میں) کسی کو ضرر پہنچانا مقصود نہیں ہونا چاہیے (اور یہ) اللہ کی طرف سے (تمہیں) حکم (دیا جاتا) ہے اور اللہ خوب جاننے والا (اور) بردبار ہے۔
[1] کلالہ کے جن بہن بھائیوں کے وارث ہونے کی صورت بیان کی گئی ہے، وہ بہن بھائی ہیں جو ماں کی طرف سے ہوں۔
یہ اللہ کی (مقرر کردہ) حدیں ہیں اور جو (لوگ) اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں انہیں وہ ان باغوں میں جن کے اندر نہریں بہتی ہوں گی داخل کرے گا (اور) وہ ان میں رہتے چلے جائیں گے اور یہی بڑی کامیابی ہے۔
اور جو (شخص) اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے اور اس کی (مقرر کردہ) حدوں سے آگے نکل جائے اسے وہ آگ میں داخل کرے گا جس میں وہ ایک لمبے عرصہ[1] تک رہتا چلا جائے گا اور اس کے لئے رسوا کرنے والا عذاب (مقدر) ہے۔
[1] جنت کے لئے بھی خُلُوْد کا لفظ آتا ہے یعنی یہ کہ جنتی ایک لمبے عرصہ تک اس میں رہیں گے اور دوزخ کے لئے خُلُوْد کا لفظ آتا ہے مگر قرآن کریم میں دوسری جگہوں پر یہ وضاحت ہے کہ جنتی جنت میں بلا وقفہ رہیں گے لیکن دوزخ کا عذاب ختم ہو جائے گا۔ اس لئے لمبے عرصہ کے معنے اس توضیح کو مدنظر رکھ کر کرنے چاہئیں۔
اور تمہاری عورتوں میں سے جو کسی معروف[2] ناپسندیدہ فعل کے قریب جائیں ان کے متعلق ان پر اپنے (یعنی رشتہ داروں یا ہمسایوں) میں سے چار گواہ طلب کرو۔ پس اگر وہ (چار گواہ) گواہی دے دیں تو تم انہیں (اپنے) گھروں میں اس وقت تک کہ انہیں موت آجائے یا اللہ ان کے لئے کوئی (اور) راہ نکالے روکے رکھو۔
[2] اس آیت اور اگلی آیت میں معروف ناپسندیدہ افعال کی سزا مقرر کی ہے۔ عورت کے لئے یہ کہ خاندان کے چار گواہوں کی گواہی پر اسے گھر سے آزادنکلنے سے روکا جائے اور مردوں کے لئے یہ کہ تمدنی گرفت ان پر کی جائے۔ اس میں ہرگز کسی شہوانی جرم کا ذکر نہیں۔ کیونکہ اُس کا ذکر سورہ نور میں آتا ہے اور وہاں اس کی سزا بھی بیان کی گئی ہے۔ چونکہ سورہ نور میں بیان شدہ سزا اور اِس آیت میں بیان شدہ سزا دونوں آپس میں مختلف ہیں۔ اس لئے معلوم ہوا کہ اس آیت میں بیان شدہ جن امور کی سزا ہے۔ وہ ناپسندیدہ افعال اور بُرے اخلاق کی باتیں ہیں۔
اور تم میں سے جو دو مرد ناپسندیدہ[3] فعل کے قریب جائیں تو تم انہیں دکھ پہنچاؤ پھر اگر وہ دونوں توبہ کرلیں اور اصلاح کر لیں تو ان سے چشم پوشی کرو۔ اللہ یقیناً بہت ہی توبہ قبول کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[3] مفسرین کہتے ہیں کہ اس سے مراد بدکاری ہے لیکن قرآن کے الفاظ ظاہر ہیں کہ آیت سے مراد یہ ہے کہ وہ ناپسندیدہ بات کریں اور سیاق و سباق سے ظاہر ہے کہ اس جگہ جھگڑا فساد مراد ہے۔
توبہ (کا قبول کرنا) اللہ پر صرف ان (لوگوں) کے لئے (واجب) ہے جو جہالت سے بدی کے مرتکب ہوں۔ پھر جلد (ہی) توبہ کرلیں۔ اور یہ لوگ ایسے ہیں کہ اللہ ان پر مہربانی کرتا ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
اور توبہ (کے قبول ہونے کا حق) ان لوگوں کے لئے نہیں جو بدیاں کرتے (چلے جاتے) ہیں۔ یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کے سامنے موت (کی گھڑی) آجاتی ہے تو کہتا ہے کہ میں نے اب یقیناً توبہ کر لی ہے اور نہ ان لوگوں کے لئے ہے جو کفر (ہی) کی حالت میں مر جاتے ہیں۔ یہ لوگ ایسے ہیں کہ ہم نے ان کے لئے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے۔
اے ایماندارو! تمہارے لئے (یہ) جائز نہیں کہ تم زبردستی عورتوں کے وارث بن جاؤ۔ اور تم انہیں اس غرض سے تنگ نہ کرو کہ جو (کچھ) تم نے انہیں دیا ہے اس میں سے کچھ (چھین کر) لے جاؤ[1]۔ ہاں اگر وہ کسی کھلی (کھلی) بدی کی مرتکب ہوں (تو اس کا حکم اوپر گذر چکا ہے) اور ان سے اچھا سلوک کرو اور اگر تم انہیں ناپسند کرو تو (یاد رکھو کہ یہ) بالکل ممکن ہے کہ تم ایک چیز کو ناپسند کرو اور اللہ اس میں بہت (سا) بہتری (کا سامان) پیدا کر دے۔
[1] یعنی پہلی آیت کے مطابق ان کو باہر نکلنے سے روک سکتے ہو۔ ان کا مال چھیننے کے لئے ایسا نہ کرو۔ اس آیت میں جو اِلَّا (یعنی سوائے) کا لفظ ہے اس سے یہ مرادنہیں کہ اگر وہ فاحشہ کی مرتکب ہوں تو مال چھین سکتے ہو بلکہ استثنا گھروں میں روکنے کے متعلق ہے نہ کہ مال لینے کے متعلق اور مراد یہ ہے کہ پہلی آیت کے مطابق وہ فاحشہ کی مرتکب ہوں تو صرف اس صورت میں ان کو گھروں سے نکلنے سے روک سکتے ہو۔
اور اگر تم (ایک) بیوی کی جگہ (دوسری) بیوی بدلنا چاہو اور تم ان میں سے ایک کو ایک ڈھیر (مال کا) دے چکے ہو تو (بھی) اس (مال) سے کچھ (واپس) نہ لو۔ کیا تم اسے بہتان اور کھلے (کھلے) گناہ کے ذریعہ سے لو گے؟
اور تم اس (مال) کو کس طرح لے سکتے ہو جبکہ تم آپس میں مل چکے ہو اور وہ (بیویاں) تم سے ایک مضبوط عہد لے چکی ہیں۔
اور ان عورتوں میں سے جنہیں تمہارے باپ دادے نکاح میں لا چکے ہوں کسی سے نکاح نہ کرو مگر جو (پہلے) گذر گیا (سو گذر گیا) یہ (فعل) یقیناً گندہ اور غصہ دلانے والا تھا اور (یہ) بہت بری رسم تھی۔
تمہاری مائیں اور تمہاری بیٹیاں اور تمہاری بہنیں اور تمہاری پھوپھیاں اور تمہاری خالائیں اور (تمہاری) بھتیجیاں اور (تمہاری) بھانجیاں اور تمہاری (رضاعی) مائیں جنہوں نے تمہیں دودھ پلایا ہو اور تمہاری رضاعی بہنیں اور تمہاری ساسیں اور تمہاری وہ سوتیلی لڑکیاں جو تمہاری ان بیویوں سے ہوں جن سے تم خلوت کر چکے ہو اور وہ تمہارے گھروں میں پلتی ہوں تم پر حرام کی گئی ہیں۔ لیکن اگر تم نے ان (بیویوں) سے خلوت نہ کی ہو تو (ان کی لڑکیوں سے نکاح کرنے میں) تم پر کوئی گناہ نہیں، اور (اسی طرح) تمہارے ان بیٹوں کی بیویاں جو تمہاری پشت سے ہوں (تم پر حرام ہیں) اور یہ (بھی) کہ تم دو بہنوں کو (اپنے نکاح میں) جمع کرو۔ ہاں جو گذر گیا (سو گذر گیا) اللہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔