۴۔ سورۃ النساء
تفسیر صغیر, حصہ 15
جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے اور ظلم کیا ہے اللہ انہیں ہرگز معاف نہیں کرسکتا۔ اور نہ وہ انہیں جہنم کے سوا کوئی راہ دکھا سکتا ہے۔
وہ اس (جہنم) میں ایک (لمبے) عرصہ تک رہتے چلے جائیں گے اور یہ (بات) اللہ کے لئے آسان ہے۔
اے لوگو! یہ[1] رسول تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے حق لے کر آچکا ہے اس لئے تم ایمان لے آؤ۔ (یہ) تمہارے لئے اچھا ہوگا۔ اور اگر تم انکار کروگے تو (یاد رکھو کہ) جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے یقیناً اللہ ہی کا ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
[1] اَلْ کا ترجمہ ’’یہ‘‘ کیا گیا ہے۔
اے اہل کتاب[1]! تم اپنے دین (کے معاملہ) میں غلو سے کام نہ لو اور اللہ کے متعلق سچی بات کے سوا (کچھ) نہ کہا کرو۔ مسیح عیسیٰ ابن مریم اللہ کا صرف (ایک) رسول اور اس کی (ایک) بشارت[2] تھا جو اس نے مریم پر نازل کی تھی اور اس کی طرف سے ایک رحمت تھا۔ اس لئے تم اللہ (پر) اور اس کے تمام رسولوں پر ایمان لاؤ اور (یوں) نہ کہو کہ (خدا) تین ہیں (اس امر سے) باز آجاؤ (یہ) تمہارے لئے بہتر ہوگا۔ اللہ ہی اکیلا معبود ہے وہ (اس بات سے) پاک ہے کہ اس کے ہاں اولاد ہو۔ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے (سب) اسی کا ہے اور اللہ کی حفاظت کے بعد اور کسی حفاظت کی ضرورت نہیں۔
[1] اس جگہ اہل کتاب سے مراد عیسائی ہیں نہ کہ یہودی۔ کیونکہ یہ عقائد (جن کا ردّ کیا گیا ہے) عیسائیوں کے ہیں۔
[2] کَلِمَۃ کے معنے بشارت کے بھی ہوتے ہیں (فتح البیان)
مسیح ہرگز اس (امر) کو برا نہیں منائے گا کہ وہ اللہ کا ایک بندہ متصور ہو اور نہ (ہی) مقرب فرشتے (اسے برا منائیں گے) اور جو (لوگ) اس کی عبادت سے برا منائیں اور تکبر کریں وہ (یعنی خداتعالیٰ) ضرور ان سب کو اپنے حضور میں اکٹھا کرے گا۔
پھر جو لوگ مومن تھے اور انہوں نے نیک (اور ایمان کے مناسب حال) عمل کئے تھے انہیں وہ ان کے پورے پورے بدلے دے گا۔ اور اپنے فضل سے انہیں (اور بھی) زیادہ دے گا۔ اور جن لوگوں نے برا منایا تھا اور تکبر کیا تھا انہیں وہ دردناک عذاب دے گا۔ اور وہ اللہ کے سوا نہ (کسی کو) اپنا دوست پائیں گے اور نہ مددگار۔
اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک کھلی دلیل آچکی ہے اور ہم نے تمہاری طرف (نہایت) روشن نور اتارا ہے۔
پس جو لوگ اللہ پر ایمان لائے ہیں اور انہوں نے اس کے ذریعہ سے (اپنا) بچاؤ کیا ہے انہیں وہ ضرور اپنی ایک بڑی رحمت اور بڑے فضل میں داخل کرے گا اور انہیں اپنی طرف آنے والی ایک سیدھی راہ دکھائے گا۔
وہ تجھ سے (ایک قسم کے کلالہ[1] کے متعلق) فتویٰ پوچھتے ہیں، تو کہہ دے اللہ تمہیں (ایسے) کلالہ کے متعلق حکم سناتا ہے۔ اگر کوئی ایسا شخص مر جائے کہ اس کے اولاد نہ ہو اور اس کی ایک بہن ہو تو جو کچھ اس نے چھوڑا ہو اس کا نصف اس (بہن) کا ہوگا۔ اور اگر (وہ بہن مر جائے اور) اس کے اولاد نہ ہو تو وہ (یعنی اس کا بھائی) اس (کے سب ترکہ) کا وارث ہوگا اور اگر دو بہنیں ہوں تو جو کچھ اس (بھائی) نے چھوڑا ہو اس کا دو تہائی ان کا ہوگا اور اگروہ (وارث) بھائی بہنیں ہوں۔ مرد (بھی) اور عورتیں (بھی) تو (ان میں سے) مرد کا (حصہ) دو عورتوں کے حصہ کے برابر ہوگا۔ اللہ تمہارے لئے (یہ باتیں) تمہارے گمراہ ہو جانے (کے خدشہ) کی بنا پر بیان کرتا ہے اور اللہ ہر ایک امر کو خوب جانتا ہے۔
[1] میرے ایک استاد کہا کرتے تھے کہ اس جگہ کلالہ سے مراد مسیحؑ ہے کیونکہ اوپر انہی کا ذکر ہے۔ واللہ اعلم بالصواب۔
کلالہ کے ورثہ کی تقسیم کے متعلق ایک حکم سورۃ نساء کی آیت۱۳ میں گزر چکا ہے۔ اس جگہ کلالہ کے ورثہ کی تقسیم کا جو مسئلہ بیان کیا گیا ہے، وہ پہلے سے مختلف ہے۔ سورۃ نساء کی آیت۱۳ میں یہ ذکر تھا کہ اگر کلالہ مر جائے اس کے بہن بھائی ماں کی طرف سے ہوں تو ان کو ۶ / ۱ یا ۳ / ۱ ملے گا۔ لیکن اِس جگہ اس کلالہ کا ذکر ہے جس کے بہن بھائی ماں اور باپ دونوں کی طرف سے ہوں یا صرف باپ کی طرف سے۔