۴۔ سورۃ النساء

تفسیر صغیر, حصہ 14

نیز ان کے کفر (کے سبب سے) اور ان [3]کے مریم پر (ایک بہت) بڑا بہتان باندھنے کے سبب سے۔

[3] دیکھو نوٹ آیت نمبر۱۵۴

اور ان کے (یہ بات) کہنے کے سبب سے کہ اللہ کے رسول مسیح عیسیٰ ابن مریم کو ہم نے یقیناً قتل کر دیا ہے (یہ سزا انکو ملی ہے) حالانکہ نہ انہوں نے اسے قتل کیا اور نہ انہوں نے اسے صلیب پر لٹکا کر مارابلکہ وہ ان کے لئے (مصلوب کے) مشابہ[1] بنادیا گیا اور جن لوگوں نے اس (یعنی مسیح کے صلیب سے زندہ اتارے جانے) میں اختلاف کیا ہے وہ یقیناً اس (کے زندہ اتارے جانے کی وجہ سے) شک میں (پڑے ہوئے) ہیں۔ انہیں اس کے متعلق کوئی بھی (یقینی) علم نہیں ہے۔ ہاں (صرف ایک) وہم [2]کی پیروی (کر رہے ہیں) اور انہوں نے اس (واقعہ کی اصلیت) کو پوری طرح نہیں سمجھا (اور جو سمجھا ہے غلط سمجھا[3]ہے)۔

[1] مطلب یہ کہ مسیح کو صلیب پر لٹکانے کے بعد اس کے بے ہوش ہو جانے کی وجہ سے بعض لوگوں نے خیال کیا کہ وہ صلیب پر مر گئے ہیں۔ عربی میں صَلَبَ کا لفظ صلیب پر چڑھانے اور ہڈیاں توڑنے کے لئے استعمال ہوتا ہے چونکہ مسیحؑ کی ہڈیاں نہیں توڑی گئیں اس لئے مَاصَلَبُوْہُ کہا گیا ہے۔

[2] یعنی تمام حالات صلیب پر مرنے کے خلاف تھے مگر چونکہ یہود کا دل چاہتا تھا کہ مسیحؑ صلیب پر مریں۔ اس لئے اپنے ہی وہم کا شکار ہو کر وہ مسیحؑ کی صلیبی موت پر یقین لاتے رہے۔

[3] قَتَلَ الشَّیْئَ خُبْرًا کے معنے یہ بھی ہیں اَحَاطَ بِہٖ عِلْمًا (اقرب) کہ کسی چیز کو علم کے لحاظ سے پوری طرح سمجھ لیا۔ پس مَاقَتَلُوْہُ یَقِیْنًا کے معنے ہونگے انہوں نے اس واقعہ کی اصلیت کو پوری طرح نہیں سمجھا۔ اور نہ اپنے ظن کو یقین کے ساتھ بدلا۔ اسی طرح اس آیت کے ایک معنے یہ ہیں کہ یہ یقینی بات ہے کہ یہودیوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو قتل نہیں کیا۔

واقعہ یہ ہے کہ اللہ نے اسے اپنے حضور میں عزت (ورفعت) دی تھی (اور وہ صلیب[4] پر مر نہیں گیا تھا) کیونکہ اللہ غالب اور حکمت والا ہے۔

[4] تورات میں ہے کہ جو صلیب پر مرے یعنی کاٹھ پر لٹکایا جائے وہ لعنتی ہوتا ہے۔ (استثناء باب ۲۱ آیت ۲۳)

اہل کتاب میں سے ایک بھی نہیں جو اس (واقعہ) پر اپنی موت [5]سے پہلے ایمان نہ لاتا رہے۔ اور وہ قیامت کے دن ان پر گواہ ہوگا۔

[5] مفسرین اس آیت کے یہ معنے کرتے ہیں کہ تمام اہل کتاب مسیحؑ کی موت سے پہلے اس پر ایمان لے آئیں گے۔ لیکن یہ معنے درست نہیں کیونکہ یہاں اِنْ مِّنْ اَھْلِ الْکِتَابِ کے الفاظ ہیں جو بتاتے ہیں کہ اہل کتاب میں سے ہر فرد کا ایمان لانا ضروری ہے۔ حالانکہ لاکھوں یہودی ایسے ہیں جو مسیحؑ کے زمانہ سے اب تک فوت ہو چکے ہیں لیکن ان کو مسیحؑ پر ایمان لانا نصیب نہیں ہوا۔ پس ہم نے اس آیت کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ اہل کتاب میں سے ہر ایک (یعنی یہودی اور مسیحی) اپنی موت سے پہلے پہلے یہ مانتا رہے گا کہ مسیح صلیب پر مر گئے ہیں۔ یہودی اس لئے کہ وہ مسیحؑ کو لعنتی ثابت کرنا چاہتے ہیں اور عیسائی اس لئے کہ وہ کفارہ کی بنیاد اس پر رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب ان میں سے کوئی شخص وفات پا جائے گا تو اس پر یہ حقیقت منکشف ہو جائے گی کہ مسیحؑ صلیب پر نہیں مرا بلکہ وہ صلیب سے زندہ اتر آیا تھا۔ ہمارے معنے اس لئے بھی درست ہیں کہ اس آیت کی دوسری قراءت قَبْلَ مَوْتِھِمْ آئی ہے جو بتاتی ہے کہ مسیحؑ کی موت سے پہلے یہود و نصاریٰ ایسا ایمان نہیں لائیں گے۔ بلکہ ہر یہودی اور ہر عیسائی اپنی موت سے پہلے ایسا سمجھتا رہے گا۔ کیونکہ ھُمْ جمع ضمیر غائب ہے اس کا مرجع مسیح علیہ السلام نہیں ہو سکتے۔

پس (اس) ظلم کی وجہ سے جو یہودیوں کی طرف سے ظہور میں آیا ہم نے وہ پاکیزہ اشیاء جو (پہلے) ان کے لئے حلال کی گئی تھیں، ان پر حرام[1] کر دیں اور (نیز) اللہ کی راہ سے بہتوں کو روکنے کے سبب سے (ان کو یہ سزا ملی)

[1] یعنی مسیحؑ کی تعلیم کے انکار کی وجہ سے دین کا دروازہ ان پر بند کر دیا گیا۔

اور ان کے سودی کاروبار کرنے کی وجہ سے بھی حالانکہ اس سے ان کو روکا[2] گیا تھا (نیز) لوگوں کے اموال کو ان کے ناحق کھانے کے سبب سے (ان کو یہ سزا ملی) اور ہم نے ان میں سے کافرں کے لئے دردناک عذاب تیار کیا ہے۔

[2] خروج باب۲۲۔ آیت۲۵، اور احبار باب۲۵۔ آیت۳۶،۳۷ میں یہودیوں سے سود لینا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ لیکن استثنا باب۲۳۔ آیت۲۰ میں یہود کے علاوہ دوسرے لوگوں سے بنی اسرائیل کو سود لینے کی اجازت دی گئی ہے۔ درحقیقت یہ ایک تحریف ہے جو قرآن کریم کی رو سے یہودیوں نے اپنے تجارتی کاروبار کے لئے بائیبل میں کی ہے۔ ورنہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ہر قسم کے سودی کاروبار سے منع کیا ہوا تھا۔ پس جو کچھ بائیبل میں لکھا ہے، وہ یہودی تحریف کا نتیجہ ہے۔

لیکن ان (یہود) میں سے جو لوگ علم میں پختہ ہیں وہ اور (نیز) مومن (مسلم) اس (کلام الٰہی) پر جو تجھ پر اتار گیا ہے اور جو (کچھ) تجھ سے پہلے اتارا گیا تھا ایمان لاتے ہیں اور (خصوصاً) نماز کو ٹھیک طور پر پڑھنے والے اور زکٰوۃ دینے والے اور اللہ پر اور پیچھے آنے والے دن پر ایمان لانے والے لوگوں کو ہم ضرور (بہت) بڑا اجر دیں گے۔

جس طرح ہم نے نوح اور اس کے بعد (دوسرے) تمام انبیاء پر وحی (نازل) کی تھی، یقیناً تجھ پر (بھی) ہم نے وحی (نازل) کی ہے اور ہم نے ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب اور (اس کی) اولاد اور عیسیٰ اور ایوب اور یونس اور ہارون اور سلیمان پر (بھی) وحی (نازل) کی تھی اور ہم نے داؤد کو (بھی) ایک کتاب دی تھی۔

اور کئی ایسے رسول ہیں جن کی خبر ہم (اس سے) پہلے تجھے دے چکے ہیں اور کئی ایسے رسول ہیں جن کا ذکر ہم نے تجھ سے نہیں کیا اور اللہ نے موسیٰ سے خوب اچھی طرح کلام کیا تھا۔

ہم نے انہیں (یعنی موسیٰ کے ساتھ ذکر کئے گئے رسولوں کو) بشارت دینے والے اور ڈرانے والے رسول بنا کر بھیجا تھا تا لوگوں کا ان رسولوں کے (مبعوث ہونے کے) بعد اللہ پر کوئی الزام نہ رہے اور اللہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔

لیکن اللہ اس (کلام) کے ذریعہ سے جو اس نے تجھ پر اتارا ہے گواہی دیتا ہے کہ اس نے اسے اپنے علم پر مشتمل کرکے اتارا ہے اور ملائکہ (بھی) گواہی دیتے ہیں اور اللہ کی گواہی سب پر مقدم ہے۔

جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے اور (لوگوں کو) اللہ کی راہ سے روکا ہے وہ یقیناً پرلے درجے کے گمراہ ہو گئے ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی