۵۔ سورۃ المائدة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے ایماندارو! (اپنے) اقراروں کو پورا کرو۔ تمہارے لئے چرندوں (کی قسم) کے چار پائے سوائے ان کے جو تمہیں (قرآن میں) پڑھ کر سنائے جائیں گے حلال قرار دئیے گئے ہیں، بشرطیکہ تم (اس اجازت کی وجہ سے) احرام کی حالت میں شکار کرنا جائز نہ سمجھ لو۔ اللہ یقیناً جو چاہتا ہے فیصلہ کرتا ہے۔
اے ایماندارو! اللہ کے (مقرر کردہ) نشانوں کی بے حرمتی نہ کرو اور نہ حرمت والے مہینہ کی اور نہ (حرم کی طرف لے جائی جانے والی) قربانی کی اور نہ (ایسی قربانیوں کی) جن کے گلے میں حرم کے ذبیحہ کے نشان کے طور پر ہار پہنائے گئے ہوں اور نہ بیت الحرام کی طرف جانے والے لوگوں کی جو اپنے رب کے فضل اور اس کی رضا کی تلاش میں ہیں۔ اور جب تم احرام کھول دو تو (بے شک) شکار کرو۔ اور ایک قوم کی (تمہارے ساتھ یہ) عداوت کہ انہوں نے تمہیں مسجد حرام سے روکا تھا تمہیں اس بات پر آمادہ نہ کر دے کہ تم زیادتی کرو اور تم نیکی اور تقوی (کے کاموں) میں باہم (ایک دوسرے کی) مدد کرو۔ اور گناہ اور زیادتی (کی باتوں) میں (ایک دوسرے کی) مدد نہ کیا کرو۔ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ کی سزا یقیناً سخت (ہوتی) ہے۔
تم پر مردار اور خون اور سؤر کا گوشت اور وہ (جانور) جس پر اللہ کے سوا (کسی اور کا) نام بلند کیا گیا ہو اور گلا گھٹنے سے مرا ہوا یا کسی کند آلے کی چوٹ سے مرا ہوا۔ اور بلندی سے گر کر مرا ہوا۔ اور سینگ لگنے سے مرا ہوا (جانور) اور جسے (کسی) درندہ نے کھا لیا ہو۔ سوائے اس کے جسے (مرنے سے پہلے) تم نے ذبح کر لیا ہو۔ اور جس (جانور) کو کسی بت کے تھان پر ذبح کیا گیا ہو۔ حرام کیا گیا ہے اور تیروں کے ذریعہ سے حصہ معلوم کرنا (بھی) ایسا کام کرنا نافرمانی (میں داخل) ہے۔ جو لوگ کافر ہیں وہ آج تمہارے دین (کو نقصان پہنچانے) سے ناامید ہوگئے ہیں۔ اس لئے تم ان سے نہ ڈرو اور مجھ سے ڈرو۔ آج میں نے تمہارے (فائدہ کے) لئے تمہارا دین مکمل کر دیا ہے اور تم پر اپنے احسان کو پورا کر دیا ہے اور تمہارے لئے دین کے طور پر اسلام کو پسند کیا ہے لیکن جو شخص بھوک (کی حالت) میں مجبور ہو جائے اور وہ گناہ کی طرف جھکنے والا نہ ہو (اور حرام چیزوں میں سے کچھ کھالے) تو (یاد رکھو کہ) اللہ یقیناً (مجبوری کی غلطیوں کو) بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
(مسلمان) تجھ سے پوچھتے ہیں کہ ان کے لئے کیا (کچھ) حلال کیا گیا ہے۔ تو کہہ دے کہ تمہارے لئے (سب) پاکیزہ[1] چیزیں حلال کی گئیں ہیں اور (نیز) شکاری جانوروں میں سے جنہیں تم شکار کی تعلیم دے کر سدھالو۔ چونکہ تم انہیں اس (علم) کے ذریعہ سے سکھاتے ہو جو اللہ نے تمہیں سکھایا [2]ہے تو جس (شکار) کو وہ تمہارے لئے روک رکھیں اس میں سے کھاؤ اور اس پر اللہ کا نام لے لیا کرو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ یقیناً جلد حساب لینے والا ہے۔
[1] اسلام کا اصل یہ ہے کہ تمام کھانے کی چیزیں حلال ہیں مگر اس شرط کے ساتھ کہ وہ پاکیزہ ہوں۔ یعنی صحت اور اخلاق پر بُرا اثر نہ ڈالتی ہوں، یا سوسائٹی میں ان کا کھانا پراگندگی نہ پیدا کرتا ہو۔
[2] یعنی سدھایا ہوا شکاری جانور جو کام کرتا ہے وہ اس کے سکھانے والے کی طرف منسوب ہوگا اور وہ انسان ہے۔ پس سدھے ہوئے شکاری جانور کا مارا ہوا بمنزلہ ذبح کئے ہوئے کے ہے۔ اسی لیے حدیث میں آتا ہے کہ شکاری جانور کو چھوڑنے سے پہلے بسم اللہ پڑھ لو تاکہ اس کا مارا ہوا بمنزلہ ذبیحہ کے ہو جائے۔
آج تمہارے لئے سب پاکیزہ چیزیں حلال کردی گئی ہیں اور تمہارے لئے ان لوگوں کا (پکا ہوا) کھانا[1] جنہیں کتاب دی گئی تھی حلال ہے اور تمہارا (پکا ہوا) کھانا ان کے لئے حلال ہے اور پاک دامن مومن عورتیں اور جن لوگوں کو تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی ان میں سے پاک دامن عورتیں جبکہ تم انہیں نکاح میں[2] لاکر نہ بدکاری کے مرتکب ہو کر اور نہ (ہی) پوشیدہ دوست بناکر، ان کے مہر انہیں دے دو (تمہارے لئے جائز ہیں) اور جو شخص ایمان رکھتے ہوئے کفر (اختیار) کرتا ہے تو (سمجھو کہ) اس کا عمل ضائع ہو گیا اور وہ آخرت میں گھاٹا پانے والوں میں سے ہوگا۔
[1] یعنی ان کے ذبیحے حلال ہیں بشرطیکہ ان پر تکبیر پڑھ لی جائے۔ جیسا کہ حدیث میں آیا ہے۔ (بخاری کتاب الذبائح والصید) یہ حکم اس لئے دیا کہ تورات کی شریعت کے مطابق اُمتِ موسیٰ کے سب کھانے بھی وہی ہیں جن کو اسلام نے جائز رکھا ہے۔ اور اگر مسیحی مسیحؑ کی تعلیم کے مطابق تورات پر عمل کریں تو وہ بھی اسی حکم میں ہیں اور اگر علم ہو جائے کہ وہ حرام کھاتے ہیں تو پھر اس پر واقعات کے مطابق فتویٰ لگے گا۔ یہودی یا مسیحی ہونا کافی نہ ہوگا۔ کیونکہ کئی پرانے اور نئے مسیحی فرقے تورات کی تعلیم پر عمل کرتے ہیں۔
[2] مُحْصِنِیْنَ غَیْرَ مُسَافِحِیْنَ وَلَامُتَّخِذِیْ اَخْدَانٍ کے متعلق دیکھئے نوٹ سورہ نساء آیت۲۶۔
اے ایماندارو! جب تم نماز کے لئے اٹھو تو اپنے منہ (بھی) اور کہنیوں تک اپنے ہاتھ (بھی) دھو لیا کرو۔ اور اپنے سروں کا مسح کیا کرو اور ٹخنوں تک اپنے پاؤں (بھی دھو لیا کرو) اور اگر تم جنبی ہو تو نہا لیا کرو۔ اور اگر تم بیمار (ہو) یا سفر (کی حالت) میں ہو (اور تم جنبی ہو) یا تم میں سے کوئی (شخص) جائے ضرور سے آئے اور تم نے عورتوں سے مباشرت بھی کی ہو[3] اور تمہیں پانی نہ ملے، تو پاک مٹی کا قصد کرو اور اس سے (کچھ مٹی لیکر) اپنے مونہوں اور اپنے ہاتھوں کو ملو۔ اللہ تم پر کسی قسم کی تنگی نہیں کرنا چاہتا، ہاں وہ تمہیں پاک کرنا اور تم پر اپنے احسان کو پورا کرنا چاہتا ہے۔ تا کہ تم شکر کرو۔
[3] اس کی وضاحت کے لئے دیکھئے نوٹ سورہ نساء آیت۴۴۔
اور جو احسان اللہ کا تم پر ہے (اسے بھی) اور اس پختہ عہد کو (بھی) جو اس نے تم سے (اس وقت) لیا تھا جب تم نے کہا تھا کہ ہم نے سن لیا ہے اور ہم فرمانبردار ہو گئے ہیں یاد رکھو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اللہ سینوں کی باتوں (تک) کو خوب جانتا ہے۔
اے ایماندارو! تم انصاف کے ساتھ گواہی دیتے ہوئے اللہ کے لئے استادہ ہو جاؤ، اور کسی قوم کی دشمنی تمہیں ہرگز اس بات پر آماد نہ کردے کہ تم انصاف نہ کرو۔ تم انصاف کرو، وہ تقویٰ کے زیادہ قریب ہے اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے یقیناً آگاہ ہے۔
جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک عمل کئے ہیں ان سے اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ ان کے لئے بخشش اور (بہت) بڑا اجر (مقدر) ہے۔
اور جن لوگوں نے کفر اختیار کیا ہے اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا ہے وہ لوگ دوزخی ہیں۔
اے ایماندارو! تم اللہ کی اپنے اوپر نعمت یاد کرو (جو اس وقت ہوئی تھی) جبکہ ایک قوم نے ارادہ کیا تھا کہ تم پر دست درازی کرے۔ تب اس نے ان کے ہاتھ تم سے روک لئے۔ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اور مومنوں کو اللہ (ہی) پر توکل کرنا چاہیے۔