۵۔ سورۃ المائدة

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور اللہ نے یقیناً بنی اسرائیل سے پختہ عہد لیا ہوا ہے اور ہم نے ان میں سے بارہ سردار کھڑے کئے تھے اور اللہ نے (ان سے) فرمایا تھا (کہ) اگر تم نماز کو سنوار کر پڑھو گے اور زکٰوۃ دو گے اور میرے رسولوں پر ایمان لاؤ گے اور ان کی ہر طرح مدد کرو گے اور تم اللہ کو (اپنے مال میں سے) کچھ قرض، قرضہ حسنہ کے طور پر دو گے تو میں یقیناً تمہارے ساتھ ہوں۔ (اور) میں ضرور تم سے تمہاری بدیاں مٹادوں گا۔ اور میں یقیناً تمہیں ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے اندر نہریں بہتی ہوں گی مگر جو (شخص) تم میں سے اس کے بعد بھی انکار سے کام لے تو (وہ سمجھ لے کہ) وہ سیدھے راستہ سے بھٹک گیا ہے۔

اور [1]ان کے اپنا پختہ عہد توڑ دینے کے سبب سے ہم نے ان پر لعنت کی تھی اور ان کے دلوں کو سخت کر دیا تھا۔ چنانچہ وہ (کتاب کے) الفاظ کو ان کی جگہوں سے ادل بدل دیتے ہیں اور جس بات کی انہیں نصیحت کی گئی تھی اس کا ایک حصہ بھلا بیٹھے ہیں اور تو ان کے چند (ایک افراد) کے سوا ہمیشہ ان (کی طرف) سے کسی (نہ کسی) خیانت پر اطلاع پاتا رہے گا سو تو انہیں معاف کر اور ان سے درگذر کر اللہ احسان کرنے والوں سے یقیناً محبت کرتا ہے۔

[1] فاء کا ترجمہ اور بھی ہوتا ہے۔

اور جو لوگ کہتے ہیں کہ ہم نصاریٰ ہیں ہم نے ان سے (بھی) عہد لیا تھا۔ پھر انہوں نے (بھی) جب بات کی انہیں نصیحت کی گئی تھی اس کا ایک حصہ بھلا دیا تب ہم نے ان کے درمیان قیامت کے دن تک عداوت[2] اور سخت دشمنی ڈال دی۔ اور جو کچھ وہ کرتے تھے اللہ اس پر انہیں جلد آگاہ کرے گا۔

[2] کیسی زبردست پیشگوئی ہے جس میں عیسائی قوموں کی باہمی عداوت کی خبر دی گئی ہے تا مسلمان اپنی کمزوری کے وقت میں مایوس نہ ہوں اور اس پیشگوئی کی وجہ سے ان کی ڈھارس بندھتی رہے۔

اے اہل کتاب! ہمارا رسول تمہارے پاس آچکا ہے (اور) جو کچھ تم کتاب میں سے چھپاتے تھے وہ اس میں سے بہت (سا حصہ) تم سے بیان کرتا ہے اور بہت سے قصوروں کو بھی معاف کرتا ہے (ہاں) تمہارے لئے اللہ کی طرف سے ایک نور اور ایک روشن کتاب آچکی ہے۔

اللہ اس کے ذریعہ سے ان (لوگوں) کو جو اس کی رضا (کی راہ) پر چلتے ہیں سلامتی کی راہوں پر چلاتا ہے اور اپنے حکم سے انہیں تاریکیوں سے نور کی طرف نکال کر لے جاتا ہے اور سیدھے راستہ کی طرف ان کی راہنمائی کرتا ہے۔

جو لوگ کہتے ہیں کہ یقیناً اللہ ہی مسیح ابن مریم [1]ہے، وہ بلاشبہ کافر ہو گئے ہیں، تو (ان سے) کہہ دے۔ اگر اللہ مسیح ابن مریم[2] (کو) اور اس کی ماں (کو) اور (ان) تمام لوگوں کو جو زمین میں (پائے جاتے) ہیں۔ ہلاک کرنا چاہے تو اس کے مقابلہ میں کون کسی بات کی طاقت رکھتا ہے اور آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان (پایا جاتا) ہے ان (سب) پر حکومت اللہ ہی کی ہے۔ وہ جو (کچھ) چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور اللہ ہر ایک بات پر پورا (پورا) قادر ہے۔

[1] یعنی دونوں ایک سا درجہ رکھتے ہیں۔

[2] یہ آیت وفات مسیحؑ کا ثبوت ہے، اگر مسیحؑ اور اس کی ماں کو اللہ تعالیٰ نے مارا نہیں تو یہ آیت ایک بے دلیل دعویٰ بن جاتی ہے۔

اور یہودی اور نصاریٰ کہتے ہیں کہ ہم اللہ کے بیٹے (ہیں) اور اس کے پیارے ہیں۔ تو کہہ دے کہ پھر وہ تمہارے قصوروں کے سبب سے تمہیں عذاب کیوں دیتا ہے (یوں نہیں جو تم کہتے ہو) بلکہ جو (دوسرے آدمی) اس نے پیدا کئے ہیں تم (بھی) ان (ہی) کی قسم کے آدمی ہو۔ وہ جسے پسند کرتا ہے بخشتا ہے اور جسے پسند کرتا ہے عذاب دیتا ہے اور آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان (دونوں) کے درمیان ہے ان (سب) پر حکومت اللہ ہی کی ہے اور اسی کی طرف (سب نے) پھر کر جانا ہے۔

اے اہل کتاب! تمہارے پاس ہمارا رسول آچکا ہے وہ رسولوں کے انقطاع کے بعد تم سے (ہماری باتیں) بیان کرتا ہے تا کہ تم (یہ) [1]نہ کہو کہ ہمارے پاس نہ کوئی بشارت دینے والا آیا ہے اور نہ ڈرانے والا۔ سو تمہارے پاس ایک بشارت دینے والا اور ڈرانے والا آگیا ہے۔ اور اللہ ہر ایک بات پر پورا (پورا) قادر ہے۔

[1] اس جگہ عبارت سے ’’نہ‘‘ نکالا گیا ہے اور چونکہ اسے ہم بریکٹ میں نہیں لا سکتے تھے اسے ظاہر کر دیا گیا ہے۔ عربی میں اَنْ کے ساتھ جو مصدر بنے عام طور پر اس جگہ ’’نہ‘‘ کا لفظ محذوف سمجھا جاتا ہے اور اس جگہ بھی اَنْ کا بنایا ہوا مصدر مذکور ہے اس لئے موقعہ کے مطابق ہم نے ’’نہ‘‘ محذوف نکالا ہے۔

اور (تم اس وقت کو یاد کرو) جب موسیٰ ؑنے اپنی قوم سے کہا تھا کہ اے میری قوم! تم اللہ کے (اس) احسان کو یاد کرو جو اس نے (اس وقت) تم پر کیا تھا جب اس نے تم میں نبی مقرر کیے تھے اور تمہیں بادشاہ [2]بنایا تھا اور تمہیں وہ کچھ دیا تھا جو (دنیا کی) معلوم[3] قوموں میں سے کسی کو نہیں دیا تھا۔

[2] تاریخ سے ثابت ہے کہ بنی اسرائیل جب پہلے زمانہ میں ہجرت کرکے مصر گئے تو رفتہ رفتہ وہاں انہوں نے اس قدر غلبہ حاصل کر لیا کہ مصر کے بادشاہ بن گئے۔ چنانچہ بائبل میں بھی لکھا ہے ’’اور اسرائیل کی اولاد برومند اور کثیر التعداد اور فراواں اور نہایت زور آور ہوگئی۔ اور وہ ملک ان سے بھر گیا۔ تب مصر میں ایک نیا بادشاہ ہوا۔ جو یوسف کو نہیں جانتا تھا اور اس نے اپنی قوم کے لوگوں سے کہا۔ دیکھو اسرائیل ہم سے زیادہ اور قوی ہو گئے ہیں۔ سو آؤ ہم ان کے ساتھ حکمت سے پیش آئیں، تا نہ ہو کہ جب وہ اور زیادہ ہو جائیں اور اس وقت جنگ چھڑ جائے تو وہ ہمارے دشمنوں سے مل کر ہم سے لڑیں۔ اور ملک سے نکل جائیں۔ اس لئے انہوں نے ان پر بیگار لینے والے مقرر کیے جو ان سے سخت کام لے لے کر ان کو ستائیں۔ سو انہوں نے فرعون کے لئے ذخیرہ کے شہر پتوم اور رعمسیس بنائے۔ پھر انہوں نے جتنا ان کو ستایا وہ اتنا ہی زیادہ بڑھتے اور پھیلتے گئے۔ اس لئے وہ لوگ بنی اسرائیل کی طرف سے فکر مند ہو گئے اور مصریوں نے بنی اسرائیل پر تشدد کر کرکے ان سے کام کرایا۔ اور انہوں نے ان سے سخت محنت سے گارا اور اینٹیں بنوا بنوا کر اور کھیت میں ہر قسم کی خدمت لے کر ان کی زندگی تلخ کی۔ ان کی سب خدمتیں جو وہ ان سے کراتے تھے تشدد کی تھیں‘‘ (خروج باب۱ آیت۷ تا۱۴) قرآن کریم میں ایک دوسرے مقام پر جو یہ الفاظ آئے ہیں کہ فرعون نے لوگوں کو اشتعال دلاتے ہوئے کہا کہ یُرِیْدَانِ اَنْ یُّخْرِجٰکُمْ مِّنْ اَرْضِکُمْ بِسِحْرِھِمَا (طٰہٰ : ۶۴) اس سے بھی یہی مراد ہے کہ یہ لوگ یہاں اتنے غالب آچکے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ تم کو تمہارے ملک سے نکال کر خود بادشاہ بن جائیں۔

[3] یعنی جن کی تاریخ بنی اسرائیل کے پاس محفوظ تھی۔

اے میری قوم! (یعنی قوم موسیٰ) تم اس پاک کی ہوئی زمین میں داخل ہو جاؤ جو اللہ نے تمہارے لئے لکھ رکھی ہے اور اپنی پیٹھوں کے رخ نہ لوٹ جانا ورنہ تم نقصان اٹھا کر لوٹو گے۔

انہوں نے (جواب میں) کہا کہ اے موسیٰ! اس (ملک) میں یقیناً ایک سرکش[1] قوم (رہتی) ہے اور جب تک وہ (لوگ) اس میں سے نہ نکل جائیں ہم اس میں ہرگز ہرگز داخل نہ ہوں گے۔ ہاں اگر وہ اس میں سے نکل جائیں تو ہم یقیناً داخل ہوجائیں گے۔

[1] اس وقت اس جگہ عمالقہ اور دوسری عرب قومیں بستی تھیں ان سے یہود ڈر گئے۔

(تب) جو لوگ (اللہ سے) ڈرتے تھے ان میں سے دو شخصوں[2] نے جن پر اللہ نے احسان کیا تھا (انہیں) کہا کہ تم (ان پر حملہ آور ہو کر) ان کے خلاف (چڑھائی کرتے ہوئے) اس دروازہ میں داخل ہو جاؤ۔ جب تم اس میں داخل ہو جاؤ گے تو تم یقیناً غالب آجاؤ گے اور اگر تم مومن ہو تو اللہ ہی پر (توکل کرو) پھر (ہم کہتے ہیں اسی پر) توکل کرو۔

[2] قرآن مجید کے رُو سے غالباً حضرت موسٰیؑ اور حضرت ہارونؑ مراد ہیں یا یشوع اور کالب (بائبل کے بیان کے مطابق) جو اس ملک کا حال دریافت کرنے کے لئے بھیجے گئے تھے (گنتی باب۱۴ آیت۵،۶)

·

آج 10 میں سے 10 باقی