۵۔ سورۃ المائدة
تفسیر صغیر, حصہ 10
یہ طریقہ انہیں (یعنی پہلے گواہوں کو) اس بات کے زیادہ قریب کر دے گا کہ وہ گواہی عین واقعہ کے مطابق دیں یا (اس بات سے) ڈریں کہ ان کی قسموں کے بعد (کوئی) اور قسمیں (ان کی قسموں کو رد کرنے کے لئے) پیش کی جائیں گی اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور اس کے حکموں کی اچھی طرح اطاعت کرو اور (یاد رکھو) اللہ سرکشوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
اور (اس دن کو یاد کرو) جس دن اللہ رسولوں کو جمع کرے گا اور کہے گا۔ تمہیں کیا جواب دیا گیا تھا وہ کہیں گے ہمیں حقیقی علم نہیں۔ غیب کی باتوں کا (اصل) علم (صرف) تجھ کو (ہی) ہے۔
اس وقت اللہ (عیسیٰ ابن مریم سے بھی) کہے گا کہ اے عیسیٰ ابن مریم! جو نعمت میں نے تجھ پر اور تیری ماں پر نازل کی تھی اس کو یاد کر (یعنی) جبکہ میں نے پاک وحی سے تیری مدد کی تھی تو لوگوں سے بچپن میں (بھی) اور ادھیڑ عمر میں (بھی روحانیت کی) باتیں کرتا تھا اور (اس وقت کو بھی یاد کر) جبکہ میں نے تجھ کو کتاب اور حکمت (کی باتیں) سکھائیں اور تورات اور انجیل (سکھائی) اور جبکہ تو میرے حکم سے طینی خصلت[1] رکھنے والے (افراد میں) سے پرندہ [2]کے پیدا کرنے کی طرح مخلوق پیدا کرتا تھا پھر تو ان میں پھونک مارتا تھا تو وہ میرے حکم سے اڑنے کے قابل ہو جاتے تھے اور تو اندھے اور مبروص کو میرے حکم سے بَری[3] قرار دیتا تھا اور جبکہ تو میرے حکم سے مُردوں[4] کو نکالتا تھا۔ اور جبکہ بنی اسرائیل کو (جو تیرے قتل[5] کا ارادہ رکھتے تھے) میں نے تجھ سے روکے رکھا۔ (اس وقت) جبکہ تو ان کے پاس دلائل لے کر آیا اور ان میں سے کافروں نے کہا یہ تو کھلے کھلے دھوکا والی باتیں ہیں۔
[1] یعنی جس طرح پرندہ انڈے سی کر بچے نکالتا ہے۔ اسی طرح تُو بھی انسانوں میں سے روحانی قابلیت کے لوگوں کو اپنی تربیت میں لے کر ایک دن اس قابل بنا دیتا تھا کہ وہ خداتعالیٰ کی طرف روحانی پرواز کرنے لگ جائیں۔
[2] مفسرین کہتے ہیں، اس آیت سے ثابت ہے کہ مسیحؑ خداتعالیٰ کی طرح پرندے پیدا کرتے تھے۔ حالانکہ آیت کے الفاظ یہ ہیں کہ تو پرندوں کی طرح پیدا کرتا ہے اور پرندے مٹی کے جانور بنا کر ان میں پھونک مار کر ان کو زندہ نہیں کیا کرتے۔ بلکہ انڈے دیکر ان پر بیٹھتے ہیں اور گرم کرکے ان میں سے بچے نکالتے ہیں۔ اسی طرح مسیحؑ کرتا تھا کہ طینی صفت لوگوں کو چن کر ان کی تربیت کرتا تھا اور اپنے کلام سے ان کو گرمی پہنچاتا تھا یہاں تک کہ وہ بے جان انسان روحانی انسان بن جاتے تھے اور سب نبی ہی ایسا کرتے ہیں مسیحؑ کی اس میں کوئی خصوصیت نہیں۔
[3] دیکھئے نوٹ سورہ آل عمران آیت نمبر۵۰۔
[4] مفسرین کہتے ہیں کہ اس سے ثابت ہوتا ہے مسیح مُردے زندہ کرتے تھے حالانکہ قرآن کریم میں صاف لکھا ہے کہ مُردے سوائے خداتعالیٰ کے کوئی زندہ نہیں کرتا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے لَآ اِلٰـہَ اِلَّا ھُوَ یُحْیٖ وَ یُمِیْتُ رَبُّکُمْ وَ رَبُّ اٰبَآءِ کُمُ الْاَوَّلِیْنَ (الدخان: ۹) کہ خداتعالیٰ کے سوا تمہارا کوئی معبودنہیں وہی زندہ بھی کرتا ہے اور مارتا بھی ہے اور وہ تمہارا بھی رب ہے اور تمہارے باپ دادوں کا بھی رب تھا۔ اسی طرح فرماتا ہے اَمِ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِہٖ اَوْلِیَآءَ فَاللّٰہُ ھُوَ الْوَلِیُّ وَ ھُوَ یُحْیِ الْمَوْتٰی وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ (شوریٰ: ۱۰) یعنی کیا انہوں نے اللہ تعالیٰ کے سوا کسی دوسرے کو پناہ دینے والا تجویز کر لیا ہے۔ پس یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ ہی پناہ دینے والا ہے اور وہی مردے زندہ کرتا ہے اور وہ اپنے ہر ارادہ کو پورا کرنے پر قادر ہے۔ پس قرآن کریم کے رو سے خداتعالیٰ ہی مردوں کو زندہ کرنے والا ہے ہاں مردے زندہ کرنے کا لفظ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے آتا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے یٰٓـاَ یُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَجِیْبُوْا لِلّٰہِ وَ لِلرَّسُوْلِ اِذَا دَعَاکُمْ لِمَا یُحْیِیْکُمْ (انفال: ۲۵) یعنی اے مومنو! جب خدا اور اس کا رسول تم کو زندہ کرنے کے لئے بلائیں تو ان کی بات مان لیا کرو۔ یہاں مفسرین یہ معنے کر دیتے ہیں کہ روحانی تربیت کے لئے بلائیں تو خدا اور رسول کی بات کا جواب دیا کرو لیکن جب مسیحؑ کی نسبت یہی احیاء کا لفظ آتا ہے تو اس کے معنی یہ کرتے ہیں کہ وہ سچ مچ کے مردے زندہ کیا کرتے تھے اور اس طرح اس کو خدا قرار دیتے ہیں اور عیسائیوں کی مدد کرتے ہیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّـآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
[5] اس سے صاف ثابت ہے کہ یہودی مسیحؑ کو صلیب پر مارنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔ مفسرین کی رائے کے مطابق اس کے یہ معنے کرنا کہ کسی اور شخص کی شکل بدل کر مسیح کی جگہ صلیب پر لٹکا دیا گیا تھا مضحکہ خیز خیال ہے۔ اگر کسی شخص کو شکل بدل کر لٹکا دیا گیا تھا تو پھر یہودی سچے ہوئے کیونکہ وہ تو یہی سمجھتے تھے کہ ہم نے مسیحؑ کو صلیب پر لٹکا دیا ہے اور وہ اس پر مر گیا ہے۔ پھر اس آیت کی وہ تو تصدیق نہیں کر سکتے۔ بعض لوگوں کو یہاں دھوکہ لگتا ہے کہ ایسے تمام الفاظ مسیحؑ کی نسبت کیوں استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس کا جواب یہ ہے کہ مسیحؑ کی نسبت یہ پیشگوئی تھی کہ وہ تمثیلوں میں باتیں کرے گا۔ (متی باب۱۳ آیت۱ تا ۱۸) پس اس کے متعلق جو قرآن میں باتیں آئی ہیں وہ اسی کے محاورہ کے مطابق آئی ہیں یعنی تمثیلوں میں۔
اور (اس وقت کو یاد کر) جب میں نے (تیرے) حواریوں (یعنی شاگردوں) کو وحی کی کہ مجھ پر اور میرے رسول پر ایمان لاؤ۔ انہوں نے (اس وحی کے جواب میں) کہا کہ ہم ایمان لاتے ہیں اور تو گواہ رہ کہ ہم فرمانبرداروں میں (شامل ہوگئے) ہیں۔
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب حواریوں نے کہا کہ اے عیسیٰ ابن مریم! کیا تیرے رب میں طاقت ہے کہ ہمارے لئے آسمان سے (کھانوں سے بھرا ہوا) ایک خوان اتارے۔ (اس پر) مسیح نے کہا کہ اگر تم (سچے) مومن ہو تو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔
انہوں نے (یعنی حواریوں نے) کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم اس (مائدہ) میں سے کھائیں اور ہمارے دل مطمئن ہو جائیں (کہ ہمارا خدا قادر ہے) اور ہمیں یقین ہو جائے کہ تو نے ہم سے سچ بولا ہے اور ہم اس کے بارے میں گواہی دینے کے قابل ہوجائیں۔
(اس پر) عیسیٰ ابن مریم نے کہا، اے اللہ، اے ہمارے رب! ہم پر آسمان سے (کھانوں سے بھرا ہوا) طشت اتار جو ہم (مسیحیوں) میں سے پہلے حصہ [1]کے لئے بھی عید کا (موجب) ہو اور آخری حصہ کے لئے بھی عید (کا موجب) ہو اور تیری طرف سے ایک نشان (ہو) اور تو (اپنے پاس سے) ہم کو رزق دے اور تو سب رزق دینے والوں سے بہتر رزق دینے والا ہے۔
[1] اسی دعا کے نتیجہ میں مسیحی قوم کے پہلے حصہ کو بھی دنیا میں حکومت ملی تھی اور آخری حصہ کو بھی۔ درمیان میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں نے ان کی طاقت کو توڑا۔ اب یہ پیشگوئی پوری ہوئی ہے تو مسلمان ایک طرف تو یہ مبالغہ کرتے ہیں کہ آسمان پر جبریل نعمتیں پکا کر اور خوان فرشتوں کے سر پر رکھ کر صبح شام مسیحیوں کے کھانے کے لئے لاتے تھے اور دوسری طرف مسیحی حکومتوں کے ظلموں پر نالہ و بکا کرتے ہیں۔
اللہ نے فرمایا میں ایسا (مائدہ) تم پر یقیناً نازل کروں گا۔ پس جو کوئی بھی تم میں سے اس کے (نازل ہونے کے) بعد ناشکری کرے گا تو میں اس کو ایسا عذاب دوں گا کہ دنیا میں کسی اور (قوم) کو ایسا عذاب[2] نہ دوں گا۔
[2] اس جگہ جو یہ ذکر ہے کہ مائدہ طلب کرنے والوں کو ایسا عذاب ملے گا جو کسی کو نہ ملے گا دوسری جگہ یہی مضمون مسیحیوں کے متعلق آتا ہے کہ ان کے شرک کی وجہ سے ان کو غیر معمولی عذاب ملے گا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ مسیحیوں کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے فَاَمَّا الَّذِیْنَ کَفَرُوْا فَاُعَذِّبُھُمْ عَذَابًا شَدِیْدًا فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ وَمَالَھُمْ مِّنْ نّٰصِرِیْنَ (آل عمران: ۵۷) پس معلوم ہوا یہ وعدہ مسیحی قوم کے متعلق تھا۔ نہ کہ حواریوں کے متعلق۔ مسیحی قوم کے ابتدائی دور یعنی رومی دور میں بھی عیسائیوں کو بڑی کامیابیاں ہوئیں اور آخری دور یعنی اٹھارہویں، انیسویں صدی میں بھی عیسائیوں کو بڑی کامیابیاں ہوئیں۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں پیشگوئی کر دی کہ میں وعدہ کے مطابق ان کو کثرت سے رزق دوں گا جو صبح و شام ان کو ملے گا لیکن جو لوگ اس کے باوجود بھی نافرمانی کرتے رہیں گے ان کو میں سخت عذاب میں مبتلا کروں گا، ایسا عذاب جو کسی کو نہیں ملا۔ پس یہ آیت عیسائیوں کے دو زمانوں کے متعلق پیشگوئی ہے نہ کہ حواریوں کے متعلق۔ چنانچہ اگلی آیت سے بھی ظاہر ہے کہ یہ شرک کرنے والے عیسائیوں کے متعلق ہے۔ حالانکہ حواری مشرک نہیں تھے۔
اور جب اللہ نے کہا[3]۔ اے عیسیٰ ابن مریم! کیا تو نے لوگوں سے کہا تھا کہ مجھے اور میری ماں کو اللہ کے سوا دو معبود بنا لو تو اس نے جواب دیا کہ (ہم) تجھے (تمام عیبوں سے) پاک قرار دیتے ہیں۔ میری شان کے شایاں نہ تھا کہ میں (وہ بات) کہتا، جس کا مجھے حق نہ تھا اور اگر میں نے ایسا کہا تھا تو تجھے ضرور اس کا علم ہوگا جو کچھ میرے جی میں ہے تو جانتا ہے اور جو کچھ تیرے جی میں ہے میں نہیں جانتا۔ تو یقیناً (سب) غیب کی باتوں سے اچھی طرح واقف ہے۔
[3] قَالَ ماضی ہے لیکن اس سے مراد قیامت کا دن ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ اس دن کہے گا۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ مسیحیوں نے مسیحؑ اور اس کی ماں کو مسیح کے مرنے کے بہت بعد خدا بنایا ہے۔
میں نے ان سے صرف وہی بات کہی تھی جس کا تو نے مجھے حکم دیا تھا یعنی یہ کہ اللہ کی عبادت کرو، جو میرا (بھی) رب ہے اور تمہارا بھی رب ہے اور جب تک میں ان میں (موجود) رہا، میں ان کا نگران رہا۔ مگر جب تو نے مجھے وفات دے دی تو تو ہی ان پر نگران تھا (میں نہ تھا) اور تو ہر چیز پر نگران ہے۔
اگر تو انہیں عذاب دینا چاہے تو وہ تیرے بندے ہیں اور اگر تو انہیں بخشنا چاہے تو تو بہت غالب (اور) بڑی حکمتوں والا (خدا) ہے۔
اللہ نے فرمایا، یہ دن (ایسا) ہے جس میں صادقوں کو ان کی سچائی نفع دے گی۔ ان کو ایسے باغات ملیں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گے۔ وہ ان میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے۔ اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اس سے راضی ہوئے (اور) یہ (ایک) بہت بڑی کامیابی ہے۔