۵۔ سورۃ المائدة
تفسیر صغیر, حصہ 9
بحری شکار کرنا اور اس کا کھانا تمہارے اور مسافروں کے فائدہ کے لئے جائز کیا گیا ہے، لیکن[1] جب تک تم احرام کی حالت میں ہو (اس وقت تک) خشکی کا شکار تم پر حرام کیا گیا ہے اور تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جس کے حضور میں تمہیں اکٹھا کرکے لے جایا جائے گا۔
[1] واؤ کے معنے عربی زبان میں ’’لیکن‘‘ کے بھی ہوتے ہیں۔ (مُغْنی اللَّبِیب)
اللہ نے کعبہ یعنی محفوظ گھر (کو) لوگوں کی دائمی [1]ترقی کا ذریعہ بنایا ہے اور (نیز) حرمت والے مہینے اور قربانی (کو) اور جن (جانوروں) کے گلے میں پٹہ ڈالا گیا ہو (ان کو بھی) یہ اس لئے (کیا) ہے کہ تم جان لو کہ جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے اللہ ان سب کو جانتا ہے۔
[1] قِـیَامًا کے معنے ہیں ایسی تعلیم جو کبھی منسوخ نہیں ہوتی (مفردات)
یاد رکھو کہ اللہ عذاب دینے میں (بھی) سخت ہے۔ اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) مہربان (بھی) ہے۔
رسول پر صرف (بات کا) پہنچانا (واجب) ہے اور جو (بات عملاً) تم سے ظہور میں آجاتی ہے اور (اس کو بھی) جو تم سے (ابھی عملاً) ظہور میں نہیں آئی اللہ خوب جانتا ہے۔
تو کہدے بیکار (چیز) فائدہ مند (چیز) کے برابر نہیں ہو سکتی۔ خواہ تمہیں بے کار چیز کی زیادتی کتنی ہی پسند ہو۔ پس اے عقل مندو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، تا کہ تم بامراد ہو جاؤ۔
اے مومنو! (ان) باتوں کے متعلق سوال نہ (کیا) کرو (جو) اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمہارے لئے تکلیف کا موجب بن جائیں اور اگر تم ان کے متعلق اس عرصہ میں سوال کرو گے جبکہ قرآن اتارا جا رہا ہے تو تم پر (وہ) ظاہر کر دی جائیں گی اللہ خود (جان بوجھ کر) ان کے بیان سے رکا رہا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) سمجھ بوجھ سے کام لینے والا ہے۔
تم سے پہلے ایک قوم ایسی باتوں کے متعلق سوال کر چکی ہے ( مگر جب جواب ملا تو انہوں نے) اس[2] (کے ماننے) سے انکار کر دیا۔
[2] قرآن مجید میں ثُمَّ کا لفظ ہے مگر ہم نے ترجمہ میں حذف کر دیا ہے کیونکہ اس کے بغیر اردو اچھی رہتی ہے۔
نہ (تو) اللہ نے بحیرہ [1](کے بنانے) کا حکم دیا ہے نہ سائبہ[2] کا نہ وصیلہ[3] کا نہ حام[4] کا لیکن جو (لوگ) کافر ہیں وہ اللہ پر جھوٹ (باندھ کر) افتراء کرتے ہیں اور ان میں سے اکثر بے عقل ہیں۔
[1] بَحِیْرَۃٌ: بَحَرْتُ الْبَعِیْرَ کے معنے ہیں شَقَقْتُ اُذُنَہٗ شَقًّا وَاسِعًا میں نے اونٹ کے کان کو اچھی طرح پھاڑ دیا (مفردات) اور بَحِیْرَۃٌ اس اونٹنی کو کہتے ہیں، جس کے کان پھاڑ دئیے گئے ہوں۔ جاہلیت میں یہ رسم تھی کہ جب کوئی اونٹنی دس بچے دے دیتی تو اس کے کان چھید دیتے اور اس کو کھلا چھوڑ دیتے نہ تو اس پر کوئی سوار ہوتا اور نہ اس پر بوجھ لادتا۔ (مفردات)
[2] اَلسَّائِبَۃُ : وہ اونٹنی جو چراگاہ میں کھلی چھوڑ دی جائے۔ نہ پانی کے حوض سے اسے روکا جائے اور نہ چارے سے اور جاہلیت میں یہ اس وقت کرتے تھے جب کوئی اونٹنی پانچ بچے دے دیتی۔
[3] وَصِیْلَۃٌ: یہ بھی جاہلیت کی ایک رسم تھی کہ جب بکری نر اور مادہ دونوں اکٹھے بچے دیتی تو ان کو ذبح نہیں کرتے تھے تا ایک کے ذبح کرنے سے دوسرے بچے کو تکلیف نہ ہو۔
[4] حَام: وہ سانڈ جس کی نسل سے دس بچے ہو جائیں۔ اس کو چھوڑ دیتے۔ نہ اس پر سوار ہوتے اور نہ اس سے اور کام لیتے اور چراگاہ اور پانی سے نہ روکا جاتا۔
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ خدا کے اتارے ہوئے (کلام) اور (اس کے) رسول کی طرف آؤ تو کہتے ہیں کہ ہم نے جس (بات) پر اپنے باپ دادا کو پایا تھا (وہ) ہمارے لئے کافی ہے کیا اگر (یہ صورت ہوکہ) ان کے باپ دادا نادان ہوں اور صحیح راستہ نہ جانتے ہوں (تب بھی وہ اپنی ضد پر قائم رہیں گے؟)
اے مومنو! تم اپنی جانوں (کی حفاظت) کی فکر کرو۔ جب تم ہدایت پا جاؤ تو کسی کی گمراہی تم کو نقصان نہیں پہنچائے گی۔ تم سب نے اللہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ پس جو کچھ تم کرتے ہو وہ اس سے تمہیں آگاہ کرے گا۔
اے مومنو! جب تم میں سے کسی کی موت (کا وقت قریب) آجائے تو وصیت کے وقت تمہاری آپس کی گواہی (کا) یوں (طریق) چاہیئے کہ تم میں سے دو عدل والے گواہ (مقرر) ہوں یا دو گواہ (جو تم مسلمانوں میں سے نہ ہوں بلکہ) غیر لوگوں میں سے ہوں (یہ قاعدہ اس حالت میں ہوگا) جب تم ملک میں سفر کر رہے ہو اور تم پر موت کی مصیبت نازل ہو جائے (اور تم کو اپنے گواہ میسر نہ آئیں) (اس صورت میں) تم (مومنوں کا گروہ) ان دونوں (گواہوں) کو نماز کے بعد روک لے اور وہ دونوں (اس صورت میں کہ) تمہیں (ان کی گواہی کے متعلق) شبہ ہو۔ اللہ کی قسم کھا کر کہیں کہ ہم اس (شہادت) سے کوئی (اپنا) فائدہ مدنظر نہیں رکھتے خواہ (جس کے حق میں ہم گواہی دے رہے ہوں) وہ ہمارا قریبی ہی کیوں نہ ہو اور ہم اللہ کی (مقرر کردہ) شہادت (یعنی سچ بولنے کے فرض) کو نہیں چھپائیں گے اگر ہم ایسا کریں تو اس (صورت میں) ہم گنہگار ہونگے۔
پھر اگر (بعد میں) یہ کھل گیا کہ ان دونوں نے (اپنے ذمے) گناہ واجب کر لیا ہے، تو دو اور شخص (ان وارثوں یعنی میت کے رشتہ داروں میں سے) جن کے خلاف پہلے دو نے حق قائم کیا تھا (شہادت کے لئے) کھڑے ہوں اور وہ اللہ کی قسم کھا کر کہیں کہ ہماری گواہی (ان) پہلے دو گواہوں کی گواہی سے زیادہ سچی ہے اور ہم نے (اپنی گواہی میں) کوئی زیادتی نہیں کی۔ اگر ہم نے ایسا کیا ہو تو ہم کو ظالموں میں سے شمار کرنا چاہیئے۔