۶۔ سورۃ الأنعام
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
ہر (قسم کی) تعریف کا اللہ ہی مستحق ہے، جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اور اندھیروں اور نور کو بھی بنایا ہے باوجود اس کے کافر اپنے رب کے شریک بناتے ہیں۔
وہ خدا ہی ہے جس نے تم کو گیلی مٹی سے پیدا کیا ہے پھر (زمانۂ حیات کے لئے) ایک میعاد تجویز کی اور ایک اور میعاد[1] بھی ہے جس کا علم صرف اسی کو ہے پھر بھی تم شبہ کرتے ہو۔
[1] یعنی مجموعی طور پر دنیا کی زندگی کی میعاد۔
اور آسمانوں اور زمین میں وہی خدا ہے جو تمہارے رازوں کو بھی جانتا ہے اور تمہاری کھلی باتوں کو بھی، اور جو کچھ تم کماتے ہو اس کو بھی جانتا ہے۔
اور ان لوگوں کے پاس ان کے رب کے نشانوں میں سے کبھی کوئی نشان نہیں آیا مگر (ان کا معاملہ یہ رہا ہے کہ) وہ اس سے اعراض ہی کرتے چلے آئے ہیں۔
پس کامل حق (یعنی قرآن) جب ان کے پاس آیا تو اس کا بھی انہوں نے انکار کردیا۔ اب اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ جن باتوں کے متعلق وہ ہنسی کرتے تھے جلد[2] ہی ان کے وقوعہ کی خبریں ان کو ملنے لگ جائیں گی۔
[2] یعنی ہنسی کی وجہ سے عذاب جلد آجائے گا۔
کیا انہیں معلوم نہیں کہ ان سے پہلے کتنے ہی زمانوں (کے لوگوں) کو جنہیں ہم نے زمین میں اتنی طاقت بخشی تھی جتنی طاقت تمہیں (یعنی اس زمانہ کے لوگوں کو) نہیں بخشی، ہلاک کر دیا اور ہم نے ان پر بادلوں کو موسلا دھار بارش برساتے ہوئے بھیجا تھا اور ان سے ایسی نہریں چلائی تھیں جو ان کے قبضہ اور تصرف میں چلتی تھیں۔ پھر ہم نے ان کو ان کے گناہوں کی وجہ سے ہلاک کر دیا۔ اور ان کے بعد ایک اور نسل پیدا کر دی۔
اور اگر ہم تجھ پر ایک کاغذوں پر لکھی ہوئی کتاب نازل کرتے، جسے وہ اپنے ہاتھوں سے چھولیتے تو کافر پھر بھی کہتے، یہ تو ایک کھلا کھلا فریب ہے۔
اور (مخالف) کہتے ہیں، اس پر کوئی فرشتہ کیوں نہیں اتارا گیا۔ اور اگر[1] ہم کوئی فرشتہ اتارتے تو فیصلہ ہی ہو جاتا، پھر ان کو ڈھیل نہ دی جاتی۔
[1] یعنی کافروں کی خاطر جب کوئی فرشتہ اتارا جاتا ہے تو وہ انذار کی خبر لے کر ہی اترتا ہے۔
اور (یہ بھی یاد رکھنا چاہیئے کہ) اگر ہم اس (پیامبر) کو فرشتوں میں سے تجویز کرتے تب بھی ہم اسے مرد کی شکل ہی دیتے اور ان کے اوپر پھر بھی وہ بات مشتبہ کر دیتے جسے اب وہ مشتبہ سمجھ رہے ہیں۔
اور تجھ سے پہلے جو رسول گزرے ہیں ان سے بھی ہنسی کی گئی تھی نتیجہ یہ ہوا کہ ان میں سے جنہوں نے ہنسی کی تھی انہیں اسی عذاب[2] نے آگھیرا جس سے وہ ہنسی کر رہے تھے۔
[2] یعنی جن موعود عذابوں سے وہ ہنسی مذاق کرتے تھے وہ آگئے اور کفار تباہ ہو گئے۔
تو انہیں کہہ دے (ذرا) زمین میں پھرو۔ پھر دیکھو جھٹلانے والوں کا کیا انجام ہوا کرتا ہے۔