۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 2

(ان سے) پوچھ کہ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے وہ کس کا ہے؟ (اس کا جواب وہ کیا دیں گے اس لئے تو ہی ان کو) کہہ دے، اللہ کا۔ اس نے اپنے نفس پر رحمت فرض کر چھوڑی ہے وہ تم کو قیامت کے دن تک جمع کرتا چلا جائے گا۔ اس (امر) میں کوئی شک نہیں کہ وہ لوگ جنہوں نے اپنی جانوں کو گھاٹے میں ڈال[1] دیا وہ (اس بداعمالی کہ وجہ سے) ایمان نہیں لائیں[2] گے۔

[1] عربی لغت کے لحاظ سے اَلَّذِیْنَ خَسِرُوْا اَنْفُسَھُمْ کے معنے یہ بھی ہو سکتے ہیں کہ وہ لوگ جو گھاٹے میں پڑ گئے۔

[2] یعنی ایمان سے محرومی خدا کی طرف سے نہیں ہوتی بلکہ انسان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہوتی ہے۔

اور جو کچھ رات (کی تاریکی) اور دن (کی روشنی) میں موجود ہے وہ سب اس (خدا) کا ہے اور وہ بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

تو کہہ کیا میں اللہ کے سوا جو آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے کوئی اور دوست بناؤں حالانکہ وہ (سب انسانوں کو) کھلاتا ہے اور (کسی کی طرف سے) اُسے رزق نہیں دیا جاتا۔ کہہ دے مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں سب سے بڑا فرمانبردار بنوں اور یہ کہ (اے رسول) تو مشرکوں میں سے مت بنیو۔

تو کہہ دے کہ اگر میں اپنے رب کی نافرمانی کروں تو میں ایک بڑے دن کے عذاب سے ڈرتا ہوں۔

جس پر سے وہ (عذاب) ٹلایا گیا تو (سمجھ لو کہ) اس دن اس پر خدا نے رحم کر دیا۔ اور یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

اور اگر اللہ تجھے کوئی ضرر پہنچائے تو اس کے سوا اس کو کوئی دور نہیں کر سکتا اور اگر وہ تجھے کوئی بھلائی پہنچائے تو وہ ہر امر پر قادر ہے۔

اور وہ اپنے بندوں پر غالب [3]ہے اور وہ بڑی حکمتوں والا ہے (اور) سب حالات سے باخبر ہے۔

[3] یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب اللہ تعالیٰ غالب ہے تو سزا کیوں نہیں دیتا۔ اس کا جواب یہ دیا کہ وہ حکیم بھی ہے اور خبیر بھی۔ چونکہ وہ حکیم ہے اس لئے معاملہ اس طرح کرتا ہے جس سے نتیجہ ٹھیک نکلے اور کچھ لوگ ہدایت پا جائیں اور چونکہ خبیر ہے اسے معلوم ہے کہ آئندہ زمانہ میں بہت سے لوگ ایمان لانے والے ہیں اگر اب قوم کو تباہ کر دیا تو وہ لوگ بھی تباہ ہو جائیں گے جو آخر میں ایمان لانے والے ہیں۔ پس باوجود غالب ہونے کے سزا نہیں دیتا۔

تو کہہ سب سے زیادہ (سچی) گواہی دینے والی کونسی ہستی ہے۔ پھر (خود ہی جواب میں) کہہ دے کہ اللہ۔ وہ تمہارے اور میرے درمیان گواہ ہے۔ اور میری طرف یہ قرآن وحی کیا گیا ہے تا کہ میں تمہیں اس کے ذریعہ سے (آنے والے عذاب سے) ہوشیار کروں اور ان (سب) کو بھی جن تک یہ پہنچے۔ کیا تم یہ گواہی دیتے ہو کہ اللہ کے سوا کوئی اور معبود بھی ہیں (اور پھر اپنی طرف سے) کہدے کہ (تم ایسی جھوٹی گواہیاں دیتے پھرو) میں تو یہ گواہی نہیں دیتا (پھر ان سے) کہدے کہ وہ (خدا) تو اپنی ذات میں صرف اکیلا خدا ہے اور میں تو ان چیزوں سے جن کو تم خدا کا شریک بناتے ہو بیزار ہوں۔

وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ اس (سچائی) کو (اسی طرح) پہچانتے ہیں جس طرح وہ اپنے بیٹوں کو پہچانتے ہیں (لیکن) جو لوگ گھاٹے میں پڑ گئے اور اپنی جانوں کو (بھی) گھاٹے میں ڈال دیا وہ ایمان نہیں لاتے۔

اور اس سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے جو اللہ پر جھوٹ باندھتا ہے یا اس کے نشانات کو جھٹلاتا ہے۔ سچی[1] بات یہ ہے کہ ظالم کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔

[1] قرآن مجید میں اِنَّـہٗ ہے۔ اِنَّ تاکید کے لئے آتا ہے اور ہ ضمیر شان ہے جس کے یہ معنے ہوتے ہیں۔ کہ حقیقت یہ ہے۔ چنانچہ یہی معنے اس جگہ کیے گئے ہیں۔

اور جس دن ہم ان سب کو اکٹھا کریں گے پھر جنہوں نے ہمارے شریک قرار دئیے ہیں ان سے کہیں گے کہ تمہارے (بنائے ہوئے) وہ شریک جن کے متعلق تم دعویٰ کیا کرتے تھے (کہ وہ اللہ کے شریک ہیں) کہاں ہیں۔

پھر اس کے جواب میں وہ صرف یہ کہیں گے کہ اللہ کی قسم جو ہمارا (سچا) رب ہے ہم (تو) مشرک تھے (ہی) نہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی