۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 14

(تا ایسا نہ ہو) کہ تم (کسی دن یہ) کہو کہ ہم سے پہلے صرف دو [1]جماعتوں پر کتاب اتاری گئی تھی اور ہم ان (کی کتابوں) کے پڑھنے سے بالکل غافل تھے۔

[1] یعنی یہود اور نصاریٰ پر۔ یہ جاہل مشرکوں کا خیال تھا۔ ورنہ مسیحؑ خود کہتا ہے کہ وہ تورات کو قائم کرنے کے لئے آیا ہے اور کوئی نئی شریعت نہیں لایا (متی باب۵ آیت۱۷) یعنی انجیل کوئی شریعت کی کتاب نہیں۔

یا (یوں نہ) کہو کہ اگر ہم پر کتاب اتاری جاتی تو ہم یقیناً ان سے زیادہ ہدایت پاتے۔ سو تمہارے رب کی طرف سے تمہارے پاس کھلی دلیل اور ہدایت اور رحمت آگئی ہے پس (یاد رکھو کہ) جس نے اللہ کی آیتوں کو جھٹلایا اور ان (پر ایمان لانے) سے رک رہا، اس سے زیادہ ظالم کون ہوگا۔ ہم ضرور انہیں جو ہماری آیتوں (پر ایمان لانے) سے رک رہتے ہیں ان کے رک رہنے کی وجہ سے تکلیف دہ عذاب کی سزا دیں گے۔

وہ صرف اس امر کی انتظار کر رہے ہیں کہ ان کے پاس فرشتے آئیں یا تیرا رب آئے یا تیرے رب کے بعض نشانات آئیں۔ جس دن تیرے رب کے بعض نشانات ظاہر ہوں گے (اس دن) کسی نفس کو جو اس سے پہلے ایمان نہ لا چکا ہوگا۔ یا اپنے ایمان کی وجہ سے خیر نہ حاصل کر چکا ہوگا، اس کا ایمان لانا نفع نہ دے گا۔ تو کہہ کہ تم انتظار کرو، ہم بھی یقیناً انتظار کررہے ہیں۔

جن لوگوں نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور گروہ درگروہ ہو گئے ہیں تیرا ان سے کچھ تعلق نہیں ہے ان کا معاملہ تو صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے پھر جو کچھ وہ کرتے تھے وہ اس کی انہیں خبر دے گا۔

جنہوں نے نیکی کی ہے، اس (نیکی) سے دس گنا ان کا حق ہوگا۔ اور جنہوں نے بدی کی ہے انہیں صرف اتنی ہی سزا دی جائے گی اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔

تو (ان سے) کہہ دے کہ مجھے میرے رب نے یقیناً سیدھے راستہ کی طرف راہنمائی کی ہے ایسے دین کی طرف جو بغیر کسی کجی کے ہے۔ یعنی ابراہیم کے دین کی طرف جو سچائی پر قائم تھا اور وہ مشرکوں میں سے نہ تھا۔

تو (ان سے) کہہ دے کہ میری نماز اور میری قربانی اور میری زندگی اور میری موت اللہ ہی کے لئے ہیں جو تمام جہانوں کا رب ہے۔

(اور) اس کا کوئی شریک نہیں اور مجھے اس (امر) کا حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے پہلا فرمانبردار ہوں۔

تو کہہ کہ کیا میں اللہ کے سوا (کسی اور کو) رب کی حیثیت میں طلب کروں حالانکہ وہ ہر ایک چیز کی پرورش کرنے والا ہے اور ہر ایک نفس جو کچھ کماتا ہے اس کا (وبال) اسی پر پڑتا ہے اور کوئی بوجھ اٹھانے والی[1] (ہستی) دوسری (ہستی) کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ پھر اپنے رب کی طرف ہی تمہارا لوٹنا ہوگا۔ پھر وہ تمہیں اس بات کی جس میں تم اختلاف کیا کرتے تھے خبر دے گا۔

[1] عیسائی اس آیت سے استدلال کرتے ہیں کہ اس کا یہ مطلب ہے کہ کوئی گناہگار کفارہ نہیں ہو سکتا۔ اور اسلامی تعلیم کے مطابق صرف مسیحؑ بے گناہ تھا۔ لیکن بوجھ اٹھانے والی ہستی کے معنے گنہگار کے نہیں بلکہ یہ ہیں کہ جو خداتعالیٰ کے سامنے جواب دہ ہو۔ اور مسیحؑ خود مدعی ہے کہ وہ خداتعالیٰ کے سامنے جواب دہ ہے اور یہ بھی کہ وہ بے گناہ نہیں (نیا عہدنامہ لوقا باب۱۸ آیت۱۹۔ نیز دیکھو متی باب۱۹ آیت۱۷ و مرقس باب۱۰ آیت۱۸) پس وہ کفارہ نہیں ہو سکتا۔

اور وہی ہے جس نے تمہیں دنیا میں (پہلوں کا) قائم مقام بنایا ہے اور تم میں سے بعض کو بعض پر درجوں میں اس لئے فوقیت دی ہے کہ اس نے جو کچھ تمہیں دیا ہے، اس میں تمہاری آزمائش کرے۔ تیرے رب کی سزا یقیناً جلد آجاتی ہے اور وہ یقیناً بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی