۶۔ سورۃ الأنعام

تفسیر صغیر, حصہ 13

اور (اس نے) اونٹ میں سے دو (۲) کو اور گائے میں سے دو کو (پیدا کیا ہے) تو ان سے کہہ کہ کیا اس نے دونوں نروں کو حرام کیا ہے یا دونوں مادینوں کو یا مادینوں کے رحموں نے جس چیز کو بھی (اپنے اندر) لپیٹا ہوا ہے (کہو) کیا تم اس وقت جب تمہیں اللہ نے اس (امر) کا حکم دیا تھا موجود تھے (اگر نہیں تو) پھر اس سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے جو جان بوجھ کر اللہ پر اس لئے جھوٹ باندھے کہ لوگوں کو بغیر علم کے گمراہ کر دے۔ اللہ ظالم لوگوں کو یقیناً راہ نہیں دکھاتا۔

تو ان سے کہہ کہ جو کچھ میری طرف نازل کیا گیا ہے میں تو اس میں اس شخص پر جو کسی چیز کو کھانا چاہے سوائے مردہ یا بہتے ہوئے خون یا سؤر کے گوشت کے کوئی چیز حرام نہیں پاتا (سؤر کا گوشت) اس لئے کہ وہ نجس ہے۔ یا فسق کو (حرام پاتا ہوں) یعنی اس چیز کو جس پر خدا کے سوا کسی اور چیز کا نام لیا گیا ہو۔ لیکن جو شخص (اس[1] کے کھانے پر) مجبور ہو جائے بغیر اس کے کہ وہ (شریعت کا) مقابلہ کرنے والا ہو یا حد سے نکلنے والا ہو تو (وہ یاد رکھے کہ) تیرا رب یقیناً بہت بخشنے[2] والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] یعنی جو کچھ اسلام میں حلال ہے وہ ملک میں نہ ملے اور پھر یہ اتنا ہی کھائے جس سے موت ٹل جائے۔

[2] یعنی اس پر کوئی گرفت نہ ہوگی۔

اور جو لوگ یہودی ہیں ہم نے ان پر ہر اک ناخن[2] والا جانور حرام کر دیا تھا۔ اور گائے (بیل) اور بھیڑ (بکری) میں سے ہم نے ان پر ان دونوں کی چربیاں باستثنا اس (چربی) کے جو ان کی پیٹھوں یا انتڑیوں پر ہو یا جو ہڈی سے ملی ہوئی ہو حرام[3] کر دی تھیں، یہ ہم نے انہیں ان کی نافرمانی کی وجہ سے سزا دی تھی اور ہم یقیناً سچے ہیں۔

[2] یعنی شکاری جانور۔

[3] دیکھیئے احبار باب۳ آیت ۱۴ تا ۱۷

پھر اگر وہ تجھے جھٹلائیں تو تو (ان سے) کہہ دے کہ تمہارا رب وسیع رحمت والا ہے اور اس کا عذاب مجرم لوگوں سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔

جنہوں نے شرک کیا ہے ضرور کہیں گے کہ اگر اللہ چاہتا تو نہ ہم (اور) نہ ہمارے باپ دادے (کبھی) شرک کرتے اور نہ کسی چیز کو حرام کرتے جو ان سے پہلے (گزرے) ہیں انہوں نے (بھی) اسی طرح (ہماری وحی کو) اس وقت تک کہ انہوں نے ہمارے عذاب کو چکھ نہ [4]لیا جھٹلایا تھا۔ تو ان سے کہہ کہ کیا تمہارے پاس کوئی ایسا علم ہے کہ تم اسے ہمارے خاموش کرنے کے لئے پیش کر سکو۔ تم گمان کے سوا کسی چیز کی پیروی نہیں کرتے اور تم صرف اٹکل سے باتیں کرتے ہو۔

[4] حَتّٰی کا لفظ آیت میں ہے اور اردو میں اس کا ترجمہ لفظ ’’نہ‘‘ کی زیادتی سے ہوا کرتا ہے اس لئے ہم نے اسے بڑھا دیا ہے۔

تو کہہ دے (تمہاری بے عقلی کی باتیں بتاتی ہیں) کہ اثر کرنے والی دلیل اللہ ہی کے قبضہ میں ہے، اور اگر وہ چاہتا تو تم سب کو ہدایت دے دیتا۔

تو (ان سے) کہہ دے کہ اپنے ان گواہوں کو بلاؤ جو یہ گواہی دیں کہ اللہ نے اس (یعنی فلاں فلاں) چیز کو حرام کیا ہے پھر اگر وہ ایسی گواہی دیں تو ان کے ساتھ (شامل ہو کر) تو گواہی نہ دے اور ان لوگوں کی خواہشوں کی پیروی نہ کر جو ہماری آیتوں کو جھٹلا چکے ہیں اور جو لوگ پیچھے آنے والی (باتوں) پر ایمان نہیں لاتے اور وہ اپنے رب کے شریک (بھی) بناتے ہیں۔

تو (ان سے) کہہ کہ آؤ جو تمہارے رب نے تم پر حرام کیا ہے میں تمہیں پڑھ کر سناؤں (اس کا حکم ہے) کہ تم اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کرو، اور والدین سے احسان کرو اور مفلس ہو جانے کے خوف سے اپنی اولاد کو قتل نہ کرو۔ ہم تمہیں بھی رزق دیتے ہیں اور انہیں بھی۔ اور بدیوں کے (بالکل) قریب نہ جاؤ۔ نہ ان میں سے ظاہر (بدیوں) کے نہ چھپی (بدیوں) کے۔ اور یہ کہ اس نفس کو جسے (قتل کرنا) اللہ نے منع فرمایا ہے (شریعت یا قانون کی) اجازت کے بغیر قتل نہ کرو۔ اللہ اس بات کا تمہیں تاکیدی حکم دیتا ہے تا کہ تم (بدیوں سے) رکو۔

اور (یہ حکم دیتا ہے کہ) تم یتیم کے مال کے پاس اس کے جوانی کو پہنچنے تک بے احتیاطی سے نہ جاؤ۔ اور انصاف کے ساتھ ماپ اور تول پورے (پورے) دو۔ ہم کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ حکم نہیں دیتے اور (یہ کہ) جب تم کوئی (بات) کہو تو گو وہ شخص (جس کے متعلق بات کہی گئی ہو) قریبی ہو یا انصاف سے کام لو اور اللہ کے عہد کو (بھی) پورا کرو۔ وہ اس (امر) کی تمہیں اس لئے تاکید کرتا ہے کہ تمہیں نصیحت حاصل ہو۔

اور یہ یقیناً میرا سیدھا راستہ ہے، پس اس کی پیروی کرو اور مختلف راستوں کے پیچھے نہ پڑو نہیں تو وہ تمہیں اس (خدا) کے رستہ سے ادھر ادھر لے جائیں گے وہ اس (امر) کی تمہیں اس لئے تاکید کرتا ہے کہ تم متقی ہو جاؤ۔

اور جس نے نیکی کو اختیار کیا ہے اس پر (نعمت کو) پورا کرنے اور ہر اک امر کی وضاحت کرنے کے لئے اور ہدایت دینے اور رحم کرنے کی غرض سے ہم نے موسیٰ کو کتاب دی تھی تا کہ وہ اپنے رب کی ملاقات پر ایمان لائیں۔

اور یہ (قرآن) ایسی کتاب ہے جسے ہم نے اتارا ہے (اور یہ) برکت والی ہے۔ پس اس کی پیروی کرو اور تقویٰ اختیار کرو، تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی