۷۔ سورۃ الأعراف

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں[1] اللہ سب سے زیادہ جاننے والا اور صادق ہوں۔

[1] الٓـمّٓ قائم مقام ہے اَ نَا اللّٰہُ اَعْلَمُ کا جس کے معنے ہیں ’’میں اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں‘‘ اور صٓ قائم مقام ہے صادق کا، یعنی میں صادق ہوں۔ جو تعلیم میری طرف سے آئے وہ سچ پر مشتمل ہوتی ہے۔ یہ حروف مقطعات کہلاتے ہیں۔ مقطعات کے لئے دیکھیئے نوٹ سورۃبقرۃ آیت۲۔

(یہ قرآن) ایک عظیم الشان کتاب (ہے جو) تیری طرف اتاری گئی ہے (تو نے خود نہیں بنائی) پس تیرے سینہ میں اس کی وجہ سے کوئی تنگی پیدا نہ ہو (اس کے اتارنے کی غرض یہ ہے کہ) تواس کے ذریعہ سے (مخاطبین کو آنے والے عذاب سے) ہوشیار کرے اور یہ (کتاب) مومنوں کے لئے ایک یاد دہانی ہے۔

(ہم ان لوگوں سے کہتے ہیں کہ) جو (کلام) تمہاری طرف تمہارے رب کی طرف سے نازل کیا گیا ہے اس کی اتباع کرو۔ اور اس (خدا) کے سوا جو (تمہارے خیال میں) دوسرے کارساز ہیں ان کی اتباع نہ کرو۔ لیکن تم بالکل[2] نصیحت حاصل نہیں کرتے۔

[2] قَلِیْـلًا کے لفظی معنے تو تھوڑے کے ہیں۔ مگر محاورہ میں اس کے معنے بالکل نہ ہونے کے ہوتے ہیں۔

اور بہت سی بستیاں ایسی ہیں کہ ہم نے ان کو ہلاک کر دیا (جس کی تفصیل یہ ہے کہ) ان کے پاس ہمارا عذاب رات کو سوتے ہوئے یا (دوپہرکو) قیلولہ کرتے ہوئے آیا۔

سو اس وقت جب کہ ان کے پاس ہمارا عذاب آیا۔ ان کی زبان پر صرف یہ فقرہ تھا کہ ہم یقیناً ظالم تھے۔

پس ہم ان لوگوں سے (بھی) ضرور پوچھیں گے جن کی طرف رسول بھیجے گئے تھے اور ہم رسولوں سے بھی ضرور پوچھیں گے۔

پھر ہم ضرور ان کے سامنے اپنے علم کے مطابق حقیقت بیان کریں گے اور ہم کبھی بھی ان لوگوں سے غائب نہیں ہوئے (ہمیشہ ان کے حالات دیکھتے تھے)

اور اس (یعنی قیامت کے) دن تمام اعمال کا وزن کرنا ایک ثابت شدہ حقیقت ہے۔ جن [1]کے وزن بھاری ہوئے وہ لوگ بامراد (لوگوں میں شامل) ہوں گے۔

[1] عربی میں فَاء ہے جس کے معنے پس کے ہیں لیکن اردو میں اس کی ضرورت نہیں۔ مضمون فقرہ کی بناوٹ سے معلوم ہوجاتا ہے کہ یہ بات پہلی بات کا نتیجہ ہے۔

اور جن کے وزن ہلکے ہوئے تو (سمجھ لو) ایسے لوگ اپنی جانوں کے معاملہ میں خسارہ پانے والے ہیں (اور انہوں نے اپنی جانوں کو گھاٹے میں ڈالا ہے) یہ اس لئے ہوا ہے کہ وہ ہماری آیتوں (کے معاملہ) میں ظلم سے کام لیتے تھے۔

اور ہم نے ضرور تم کو زمین میں طاقت بخشی تھی اور اس میں تمہارے لئے (قسم قسم کے) معیشت کے سامان مقرر کیے تھے مگر تم شکر بالکل نہیں کرتے۔

اور ہم نے تمہیں (پہلے مبہم شکل میں) پیدا کیا تھا۔ جس کے بعد تم کو (تمہارے مناسب حال) صورتیں بخشی تھیں پھر ملائکہ سے کہا تھا کہ آدم کی اطاعت کرو، اس پر فرشتوں نے تو (آدم کی) اطاعت کی مگر ابلیس (نے نہ کی) وہ اطاعت گزاروں میں سے نہیں بنا۔

10 von 10 heute frei