۷۔ سورۃ الأعراف
تفسیر صغیر, حصہ 2
(اس پر خدا نے اس سے) کہا کہ میرے حکم کے [1]باوجود تجھے سجدہ کرنے سے کس نے روکا[2] تھا۔ اس نے جواب دیا کہ میں تو اس (آدم) سے بہتر ہوں تو نے میری فطرت میں آگ رکھی ہے اور اس کی فطرت میں گیلی مٹی[3] کی صفت رکھی ہے۔
[1] حکم براہِ راست فرشتوں کو تھا۔ مگر جب آفیسر کو حکم دیا جائے تو ماتحت اس میں شامل ہوتے ہیں۔ قرآن کریم میں بہت دفعہ ذکر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ہوتا ہے مگر مراد آپ کے اتباع ہوتے ہیں، جیسا کہ فرمایا کہ جب تیری زندگی میں تیرے ماں باپ بوڑھے ہو جائیں تو انہیں اُف تک نہ کہو۔ حالانکہ آپ یتیم تھے۔ پس مراد آپ کے اتباع ہیں آپ نہیں۔
[2] عربی زبان میں کبھی لا زائدہ بھی ہوتا ہے۔
[3] یعنی گیلی مٹی کی طرح آدمی مختلف اخلاق میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ اور چاہے تو بالا طاقت کا مطیع بھی ہو سکتا ہے مگر میری فطرت میں تو نے ناری صفت رکھی ہے، اس لئے میں کسی کا مطیع نہیں بن سکتا۔ عربی کا محاورہ ہے خُلِقَ مِنْ عَجَلٍ جس کے معنے یہ نہیں کہ جلدی کوئی مادہ ہے جس سے انسان پیدا کیا گیا ہے۔ بلکہ مراد یہ ہے کہ انسان کی فطرت میں جلد بازی کا مادہ ہے۔ اسی طرح اس آیت سے یہ مرادنہیں کہ آدمی مٹی سے پیدا کیے گئے ہیں اور شیطان آگ سے، بلکہ یہ مراد ہے کہ انسان کی فطرت میں یہ بات پائی جاتی ہے کہ وہ مختلف حالات میں ان کے مطابق ڈھل جاتا ہے اور شیطان کی فطرت میں آگ جیسا مادہ ہے اور وہ نافرمانی کرتا ہے۔
(اللہ نے) فرمایا (اگر یہ بات ہے تو) تو اس (جنت) سے چلا جا۔ کیونکہ تیرے لئے مناسب نہیں کہ تو اس میں تکبر سے کام لے۔ پس (یہاں سے) نکل جا تو ذلیل لوگوں میں سے ہے۔
اس نے کہا (اے میرے رب)! مجھے اس دن تک مہلت دے جبکہ وہ اٹھائے[4] جائیں گے۔
[4] یہ مطلب نہیں کہ قیامت تک مہلت دے بلکہ مراد یہ ہے کہ روحانی بیداری پیدا ہونے تک مجھے مہلت دے۔
(اللہ نے) جواب دیا تجھے (تیرے مطالبہ کے مطابق) ڈھیل دی گئی ہے۔
اس نے کہا کہ چونکہ تو نے مجھے ہلاک[5] کیا ہے۔ اس لئے میں ان (انسانوں) کے لئے تیرے سیدھے راستہ پر بیٹھ جاؤں گا۔
[5] اس کا یہ مطلب نہیں خدا نے شیطان کو ہلاک کیا تھا۔ شیطان نے تو خود اپنے عمل سے اپنے آپ کو ہلاک کیا تھا۔ عربی کا محاورہ ہے کہ جو نتیجہ پیدا کرے فعل کو بھی اس کی طرف منسوب کر دیا جاتا ہے۔
پھر میں ان کے پاس آؤں گے ان کے سامنے سے بھی اور ان کے پیچھے سے بھی، ان کی دائیں طرف سے بھی اور ان کی بائیں طرف سے بھی (تا کہ ان کو ورغلاؤں) اور تو ان میں سے اکثر کو شکر گزار نہیں پائے گا۔
(اللہ نے) فرمایا، اس جگہ سے نکل جا۔ تیری ہمیشہ مذمت کی جائے گی اور تو راندۂ درگاہ رہے گا۔ جو (بھی) ان (انسانوں) میں سے تیری اتباع کریں گے (میں ان سے کہتا ہوں کہ) تم سب سے میں جہنم کو بھر دوں گا۔
اور اے آدم! (میں تجھ سے کہتا ہوں کہ) تو اور تیرا ساتھی جنت میں رہو۔ پس تم جہاں سے چاہو کھاؤ (اور پیئو[1]) اور اس (ممنوعہ[2]) درخت کے قریب نہ جانا ورنہ تم ظالم ہو جاؤ گے۔
[1] اِس فقرہ سے معلوم ہوتا ہے کہ شریعت کی اصل بنیاد حلّت پر ہے، صرف ان چیزوں سے منع کیا جاتا ہے جو روحانی اور جسمانی طور پر مضر ہوتی ہے۔
[2] ممنوع درخت سے مراد وہ احکام ہیں جن میں بعض باتوں سے آدم کو روکا گیا تھا۔ خصوصاً ابلیس اور اس کی ذر ّیت سے تعلق رکھنے سے۔ قرآن کریم میں لکھا ہے کہ شجرئہ طیبہ سے مراد اچھے احکام ہوتے ہیں جیسے فرماتا ہے۔ اَلَمْ تَرَکَیْفَ ضَرَبَ اللّٰہُ مَثَـلًا کَلِمَۃً طَیِّبَۃً کَشَجَرَۃٍ طَیِّبَۃٍ (ابراہیم: ۲۵) یعنی کیا تجھے معلوم نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے کس طرح پاک بات کی کیفیت ایک پاک درخت کی مثال سے بیان فرمائی ہے اور شجرئہ خبیثہ سے مراد برے احکام ہوتے ہیں، جیسے فرماتا ہے وَ مَثَلُ کَلِمَۃٍ خَبِیْثَۃٍ کَشَجَرَۃٍ خَبِیْثَۃٍ (ابراہیم: ۲۷) یعنی بُری بات کی کیفیت بُرے درخت کی طرح ہوتی ہے پس یہاں بھی شجرہ ممنوعہ سے مراد وہ احکام ہیں جن سے بچنے کے لئے آدم کو کہا گیا تھا اور جن میں سے ایک بڑا حکم ابلیس اور اس کی ذرّیت سے بچتے رہنے کا بھی تھا۔
اس پر شیطان نے ان (دونوں یعنی آدم اور اس کے ساتھی کے دل) میں وسوسہ ڈالا تا کہ جو کچھ ان کے ننگ میں سے ان پر چھپایا گیا تھا اس کو ظاہر کردے[3] اور کہا اس درخت سے تمہارے رب نے تم کو صرف اس لئے منع کیا ہے کہ کہیں تم دونوں فرشتے نہ بن جاؤ یا تم دونوں ہمیشہ کی زندگی[4] نہ پالو۔
[3] بُرے خیالات جہاں انسان کو تباہی میں ڈالتے ہیں وہاں ان کے ذریعہ سے اس پر اس کی کمزوریاں بھی کھلتی ہیں۔
[4] بُرے وساوس انسان کو یہ بتاتے ہیں کہ جن چیزوں سے خداتعالیٰ نے انسان کو روکا ہے اسی میں اس کی ترقی ہے اور ہمیشگی ہے۔ چور چوری کرتا ہے تو یہی سمجھتا ہے کہ بغیر دوسرے کا مال لینے کے میں آرام سے نہیں رہ سکتا۔ رشوت لینے والا رشوت لیتا ہے تو یہی سمجھتا ہے کہ بغیر رشوت لینے کے مجھے ترقی نصیب نہیں ہو سکتی اور میں بڑا نہیں بن سکتا۔ اور لوگوں کا مال کھانے سے ہی مجھے دیر تک دنیا میں رہنے کا موقعہ ملے گا۔
اور (شیطان نے) ان سے قسمیں کھا کھا کر کہا کہ میں تم دونوں کا خیر خواہ ہوں۔
پھر ان دونوں کو دھوکا دے کر اپنے مقام سے ہٹا دیا۔ پھر جب ان دونوں نے اس (ممنوعہ) درخت سے (کچھ) چکھ لیا تو ان کے ننگ ان پر ظاہر ہو گئے اور وہ لگے جنت کی زینت[1] کے سامانوں کو اپنے اوپر چمٹانے۔ اور ان دونوں کو ان کے رب نے بلایا[2]۔ (اور کہا) کیا میں نے تم دونوں کو اس درخت سے منع نہیں کیا تھا اور یہ نہیں کہا تھا کہ شیطان تم دونوں کا کھلا کھلا دشمن ہے۔
[1] یعنی جب انسان بدی کا ارتکاب کر چکتا ہے تو اس کی ضمیر اس کو بتاتی ہے کہ دیکھ تو کتنا کمزور تھا اس کام نے تجھے کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔ اور اگر تو یہ کام نہ کرتا، تو تیرا کوئی خاص نقصان نہیں تھا۔ تب انسان کو ہوش آتی ہے اور جنت کی زینت کے سامانوں یعنی ان اعمال سے جن کی وجہ سے انسان جنت میں جاتا ہے وہ اپنی بدیوں کو ڈھانپنے کی کوشش کرتا ہے اور توبہ سے اپنے گناہوں کو دھوتا ہے۔ قرآن کریم میں وَرَقِ الْجَنَّۃ کے لفظ ہیں جس کے معنے مفسرین نے غلطی سے پتہ کے کیے ہیں حالانکہ اس کے معنے زینت کے بھی ہیں اور یہی ہم نے کیے ہیں۔ مطلب یہ کہ جن کاموں سے جنت میں زینت ملتی ہے۔ وہ کام آدمؑ اور حَوَّا نے کرنے شروع کیے تاکہ ان کی کمزوریاں چھپ جائیں۔
[2] یہ مرادنہیں کہ بدی کرنے والے لوگوں کو واقعہ میں کوئی لفظی الہام ہوتا ہے۔ بلکہ مراد یہ ہے کہ جب انسان کے دل میں شرم اور ندامت پیدا ہوتی ہے تو اس کی فطرت صحیحہ اس کو بتاتی ہے کہ جو کچھ خداتعالیٰ نے کہا تھا وہ سچ تھا۔ اور جو کچھ اس نے کیا ہے وہ غلط تھا۔ تب وہ دعاؤں اور استغفار میں لگ جاتا ہے اور خدا کا فضل حاصل کر لیتا ہے۔
ان دونوں نے کہا، اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا اور اگر تو ہم کو نہ بخشے گا اور ہم پر رحم نہ کرے گا تو ہم نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔