۸۔ سورۃ الأنفال
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(اے رسول)! لوگ تجھ سے اموال غنیمت کے متعلق سوال کرتے ہیں تو (ان سے) کہہ دے کہ اموال غنیمت اللہ اور اس کے رسول کے ہیں پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور آپس میں اصلاح کی کوشش کرو اور اگر تم مومن ہو تو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔
مومن تو صرف وہی ہیں کہ جب (ان کے سامنے) اللہ کا ذکر کیا جائے تو ان کے دل ڈر جائیں اور جب ان کے سامنے اس کی آیات پڑھی جائیں تو وہ ان کے ایمان کو بڑھا دیں۔ نیز (مومن وہ ہیں) جو اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔
(اسی طرح حقیقی مومن وہ ہیں) جو نمازوں کو (شرائط کے مطابق) ادا کرتے ہیں۔ اور جو (کچھ) ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔
یہ (مذکورہ بالا صفات رکھنے والے) ہی سچے مومن ہیں ان کے رب کے پاس ان کے لئے (بڑے بڑے) مدارج اور بخشش کا سامان اور معزز رزق ہے۔
یہ (انعام ان پر) اس وجہ[1] سے (ہوگا) کہ تجھ کو تیرے رب نے تیرے گھر سے ایک خاص مقصد کے ماتحت نکالا ہے اور مومنوں میں سے ایک فریق اسے بہت ہی ناپسند[2] کرتا تھا۔
[1] کَمَا، لِمَا کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے (محیط) اور وہی معنے اس جگہ مناسب ہیں۔
[2] اس آیت سے مسیحیوں کے وہ اعتراض دور ہو جاتے ہیں کہ مسلمان غنیمت کی لالچ میں حملے کرتے تھے۔ کیونکہ قرآن کریم کہتا ہے کہ مومن گو لڑائی سے ڈرتے نہ تھے مگر خون خرابے کی وجہ سے اس سے نفرت کرتے تھے۔
وہ[2] تجھ سے حق ظاہر ہونے کے بعد اس طرح بحث کرتے ہیں گویا (اسلام کی دعوت سے) ان کو موت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے اور (یوں معلوم ہوتا ہے کہ) وہ (اس موت کو آنکھوں سے) دیکھ رہے ہیں۔
[2] یعنی کفار۔ کیونکہ مومن تو لڑائی کو ناپسند کرنے کے باوجود خدا کے حکم کو ماننے کے لئے تیار تھے جیسا کہ اوپر کی آیت سے اور دوسری آیتوں سے ثابت ہے۔ مفسرین نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ صحابہؓ جہاد کے حکم پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے شدید بحث کرتے تھے کہ یہ حکم کیوں ملا۔ مگر یہ قرآن کریم اور تاریخ سے غلط معلوم ہوتا ہے۔
اور (اس وقت کو یاد کرو) جبکہ اللہ تم سے دو گروہوں میں سے ایک کا وعدہ کرتا تھا کہ وہ تم کو دیا جائے گا اور تم چاہتے تھے کہ وہ گروہ جس کے پاس ہتھیار نہیں ہیں تم کو ملے اور اللہ چاہتا تھا کہ وہ حق کو اپنے احکام کے ذریعہ سے پورا کردے اور کافروں کی جڑ کاٹ دے۔
تا کہ وہ اس طرح حق کو قائم کر دے اور باطل کو تباہ کر دے خواہ مجرم اسے ناپسند ہی کیوں نہ کرتے ہوں۔
(اور اس وقت کو بھی یاد کرو) جبکہ تم اپنے رب سے التجائیں کرتے تھے۔ اس پر تمہارے رب نے تمہاری دعاؤں کو سنا (اور کہا کہ) میں تمہاری مدد ہزاروں فرشتوں سے کروں گا جن کا لشکر کے بعد لشکر بڑھ رہا ہوگا۔
اور اللہ نے اس خبر کو محض ایک بشارت[3] کے طور پر نازل کیا تھا تا کہ اس کے ذریعہ سے تمہارے دل مطمئن ہو جائیں اور مدد صرف اللہ کے پاس سے آتی ہے (فرشتے تو محض ایک علامت ہیں) اللہ یقیناً بہت غالب (اور) حکمت والا ہے۔
[3] یعنی یہ مرادنہ تھی کہ سچ مچ فرشتے ان کفار سے جنگ کریں گے۔ بلکہ فرشتوں کی مدد اگر کشف میں دیکھی جائے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ خداتعالیٰ مدد کرے گا اور اس طرح مومن کو بشارت مل جاتی ہے۔
(یہ نشان اس وقت ظاہر ہوا) جبکہ خدا[1] (اپنی طرف سے) امن اور تسکین کی خوشخبری دینے کے لئے تم پر اونگھ نازل کر رہا تھا اور تم پر بادلوں سے پانی اتار رہا تھا تا کہ اس کے ذریعہ سے تمہیں[2] پاک کردے اور شیطان کی گندگی (یعنی اس کے خوف) کو تم سے دور کر دے اور تا کہ تمہارے[3] دلوں کو مضبوط کرے اور اس (بارش) کے ذریعہ سے تمہارے قدموں کو مضبوط کردے۔
[1] ضمیر کی بجائے ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے۔
[2] یہ بدر کی جنگ کا واقعہ ہے اور بدر کے موقعہ پر مومنوں اور کافروں کے درمیان ریت کا ایک میدان تھا جس کے پرے چکنی مٹی تھی۔ بارش سے ریت دب گئی۔ جب مسلمانوں نے ان پر حملہ کیا تو ان کے پاؤں خوب جمے رہے اور کافروں کی مدد جب پیچھے کی طرف سے آئی تو پھسلتے میدان میں ان کے پاؤں پھسلتے تھے اور مدد نہ پہنچ سکتی تھی۔ اسی طرح جب مومن حملہ کرتے تو کفار بھاگتے ہوئے میدان کی پھسلن میں پھنس جاتے۔
[3] رَبَطَ عَلٰی قَلْبِہٖ کے معنے ہوتے ہیں قَوَّاہُ وَ صَبَّرَہٗ دل کو مضبوط کیا اور شدائد برداشت کرنے کی توفیق دی۔ (اقرب)