۸۔ سورۃ الأنفال

تفسیر صغیر, حصہ 2

(یہ وہ وقت تھا) جب تیرا رب ملائکہ کو بھی وحی کر رہا تھا کہ میں تمہارے ساتھ ہوں پس مومنوں کو ثابت قدم بناؤ۔ میں کفار کے دلوں میں رعب ڈالوں گا۔ پس (اے مومنو)! تم ان کی گردنوں پر حملے کرتے جاؤ اور ان کی پورپور پر ضربیں لگاتے جاؤ۔

یہ اس لئے ہوگا کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کی ہے اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کرتا ہے (اسے سمجھ لینا چاہیئے کہ) اللہ بڑی سخت سزا [4]دینے والا ہے۔

[4] اس کے یہ معنے نہیں کہ اللہ تعالیٰ کی جو سزائیں ہیں ان میں سے وہ سب سے زیادہ سخت سزا نازل کرتا ہے بلکہ یہ مراد ہے کہ اللہ تعالیٰ کی سب سزائیں سخت ہوتی ہیں۔

(اے لوگو)! (سنو! اللہ کی سزا) ایسی ہی ہوتی ہے پس اسے چکھو اور (یاد رکھو کہ) کافروں کو یقیناً آگ کا عذاب پہنچنے والا ہے۔

اے مومنو! جب تم کفار سے ایک لشکر کی صورت میں ملو، تو کبھی ان کو پیٹھ نہ دکھایا کرو۔

اور جو کوئی ایسے موقعہ پر پیٹھ دکھائے گا سوائے اس کے کہ لڑائی کے لئے جگہ بدل رہا ہو یا کسی (مسلمان) گروہ کی طرف (اس کی مدد کے لئے) جا رہا ہو، تو وہ اللہ کا غضب لے کر لوٹے گا اور اس کا ٹھکانا جہنم ہوگا اور رہنے کے لحاظ سے وہ جگہ بہت بری ہے۔

پس (یاد رکھو کہ) ان (کافروں) کو تم نے نہیں مارا تھا بلکہ ان کو اللہ نے مارا تھا۔ اور جب تو نے پتھر پھینکے[1] تھے تو تو نے نہیں پھینکے تھے بلکہ اللہ نے پھینکے تھے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس کے ذریعہ سے مومنوں پر ایک بڑا احسان کیا اور اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

[1] بدر کے موقعہ پرجب مسلمانوں کے قلیل لشکر پر کفار کے بڑے لشکر کا ریلا ہوا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چھوٹے کنکروں کی ایک مٹھی بھری اور کفار کی طرف پھینکی۔ خدا کے حکم سے اسی وقت آپ کی پیٹھ کی طرف سے تیز ہوا چلی اور سب کنکر اڑ کر کفار پر گرے اور ان کی آنکھیں کنکریلی ریت کے بھر جانے سے دیکھنے سے قاصر رہ گئیں۔ یہ اسی کی طرف اشارہ ہے۔

یہ (امر) اسی طرح ہوگا (جس طرح ہم نے کہا تھا) اور اللہ یقیناً کافروں کی تدبیر کو کمزور کرنے والا ہے۔

(اے کفار مکہ)! اگر تم فتح کا نشان مانگتے تھے تو لو تمہارے پاس فتح آگئی اور اگراب بھی تم باز آجاؤ تو یقیناً یہ تمہارے لئے اچھا ہوگا اور اگر تم (شرارت کی طرف) لوٹو تو ہم بھی (سزا کی طرف) لوٹیں گے اور تمہارا جتھا خواہ وہ کتنا ہی مضبوط ہو ہرگز تمہیں کوئی فائدہ نہیں دے گا اور اللہ یقیناً مومنوں کے ساتھ ہے۔

اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، اور ان میں سے کسی سے منہ نہ پھیرو، اس حالت میں کہ تم (اس کا حکم) سن رہے ہو۔

اور ان لوگوں کی طرح مت بنو جنہوں نے یہ کہا تھا کہ ہم سنتے ہیں، مگر وہ سنتے نہیں۔

اللہ کے نزدیک حیوانات سے بھی بدتر وہ لوگ ہیں جو بہرے اور گونگے ہیں جو کچھ بھی عقل نہیں رکھتے۔

اور اگر اللہ ان (کفار) میں کوئی بھی خیر دیکھتا تو ان کو (قرآن) سنا دیتا اور اگر ان کو (موجودہ حالت میں قرآن) سنا دیتا تب بھی وہ پیٹھ پھیر دیتے اور (قرآن سے) روگردانی اختیار کرتے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی