۸۔ سورۃ الأنفال

تفسیر صغیر, حصہ 7

وہ لوگ جو کہ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے ہجرت کی ہے اور اللہ کے راستہ میں اپنی جانوں اور مالوں کے ذریعہ سے جہاد کیا ہے اور جنہوں نے (ہجرت کرنے والوں کو اپنے گھروں میں) جگہ دی ہے اور (ان کی) مدد کی ہے ان میں سے بعض بعض کے دلی دوست ہیں اور وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں اور انہوں نے ہجرت نہیں کی ان سے دلی دوستی کرنا تمہارا کام نہیں جب تک کہ وہ ہجرت نہ کریں اور اگر وہ تم سے دین کے بارہ میں مدد مانگیں تو تم پر ان کی مدد کرنا فرض ہے مگر اس قوم کے خلاف نہیں کہ جن کے اور تمہارے درمیان کوئی عہد ہو اور اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ رہا ہے۔

اور جن لوگوں نے کفر کیا ہے وہ آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں اگر تم وہی کچھ نہ کرو جس کا ہم نے حکم دیا ہے تو زمین میں بڑا فساد اور فتنہ پیدا ہو جائے گا۔

اور وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے ہجرت کی ہے اور جنہوں نے اللہ کے راستہ میں جہاد کیا ہے اور جنہوں نے (ہجرت کرنے والوں کو) اپنے گھروں میں جگہ دی ہے اور (ان کی) مدد کی ہے وہی سچے مومن ہیں ان کو گناہوں کی معافی بھی حاصل ہوگی، اور معزز رزق ملے گا۔

اور جو لوگ (موجودہ وقت) کے بعد ایمان لائیں گے اور ہجرت بھی کریں گے اور تمہارے ساتھ مل کر جہاد کریں گے وہ بھی تمہاری جماعت میں سے سمجھے جائیں گے اور بعض رحمی رشتہ دار بعض کی نسبت اللہ کی کتاب کی رو سے زیادہ قریبی ہوتے ہیں۔ اللہ ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی