۸۔ سورۃ الأنفال
تفسیر صغیر, حصہ 6
اور (اے مسلمانو! چاہیے کہ) تم ان (لڑنے والوں) کے لئے جس حد تک ممکن ہو، اپنی طاقتیں جمع کرو (ملکی انتظام کے ذریعہ سے بھی) اور سرحدوں پر چھاؤنیاں بنانے کے ذریعہ سے بھی ان (چھاؤنیوں) کے ذریعہ تم اللہ کے دشمنوں اور اپنے دشمنوں کو ڈراتے ہو۔ اور ان کے سوا اور (دشمنوں) کو بھی جو ان (سرحدی دشمنوں) کے پرے ہیں تم ان کو نہیں جانتے[1] لیکن اللہ ان کو جانتا ہے اور تم جو کچھ بھی اللہ کے راستہ میں خرچ کرو گے وہ تم کو اس کا پورا پورا اجر دے گا اور تم سے بے انصافی کا معاملہ نہیں کیا جائے گا۔
[1] اس میں قیصر و کسریٰ کے لشکروں کی طرف اشارہ ہے اور بتایا گیا ہے کہ تمہارا کام صرف عرب کے قبائل کو نصیحت دینا نہیں بلکہ قیصر و کسریٰ کے لشکروں سے بھی تمہارا مقابلہ ہوگا۔ ان کے دلوں پر بھی رعب قائم کرنا چاہیے۔
اور (اگر تمہاری تیاریوں کو دیکھ کر) وہ (کافر) صلح کی طرف مائل ہوں تو (اے رسول)! تو بھی صلح کی طرف مائل ہو اور اللہ پر توکل کر[2]۔ اللہ یقیناً بہت دعائیں سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
[2] تم اس خیال سے نہ ڈرو کہ وہ کہیں بعد میں دھوکہ نہ دیں۔
اور اگر وہ اس بات کا ارادہ رکھتے ہوں کہ بعد میں تجھے دھوکا دیں تو (یاد رکھ کہ) اللہ تیرے لئے یقیناً کافی ہے وہی ہے جس نے تجھ کو مومنوں کے ذریعہ اور اپنی مدد کے ذریعہ مضبوط کیا۔
اور ان کے دلوں کو آپس میں باندھ دیا (یہاں تک کہ صحابہ تیرے پسینہ کی جگہ اپنا خون بہانے کے لئے تیار ہو گئے) اگر تو جو کچھ بھی زمین میں ہے ان پر خرچ کر دیتا تو بھی ان کے دلوں کو اس طرح باندھ نہیں سکتا تھا۔ لیکن اللہ نے ان میں باہمی محبت (اور تیرے ساتھ بھی محبت) قائم کر دی وہ یقیناً غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔
اے نبی! اللہ اور وہ مومن جو تیرے تابع ہو گئے ہیں تیرے لئے کافی ہیں (جو مخالف ہیں ان کی پروا نہ کر)۔
اے نبی! مومنوں کو (کافروں سے) لڑنے کی باربار زور سے تحریک کرتا[1] رہ اگر تم میں[2] سے بیس (۲۰) ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں گے تو وہ دو سو (کافروں) پر غالب آجائیں گے اور اگر سو (ثابت قدم رہنے والے مومن) ہوں گے تو وہ ایک ہزار کافروں پر غالب آجائیں گے کیونکہ وہ ایسی قوم ہیں جو سمجھتے نہیں (جبکہ مومن سمجھ بوجھ کر اپنے ایمان پر قائم ہیں)۔
[1] حَرِّضْ چونکہ باب تفعیل سے امر کا صیغہ ہے جو حَرَضَ سے زیادہ شدت کا پہلو اپنے اندر رکھتا ہے اس لئے حَرِّض کا ترجمہ ’’باربار زور سے تحریک کرتا رہ‘‘ کیا گیا ہے۔
[2] فرماتا ہے کہ مومن دس گُنا کافروں پر غالب آئیں گے کیونکہ اس وقت تک ان کا ایمان بڑھ چکا ہوگا اور خداتعالیٰ کے وعدے بھی پورے ہو چکے ہوں گے۔ لیکن یہ بعد میں ہوگا سردست ان کے ایمان اور اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے مدنظر ان کو دُگنے دشمنوں پر غلبہ ملے گا۔
ابھی اللہ نے تم سے بوجھ کو ہلکا کر دیا ہے اور جان لیا ہے کہ تم میں ابھی کچھ کمزوری ہے (یعنی سب مومن انتہائی درجہ کے مومن نہیں ہوچکے) پس چاہیے کہ اگر تم میں سے سو ثابت قدم رہنے والے (مومن) ہوں تو دو سو (کافروں) پر غالب[3] آجائیں اور اگر تم میں سے ہزار ثابت قدم رہنے والے مومن ہوں تو دو ہزار (کافروں) پر اللہ کے حکم سے غالب آجائیں اور اللہ ثابت قدم رہنے والے لوگوں کے ساتھ ہے۔
[3] یہ حکم ایمان پر مبنی ہے اس لئے ایمان کے ساتھ بڑھتا رہتا ہے۔ قیصر و کسریٰ کی جنگوں میں مسلمانوں نے دس گُنے چھوڑ اسّی اور سو گُنے دشمن کو شکست دی تھی۔ اس لئے کہ انہوں نے صحابہؓ کا زمانہ بھی دیکھا تھا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعدنئے نئے نشان بھی دیکھے تھے۔
کسی نبی کی یہ شان نہیں کہ وہ قیدی بنائے۔ جب تک کہ وہ ملک میں خون ریزی نہ کرلے[1]۔ (اگر تم بغیر باقاعدہ جنگ کے قیدی پکڑو۔ تو) تم دنیوی اموال کے طالب قرار پاؤ گے۔ حالانکہ اللہ تمہارے لئے آخرت کی نعمتیں چاہتا ہے اللہ بڑا غالب (اور) بڑی حکمتوں والا ہے۔
[1] اس سے یہ مرادنہیں کہ نبی خون ریزی کرے۔ کیوں کہ اس کے خلاف قرآن میں تعلیم پائی جاتی ہے اس آیت کا صرف یہ مطلب ہے کہ دشمنوں کے حملوں کے نتیجہ میں وہ خونریزی پر مجبور ہو جائے۔ تو پھر قیدی بنائے۔ ورنہ نہیں غرض زیادہ زور اس بات پر ہے کہ بغیر خون ریز جنگ کے قیدی پکڑنے ناجائز ہیں دو قوموں میں شدید جنگ ہو تو اس کے بعد قیدی پکڑنے جائز ہو سکتے ہیں۔
(اور) اگر اللہ کی طرف سے ایک حکم صریح[2] پہلے سے نہ گزر چکا ہوتا تو جو کچھ تم نے (قیدیوں کا) فدیہ لیا تھا اس کی وجہ سے تم کو بڑا عذاب پہنچتا۔
[2] یعنی پہلے سے فدیہ لینا جائز قرار دیا جا چکا ہے اس لئے جو مفسر لکھتے ہیں کہ فدیہ لینے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر خفا ہوا، وہ سخت غلطی پر ہیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی کام کیا جس کا خداتعالیٰ نے آپ کو حکم دیا تھا۔
پس (چونکہ فدیہ کے جواز کا حکم پہلے سے اتر چکا ہے) جو کچھ تم کو غنیمت میں سے ملے اور (وہ الٰہی حکم کے ماتحت) حلال اور طیب ہو اسے کھاؤ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اے نبی! جو لوگ تمہارے ہاتھوں میں (جنگی) قیدیوں کی حیثیت میں ہیں ان سے کہہ دے کہ اگر اللہ تمہارے دلوں میں نیکی دیکھے گا تو جو کچھ تم سے (تاوان جنگ کے طور پر) لیا گیا ہے اس سے بہتر تم کو دے دے گا اور (علاوہ ازیں) تمہارے گناہ بھی معاف کر دے گا اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور اگر وہ (آزاد ہونے پر) تجھ سے خیانت کرنے کا ارادہ کریں تو اس سے پہلے وہ اللہ سے بھی خیانت کر چکے ہیں پھر بھی اس نے ان کو تمہارے قبضہ میں دے دیا اور اللہ بہت جاننے والا (اور) بڑی حکمت والا ہے۔