۹۔ سورۃ التوبة
تفسیر صغیر
اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے (ان آیات میں) ان مشرکوں (کے الزام) سے براءت[1] کا اعلان کیا جاتا ہے جن سے تم نے شرط باندھی تھی (کہ تمہاری فتح ہوگی اور ان کی شکست)۔
[1] اس جگہ جو بَرَآءَۃٌ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے اس کے عربی میں دو معنے ہیں۔بَرَآءَۃٌ کے ایک معنے بیزاری کے ہوتے ہیں اور ایک معنے الزام کو دور کرنے کے ہوتے ہیں۔ جن لوگوں کو اس آیت کے معنے سمجھنے میں غلطی لگی ہے وہ بَرَآءَۃٌ کے معنے صرف بیزاری کے کرتے ہیں حالانکہ لغت میں اس کے ایک دوسرے اور اہم معنے یہ بھی ہیں کہ الزام سے آزاد ہو جانا اور یہی معنے اس جگہ چسپاں ہوتے ہیں۔
جیسا کہ آیت کے مضمون سے واضح ہے مکہ والوں کو بتایا گیا ہے کہ تم لوگ یہ اعتراض کیا کرتے تھے کہ محمد رسول اللہ کا دعویٰ تو یہ ہے کہ میں مکی نبی ہوں جس کی پیشگوئی حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کی تھی، مگر یہ تو مدینہ چلا گیا ہے پھر یہ پیشگوئی کس طرح پوری ہوئی۔ چونکہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قرآن کے ذریعہ بھی اور زبانی بھی فرمایا کرتے تھے کہ مکہ دوبارہ مسلمانوں کے ہاتھ میں دیا جائے گا اور یہ پیشگوئی پوری ہوگی کہ میں مکہ کا نبی ہوں، اس لئے اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ اب خداتعالیٰ نے عرب کو فتح کرکے جس کے بغیر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں نہیں آسکتے تھے اس اعتراض کو دور کر دیا ہے جو مکہ والے کیا کرتے تھے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھی اس الزام سے بری ہو چکے ہیں۔
اس سورۃ کی آیت نمبر ۳ و ۵ و ۱۳ میں جو مشرکین سے جنگ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اس میں ان پر کسی قسم کی ناجائز تعدّی نہیں کی گئی۔ کیونکہ اس سورۃ کے ابتدا میں ہی یہ آتا ہے کہ اِلَّا الَّذِیْنَ عَاھَدْتُّمْ مِّنَ الْمُشْرِکِیْنَ ثُمَّ لَمْ یَنْقُصُوْکُمْ شَیْئًا وَّلَمْ یُظَاھِرُوْا عَلَیْکُمْ اَحَدًا فَاَتِمُّوْٓا اِلَیْھِمْ عَھْدَھُمْ اِلٰی مُدَّتِھِمْ اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الْمُتَّقِیْنَ (التوبۃ: ۴) یعنی جن لوگوں سے تم نے عہد کیا ہوا ہے تم نے ان کے عہد کو نہیں توڑنا، بلکہ ان کے عہد کو اس کی میعاد تک پورا کرنا ہے لیکن ان معاہد مشرکین کے علاوہ جو لوگ تم سے برسر پیکار ہیں اور انہوں نے ابھی تک ہتھیار نہیں ڈالے ان سے اس وقت تک جنگ جاری رکھنا ضروری ہے جب تک وہ جنگ ترک نہ کردیں اور اپنے ہتھیار نہ ڈال دیں اور یہ اصول تمام دنیا کے نزدیک مسلمہ ہے۔ پس اگر اس سورۃ میں یہ کہا گیا ہے کہ جنگ کرنے والوں سے تم اس وقت تک جنگ جاری رکھو جب تک کہ وہ جنگ بندنہ کر دیں یا تم سے صلح اور امن کا معاہدہ نہ کرلیں تو یہ عین انصاف ہے اس میں ظلم کی کوئی تعلیم نہیں دی گئی۔
چنانچہ ملک عرب میں چار مہینے پھر کر دیکھ لو اور جان لو کہ تم اللہ کو ہرا نہیں سکتے اور یہ (بھی جان لو) کہ اللہ کفار کو رسوا کرکے چھوڑے[2] گا۔
[2] اس آیت میں جن لوگوں کو چار ماہ کی مہلت دی گئی ہے اس سے مراد وہ مشرکین ہیں جنہوں نے مسلمانوں سے کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔ اور انہوں نے مسلمانوں کے خلاف عملاً جنگ جاری رکھی تھی اور جو لوگ ایسے ہوں ان کا کوئی حق نہیں تھا کہ وہ عرب میں رہتے کیونکہ وہ لڑائی کرنے والے تھے اور لڑائی کرنے والوں کو دنیا کی کوئی حکومت اپنے ملک میں نہیں رہنے دیتی۔ یہاں کسی شخص کو شبہ ہو سکتا ہے کہ مکہ والوں کو چار مہینے کے بعدنکلنے کا حکم کیوں دیا گیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا حکم قرآن میں کہیں نہیں، بلکہ چار مہینے کی اجازت کا ذکر ہے کہ چار مہینے تک پھر کر دیکھ لو کہ عرب پر اسلامی حکومت قائم ہو چکی ہے اور تمہارے جو اعتراضات تھے وہ سب غلط ثابت ہو گئے ہیں۔ باقی رہا یہ کہ اس کے بعد کیا ہوگا اس کا قرآن کریم میں کوئی ذکر نہیں۔ لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اگر فرض کیا جائے کہ ان کے نکالنے کا حکم تھا تب بھی جن لوگوں کو نکالنے کا حکم تھا یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہؓ کو مکہ سے نکالا تھا، حالانکہ وہ بھی مکہ کے شہری تھے۔ پس یہ حکم کوئی ظلم نہیں بلکہ جو کچھ انہوں نے کیا تھا ویسا ہی ان کے ساتھ معاملہ کیا گیا ہے۔
پھر یہ بھی تو دیکھنا چاہیے کہ ان مشرکین کی اولاد کو خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ میں رہنے کی اجازت دی تھی۔ چنانچہ ابوجہل جو سب سے بڑا مشرک اور دشمنِ اسلام تھا فتح مکہ کے موقعہ پر اس کے بیٹے عکرمہ نے بھاگ کر ایبے سینیا جانے کا ارادہ کیا تو اس کی بیوی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور اس نے کہا یا رسول اللہ آپ کا بھائی یعنی قومی بھائی آپ کے ملک میں رہے تو اچھا ہے یا عیسائیوں کے ملک میں چلا جائے تو اچھا ہے؟ آپ نے فرمایا میں نے تو اسے کوئی نہیں نکالا۔ اس نے کہا یا رسول اللہ وہ ڈر کے مارے چلا گیا ہے کیا میں اسے واپس لے آؤں؟ آپ نے فرمایا، لے آؤ۔ پھر اس نے کہا یا رسول اللہ! وہ بڑا باغیرت آدمی ہے وہ اس بات کو پسند نہیں کرے گا کہ جب تک اس کی سمجھ میں نہ آئے وہ زبردستی اسلام قبول کرے۔ کیا وہ مشرک رہتے ہوئے بھی آپ کی حکومت کے نیچے رہ سکتا ہے؟ آپ نے فرمایا، ہاں رہ سکتا ہے۔ تب وہ گئی اور عکرمہ کو سمجھا کر لے آئی۔ پہلے تو اس نے اعتبار نہ کیا مگر پھر بیوی کے اصرار پر آگیا۔ جب وہ آیا تو اس کی بیوی اسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے گئی۔ اس نے کہا یا رسول اللہ میری بیوی کہتی ہے کہ آپ نے مجھے مکہ میں رہنے کی اجازت دی ہے کیا یہ ٹھیک ہے؟ آپ نے فرمایا ٹھیک ہے۔ پھر اس نے کہا، یا رسول اللہ جب تک اسلام میری سمجھ میں نہیں آتا میں اسلام قبول نہیں کروں گا، کیا غیر مسلم اور مشرک ہونے کی حیثیت میں بھی مجھے مکہ میں رہنے کی اجازت ہوگی؟ آپ نے فرمایا ہاں۔ اس پر وہ بے اختیار بولا کہ لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ آپ نے فرمایا یہ کیا؟ تم تو ابھی کہہ رہے تھے کہ اسلام ابھی میری سمجھ میں نہیں آیا۔ اس نے کہا یا رسول اللہ آپ نے جو اپنے ابتدائی اور سب سے بڑے دشمن اسلام کے بیٹے سے یہ سلوک کیا ہے کہ وہ مشرک رہتے ہوئے بھی مکہ میں رہ سکتا ہے یہ سوائے خدا کے رسول کے اور کوئی نہیں کر سکتا۔ پس آپ کے اس فیصلہ سے میرا دل صاف ہو گیا ہے اور میں نے سمجھ لیا ہے کہ آپ خداتعالیٰ کے سچے رسول ہیں۔
یہ واقعہ بتاتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی یہی سمجھتے تھے کہ اس سورۃ کا یہ مطلب نہیں کہ مشرکین کو عرب سے نکال دیا جائے، بلکہ صرف شریر کفار کو نکالنے کا حکم ہے۔ جو کفار اس بات پر آمادہ ہوں کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ محبت سے رہیں گے ان کو نکالنے کا کہیں حکم نہیں۔ اول: - قرآن کے الفاظ اور دوم: - رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل ثابت کرتا ہے کہ اس سورۃ میں کفار کے جبری نکالنے کا کوئی حکم نہیں، بلکہ زیادہ سے زیادہ ایسے لوگوں کو نکالنے کا حکم ہے جو شریر ہوں اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں جاری رکھنے والے ہوں۔ اور ایسے لوگوں کو دنیا کی ہر حکومت نکالتی ہے اور اس میں کسی قسم کا حرج نہیں سمجھتی۔ یہ فعل ان کا اپنا ہوتا ہے اور ہر شخص اپنے فعل کا آپ ذمہ وار سمجھا جاتا ہے۔
اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے تمام لوگوں میں حج اکبر[1] کے دن یہ اعلان (کیا جاتا) ہے کہ اللہ اور (اسی طرح) اس کا رسول بھی مشرکوں (کے سب الزاموں) سے بری ہو چکے ہیں (اور مکہ فتح ہو چکا ہے) سو اگر (اس نشان کو دیکھ کر) تم توبہ کرو تو یہ تمہارے لئے بہتر ہوگا اور اگر تم پیٹھ پھیر لو تو جان لو کہ تم ہرگز اللہ کو ہرا نہیں سکتے اور تو کفار کو خبر دے دے کہ ان کے لئے (ایک) دردناک عذاب (مقدر) ہے۔
[1] حَجِّ اَکبر عام طور پر اُس حج کو کہتے ہیں جو جمعہ کو ہو۔ مگر اس جگہ مراد اُس حج سے ہے جو فتح مکہ کے دوسرے سال ہوا اور اسے حَجِّ اَکبرِ اس لئے کہا گیا ہے کہ پہلے سالوں میں حج کفار کی حکومت میں ہوتے تھے، مگر یہ پہلا حج تھا جو اسلامی حکومت میں ہوا۔
ہاں مشرکوں میں سے جن سے تم نے عہد کیا ہے پھر انہوں نے تم سے (بالکل) عہد شکنی نہیں کی، اور تمہارے خلاف کسی کی مدد نہیں کی تم ان کے عہد کو ان (عہدوں) کی مدت (مقررہ) تک نباہو (اور ان کو ملک سے نہ نکالو) اللہ یقیناً متقیوں کو پسند کرتا ہے۔
پس جب وہ چار[2] مہینے گزر جائیں جن میں (عرب کے کافروں سے اوپر کی آیات میں) لڑائی سے منع کیا گیا تھا (مگر پھر بھی وہ معاہدہ کی طرف راغب نہیں ہوئے حالانکہ وہ اس سے پہلے مسلمانوں سے لڑ رہے تھے) تو مشرکوں کے اس خاص گروہ کو جہاں بھی پاؤ قتل کرو۔ اور ان کو گرفتار کرلو اور ان کو (ان کے قلعوں میں) محصور کر دو اور ہر گھات کی جگہ پر ان کے لئے بیٹھو۔ پس اگر وہ توبہ کریں اور نماز قائم کریں اور زکٰوۃ دیں تو انکا راستہ کھول[3] دو اللہ یقیناً بڑا بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
[2] یعنی مقررہ چار مہینے جن میں ان کو ملک میں پھرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
[3] اس سے یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ کفار سے اس وقت تک لڑنا چاہیے جب تک کہ وہ مسلمان نہ ہو جائیں کیونکہ اس جگہ عام کفار کا ذکر نہیں بلکہ ان کفار کا ذکر ہے جو آٹھ سال تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے لڑتے رہے اور مکہ فتح ہو جانے پر بھی معاہدہ کرنے کی طرف توجہ نہ کی۔
اور مشرکوں سے اگر کوئی تجھ سے پناہ مانگے تو اس کو پناہ دے یہاں تک کہ وہ اللہ کا کلام سن لے۔ پھر اس کو اس کے امن کی جگہ تک پہنچا دے۔ کیونکہ وہ ایسی قوم ہے جو (حقیقت کو) نہیں جانتی۔
اللہ اور اس کے رسول مشرکوں سے کس طرح عہدوپیمان کر سکتے ہیں[1]۔ سوائے ان (مشرکوں[2]) کے جن کے ساتھ تم نے مسجد حرام کے پاس عہد کیا تھا۔ پس جب تک وہ (تمہارے مقابلہ پر) اپنے عہد پر قائم رہیں، تم بھی ان کے ساتھ معاہدہ پر قائم رہو۔ اللہ (عہد توڑنے سے) بچنے والوں کو ہی پسند کرتا ہے۔
[1] مکہ والے مشہور کرتے تھے کہ فتح مکہ کے موقعہ پر سب کفار کو معافی مل گئی ہے اور ان سے معاہدہ ہو گیا ہے۔ قرآن کریم کہتا ہے کہ یہ جھوٹ ہے جب تک وہ خودنیچے ہو کر معاہدہ کی درخواست نہ کریں ان سے عہد ہو کس طرح سکتا ہے۔
[2] یعنی ان مشرکوں سے عہد قائم ہے جنہوں نے صرف فتح مکہ کو معاہدہ قرار نہیں دیا تھا بلکہ درخواست کرکے اپنے لئے امن کا اعلان کروایا تھا۔
(ہاں اس قسم کے مشرکوں کو کوئی رعایت) کس طرح (دی جا سکتی ہے) کیونکہ وہ اگر تم پر غالب آجائیں تو تمہاری کسی رشتہ داری یا معاہدہ کی پروا نہیں کریں گے وہ تم کو اپنے منہ (کی باتوں) سے خوش رکھتے ہیں۔ حالانکہ ان کے دل (ان باتوں سے) انکار کرتے ہیں اور ان میں سے اکثر عہد و پیمان کو توڑنے والے ہوتے ہیں[3]۔
[3] یہ خیالی بات نہیں بلکہ اسلامی تاریخ کا صفحہ صفحہ اس پر شاہد ہے۔
انہوں نے اللہ کی آیات کے بدلہ میں ایک حقیر سی قیمت وصول کی ہے اور اس کے راستہ سے (لوگوں کو) روکا ہے۔ یقیناً ان کے اعمال بہت برے ہیں۔
کسی مومن کے بارہ میں بھی وہ رشتہ داری کا لحاظ نہیں کرتے اور نہ عہدو پیمان کا۔ اور وہ حد سے بڑھے ہوئے ہیں۔
پس اگر وہ توبہ کر لیں، اور نمازوں کو قائم کریں اور زکٰوۃ دیں تو دین میں تمہارے بھائی ہیں اور ہم (اپنی) آیات کو علم والی قوم کے لئے کھول کھول کر بیان کرتے ہیں۔
اور اگر (یہ لوگ) اپنے عہد و پیمان کے بعد اپنی قسموں کو توڑ دیں اور تمہارے دین پر طعنہ[1] کریں، تو (ایسے) سردارانِ کفر سے لڑائی کرو۔ تا کہ وہ شرارتوں سے باز آجائیں کیونکہ ان کی قسموں کا کوئی اعتبار نہیں۔
[1] یعنی دلائل سے اعتراض نہ کریں بلکہ تحقیر اور غصہ دلانے والی باتیں کریں۔