۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 2

(اے مومنو)! کیا تم اس قوم سے نہیں لڑو گے جنہوں نے اپنی قسمیں توڑ دیں اور رسول کو (اس کے گھر سے) نکالنے کا فیصلہ کر لیا اور تم سے (جنگ چھیڑنے میں) انہوں نے (ہی) ابتدا کی کیا تم ان سے ڈرتے ہو؟ (اگر ایسا ہے تو) اگر تم مومن ہو تو سمجھ لو کہ اللہ اس بات کا زیادہ حق دار ہے کہ تم اس سے ڈرو۔

ان سے لڑو۔ اللہ ان کو تمہارے ہاتھوں سے عذاب دلوائے گا اور ان کو رسوا کرے گا اور تمہیں ان پر غلبہ دے گا اور اس (ذریعہ) سے مومن قوم کے دلوں کو (صدمہ اور خوف سے) نجات دے گا۔

اور ان کے دلوں کے غصہ کو دور کر دے گا اور اللہ جس پر چاہتا ہے فضل کرتا ہے اور اللہ بہت جاننے والا (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

کیا تم خیال کرتے ہو کہ تم کو یونہی چھوڑ دیا جائے گا، حالانکہ اب تک اللہ نے ان لوگوں کو جنہوں نے تم میں سے جہاد کیا ہے (ان کے مقابلہ میں جنہوں نے جہاد نہیں کیا) ظاہر نہیں کیا۔ جو[2] خدا اور اس کے رسول اور مومنوں کے مقابلہ میں کفار سے خفیہ جوڑ توڑ نہیں رکھتے اور اللہ تمہارے اعمال سے اچھی طرح واقف ہے۔

[2] قرآن مجید میں اس جگہ واؤ ہے، مگر اردو میں اس کے ترجمہ کے بغیر کام چل جاتا ہے پس ہم نے اور کا لفظ چھوڑ دیا ہے۔

(ایسے) مشرکوں کو (کوئی) حق نہیں پہنچتا کہ اللہ کی مسجدوں کو آباد کریں جبکہ وہ اپنی جانوں پر (خود) کفر کی گواہی دے رہے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جن کے اعمال اکارت چلے گئے اور وہ آگ میں ایک لمبے عرصہ تک رہتے چلے جائیں گے۔

اللہ کی مسجدوں کو تو وہی آباد کرتا ہے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتا ہے۔ اور نمازوں کو قائم کرتا ہے اور زکٰوۃ دیتا ہے اور اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا سو قریب ہے کہ ایسے لوگ کامیابی کی طرف لے جائے جائیں۔

کیا تم نے حاجیوں کو پانی پلانے اور خانہ کعبہ کو آباد رکھنے (کے کام) کو اس شخص[1] (کے کام) کی طرح سمجھ لیا ہے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لایا اور اس نے اللہ کے راستہ میں جہاد کیا یہ (دونوں گروہ) اللہ کے نزدیک (ہرگز) برابر نہیں اور اللہ ظالم قوم کو ہرگز کامیابی کی طرف نہیں لے جاتا۔

[1] بعض کمزور لوگ جو ہجرت سے ڈرتے تھے مگر مکہ میں حاجیوں کی خدمت کرتے تھے فتح مکہ کے بعد بعض مہاجروں پر فضیلت بتانے لگے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کا ردّ کیا ہے اور بتایا ہے کہ مہاجر اور مجاہد بڑی شان کا ہے دوسرا ان کی شان کو نہیں پہنچ سکتا۔

(وہ لوگ) جو (کہ) ایمان لائے اور جنہوں نے ہجرت کی اور (پھر) اللہ کے راستہ میں اپنے مالوں (کے ذریعہ سے بھی) اور جانوں کے ذریعہ سے (بھی) جہاد کیا۔ اللہ کے نزدیک درجہ میں بہت بلند ہیں اور وہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں۔

ان کا رب ان کو اپنی عظیم الشان رحمت کی خبر دیتا ہے اور (اپنی) رضا مندی اور ایسی جنتوں کی بھی جن میں ان کے لئے دائمی نعمت ہوگی۔

(وہ) ان میں بستے چلے جائیں گے (یاد رکھو کہ) اللہ کے پاس یقیناً بہت بڑا اجر ہے۔

اے مومنو! اپنے باپ دادوں اور بھائیوں کو (اپنا حقیقی) دوست نہ بناؤ اگر وہ ایمان کے مقابلہ میں کفر سے زیادہ محبت کرتے ہوں اور تم میں سے جو لوگ ان سے ایسی دوستی کریں گے وہ یقیناً ظالم ہوں گے۔

تو (مومنوں سے) کہہ دے کہ اگر تمہارے باپ دادے اور تمہارے بیٹے اور تمہارے بھائی اور تمہاری بیویاں اور تمہارے (دوسرے) رشتہ دار اور وہ مال جو تم نے کمائے ہیں اور وہ تجارتیں جن کے نقصان سے تم ڈرتے ہو اور وہ مکان جن کو تم پسند کرتے ہو، تم کو اللہ اور اس کے رسول اور اس کے راستہ میں جہاد کرنے کی نسبت زیادہ پیارے ہیں تو تم انتظار کرو یہاں تک کہ اللہ اپنے فیصلہ کو ظاہر کردے اور اللہ اطاعت سے نکلنے والی قوم کو کبھی (کامیابی کا) راستہ نہیں دکھاتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی