۹۔ سورۃ التوبة

تفسیر صغیر, حصہ 11

اور وہ اللہ کی راہ میں کوئی چھوٹا سا خرچ بھی نہیں کرتے اور نہ بڑا اور نہ کسی وادی کو طے کرتے ہیں مگر (معاً ان کے اعمال میں وہ نیک کام) لکھ لیا جاتا ہے تا کہ اللہ ان کے عملوں کا (اعلیٰ سے) اعلیٰ بدلہ دے۔

اور مومنوں کے لئے ممکن نہ تھا کہ وہ سب کے سب (اکٹھے ہو کر تعلیم دین کے لئے) نکل پڑیں۔ پس کیوں نہ ہوا کہ ان کی جماعت میں سے ایک گروہ نکل پڑتا۔ تا کہ وہ دین پوری طرح سیکھتے اور اپنی قوم کو واپس لوٹ کر (بے دینی سے) ہوشیار کرتے۔ تا کہ وہ (گمراہی سے) ڈرنے لگیں۔

اے مومنو! ان کفار سے جنگ کرو جو تمہارے پہلو میں رہتے ہیں اور چاہیے کہ وہ تم میں پختگی محسوس کریں۔ اور جان لو کہ اللہ متقیوں کے ساتھ ہے۔

اور جب کبھی کوئی سورۃ نازل ہوتی ہے تو ان میں سے بعض (منافق) کہتے ہیں کہ اس (سورۃ) نے تم میں سے کس کا ایمان بڑھایا ہے؟ سو (یاد رکھو کہ) جو لوگ مومن ہیں (ان کے پہلے ایمان کے نتیجہ میں) ان کے ایمان کو اس (سورۃ) نے بڑھایا ہے اور وہ خوشی حاصل کر رہے ہیں۔

اور جن کے دل میں بیماری ہے اس (سورۃ) نے ان کے (پہلے) گند پر اور گند چڑھا دیا ہے۔ یہاں تک کہ وہ ایسی حالت میں مریں گے کہ وہ کافر ہوں گے۔

کیا وہ دیکھتے نہیں کہ ان کی ہر سال میں ایک یا دو دفعہ آزمائش کی جاتی ہے، پھر بھی وہ توبہ نہیں کرتے اور نہ نصیحت حاصل کرتے ہیں۔

اور جب کوئی سورۃ نازل ہوتی ہے تو ان میں سے کچھ لوگ دوسروں کی طرف دیکھنے لگتے ہیں تا معلوم کریں کہ کیا کوئی شخص تم کو دیکھ[1] تو نہیں رہا۔ پھر (تسلی کرکے) یہ (لوگ مجلس سے) چلے جاتے ہیں اللہ نے ان کے دلوں کو پھیر دیا ہے کیونکہ وہ ایسے لوگ ہیں جو سمجھتے نہیں۔

[1] یعنی وہ منافق آپس میں اشاروں سے کہتے ہیں کہ کیا اس وقت تم کو کوئی دیکھ تو نہیں رہا، تا مسلمانوں کی غفلت سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اس جگہ ’’تم‘‘ کا لفظ عربی عبارت کی وجہ سے استعمال ہوا ہے۔ ورنہ اردو کے لحاظ سے ’’ان کو دیکھ تو نہیں رہا‘‘ چاہیے تھا۔

(اے مومنو)! تمہارے پاس تمہاری ہی قوم کا ایک فرد رسول ہو کر آیا ہے تمہارا تکلیف میں پڑنا اس پر شاق گذرتا ہے اور وہ تمہارے لئے خیر کا بہت بھوکا ہے۔ اور مومنوں کے ساتھ محبت کرنے والا (اور) بہت کرم کرنے والا ہے۔

پس اگر وہ پھر جائیں تو تو کہہ دے کہ اللہ میرے لئے کافی ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ میں اسی پر توکل کرتا ہوں اور وہ عرش عظیم کا رب ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی